کارکن ہی پارٹی کی اصل طاقت، قیادت
ان کے ساتھ کھڑی ہے: آصف زرداری
سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ''کارکن ہی پارٹی کی اصل طاقت ہیں، قیادت ان کے ساتھ کھڑی ہے‘‘ اور جب تک الیکشن نہیں ہوتے قیادت ان کے ساتھ کھڑی رہے گی کیونکہ پھر ہر کوئی اپنے اپنے کام میں لگ جاتا ہے؛ قیادت حکومت حاصل کرکے علیحدہ کھڑی ہو جاتی ہے اور کارکن حسبِ سابق اپنی روز مرہ کی پریشانیوں میں گم اور مصروف ہو جاتے ہیں اور اگلے الیکشن تک یہی صورتحال برقرار رہتی ہے جبکہ قیادت عوام کی خدمت کا طویل سفر اختیار کرتی ہے اور اس خدمت کا بوجھ وہ خود ہی اٹھاتی ہے جبکہ عوام بھی اس کے عادی ہو جاتے ہیں اور قیادت ہی کے اصل طاقت ہونے پر راضی رہتے ہیں۔ آپ اگلے روز نواب شاہ میں پارٹی کارکنوں سے ملاقات کر رہے تھے۔
تمام جماعتوں سے رابطے ہیں، کوئی
پسندیدہ جماعت نہیں: نگران وزیر داخلہ
نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ''ہمارے تمام جماعتوں سے رابطے ہیں‘ کوئی جماعت پسندیدہ نہیں‘‘، بلکہ ناپسندیدہ بھی ہم سے رابطے میں ہے اور طوعاً و کرہاً ہم بھی اس کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ اگرچہ اس کا نتیجہ کچھ نہیں نکلنا کیونکہ جب تک وہ اپنا قبلہ درست نہیں کرتی ان ملاقاتوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکتا جبکہ دوسری جماعتوں کے ساتھ ہمارے رابطے اس قدر مسلسل ہوتے ہیں کہ اور کوئی کام کرنے کے لیے وقت ہی نہیں ملتا حتیٰ کہ نگرانی بھی پوری طرح نہیں کر پاتے جو اصل اور بنیادی کام ہے؛ اگرچہ زیادہ تر کام نگرانی سے ہٹ کر ہی ہوتے ہیں کیونکہ یہ ایک خودکار عمل ہے اور اپنے آپ ہی ہوتی رہتی ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
سدا بہار سیاستدان بربادی
کا سبب ہیں: محمود اچکزئی
پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ''سدا بہار سیاستدان بربادی کا سبب ہیں‘‘جو خود بھی سروں پر مسلط رہتے ہیں اور اپنی اگلی نسلوں کو بھی اس کام کے لیے تیار کرتے رہتے ہیں جس سے کسی اور کو آگے آنے کا موقع ہی نہیں ملتا اور آگے آنے کے لیے طرح طرح کے پاپڑ بیلنا پڑتے ہیں جبکہ بصورت دیگر ساری سیاست ہی خاندانی ہو کر رہ جاتی ہے اور اس طرح پورا سسٹم برباد ہوتا رہتا ہے اور ساتھ ساتھ معیشت کا بھی بھٹہ بیٹھتا رہتا ہے اور ملک کی حالت دگرگوں ہوتی چلی جاتی ہے۔ آپ اگلے روز ہرنائی اور زیارت میں مختلف تقریبات سے خطاب کر رہے تھے۔
(ن) لیگ عوام میں مضبوط جڑیں
رکھنے والی جماعت ہے: رانا سکندر
مسلم لیگ نواز کے رہنما رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ ''(ن) لیگ عوام میں مضبوط جڑیں رکھنے والی جماعت ہے‘‘اگرچہ اب یہ جڑیں کھوکھلی ہیں اور مخالفین اس کی جڑوں میں بیٹھ چکے ہیں جس سے اس کے تناور درخت کو مستقل خطرات لاحق ہیں جبکہ اس کی باقی ماندہ جڑیں بھی کمزور ثابت ہو رہی ہیں جبکہ میاں صاحب کو بھی غلط نقشہ کھینچ کر واپس لایا گیا اور شاید یہی وجہ تھی کہ وہ چار سال تک واپس آنے سے گریز کرتے رہے۔ آپ اگلے روز قصور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں پشاور سے ڈاکٹر محمد اسحاق وردگ کی تازہ غزل:
خوشی کی بزم نہ دنیا شناس لوگوں میں
تجھے ملوں گا ہمیشہ اُداس لوگوں میں
قریب ہوتے ہوئے میں مجھے نہیں ملتا
میں ڈھونڈتا ہوں مجھے آس پاس لوگوں میں
میں آئنے کو کبھی دیر تک نہیں تکتا
یہ بانٹتا ہے محبت کی پیاس لوگوں میں
فلک نے ان سے تعلق کی کاٹ لیں تاریں
زمین قید بے جن بے لباس لوگوں میں
میں اختیار میں اپنے کبھی نہیں رہتا
مرا شمار کرو بدحواس لوگوں میں
اسے کہو کہ مجھے قید سے رہائی دے
وہ جس نے مجھ کو بٹھایا ہے خاص لوگوں میں
جدید دور کے ذہنوں میں پائے جاتے ہیں
قدیم دور کے وہم و قیاس لوگوں میں
کبھی سنیں تو انہیں ہضم ہی نہیں ہوتا
ہمارے شعر کی تعریف خاص لوگوں میں
وہ آئنے کے فقط ایک رخ سے واقف ہیں
نکالتے ہیں جو دل کی بھڑاس لوگوں میں
ہمارا کام ہے چہروں کو جاننا صاحب!
ہمارا نام ہے مردم شناس لوگوں میں
کیا ہے رات ستاروں نے کچھ اشاروں میں
ہمارا ذکر ستارہ شناس لوگوں میں
ہم ان کو ہجر کے کچھ فائدے بتائیں گے
ہمارے شعر پڑھیں محویاس لوگوں میں
آج کا مقطع
کس تازہ معرکے پہ گیا آج پھر ظفرؔ
تلوار طاق میں ہے نہ گھوڑا ہے تھان پر
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved