نوازشریف پہلے سے زیادہ طاقتور
ہو کر آ رہے ہیں: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی صاحبزادی، مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائز مریم نواز نے کہا ہے کہ ''نوازشریف زیادہ طاقتور ہو کر واپس آ رہے ہیں‘‘ کیونکہ وہ لندن میں طاقتور ہونے ہی کے لیے گئے تھے اور اب یہاں آکر مزید طاقتور ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں بشرطیکہ واپسی میں ساری رکاوٹیں دور ہو جائیں جو کافی زیادہ نظر آتی ہیں۔ اس لیے زیادہ امکان یہی ہے کہ وہ ابھی وہاں رہ کر ہی مزید طاقتور ہونے کی کوشش کریں گے کیونکہ یہاں آکر انہیں جس قدر مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا، اس کے لیے زیادہ سے زیادہ طاقتور ہونا بے حد ضروری ہے۔ آپ اگلے روز شاہدرہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہی تھیں۔
بائیسکل برائے فروخت
ایک عمدہ اور کثیر المقاصد بائیسکل برائے فروخت موجود ہے۔ اگلا پہیہ کام نہیں کرتا اس لیے ون ویلنگ کے لیے بے مثال‘ پنکچر وغیرہ لگوانے کا خرچہ بھی نصف‘ ایئر پمپ کی بھی ضرورت نہیں کیونکہ ہوا منہ سے بھی بھر سکتے ہیں۔ بریکیں موجود نہیں ہیں‘ روکنے کے لیے سامنے دیوار کا ہونا ضروری ہے‘ نیچے اتر کر بھی روک سکتے ہیں۔ کثرتِ استعمال کے بعد اس کے کُتے فیل تو نہیں ہوتے البتہ بھونکنے لگ جاتے ہیں۔ ون ویلروں کے لیے ایک نعمت غیر مترقبہ‘ قیمت نہایت مناسب ہے۔
دوڑو زمانہ چال قیامت کی چل گیا
رابطہ: انوکھا سائیکل ہائوس
جیون ساتھی درکار ہے
ایک شوہرِ نامدار کی فوری ضرورت ہے جو گھر کا کام کاج کرنے کے علاوہ زدو کوب برداشت کرنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہو کیونکہ مشتہرہ ذرا ہتھ چھٹ واقع ہوئی ہے اور یہ ویسے بھی سعادت حاصل کرنے کے زمرے میں آتا ہے جبکہ امریکی صدر ابراہم لنکن جیسے مشاہیر بھی یہ سعادت حاصل کر چکے ہیں۔ گھر پر فرسٹ ایڈ کی سہولت بھی موجود ہو گی‘ اس لیے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے:
ہمتِ مرداں مددِ خدا
ایک ہفتہ ٹرائل کے بعد قسمت یاوری کر سکتی ہے‘ رعایتی نمبر نہیں دیے جائیں گے۔
المشتہر:...... فون: 000007
بھینس برائے فروخت
ایک راس گابھن بھینس برائے فروخت موجود ہے جو ہمارے بیٹے کو ایک میدان میں آوارگی کے عالم میں مل گئی تھی۔ ہمارا شبہ ہے کہ برخودار کہیں سے چرا کر لایا ہے کیونکہ ایسی حرکتیں وہ اکثر کرتا رہتا ہے؛ تاہم اس کا کوئی مالک ہے بھی تو وہ ابھی تک اس کے پیچھے نہیں آیا۔ چارہ زیادہ کھاتی اور دودھ کم دیتی ہے جس کے لیے اس کے آگے بین بھی بجانا پڑتی ہے۔ خریدار کو بین بھی ساتھ میں مفت ملے گی حالانکہ وہ ہماری زر خرید ہے۔ اگر چوری کی نکل آئے تو ہم ذمہ دار نہ ہوں گے۔ قیمت واجبی، پہلے آئو، پہلے پائو، نقالوں سے ہوشیار اور بچوں کو اس کی پہنچ سے دور رکھیں۔
المشتہر: ایماندار ولد دیانتدار، گھنٹہ گھر چوک ۔
ہوادار گھر کرائے کیلئے خالی ہے
ایک کھلا ڈُلا گھر معمولی کرائے پر دستیاب ہے جس میں دیواروں، چھت اور کھڑکیوں کا کوئی تکلف روا نہیں رکھا گیا تاکہ اسے زیادہ سے زیادہ ہوادار رکھا جا سکے۔ گھر کی نشانی کے لیے صرف دو اینٹیں درکار ہیں جہاں بستر لگا کر سو سکتے ہیں، چوری چکاری کا کوئی خطرہ نہیں کیونکہ یہ سامان سے ویسے ہی بے نیاز ہو گا۔ بارش کی صورت میں مفت غسل کی سہولت موجود ہے۔ کافی کھلی جگہ ہے اسی لیے ذائقہ تبدیل کرنے کی خاطر لوکیشن تبدیل بھی کر سکتے ہیں جس کے لیے دونوں اینٹیں کسی دوسری جگہ رکھنا ہوں گی۔ چوری کی صورت میں بھی نقصان صرف دو اینٹوں کا ہوگا جو قابلِ برداشت ہے۔ آندھی آئے تو بھی اینٹوں کو اڑا کر نہیں لے جا سکتی۔ صحت کیلئے انتہائی مفید، نقالوں سے ہوشیار رہیں۔
رابطے کے لیے فون نمبر: 1223334444
اور‘ اب آخر میں افضال نوید کی غزل:
صیّاد کے نشانے سے مجبور ہی رہے
جتنے ہوئے قریب ہرن دور ہی رہے
ہر لمحے میں کھلے تھے دریچے ہزار ہا
جو جاگنے سے رہ گئے مقہور ہی رہے
ہر زاویے سے تیری نظر دیکھتی رہی
کر کے گریز بھی تیرے منظور ہی رہے
جا شکر کی بنی رہی اکرامِ خاص سے
پابندِ دہر ہو کے بھی مشکور ہی رہے
معلوم تھا درختوں نے سینے سے اُگنا تھا
جب تک نہ بن ہرا ہوا مامور ہی رہے
قاصد نے جیسے کلیوں کا سندیسہ دے دیا
لانے کو شہد سائلِ زنبور ہی رہے
اندر کشید لگ گئی چھوڑا جو بادہ کو
نشے سے اپنے شام و سحر چُور ہی رہے
ایک ایک اینٹ ڈھنگ سے رکھی منڈیر پر
ہم مہر کے طلوع کو مزدور ہی رہے
ہر ذی نفس کو جینے کا اَسرار دے دیا
ہر دم طلسمِ زیست سے مسحور ہی رہے
پلٹے تو جیسے بن بھی پلٹنے میں آ گیا
نوخیزیٔ دو رویہ سے بھرپور ہی رہے
جیسے جگہ بنا لی تلذّز نے مستقل
ہونٹوں پہ اُس کے خوشۂ انگور ہی رہے
لوگوں سے کچھ زیادہ پرندوں کے غول تھے
یعنی نویدؔ ہر جگہ مشہور ہی رہے
آج کا مقطع
دل تو بھرپور سمندر ہے ظفرؔ کیا کیجے
دو گھڑی بیٹھ کے رونے سے نبڑتا کیا ہے
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved