فوجی عدالتوں کے خلاف فیصلے پر
اپیل کریں گے: نگران وزیراعظم
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ''فوجی عدالتوں کے خلاف جو فیصلہ آیا ہے‘ ہم اس کے خلاف اپیل کریں گے‘‘ کیونکہ عدالت تو عدالت ہوتی ہے ،نیز سول عدالتوں پر بوجھ پہلے ہی اتنا زیادہ ہے کہ مزید عدالتوں کی ضرورت ہے، جبکہ فوجی عدالت میں فیصلہ جلدی ہو جاتا ہے اور کیس جلد اپنے انجام کو پہنچ جاتا ہے اور اس سے سول عدالتوں پر بھی بوجھ کم پڑتا ہے اور ہم نے پہلے ہی سے اس فیصلے کے خلاف اپیل تیار کر رکھی ہے تاکہ جلد از جلد انہیں بحال کروایا جا سکے۔ آپ اگلے روزافغانوں کی محفوظ منتقلی پر ایک اجلاس میں شریک تھے۔
نوازشریف کے خلاف اپیلوں کی بحالی نظامِ عدل پر
لگے دھبے دھونے کی طرف پہلا قدم ہے: شہبازشریف
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ ''نوازشریف کے خلاف اپیلوں کی بحالی نظام عدل پر لگے دھبے کو دھونے کی طرف پہلا قدم ہے‘‘تاہم دامن پر کیسز اور الزامات کے دھبوں کو دھونے کے لیے جس ڈیٹرجنٹ کی ضرورت ہے وہ ابھی یجاد نہیں ہوا اور ضرورت ایجاد کی ماں ہے جبکہ صابن کے ساتھ دھونے سے تو یہ دھبہ اور بھی چمک اٹھتا ہے جس کا غالباً مستقل علاج یہ ہوگا کہ دامن پر دھبے والی جگہ کو ہی کاٹ دیا جائے جس سے دامن ہوا دار بھی ہو جائے گا‘ گرمیوں میں جس کی اشد ضرورت ہوتی ہے؛ تاہم سردیوں کے موسم میں اس سے مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے، لیکن اس موسم میں دامن کو اوور کوٹ وغیرہ سے ڈھانپا جا سکتا ہے۔ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام جاری کر رہے تھے۔
لاڈلے کو ریلیف، دوسروں
کے لیے سختی، پرویزالٰہی
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ''لاڈلے نوازشریف کے لیے ریلیف اور دوسروں کے لیے سختی‘‘ حالانکہ ہر سیاسی لیڈر لاڈلا ہوتا ہے اور وہ اپنے آپ کو لاڈلا سمجھ کر ہی سارا کچھ کرتا ہے کیونکہ سیاست ایک ہی طرح کا کام ہے اور ایک ہی طرح سے کیا بھی جاتا ہے اس لیے لاڈلوں میں کوئی تفریق اور امتیاز نہیں ہونا چاہئے اور سب کو ایک ہی لاٹھی سے ہانکنا چاہئے جبکہ لاٹھیاں بھی ہانکنے ہی کے لیے ہوتی ہیں یا لاٹھی بھینس کا مالک بننے کے لیے ضروری ہوتی ہے، نیز ہانکنے میں ضرب لگانا شامل نہیں ہوتا۔ آپ اگلے روز عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
گھریلو صارفین کو ایل پی جی پر شفٹ
ہونا پڑے گا: نگران وزیر توانائی
نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ ''گھریلو صارفین کو ایل پی جی پر شفٹ ہونا پڑے گا‘‘ جس کے حوالے سے کام جاری ہے اور جلد اس کے نرخ بھی دو سو فیصد تک بڑھا دیے جائیں گے اور اس سے گھریلو صارفین کو کوئی مشکل بھی پیش نہیں آئے گی کیونکہ لیگی زعما کے مطابق ان کے قائد کے ملک میں آتے ہی ملک کی خوشحالی بھی واپس آ گئی ہے اور خوشحالی کا استقبال اسی طرح کیا جاتا ہے، اور یہ خوشحالی مزید بڑھی تو ایل پی جی کے نرخوں میں مزید اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے کیونکہ خوشحالی اور نرخوں میں اضافہ ساتھ ساتھ چلتے ہیں، جبکہ سب سے پہلے میں عوام کو اس خوشحالی پر مبارکباد پیش کرنا ضروری سمجھتا ہوں ۔ آپ اگلے روز نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ صحافیوں کو بریف کر رہے تھے۔
وزیراعظم نواز شریف دیوار پر
لکھا نظر آ رہا ہے: حنیف عباسی
مسلم لیگ نواز کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ''وزیراعظم نواز شریف دیوار پر لکھا نظر آ رہا ہے‘‘اور میں دعا کر رہا ہوں کہ کہیں اس دوران بارش نہ ہو جائے اور یہ تحریر دُھل نہ جائے؛ اگرچہ ویسے تو سارا مستقبل نوشتۂ دیوار ہو چکا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ کافی پکی سیاہی سے لکھا گیا ہے جسے بارش بھی نہیں دھو سکتی اس لیے اس کو مٹانے کی خاطر دیوار ہی کو گرانا پڑے گا لیکن نوشتۂ دیوار تو ہر دیوار پر موجود ہوتا ہے۔ ہم کون کون سی دیواروں کو کب تک گراتے رہیں گے اور یہ بے آواز دیواروں پر ظلم ہو گا، کیونکہ دیواروں کے کان بھی ہوتے ہیں اور وہ سب کچھ سن رہی ہوتی ہیں۔ آپ اگلے روز ایک ٹی وی پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں یہ تازہ غزل:
یہی نہیں مرے حال خراب کے پیچھے
ایک اور خواب بھی ہے تیرے خواب کے پیچھے
یہ موشگافیاں تیرے مزاج میں تو نہ تھیں
ہے کوئی اور بھی تیرے خطاب کے پیچھے
کوئی بھی نعمت اکیلی نہیں ہوا کرتی
سو کوئی خار بھی ہوگا گلاب کے پیچھے
یہ کوئی غیبی اشارہ بھی ہے ہمیں حاصل
پڑے ہوئے نہیں یونہی جناب کے پیچھے
کبھی تو لے کے ہی کچھ واپس آئے گا تم سے
سوال چھوڑ دیا ہے جواب کے پیچھے
معاملات نہیں صاف کچھ تمہارے بھی
پڑے ہو میرے حساب و کتاب کے پیچھے
بڑھی چڑھی ہوئی حالت سے ایسا لگتا ہے
سکون بھی ہے کچھ اس اضطراب کے پیچھے
کسی کو بھی نہیں تاریکیوں کا اندازہ
چھپی ہوئی ہیں جو اس آب و تاب کے پیچھے
تلوں میں تیل نہیں ہے، ظفرؔ، محبت کے
فضول بھاگ رہے ہو سراب کے پیچھے
آج کا مطلع
بات ایسی بھی کوئی نہیں کہ محبت بہت زیادہ ہے
لیکن ہم دونوں سے اس کی طاقت بہت زیادہ ہے
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved