ہم ملک کو عظیم بنائیں گے: آصف زرداری
سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ''ہم ملک کو عظیم بنائیں گے‘‘ جبکہ ملکی معیشت سکڑ کر چھوٹی ہو گئی ہے کیونکہ اس کے وسائل محدود ہوتے جا رہے ہیں اس لیے اسے بڑا کرنے کی ضرورت ہے جس کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ اسے پُھلا کر بڑا کیا جائے تاکہ اس کے وسائل بھی پھول کر بڑے ہو جائیں جو کہ ضروریات پوری نہیں کر رہے اور سیاست میں کچھ مزہ نہیں آ رہا اور چونکہ کسی کو بھی کوئی مزہ نہیں آ رہا اس لیے سب کو مل جل کر اسے بڑا کرنے کی کوشش کرنا ہو گی، ورنہ تنگ دستی کا اگر یہی عالم رہا تو سیاست کو خیرباد کہہ کر کوئی اور کام کرنا پڑے گا۔ آپ اگلے روز کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما سردار سرفراز ڈومکی اور دیگران سے ملاقات کر رہے تھے۔
احسن اقبال مہنگائی کے ذمہ دار‘ پارٹی
نوٹس لیتی اور برطرف کر دیتی: دانیال عزیز
مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ ''احسن اقبال مہنگائی کے ذمہ دار ہیں‘ پارٹی نوٹس لیتی اور انہیں برطرف کر دیتی‘‘ اور اگر انصاف کی نظر سے دیکھا جائے تو محض ایک شخص نہیں بلکہ پوری پارٹی اور ساری حکومت ہی مہنگائی کی ذمہ دار ہے‘ لہٰذا وہ کس کس کا نوٹس لیتی اور کس کس کو برطرف کرتی، بلکہ مہنگائی کا آغاز تو پیسہ باہر منتقل ہونے سے ہی ہو گیا تھا اور اس کے ساتھ ہی دھڑا دھڑ اثاثے بننا شروع ہو گئے تھے اس لیے کسی ایک بندے کو مطعون کرنا درست نہیں ہو گا سو‘ میں اپنا بیان واپس لیتا ہوں اور مناسب ترمیم کے بعد اسے دوبارہ جاری کروں گا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
(ن) لیگ ناکام لیگ‘ 8 فروری کو
سرپرائز دیں گے: بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''(ن) لیگ ناکام لیگ ہے، 8 فروری کو سرپرائز دیں گے‘‘ بلکہ ایمانداری کی بات یہ ہے کہ ساری کی ساری پارٹیاں ہی 8 فروری کو سرپرائز دیں گی کیونکہ جو مستقبل کا منظر نامہ ہے‘ وہ سب کو نظر آ رہا ہے اور لگ رہا ہے کہ اس بار سب کے ڈبے خالی نکلیں گے اس لیے صرف ایک پارٹی کو ناکام کہنا درست نہیں ہو گا، باقیوں کی حالت بھی یکساں نظر آتی ہے چنانچہ اس دن الیکشن میں اترنے والوں کو آٹے دال کا بھائو اچھی طرح سے معلوم ہو جائے گا اور ان حالات میں کسی کو بغلیں بجانے کی ضرورت نہیں ہے اور سب کو اپنے اپنے حالات کا استقبال کرنے کے لیے تیار رہنا ہو گا۔ آپ اگلے روز کوئٹہ میں پیپلز پارٹی کے یومِ تاسیس پر ایک جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔
فتنے کو دوبارہ مسلط نہیں ہونے
دیں گے: مولانا فضل الرحمن
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ اور پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ''ہم فتنے کو دوبارہ مسلط نہیں ہونے دیں گے‘‘ اگرچہ جنہوں نے یہ کام کرنا ہے ان کے آگے کسی کی کیا چلتی ہے، اس لیے التجا ہی کر سکتے ہیں کہ باقیوں کی خدمات کو نظر انداز نہ کیا جائے کیونکہ وہ بھی بڑی خوبصورتی سے مسلط کیے جا سکتے ہیں‘ ایک بار آزما کر تو دیکھیں بلکہ یہ سب تو کئی بار کے آزمائے ہوئے ہیں۔ اگرچہ آزمائے ہوئے کو آزمانا سراسر حماقت اور وقت کا ضیاع ہے اس لیے بہتر ہوگا کہ آزمائش کے سابقہ تجربے ہی پر قناعت کر لی جائے اور نت نئے تجربات کا جوکھم نہ اٹھایا جائے۔ آپ اگلے روز لاڑکانہ میں ''طوفان الاقصیٰ کانفرنس‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔
نواز شریف کے خلاف فیصلے
عدلیہ کے ماتھے کا داغ ہیں: رانا ثنا
سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ''نواز شریف کے خلاف فیصلے عدلیہ کے ماتھے پر داغ ہیں‘‘ جبکہ حالیہ فیصلہ اس کی بہترین مثال ہے کیونکہ کسی کو بھی حتیٰ کہ ہمیں خود بھی اس فیصلے کی امید نہیں تھی، نیز عوام کے جذبات کا بھی خیال رکھنا چاہئے جن کی آنکھوں کے سامنے یہ سب کچھ ہوتا آ رہا ہے کیونکہ عوام بھی پہلے جیسے نہیں رہے اور اب کافی ہوشیار ہو گئے ہیں اور ہر بات کو اچھی طرح سے سمجھنے لگ گئے ہیں جبکہ زبان خلق ہی اصل میں نقارۂ خدا ہوتی ہے۔ آپ اگلے روز ماڈل ٹائون لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخرمیں یہ تازہ غزل:
دن گزر جاتا ہے اور رات نہیں ہو سکتی
حسبِ معمول ملاقات نہیں ہو سکتی
معذرت کا جو ہے پھیلا ہوا بے وقت دھواں
ہو تو سکتی ہے مگر بات نہیں ہو سکتی
سر پہ بادل بھی نہیں اور رواں ہیں آنسو
کون کہتا ہے کہ برسات نہیں ہو سکتی
آپ کے سارے کمالات چھپے ہوں مجھ سے
اتنی غافل بھی میری ذات نہیں ہو سکتی
جانتا ہوں تری چالاکیاں اے وعدہ خلاف
واردات اب یہ مرے ساتھ نہیں ہو سکتی
سامنے سے وہ ہٹائے مجھے اور میں نہ ہٹوں
ہرگز اتنی مری اوقات نہیں ہو سکتی
یہ تو میں جانتا ہوں اس کی اجازت کے بغیر
یورشِ خواب و خیالات نہیں ہو سکتی
چاہیے کوئی گدائی کا سلیقہ بھی‘ ظفرؔ
یہ غلط ہے کوئی خیرات نہیں ہو سکتی
آج کا مطلع
دیکھو تو کچھ زیاں نہیں کھونے کے باوجود
ہوتا ہے اب بھی عشق نہ ہونے کے باوجود
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved