حمزہ علوی علی گڑھ یونیورسٹی سے ایم اے (معاشیات) کرنے کے بعد 1945ء میں بینک آف انڈیا کے مرکزی دفتر‘ دہلی میں ریسرچ افسر لگے۔ 1947ء میں تقسیمِ ہند کے بعد وہ اپنی جنم بھومی‘ کراچی کی طرف ہجرت کر آئے‘ جہاں 10 اپریل 1921ء کو وہ پیدا ہوئے تھے۔ انہیں سٹیٹ بینک آف پاکستان کے بانیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ 1952ء میں مرکزی بینک کے پانچ بڑے افسروں میں سے ایک۔ پانچ دس سال وہاں ٹکے رہتے تو یقینا گورنر سٹیٹ بینک بھی بن جاتے مگر وہ اگلے برس مستعفی ہوکر مشرقی افریقہ میں‘ اپنے سسرال (تنزانیہ) چلے گئے جہاں اُنہوں نے کاشتکاروں کے سماجی اور معاشی نظام کا عالمانہ مطالعہ کیا اور آنے والے سالوں میں یہی اُن کی تحقیق کا موضوع بنا۔ 1955ء میں حمزہ علوی اپنی اہلیہ کے ہمراہ لندن چلے گئے۔ لندن سکول آف اکنامکس میں ڈاکٹریٹ کیلئے داخلہ لیا۔ ابھی ان کا تحقیقی مقالہ مکمل نہیں ہوا تھا کہ 1958ء میں پاکستان میں مارشل لاء نافذ ہو جانے کی خبر ملی۔ وہ لکھائی پڑھائی چھوڑ کر ایوب آمریت کے خلاف قلمی جدوجہد کرنے لگے۔ انہوں نے ایک جریدہ نکالا 'پاکستان ٹوڈے‘۔ اس کے وہ ناشر بھی تھے اور مدیر بھی۔ اس رسالے کی اشاعت پانچ برس تک جاری رہی۔ حمزہ علوی نے ایوب آمریت کے شروع کے پانچ سالوں میں اس پر لفظی گولہ باری کی اور اسی قسم کا کام مضمون نگار نے اور اُس کی بیوی نے 1967ء میں (برطانیہ آ جانے کے بعد) سہ ماہی ''شعور‘‘ شائع کر کے‘ آمرانہ دور کے آخری تین سالوں میں کیا۔ یہ جریدہ 1974ء تک شائع ہوتا رہا۔ یہی حمزہ علوی اور اُن کی اہلیہ جنہیں ہم سب 'خاتون‘ کہتے تھے‘ سے تعارف کا باعث بنا۔ نجانے اُن جیسے بڑے آدمی کے پاس دو مسکین افراد کا شائع کردہ رسالہ کس طرح پہنچا؟ یہی شائع کردہ مواد کی برکت ہوتی ہے کہ ان دور دراز جگہوں تک بھی اُڑ کر چلا جاتا ہے جہاں کا لکھنے اور شائع کرنے والوں نے خواب و خیال میں بھی نہیں سوچا ہوتا۔ حمزہ صاحب نے ہمارا پرچہ پڑھا‘ اُنہیں پسند آیا‘ اُنہوں نے فون کیا اور خاتون کو ساتھ لے کر ملنے چلے آئے۔ میری خوش قسمتی کہ اُن دنوں وہ شمالی انگلستان کی یونیورسٹی (غالباً لیڈز) میں پڑھاتے تھے اور میں مانچسٹر کے مضافات میں رہتا تھا۔ دونوں مقامات میں صرف ایک گھنٹے کی مسافت تھی۔ ہمیں اپنے مہمان کے بلند علمی معیار کا بخوبی علم تھا۔ ہم نے دیدہ و دل فرشِ راہ کیے۔ چائے کا پوچھا تو ہنس کر کہا کہ وہ کھانے کے بعد پئیں گے۔ اُن کی ہدایت کے مطابق گھر میں پکے دال ساگ سے ان کی تواضع کی۔ خوب محفل جمی۔ سال تو یاد نہیں مگر یہ ستر کی دہائی کے اوائل کی بات ہے۔ پھر یہ سلسلہ شروع ہو گیا۔ وہ سال میں ایک بار ضرور تشریف لاتے۔ وہ جب ہمارے گھر آتے اور جتنی دیر ٹھہرتے‘ تو دل چاہتا کہ جو کچھ وہ اپنی زبان سے کہتے ہیں میں اُسے ریکارڈ کرتا جائوں۔ وہ علم و دانش کے موتی بکھیرتے تھے۔ مجھے ان طلبہ وطالبات کی خوش بختی پر رشک آتا ہے جنہیں اُنہوں نے سماجی علوم پڑھائے۔ نہ صرف برطانیہ بلکہ ایشیا‘ افریقہ اور لاطینی امریکہ کی یونیورسٹیوں میں بھی وہ درس و تدریس سے وابستہ رہے۔1974ء میں ہمارے پاکستان آ جانے سے ملاقاتوں کا یہ سلسلہ منقطع ہو گیا۔ 1975ء میں ہم واپس انگلستان جا کر لندن کے مضافات میں آباد ہوئے اور بقول غالب:
گو میں رہا رہین ستم ہائے روزگار
لیکن تیرے خیال سے غافل نہیں رہا
ستم ہائے روزگار میں تلاشِ معاش سرفہرست ہے۔ اس دوران میں قانون کی تعلیم میں اس طرح الجھا کہ پندرہ برس بعد‘ 1991ء میں ایل ایل ایم کرنے کے بعد پہلا مرحلہ طے پایا جبکہ بیرسٹر بننے میں مزید عرصہ صرف ہوا۔ مجھے مان لینا چاہیے کہ قصور میرا ہی تھا۔ اگر میں کوشش کرتا تو حمزہ صاحب کا فون نمبر ڈھونڈ لیتا مگر بدقسمتی سے ایسا نہ کر سکا۔ 3 دسمبر 2003ء کو برطانیہ کے چوٹی کے اخبار دی گارڈین میں تعزیت ناموں (Obituaries) پر نظر پڑی تو دل دھک سے رہ گیا۔ عنوان تھا: ''حمزہ علوی‘‘۔ آخری سطر یہ تھی کہ وہ یکم دسمبر 2003ء کو اپنی رفیقۂ حیات (جو چند برس پہلے اُن سے جدا ہو گئی تھیں) سے وہاں جہاںجا ملے جہاں نہ کوئی دکھ ہے نہ کوئی پریشانی۔ اب میری آنکھوں کے سامنے دو چیزیں تھیں۔ اُن کا مسکراتا ہوا ذہین چہرہ اور ان کی دانش افروز باتیں۔
میں حمزہ صاحب سے مذاقاً کہا کرتا تھا کہ آپ تو ایک ایسے گھرانے میں پیدا ہوئے جس کی ذات بوہرہ ہے اور اس ذات کے لوگ صدیوں سے کاروبار کرتے چلے آئے ہیں۔ آپ دولت کمانے کے بجائے علم کی وادی میں کس طرح آ نکلے‘ یہ انہونی بات نہیں؟ وہ سنجیدگی سے جواب دیتے کہ اگر میرا ذہن اشتراکی نظریات اور مارکسی فلسفے سے متاثر نہ ہوتا تو میں بھی خاندانی روش پر چلتا۔ کاروبار نہ بھی کرتا تو سٹیٹ بینک چلاتا۔
حمزہ صاحب کو برطانیہ میں اُس وقت شہرت ملی جب اُنہوں نے University of Sussex میں پڑھانا‘ مقالے اور کتابیں لکھنا اور علمی مذاکروں میں لیکچر دینا شروع کیا۔ 1972ء میں وہ لیڈز چلے گئے اور 1977ء میں مانچسٹر یونیورسٹی۔ 1988ء میں ہمہ وقتی تدریس سے ریٹائر ہوئے اور 1997ء میں کراچی میں پیدا ہونے والا بچہ اپنے آبائی شہر کو لوٹ گیا مگر چھ برس بعد وہ کراچی سے بھی بہت دور چلے گئے۔ ان کی کوئی اولاد نہ تھی اور میاں بیوی کو اس کا کوئی غم بھی نہ تھا۔
حمزہ صاحب کا علمی کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے سماجیات کے علم میں کسانوں اور کاشتکاروں کے مطالعے کو وہ اہمیت دلوائی جس کا وہ مستحق تھا۔ قیام پاکستان کے بارے میں اُن کا تجزیہ یہ تھا کہ تحریک پاکستان کی کامیابی میں متوسط طبقے (خصوصاً تنخواہ دار) نے کلیدی کردار ادا کیا۔ اس حوالے سے اُنہوں نے اس طبقے کیلئے Salariat کا لفظ چنا۔ اُن کی نظر میں جب اس طبقے کو نظر آنے لگا کہ متحدہ ہندوستان میں اُنہیں اچھی تنخواہ دینے والی ملازمتیں ملنے کا امکان بتدریج کم ہوتا جا رہا ہے تو اُنہیں ایک علیحدہ مملکت میں ایسی ملازمتیں مل جانے کا روشن امکان نظر آیا۔ وہ کہتے تھے کہ جب پاکستان بنا تو تعلیمی اور صنعتی پسماندگی تھی‘ زراعت بھی بس گزارہ موافق تھی۔ مگر ریاست کے دو ستون بڑے مضبوط اور طاقتور تھے۔ افسر شاہی اور عسکری شعبہ۔ نتیجہ یہ نکلا کہ سیاسی مرکزِ ثقل پہلے سرکاری افسروں اور پھر مارشل لاء کے پاس چلا گیا۔ اس عدم توازن اور جاگیرداری نظام میں پنجاب میں کسان‘ سندھ میں ہاری اور بلوچستان میں سرداری نظام کا طوق پہنے ہوئے لوگ بے بسی کی تصویر بنے ہوئے تھے۔ متوسط طبقہ صرف تنخواہ دار تک محدود تھا۔ سیاسی جماعتیں برائے نام تھیں۔ لہٰذا اس سنگلاخ زمین پر جمہوری نظام کس طرح پرورش پاتا؟ حمزہ صاحب میری مایوسی کو یہ کہہ کر نہ صرف امید بلکہ یقین میں بدل دیتے تھے کہ جوں جوں پاکستان میں سول سوسائٹی پھلے پھولے گی‘ کسان اور مزدور منظم ہوں گے‘ صحافیوں اور دانشوروں کی آواز زیادہ بلند ہو گی‘ وکلا ایک بڑی طاقت بن کر اُبھریں گے‘ صورتحال اسی حساب سے بہتر ہوتی چلی جائے گی۔یہ باتیں اُنہوں نے نصف صدی پہلے کی تھیں۔ آپ اگر لمحہ موجود کا منظر نامہ دیکھیں تو ان پچاس سالوں میں آنے والی سماجی تبدیلیوں اور اُن کے نتیجے میں اُس دور کے مقابل ایک مختلف سیاسی منظر نامہ دکھائی دے گا۔ یہ ہوتی ہے ایک ماہرِ سماجیات کی دوربین نظر۔ وہ سماجی حرکیات کو سمجھتا ہے اور پیش گوئی کر سکتا ہے کہ آج جو بیج بوئے جا رہے ہیں‘ وہ آگے چل کر ہمیں کون سی فصل دیں گے۔ حمزہ صاحب نے سوشیالوجی خصوصاً کاشتکار معاشروں اور دیہی سماج کے حوالے سے کئی کتابیں لکھیں جو دنیا بھر میں سند کی حیثیت رکھتی ہیں اور بڑی درسگاہوں میں پڑھی اور پڑھائی جاتی ہیں۔حمزہ صاحب کے چلے جانے سے جو خلا پیدا ہوا وہ ابھی تک پُر نہیں ہو سکا اور شاید آئندہ بھی کبھی نہ ہو سکے۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved