وکلا سے مشاورت جاری‘ جلد پاکستان
واپس جائوں گا: نوازشریف
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ''وکلا سے مشاورت جاری ہے‘ جلد پاکستان واپس جائوں گا‘‘ اور جب سے میں یہاں آیا ہوں یہ مشاورت تب سے ہی جاری ہے حالانکہ پاکستان سے آتے وقت مجھے وکلا کے مشورے کی کوئی ضرورت نہیں پڑی تھی، صرف میڈیکل سرٹیفکیٹ حاصل کرنا تھا جو آسانی سے دستیاب ہو گیا تھا اور جس میں حکومت کی سادہ لوحی کا دخل زیادہ تھا۔ نیز اب یہ نہیں کہا جا سکتا کہ وکلا سے یہ مشورہ کب تک جاری رہے گا، اگرچہ اس میں مشورے والی کوئی بات نہیں ہے کیونکہ سوال صرف یہ ہے کہ وہاں استقبال کس طرح ہوگا، کیونکہ زیادہ امکان یہی ہے کہ عوام کی نسبت استقبال میں عدلیہ کا کردار زیادہ ہوگا۔ آپ اگلے روز لندن میں چودھری ظفر اقبال سے ملاقات کر رہے تھے۔
ایوانِ صدر اور ایوانِ عدل کی کوئی
اہمیت نہیں رہی: مصطفی کھوکھر
سابق سینیٹر بیرسٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ ''ایوانِ صدر اور ایوانِ عدل کی کوئی اہمیت نہیں رہی‘‘کیونکہ نہ تو صدرکی بات کو کوئی اہمیت دی جا رہی ہے اور نہ ہی عدالت کے احکامات کو کوئی پروا کی جا رہی ہے اس لیے بجائے اس کے کہ دونوں اداروں کے احکامات کو یوں رد کیا جاتا رہے‘ ان کے قیام کے جواز پر دوبارہ غور کرنا چاہیے بلکہ ان کے علاوہ بھی کئی ادارے ایسے ہیں جن کی اہمیت ہر روز کم سے کم تر ہوتی جا رہی ہے اس لیے قومی سطح پر یہ فیصلہ کرنا ضروری ہو گیا ہے کہ کن کو برقرار رکھا جائے اور کون کون سے اداروں کو فارغ کر دیا جائے جبکہ حکومت بذاتِ خود ایک ایسا ہی ادارہ ہے جس کی اہمیت اب خاصی گھٹ چکی ہے لہٰذا اس کے حوالے سے بھی ازسرنو غور ہونا چاہیے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریک تھے۔
انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو ہر ممکن
سہولتیں فراہم کریں گے:مرتضیٰ سولنگی
نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ''انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے‘‘ چنانچہ ہم نے وہ سہولتیں سنبھال کر رکھ لی ہیں کیونکہ تمام تر شور شرابے کے باوجود ابھی تک انتخابات کے آثار دور دور تک نظر نہیں آ رہے اور ایسا لگتا ہے کہ یہ قصۂ ماضی ہی ہوتے چلے جائیں گے ورنہ ہماری حکومت تو بالکل تیار بیٹھی ہے؛ تاہم یہ التواجتنا طویل ہوتا جائے گا‘ اتنا ہی فائدہ ہے کیونکہ جب تک انتخابات نہیں ہوتے تب تک ہماری خدمت گزاری کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ قومی مفاد کے پیش نظر یہ التوا مستقل ہی ہو جائے اور ہم جی بھر کے ملک کی خدمت کر سکیں۔ آپ اگلے روز نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی سے ملاقات کر رہے تھے۔
اقلیتوں کے تحفظ کے لیے اقلیتی
امور کمیشن قائم کیا جائے: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ''اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقلیتی امور کمیشن قائم کیا جائے‘‘ بلکہ اس سے بھی پہلے اکثریت کے تحفظ کے لیے اکثریتی امور کمیشن قائم ہونا چاہیے، کمر توڑ مہنگائی سے جن کا جینا دو بھر ہو چکا ہے اور یہ دونوں مل کر کام کریں گے تبھی ان کے تحفظ کا کوئی انتظام ہو سکے گا، اول تو ملک عزیز میں اب تک جتنے کمیشن قائم ہوئے ہیں ان کا فائدہ کسی کو نہیں پہنچا، خود ان کے ارکان کو کوئی فائدہ پہنچا ہو تو پہنچا ہو؛ تاہم محروم طبقوں کی ذہنی تسلی کے لیے یہ کمیشن کسی حد تک مدد گار ضرور ثابت ہو سکتے ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں امیر العظیم اور دیگر افراد کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملکی
ترقی کو ترجیح دی ہے: اسد علی
مسلم لیگ نواز کے رہنما اسد علی نے کہا ہے کہ ''مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملکی ترقی کو اہمیت دی ہے‘‘ جس میں زیادہ تر بیرون ملک ترقی شامل ہے جس کے مظاہر لندن، امریکہ، نیوزی لینڈ سمیت کئی ملکوں میں دیکھے جا سکتے ہیں جہاں اربوں، کھربوں مالیت کے اثاثے اپنی بہار دکھا رہے ہیں اور جن سے پارٹی قیادت کی جاں فشانیوں اور قربانیوں کا کھلا اور روشن ثبوت فراہم ہوتا ہے اور ابھی تک یہی ترجیح چلی آ رہی ہے۔ نیز جب بھی مزید موقع ملا‘ اس ترقی میں بڑھ چڑھ کر اضافہ ہوتا نظر آئے گا اور اگر قائدین کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی نہ کی جاتیں تو وہ اب تک ترقی کے حوالے سے کشتوں کے پشتے لگا چکے ہوتے۔ آپ اگلے روز شیخوپورہ سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں یہ تازہ غزل:
کہاں سے پیچھے ہے وہ اور کہاں سے آگے ہے
وہیں رکا بھی ہوا ہے جہاں سے آگے ہے
تلاش میں اسی کی مارا مارا پھرتا ہوں
زمین ہے جو مرے آسماں سے آگے ہے
اسی کو دیکھ سکیں‘ سن سکیں تماشائی
وہ ایک بات جو میرے بیاں سے آگے ہے
اسی لیے تو اشاروں سے کام لیتا ہوں
کہ لفظ لفظ ہی میرا زباں سے آگے ہے
ہے پیش آنا ابھی اس نے میرے ساتھ کہیں
وہ حادثہ جو مری داستاں سے آگے ہے
سکونت اس کی یہیں ہے اسے جو ڈھونڈ سکو
یہ لگ رہا ہے کہ وہ درمیاں سے آگے ہے
جہاں پہ اس نے نشانی بنائی تھی اپنی
وہاں سے پیچھے ہے وہ یا وہاں سے آگے ہے
خبر نہیں ابھی پتے گرائے گی کیا اور
مری ہوا مرے وہم و گماں سے آگے ہے
کنارہ آخری ہے کائنات کا یہ‘ ظفرؔ
تمہیں تلاش ہے جس کی یہاں سے آگے ہے
آج کا مطلع
نہ گھاٹ ہے کوئی اپنا نہ گھر ہمارا ہوا
قیام اب کے سر رہگزر ہمارا ہوا
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved