تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     06-10-2023

سرخیاں، متن اور اقتدار جاوید کی غزل

نوازشریف انتقام لینے نہیں‘ ملک کو خوشحال
بنانے کے لیے آ رہے ہیں: شہبازشریف
سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''نواز شریف انتقام لینے نہیں‘ ملک کو خوشحال بنانے کے لیے آ رہے ہیں‘‘ کیونکہ انتقام کے موڈ میں تو اس وقت عوام نظر آ رہے ہیں اور جو ملک اور قوم کی حالت ہو گئی ہے، اس کے ہوتے ہوئے اس کا نام لینا بھی بڑی دلیری کا کام ہے اور جس میں مقدور بھر حصہ خاکسار کا بھی ہے جبکہ نواز شریف نے ملک کو اس طرح خوشحال بنایا کہ اس کا سارا پیسہ جو کہ فساد کی اصل جڑ ہوتا ہے، اس سے انہوں نے ملک کو پاک اور بے نیاز کیا اور بیرونِ ملک پاکستان کی عظمت کی نشانیاں قائم کیں جبکہ کرپشن کے حوالے سے وہ بار ہا یہ واضح کر چکے ہیں کہ تیز رفتار ترقی کرپشن کے بغیر ہو ہی نہیں سکتی۔آپ اگلے روز پرانا کاہنہ لاہور میں ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
ہم سیاسی جماعتوں کو ایک رخ
دینے والے ہیں : فردوس عاشق
استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی ترجمان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ''ہم سیاسی جماعتوں کو ایک رخ دینے والے ہیں‘‘ تاکہ وہ اکٹھی ہو کر مخالفین کا مقابلہ کر سکیں جس کا ایک ہی طریقہ ہے کہ دیگر سیاسی جماعتیں بھی ہماری پارٹی میں شامل ہو جائیں ورنہ ان کا نام تک مٹ جانے کا اندیشہ ہے، چونکہ مخالفین کو ہم نے ہی اقتدار دلایا تھا اسی لیے انہیں شکست بھی ہم ہی دے سکتے ہیں کہ لوہے کو لوہا ہی کاٹتا ہے۔ اس لیے ہمارے دروازے سب پارٹیوں کے لیے کھلے ہیں یعنی ؎
جو آئے آئے کہ ہم دل کشادہ رکھتے ہیں
آپ اگلے روز پشاور میں پارٹی رہنمائوں سے مشاورت کر رہی تھیں۔
الیکشن جیت کر عوام کو مہنگائی سے
نجات دلائیں گے: احسن اقبال
سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''الیکشن جیت کر عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے‘‘ کیونکہ یہ مسئلہ پیدا بھی ہمارے دور میں ہوا تھا اسی لیے اس سے نجات بھی ہم ہی دلا سکتے ہیں کہ ہم اس کی رگ رگ سے واقف ہیں؛ تاہم اس کا انحصار الیکشن جیتنے پر ہے جس کا امکان کچھ زیادہ روشن نہیں ہے کیونکہ ووٹرز بھی مہنگائی کا حساب مانگیں گے اور اگر اثاثوں کی اب تک منی ٹریل ہی نہیں دی جا سکی تو مہنگائی کا حساب کیونکر دیا جا سکتا ہے اس لیے مہنگائی کے حوالے سے جواب دینے سے قاصر ہی سمجھیے۔ آپ اگلے روز ماڈل ٹائون لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
پنجاب جاگ اٹھا ہے: عبدالغفور حیدری
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ ''پنجاب جاگ اٹھا ہے‘‘ جس سے سخت تشویش پیدا ہو گئی ہے جبکہ دوسرے صوبوں میں ہماری جماعت پہلے ہی کافی پتلی ہے۔ نیز کچھ مقبول افراد پر بے جا تنقید کے حوالے سے عوامی تنقید اور ناپسندیدگی کا نشانہ بھی بنے ہوئے ہیں، اس کے علاوہ عمومی سیاسی کردار بھی زیادہ فعال نہیں اور سارا وقت بے سود سڑکوں پر پھرتے پھراتے ہی گزار دیا یعنی کھایا پیا کچھ نہیں اور گلاس توڑا بارہ آنے؛ اگرچہ گلاس اب بارہ آنے تو دور‘ بارہ روپوں میں بھی دستیاب نہیں ہوتا اس لیے گلاس کی نئی قیمت ہی ادا کرنا ہوگی، جبکہ اس محاورے پر بھی از سر نو غور کرنے کی ضرورت ہے۔ آپ اگلے روز خوشاب میں ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔
جہلم نے ہمیشہ (ن) لیگ
کا ساتھ دیا: سعد رفیق
سابق وفاقی وزیر ریلوے اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ''جہلم نے ہمیشہ (ن) لیگ کا ساتھ دیا‘‘ حالانکہ یہ لوگ اس کی کار گزاریوں سے بھی اچھی طرح واقف تھے لیکن پہلے جو بات سن اور مان بھی لیتے تھے، اب اس طرف نہیں آ رہے اور پچھلی باتوں کی تلافی کا بھی مصمم ارادہ رکھتے ہیں اور یوں محسوس ہوتا ہے کہ بے جا تنقید اور مخالفت عوام میں کورونا کی طرح وبا کی صورت میں پھیل گئی ہے جس کی ویکسین بھی کہیں سے دستیاب نہیں ہو رہی اور اب تک ہمارے قائد بھی اسی لیے واپس نہیں آ سکے ہیں کہ واپس آ کر عوام کا سامنا کیسے کریں گے۔آپ اگلے روزجہلم میں کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں اقتدار جاوید کی غزل:
آنے دو دھوپ اس طرف سایہ نہ کیجیو
ہم جس جگہ پہ ہوں وہاں آیا نہ کیجیو
ہنس ہنس کے ایک ایک سے ہویے نہ ہم کلام
دریا میں ایسے پھول بہایا نہ کیجیو
مت پھاڑیے کہیں سے ورق کائنات کا
لوحِ جہاں کے حرف مٹایا نہ کیجیو
جب ہو رہی ہو تجھ پہ مری آنکھ مرتکز
آفاق کو کہیں سے ہلایا نہ کیجیو
مخصوص کیجے اپنے لیے ایک خاص رنگ
رنگوں میں سارے رنگ ملایا نہ کیجیو
لذت میں بے مثال ہے لقمہ حلال کا
برتے ہوئے خیال اٹھایا نہ کیجیو
ہنس کھیل کر گزاریو ہرگز نہ زندگی
لیکن مراقبے میں بھی جایا نہ کیجیو
کیجو تمام زندگی اس رہ سے اجتناب
مستی میں سویا سانپ جگایا نہ کیجیو
جو کام آپ کا نہیں اس میں نہ آئیو
گن لیجیو پہ لہریں بنایا نہ کیجیو
آج کا مطلع
یوں تو کس چیز کی کمی ہے
ہر شے لیکن بکھر گئی ہے

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved