ووٹ کے معنی ہیں: ''کسی منصب کیلئے دو یا زیادہ امیدواروں میں سے خفیہ بیلٹ کے ذریعے یا ہاتھ اٹھاکر کسی ایک امیدوارکا چنائوکرنایا مختلف پالیسیوں یا اقدامات میں سے کسی ایک کا چنائو کرنا‘‘۔ووٹ ایک جدید اصطلاح ہے‘عہدِ رسالت مآبﷺ‘ عہدِ خلافتِ راشدہ اور قرونِ اُولیٰ میں اس کے ہم معنی کوئی اصطلاح رائج نہیں ہوئی‘ یہ جدید جمہوری دور کی اصطلاح ہے۔ عہدِ رسالت مآب ﷺ‘ عہدِ خلافت راشدہ اور بعد کے ادوار میں ہمیں ''بیعت ‘‘ کی اصطلاح ملتی ہے ‘یہ ہاتھ میں ہاتھ دے کر پیمانِ وفا کرنے کا نام ہے‘اس کا ذکر قرآن وحدیث میں بھی ہے۔عہدِ رسالت میں مختلف مواقع پر بیعت کی مندرجہ ذیل صورتیں ہمیں ملتی ہیں:(1)قبولِ اسلام کے لیے ''بیعت علی الاسلام ‘‘، (2)ہجرت کے موقع پر''بیعت علی الھجرۃ ‘‘،(3) جہاد کے موقع پر ''بیعت علی الجھاد ‘‘۔سلمہ بن اکوع سے نبی ﷺ نے دو مرتبہ جہاد پر بیعت لی۔ یزید بن ابی عبید کہتے ہیں ''میں نے سلمہ سے کہا: آپ کس چیز پر بیعت کرتے تھے‘انہوں نے کہا: موت پر،(صحیح البخاری:4169)‘‘۔ (4)ایک بیعت مُحرَّمات ومُنکَرات کے ترک کرنے اورمامورات پر عمل کرنے کے بارے میں تھی جو الممتحنہ :12 میں مذکور ہے اور اسے ''بیعتِ مومنات‘‘بھی کہا جاتا ہے مگر یہ مومنات کے ساتھ خاص نہیں ہے۔ عبادہ بن صامت بیان کرتے ہیں کہ ہم نے بیعتِ عقبہ اُولیٰ کے موقعے پر رسول اللہﷺ سے عورتوں والی بیعت کی کیونکہ اس وقت تک جہاد فرض نہیں ہوا تھا ۔رسول اللہﷺ کے بعد بیعتِ امارت یا بیعتِ خلافت تھی،جوکئی صدیوں تک رائج رہی ۔
خلفائے راشدین بیعتِ عام مسجد نبوی میں لیتے تھے‘اُس کی حیثیت آج کے Vote of Confidence یعنی اعتماد کے ووٹ کی تھی ۔ فرق یہ ہے کہ رسول اللہﷺ کی بیعت غیر مشروط تھی‘انبیائے کرام اللہ تعالیٰ کے چنیدہ ہوتے ہیں‘ اُن کے علم کا منبع وحیِ ربّانی ہوتا ہے لہٰذا اُن کے احکام کو رَد کرنے کا اختیار کسی کے پاس نہیں ہے جبکہ اُولِی الامر یاحاکمِ وقت کی اطاعت قرآن وسنت کی موافقت کے ساتھ مشروط ہے۔اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ''اے ایمان والو! اطاعت کرو اللہ کی اور اطاعت کرو رسول کی اور اپنے میں سے صاحبانِ اختیار واقدار کی‘پس اگر تمہارا ان سے کسی چیز میں اختلاف ہوجائے تو اُس (درپیش مسئلے) کو اللہ اور اس کے رسول (یعنی قرآن وسنت)کی طرف لوٹادو،(النسآء:59)‘‘۔ اللہ تعالیٰ کی منشا قرآن سے اور رسول اللہﷺ کی منشا حدیث سے معلوم ہوگی ۔یہ بات ذہن میں رہے کہ اللہ تعالیٰ اور رسول اللہﷺ کی منشا ایک دوسرے کی ضدنہیں ہیں بلکہ ایک ہی ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ''اور جس نے رسول کی اطاعت کی اُس نے (درحقیقت ) اللہ (ہی) کی اطاعت کی (النسآء: 80)‘‘۔ ہمارے موجودہ دستوری نظام میں بھی حاکم کا حکم اگرآئین و قانون کے خلاف ہو تو اُسے عدالت میں چیلنج کیا جاسکتا ہے اور جس کا موقف آئین وقانون کے مطابق ہوگا عدالت اُس کے حق میں فیصلہ دے گی۔اس کا مطلب یہ ہے :حاکمِ وقت کا ہر حکم مطلقاً حجت نہیں ہوتا۔
اس سے قطع نظر کہ مطلق جمہوریت کی شرعی حیثیت کیا ہے‘ جدید دور میں مختلف سطح کے قانون ساز اداروں کے ارکان‘ وزرائے اعظم اور صدور کا انتخاب ووٹ کے ذریعے ہی ہوتا ہے ۔بعض مناصب کے انتخابات بالواسطہ اور بعض کے بلاواسطہ ہوتے ہیں اور رائے دہندہ(Voter) کے لیے کم از کم عمر کی شرط ہوتی ہے۔ تعلیم یا صداقت و دیانت کی کوئی شرط نہیں ہوتی ۔ عام انتخابات میں ہر ادنیٰ واعلیٰ‘ عالم وجاہل‘دیانت دار اور بد دیانت کی رائے کا وزن برابر ہوتا ہے ۔
موجودہ دور کے علماء میں سے علامہ مفتی محمد شفیع صاحب نے اپنی تفسیر ''معارف القرآن‘‘ میں ووٹ کی شرعی حیثیت پر بحث کی ہے اور انہوں نے ووٹ کو شہادت کا درجہ دیا ہے چنانچہ وہ لکھتے ہیں(1):''خصوصاً اسمبلیوں اور کونسلوں میں کسی امیدوار کو ووٹ دینا بھی ایک شہادت ہے جس میں ووٹ دینے والا اسی بات کی گواہی دیتا ہے کہ اس کے نزدیک یہ امیدوار اپنی قابلیت اور دیانت وامانت کے اعتبار سے قومی نمائندہ بننے کے قابل ہے ‘‘۔وہ لکھتے ہیں(2):''اسی طرح امتحانات میں طلبہ کے پرچوں پر نمبر لگانا بھی ایک شہادت ہے ‘اگر جان بوجھ کر یا لا پروائی سے نمبروں میں کمی بیشی کردی تو یہ جھوٹی شہادت ہے‘ جوحرام اور سخت گناہ ہے ‘‘۔وہ لکھتے ہیں:(3)''قرآن کی رُو سے نمائندوں کے انتخاب کے لیے ووٹ دینے کی ایک اور حیثیت بھی ہے جس کو سفارش کہا جاتا ہے : گویاووٹ دینے والا یہ سفارش کرتاہے کہ فلاں امیدوار کو نمائندگی دی جائے۔اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:''اور جو شخص اچھی سفارش کرے گا، تو( نیک کاموں میں)اس کا بھی حصہ ہوگا اور جو بری سفارش کرے گا،تو( برے کاموں میں)اُس کا برابر کا حصہ ہوگا ، (النسآء:85)‘‘۔وہ لکھتے ہیں:(5)''ووٹ کی تیسری حیثیت وکالت کی ہے کہ ووٹ دینے والا کسی امیدوار کو اپنی نمائندگی کے لیے وکیل بناتا ہے‘اگر یہ وکالت قومی امور کی انجام دہی کے لیے ہے ،توکسی نا اہل کو وکیل بنانا پوری قوم کے حقوق کو پامال کرنے کے مترادف ہے ‘‘۔ خلاصہ یہ کہ ووٹ کی تین حیثیتیں ہیں: ایک شہادت‘ دوسری شفاعت‘ تیسری مشترکہ حقوق میں وکالت‘ پس نا اہل اور بے دین کو ووٹ دینا بیک وقت جھوٹی شہادت‘ بری سفارش اور ناجائز وکالت ہے‘ اس کے تباہ کن نتائج کا ذمے دار ووٹ دینے والا بھی ہوگا (معارف القرآن، ج:3،ص:70-71،بتصرف)‘‘۔
ہماری رائے میں مندرجہ ذیل وجوہ کی بنا پر ووٹ کی یہ حیثیتیں محلِ نظر ہیں:جس قضایا عدالت میں گواہی دی جاتی ہے‘ اُسے اُس کے ردوقبول کا اختیار ہوتا ہے جبکہ جائز ووٹ کو الیکشن کا عملہ یا ریٹرننگ آفیسر رد نہیں کرسکتا۔اسی طرح کسی کے حق میں سفارش کی جائے تو جس کے پاس سفارش کی جارہی ہے‘ شریعت کی رُو سے اُسے اُس کے رد وقبول کا اختیار ہوتا ہے جو حدیثِ پاک سے ثابت ہے لیکن پولنگ اسٹیشن کا پریذائڈنگ آفیسر یا عملہ یا ریٹرننگ آفیسر ازروئے قانون کسی جائز ووٹ کو رد کرنے کا اختیار نہیں رکھتے۔اسی طرح موکِّل اپنے وکیل کو معزول کرنے کا اختیار رکھتا ہے جبکہ ووٹ دیتے ہی مؤثر ہوجاتا ہے ،اس کے بعدووٹر نہ اپنے امیدوار کو معزول کرسکتا ہے اور نہ اپنے ووٹ کو منسوخ کرسکتا ہے ۔منتخب امیدوار کی نا اہلی کو جانچنے اور نا اہلی کی بنیاد پرمعزول کرنے کا اختیار الیکشن کمیشن یا الیکشن ٹربیونل یااعلیٰ عدالتوں کے پاس ہوتاہے‘ ووٹر زکے پاس نہیں ہوتا۔
پس ہماری رائے میں ووٹ قضاہے جس طرح ہمارے نظامِ عدالت میں ماتحت عدالتوں میں ایک جج فیصلہ کرتا ہے مگر ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں فیصلہ کبھی ایک جج کرتا ہے اسے Single Benchکہتے ہیں ‘کبھی دو جج کرتے ہیں اسے Division Bench کہتے ہیں یا تین اوراس سے زیادہ جج کرتے ہیں اسے Larger Benchکہتے ہیں اور اگرکبھی عدالت کے تمام جج صاحبان کسی مقدمے کا فیصلہ کرنے بیٹھ جائیں تو اسے Full Courtکہاجاتا ہے۔دو ججوں کی رائے مختلف ہوجائے تو ریفری جج مقرر کیا جاتا ہے‘ دو سے زیادہ ججوں پر مشتمل بنچ کی صورت میں اگر ان کے درمیان اتفاقِ رائے نہ ہوسکے تو کثرتِ رائے سے فیصلہ ہوتا ہے ۔لہٰذا ایک حلقۂ انتخاب میں کل ووٹروں کی مثال ایک جیوری یا عدالت کی ہے ‘ اگر ووٹ ازروئے قانون درست ہے تو اُسے کوئی رد نہیں کرسکتا‘ اگر کرے گا توعدالت میں چیلنج کیا جاسکتا ہے۔ ملکی قانون میں انتخاب کے موقع پر جو ووٹر انتخاب میں حصہ نہیں لیتے وہ اپنے حقِ قضا سے محروم ہوجاتے ہیں اور جو حصہ لیتے ہیں اُن کی رائے قضا میں شامل ہوتی ہے اورفل کورٹ کی طرح اکثریت کا فیصلہ جس امیدوار کے حق میں آئے وہ منتخب ہوجاتا ہے ۔امیدوار کو کسی بھی درجے کے امتحان یاکسی منصب کے امتحان میں کامیاب یا ناکام قرار دینا بھی قضا ہے۔اسی طرح وفاقی اور صوبائی پبلک سروس کمیشن یا کسی بھی سلیکشن بورڈ کی حیثیت بھی قضا کی ہے۔ البتہ علامہ مفتی صاحب کی اس رائے سے ہمیں کامل اتفاق ہے :''پرائمری تا پی ایچ ڈی کسی بھی تعلیمی درجے میں کامیاب طالب علم کو سند دینااس امر کی شہادت ہے کہ وہ مطلوبہ امتحان میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اس علمی قابلیت کا حامل ہے‘سو اگر کسی کو مطلوبہ امتحان میں کامیابی حاصل کیے بغیر سند دی گئی ہے تو یہ شہادتِ کاذبہ ہے‘حرام ہے اور گناہ ہے ‘‘۔پس طالب علم یا امیدوار کو اس درجے کے امتحان میں کامیاب یا ناکام قرار دینا قضا ہے اور اُس کی سند شہادت ہے۔اگر ووٹر اپنی قضا میں خیانت کرتا ہے تو اس کے بارے میں شدید وعید آئی ہے :
''عبداللہ بن عباس بیان کرتے ہیں :رسول اللہﷺ نے فرمایا:اگرصاحبِ اختیار نے یہ جاننے کے باوجود کہ (منصب کے لیے ) کتاب اللہ اور سنتِ رسول کا زیادہ علم رکھنے والا بہتر شخص موجود ہے‘ کسی( جاہل اور خائن)کوعامل بنایا تو اس نے اللہ‘اس کے رسول اور تمام مسلمانوں سے خیانت کی‘ (السنن الکبریٰ للبیہقی:20364)‘‘۔آپﷺ نے فرمایا: ''جس کو لوگوں پر قاضی بنایا گیا‘ اُس کو (گویا)بغیر چھری کے ذبح کردیا گیا (سنن ترمذی:1325)‘‘۔بغیر چھری کے ذبح کیے جانے سے مراد کسی ایسے کند آلے سے ذبح کرنا ہے جس کی تکلیف ناقابلِ تصور ہے۔نبیﷺ نے فرمایا(1): قاضیوں کی تین قسمیں ہیں: ایک جنت میں ہوگا اور دو جہنم میں ہوں گے ۔جنت میں وہ شخص ہوگا جس کو حق کا علم ہواور وہ اس کے مطابق فیصلہ بھی کرے ۔ جس شخص کو حق کا علم ہے ،مگر وہ فیصلے میں ظلم کرتاہے تو وہ جہنم میں ہوگا اور جو شخص بغیر علم کے لوگوں کے فیصلے کرے وہ بھی جہنم میں ہوگا (سنن ابودائود:3573)‘‘۔پس جب ووٹرز کے پاس منصبِ قضا آئے اور وہ عدل پر مبنی فیصلے نہ کریں تو اُن کا یہ توقع رکھنا عبث ہوگا کہ جس امیدوارکے بارے میں انہوں نے فیصلہ کرتے وقت اپنے آپ پر اور پوری قوم پر ظلم کیا ہے‘ وہ عدل کا علمبردار ہوگا‘ یہ ببول کا درخت لگاکر گلاب کے پھولوں یا انگور کے خوشوں کی تمنا کرنے کے مترادف ہے۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved