اس دنیا میں سبھی تو نہیں لیکن لوگوں کی ایک غالب اکثریت ایسی ہے جو قدرت کی عطا کردہ نعمتوں کی ناشکری کی مرتکب ہوتی ہے۔ ایسے لوگوں کی کمی نہیں جسے اللہ تعالیٰ نے ہر طرح کی نعمتوں سے مالا مال کر رکھا ہے لیکن وہ لوگ کفرانِ نعمت سے باز نہیں آتے۔ ایسا ہی ایک واقعہ میں یہاں تحریر کرنے کا رہا ہوں تاکہ میرے قارئین تک یہ پیغام چلا جائے کہ اگر تنگی کے بعد اللہ تعالیٰ کے فضل سے خوشحالی نصیب ہو جائے تو کفرانِ نعمت کا مرتکب ہونے کے بجائے اللہ تعالیٰ کے حضور سجدۂ شکر بجا لاتے رہیں اور ان نعمتوں میں غریب غربا کو بھی حصہ دار بناتے رہیں۔ دین و دنیا کی دولت سے سرشار ایک رئیسِ شہر صبح کی سیر کے بعد جونہی باغ سے نکل کر پارکنگ میں موجود اپنی گاڑی کی طرف بڑھا تو مسکین صورت بنائے ایک نوجوان ہاتھ جوڑ کر فریاد کرنے لگا کہ جناب! میں کسی سے بھی روٹی کیلئے پیسے نہیں مانگتا‘ میری التجا ہے کہ خدا کے نام پر مجھے کہیں کوئی نوکری دلوا دیں۔ وہ شخص اس کی بات سن کر تھوڑا سا مسکرایا اور کہا: میرے پاس تمہارے لیے کوئی نوکری تو نہیں ہے البتہ میں تمہاری بہتری کیلئے کچھ نہ کچھ ضرور کروں گا۔ پھر اچانک اس نے نوجوان سے یہ سوال پوچھا کہ کیا تم میرے بزنس پارٹنر بننا پسند کرو گے؟ نوجوان کو اس شخص کی بات سمجھ نہ آئی اور ہکلا کر بولا: کیا کہا جناب نے۔ رئیسِ شہر نے دوبارہ کہا کہ کیا تم چاول بیچنے کے کاروبار میں میرے حصہ دار بنو گے؟ اس نوجوان نے منمناتے ہوئے کہا: میرے پاس تو دس بیس روپوں کے علاوہ اور کچھ نہیں‘ میں کسی کاروبار کا حصہ دار کس طرح بن سکتا ہوں؟
رئیسِ شہر اسے اپنے ساتھ گاڑی میں بٹھا کر اپنے گھر لے گیا اور ملازمین سے کہہ کر اسے پیٹ بھر کر ناشتہ کرایا۔ اس کے بعد اس نے نو جوان کو بلایا اور کہنے لگا: میں چاہتا ہوں کہ تم میرے کھیتوں کے چاول مارکیٹ میں لے جا کر بیچو‘ اس کیلئے میں تمہیں مارکیٹ میں ایک جگہ کرایہ پر لے دوں گا‘ تمہیں چاولوں کی بوریاں ملتی رہیں گی جسے تم محنت سے بیچو گے تو یقینا منافع ہو گا اور ہر مہینے تم جتنے چاول بیچو گے اس کا جو منافع حاصل ہو گا وہ ہم دونوں آپس میں بانٹ لیا کریں گے۔ نوجوان یہی سمجھتا رہا کہ اس کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے لیکن جب اس رئیس نے دوبارہ یہ پیشکش کی تو بے ساختہ خوشی اور تشکر سے نوجوان کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے اور اس نے نیک دل انسان کی طرف دیکھتے ہوئے کہا: یوں لگ رہا ہے کہ جیسے یہ سب کچھ خواب ہے۔ رئیس آدمی نے نو جوان کی طرف دیکھتے ہوئے کہا کہ جانتے ہو چاولوں کی تجارت سے ملنے والا منافع کس طرح تقسیم ہو گا؟ نوجوان نے یہ سنتے ہوئے دل ہی دل میں سوچا کہ اس منافع کا اگر نوے فیصد یہ نیک انسان رکھے اور مجھے دس فیصد بھی مل جائے تو مزہ آ جائے بلکہ میں تو یہ کہتا ہوں کہ اس منافع کا پچانوے فیصد رئیس کو مل جائے اور مجھے پانچ فیصد ہی مل جائے تو موجیں ہو جائیں گی۔ رئیس شخص نے جب اسے بتایا کہ ہر ماہ ملنے والے منافع میں سے 90فیصد تمہارا اور صرف دس فیصد میرا ہو گا تو نوجوان کو ایسا لگا کہ یہ سب کچھ رئیسِ شہر کا ایک کھیل اور مذاق ہے جس کا جلد ہی ڈراپ سین اس طرح ہو گا کہ تاجرا اپنے ملازمین کو بلا کر اسے چند روپے دے کر باہر بھجوا دے گا۔ وہ جلدی سے صوفے سے اٹھا اور دروازے کی طرف بڑھتے ہوئے دونوں ہاتھ باندھ کر ڈھیروں دعائیں دیتے ہوئے بولا: جناب والا! مجھے اب اجازت دیں‘ میرا اتنا خیال رکھنے کا بہت بہت شکریہ۔ رئیس نے اس سے پوچھا کہ کیا تمہارا بزنس پارٹنر کی حیثیت سے میرے ساتھ کام کرنے کا ارادہ بدل گیا ہے؟ لگتا ہے کہ تمہیں سڑک پر کھڑے ہو کر لوگوں کی منتیں کرنا ہی بھلا کام لگتا ہے۔ نوجوان نے ہکلاتے ہوئے کہا: کہیں آپ یہ سب مذاق تو نہیں کر رہے؟ آپ نے منافع کی تقسیم کی جو ناقابلِ یقین اور حیران کن پیشکش کی ہے‘ وہ سننے کے بعد مجھے تو ابھی تک اپنے کانوں پر یقین نہیں آ رہا؟ یہ سن کر تاجر نے بلند آواز قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد اس کے سوا اور کچھ نہیں کہ تمہارے لیے ایک باعزت اور مناسب روزگار کا بندو بست ہو جائے۔ میں تم سے صرف دس فیصد منافع ہی وصول کیا کروں گا اور اس کے بدلے میری صرف ایک شرط ہے وہ یہ کہ تم لگن‘ محنت اور ایمانداری سے یہ کام کرتے رہنا اور کبھی بھی مجھے منافع دینے میں سستی نہ کرنا۔ ہر ماہ کی آخری تاریخ کو ہم بیٹھ کر حساب کیا کریں گے اور پھر اپنا حصہ لیا کریں گے۔ نوجوان نے عاجزی اور انکساری سے ان کے قدموں میں جھکتے ہوئے کہا کہ وہ خدا کو گواہ بنا کر کہتا ہے کہ اسے ہمیشہ ایک محنتی‘ ایماندار اور ہر وقت اپنا و فادار پائیں گے۔ نیک دل رئیس نے اس شخص کیلئے شہر کی ایک مارکیٹ میں ایک گودام اور رہنے کیلئے کرائے پر ایک گھر اورکچھ کپڑوں اور ضروریاتِ زندگی کے سامان کا بندو بست کر دیا تاکہ وہ باعزت طریقے سے مارکیٹ میں بیٹھ سکے۔ خدا کا کرنا ایسا ہوا کہ دیکھتے ہی دیکھتے نوجوان کی سخت محنت اور توجہ سے کاروبار ترقی کرنے لگا۔ دیکھتے ہی دیکھتے مہینہ گزر گیا اور طے شدہ اصول کے تحت گدا گر نوجوان کو منافع کا نوے فیصد اور تاجر کو حسبِ وعدہ دس فیصد دیا گیا۔ ایسے ہی چند سال گزر گئے۔ کارو بار حیران کن حد تک بڑھ گیا اور نوجوان نئے نئے کرنسی نوٹوں کو بار بار گننے اور ان کے لمس سے مسحور ہونا شروع ہو گیا۔ اسے اب یہ خیال بھی ستانے لگا کہ صبح سویرے وہ اٹھتا ہے‘ گودام کی صفائی کے بعد سارا سارا دن مارکیٹ میں مال بیچنے کیلئے محنت کرتا ہے‘ اتنے عرصے میں وہ رئیس ایک دن بھی مارکیٹ میں نہیں آیا بلکہ گھر بیٹھے بیٹھے دس فیصد حصہ لے لیتا ہے۔ اصولی طور پر یہ سب کچھ اس کی محنت کا ثمر ہے۔ چاولوں کا کیا ہے‘ وہ تو کہیں سے بھی لیے جا سکتے ہیں۔
چند ہی سالوں میں نوجوان کے پاس دولت کی بھر مار ہو گئی‘ اس نے شہر کے پوش علاقے میں ایک گھر خرید لیا۔ اب اس کی چال ڈھال ہی بدل گئی تھی۔ کئی افراد اب اس کے ماتحت کام کرتے تھے۔ ایک بار ایسا ہوا کہ مہینے کی آخری شام وہ حساب کتاب نہیں کر سکا اور اسی وجہ سے اس رئیس کو اس کا حصہ دینے بھی نہیں گیا۔ اگلے روز سویرے سویرے ہی سیر سے واپسی کے بعد اس رئیس نے نوجوان کے گھر کی ڈور بیل بجائی۔ اس نے دروازہ کھولا تو سامنے کھڑے رئیس کو دیکھ کر جلدی سے بولا: جناب ابھی ایک دن بھی نہیں گزرا اور آپ اپنا حصہ لینے میرے گھر پہنچ گئے ہیں‘ کبھی یہ بھی سوچا ہے کہ محنت سارا دن میں کرتا ہوں‘ آپ تو اتنے سالوں میں ایک دن بھی مارکیٹ نہیں آئے‘ آپ کو اپنا منافع اتنا ہی عزیز تھا تو ''میرے گودام‘‘ پر آجاتے‘ اتنی سویرے مجھے ضرور تنگ کرنا تھا۔ اپنے محسن کو اس نے ہلکی سی آواز میں بھی اندر آنے کو نہ کہا۔ کچھ دیر تک وہ اس نوجوان کی باتیں سنتا رہا اور پھر چپ چاپ لوٹ گیا۔ البتہ راستے بھر وہ سوچتا رہا کہ یہ اُس کا دس فیصد منافع نہیں بلکہ یہ اس نوجوان کے نہ آنے کی وجہ سے لاحق ہونے والی تشویش تھی جو اس نوجوان کے دروازے تک لے گئی۔
اب اس کہانی کو یہیں چھوڑتے ہیں۔ ذرا سوچیے کہ اگر ہم میں سے کسی کے ساتھ اس رئیس کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک کیا جائے تو ہماری کیا کیفیت ہو گی؟ کل تک بھیک مانگنے والے‘ گڑگڑانے اور نوکری کے لیے منت کرنے والے شخص کے بارے میں ہمار اکیا رویہ ہوگا؟ہمارے پاس آج جو کچھ بھی ہے یہ سب خداوند تعالیٰ کا عطا کردہ ہے۔ اس نے ہمیں صحت مند جسم دیا ہے‘ ہمیں چلنے پھرنے کے قابل بنایا ہے‘ ہمارے لیے نجانے کہاں کہاں کی نعمتیں مہیا کی ہیں‘ ہمیں روزگار اور کارو بار دیا ہے‘ ہمیں زمینیں اور جاگیریں دی ہیں‘ ہمیں مارکیٹوں اور سڑکوں پر ٹھیلے اور اڈے بنانے کے لیے جگہ دی ہے اور اس کے بدلے میں وہ ہم سے ان سب نعمتوں کا ایک مقررہ حصہ مانگتا ہے۔ اللہ کا حصہ جانتے ہیں کیا ہے؟ یہ کہ اس کی مخلوق کو تنگ نہ کیا جائے‘ اس کے مستحق اور لا چار بندوں‘ یتیموں‘ بیواؤں‘ معذوروں اور بیماروں کا خیال رکھا جائے‘ اس کی راہ میں خرچ کیا جائے جسے وہ یقینا اس دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی کئی گنا کرکے واپس کرے گا۔ ہم سب کو آج اپنے اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھنا چاہیے کہ کیا ہم اللہ کو اس کا حصہ دے رہے ہیں؟ کیا ہم بھی اس کی ناشکری اور کفرانِ نعمت تو نہیں کر رہے؟ کہیں ہم سب بھی اس نو جوان گدا گر کی طرح تو نہیں ہیں ؟
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved