تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     06-09-2023

سرخیاں، متن اور اوکاڑہ سے مسعود احمد

ایک سیاسی جماعت ملک میں
بے یقینی پھیلا رہی ہے: احسن اقبال
سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ نواز کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''ایک سیاسی جماعت ملک میں بے یقینی پھیلا رہی ہے‘‘ اور جس کا آغاز قائدِ محترم کی لندن سے وطن واپسی میں بے جا تاخیر سے ہوا اور اس دوران بار بار ان کی واپسی کی جھوٹی تاریخیں دی جاتی رہیں جس سے بے یقینی کی انتہا ہو کر رہ گئی۔ اس کے علاوہ انتخابات کے بروقت انعقاد میں تاخیری حربے استعمال کرنے سے جیسے سونے پہ سہاگا ہو گیا اور بے یقینی کو ایک طرح سے پَر لگ گئے اور اس سلسلے میں اب تک کوئی واضح موقف اختیار نہیں کیا گیا جبکہ ڈیفالٹ کے حوالے سے بھی ملک میں بے یقینی کا دور دورہ رہا۔ آپ اگلے روز نارووال میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
پی پی قیادت کی کردار کشی کرنا
کوئی نئی بات نہیں: نرگس فیض
پاکستان پیپلز پارٹی شعبۂ خواتین کی جنرل سیکرٹری نرگس فیض نے کہا ہے کہ ''پی پی قیادت کی کردار کشی کرنا نئی بات نہیں‘‘ اور یہ اس قدر شدت اور تواتر سے ہوتی رہی ہے کہ کردار سرے سے غائب ہی ہو کر رہ گیا ہے جبکہ کردار کا غائب ہونا کوئی اچھی بات نہیں کیونکہ اس کے بغیر کام نہیں چلایا جا سکتا؛ تاہم اس سب سے بھی پی پی کی صحت پر کوئی اثر اور فرق نہیں پڑا کیونکہ اس کے نزدیک ایسی معمولی چیزوں کی کوئی اہمیت ہی نہیں ہے اور یہ سر جھکائے اپنا معمول کا کام کرتی چلی جا رہی ہے کیونکہ وہ شروع سے ہی 'ہمتِ مرداں مددِ خدا‘ کی قائل چلی آ رہی ہے۔ آپ اگلے روز لاہور سے ایک بیان جاری کر رہی تھیں۔
میاں نوازشریف ملکی ترقی کے
ضامن ہیں: جاوید لطیف
سابق وفاقی وزیر اور (ن)لیگ کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ''میاں نواز شریف ملکی ترقی کے ضامن ہیں‘‘ بالکل اسی طرح جیسے شہباز شریف میاں صاحب کی لندن سے واپسی کے ضامن تھے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ دونوں کافی اچھے ضامن ہیں‘ گوکہ شہباز شریف صاحب اپنی ضمانت سے عہدہ برآ نہیں ہو سکے؛ البتہ نواز شریف اس ضمانت کا حق ادا کرنے کے لیے واپسی کا مصمم ارادہ رکھتے ہیں اگرچہ وہ یہ کام لندن میں بیٹھے بیٹھے بھی سر انجام دے سکتے ہیں یعنی:
ہمت کرے انسان تو کیا ہو نہیں سکتا
آپ اگلے روز حلقے کے وفود سے ملاقات اور ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بے عقل‘ باقی
سیاستدان چور ہیں: جلیل شرقپوری
سابق رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل احمد شرقپوری نے کہا ہے کہ ''چیئرمین پی ٹی آئی بے عقل‘ باقی سب سیاستدان چور ہیں‘‘ کیونکہ چور ہونے کے لیے جس ذہانت اور عقلمندی کی ضرورت ہوتی ہے وہ چیئرمین پی ٹی آئی میں نہیں تھی جبکہ یہ سب کچھ مخصوص ذہانت اور عقلمندی کے بغیر کیا ہی نہیں جا سکتا جبکہ باقی سارے کے سارے سیاستدان عقلمندی کے شاہکار ہیں گوکہ اس عقلمندی کے حوالے سے میرا اپنا ہاتھ بھی کافی تنگ ہے اور میں اس پر خدا کا شکر ادا کرتا ہوں ورنہ میرا شمار بھی دوسرے سیاستدانوں میں ہو چکا ہوتا۔ آپ اگلے روز شرقپور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
عوام کے دلوں میں نواز لیگ ہے: رانا تنویر
سابق وفاقی وزیر اور (ن) لیگی رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ''عوام کے دلوں میں نواز لیگ ہے‘‘ اور چونکہ لوگ پی ٹی آئی سے منحرف ہوتے جا رہے ہیں‘ اس لیے امید ہے کہ (ن) لیگ بہت جلد مقبولیت میں بھی پہلے نمبر پر آ جائے گی اور اگر اُس پر پابندی لگتی ہے تو ہر طرف (ن) لیگ ہی نظر آئے گی؛ البتہ کہیں کہیں پیپلز پارٹی ضرور رہ جائے گی جس کے اغراض و مقاصد (ن) لیگ سے ملتے جلتے ہیں اس لیے دونوں میں انتخابی اتحاد بھی ہو سکتا ہے کہ دونوں نے برسر اقتدار آکر ایک ہی کام تو کرنا ہے‘ اس طرح ہمارے لیے میدان صاف ہے جس کا شدت سے انتظار تھا اور اب فکر مندی کی کوئی بات نہیں ہے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریک تھے۔
اور‘ اب آخر میں اوکاڑہ سے مسعود احمد کی غزل:
خدا کے برگزیدہ ہو گئے ہیں
کبوتر آبدیدہ ہو گئے ہیں
ہماری آپ کی محسن کشی سے
شجر مردم گزیدہ ہو گئے ہیں
لڑکپن تو لڑکپن‘ بچپنے میں
یہ بچے سن رسیدہ ہو گئے ہیں
جنہیں آیا نہیں پاؤں پکڑنا
وہ لاشے سر بریدہ ہو گئے ہیں
کسی گنتی میں بھی کل تک نہیں تھے
مگر اب چیدہ چیدہ ہو گئے ہیں
ملاحظے کے لیے کچھ منہ ملاحظہ
مراسم تو کشیدہ ہو گئے ہیں
ہماری کوہ پیمائی کے آگے
ہمالہ تک خمیدہ ہو گئے ہیں
ہمیں گرداب نے گھیرا ہوا ہے
یہ ہم دریا کو سیدھا ہو گئے ہیں
ہنسی‘ کیسی ہنسی اس گفتگو سے
ہزاروں دل کبیدہ ہو گئے ہیں
مظاہر کیا کھلے بدباطنی کے
دھن کیسے دریدہ ہو گئے ہیں
وہی جن سے کبھی شرمندگی تھی
وہ اوصاف حمیدہ ہو گئے ہیں
آج کا مقطع
میں تو یہی سمجھا ظفرؔ اس بار بھی شاید
مجھ پر یہ برا وقت ہے ٹلنے کی طرح کا

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved