زمین پر اگر ظلم و بربریت کی بھیانک اور جیتی جاگتی تصویر دیکھنی ہو تو وہ آج کا اجڑا ہوا غزہ ہے۔ یہ وہ خطہ ہے جہاں آسمان خون کے آنسو روتا ہے اور زمین اپنی ہی کوکھ میں پلنے والے معصوموں کی لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک چکی ہے۔ دنیا بھر میں انسانی حقوق کے بلند بانگ دعوے کرنے والے اور امن کے نعرے لگانے والے غزہ کی صورتِ حال دیکھنے کے بعد بھی مجرمانہ نیند سو رہے ہیں۔ جب دنیا کے کسی بھی کونے میں کوئی معمولی قدرتی آفت یا حادثہ رونما ہوتا ہے تو انسانیت کے یہ علمبردار امدادی قافلے لے کر دوڑے چلے جاتے ہیں۔ مگر غزہ کے مظلوموں کا دکھ یہ ہے کہ وہ بربریت کے ایک ایسے سفاکانہ گرداب میں پھنسے ہیں جہاں دو سو سے زائد ممالک اور آٹھ ارب انسانوں کی دنیا میں ان کی آہوں کو سننے والا‘ ان کے بہتے خون کو روکنے والا اور ان کے اجڑے گھروں کوآباد کرنے والا کوئی مسیحا موجود نہیں۔ یہاں تک کہ بیمار پڑ جائیں تو دوا ندارد اور زندگی کی سانس بحال رکھنے کے لیے آکسیجن دستیاب نہیں۔ بھوک اور افلاس کا یہ عالم ہے کہ وہ لوگ جو کبھی اپنی محنت‘ عزت اور خودداری کی کمائی سے دوسروں کے دسترخوان سجایا کرتے تھے‘ آج دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں اور امدادی لنگر خانوں کے باہر خالی برتن اٹھائے قطاروں میں کھڑے نظرآتے ہیں۔
اس کربناک منظر نامے میں دل کو چیر دینے والی تصویر ایک ایسے بزرگ کی ہے جو کسی تعارف کے محتاج نہیں مگر آج حالات کے بے رحم تھپیڑوں نے انہیں اس نہج پر لا کھڑا کیا ہے۔ یہ کوئی عام فقیر یا راہ چلتا مسافر نہیں‘ بلکہ یہ علم‘ دانش اور تدریس کا وہ مینار ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی روشنی پھیلانے میں وقف کر دی تھی۔ یہ شمالی غزہ کے ستتر سالہ پروفیسر عبداللہ ایوب ہیں‘ جو میکینکل انجینئرنگ کے مایہ ناز استاداور مصر کی یونیورسٹیوں کے فارغ التحصیل ہیں۔ انہوں نے اپنی جوانی اور عمر کے بہترین عشرے اس ارضِ مقدس پر فنی تعلیم کے فروغ‘ توانائی کے پیچیدہ نظاموں‘ بجلی پیدا کرنے والے پاور سٹیشنز کے رموز سکھانے اور نئی نسلوں کے ذہنوں کو روشن کرنے میں صرف کر دیے۔ ان کے لیکچرز میں بیٹھنا طالب علم اپنے لیے اعزاز سمجھتے تھے‘ ان کے علمی قد و قامت کے سامنے بڑے بڑے ادارے سر جھکاتے تھے‘ اور جب وہ کسی محفل میں قدم رکھتے تھے تو احترام کا ایک طوفان امڈآتا تھا۔ مگرآج وہی استاد‘ وہی علم کا سفیر‘ہاتھ میں ایک خالی دیگچہ لیے امدادی کھانے کی قطار میں سر جھکائے کھڑا ہے۔ ان کے پراگندہ بال‘ بوسیدہ لباس‘ تھکی اور سہمی ہوئی آنکھیں اور شکستہ جسم خاموشی سے اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ دنیا کتنی سنگدل ہو چکی ہے۔ انہیں خود معلوم نہیں کہ اس خالی برتن میں دو لقمے نصیب ہوں گے بھی یا نہیں‘ مگر ان کی روح تڑپ رہی ہے کیونکہ ان کے گھر میں معصوم بچے راہ تک رہے ہیں۔
تباہ حال غزہ کی دوسری تصویر اس کھلے آسمان تلے بچھے ہوئے انسانیت کے ان خیموں کی ہے جو ظالموں کے ظلم اور فطرت کے قہر کے سامنے دیوار بنے ہوئے تھے۔ یہ خیمے صرف پناہ گاہیں نہیں تھے بلکہ یہ اُن اجڑے ہوئے خاندانوں کا آخری سہارا اور عزت کا آخری حصار تھے۔ غزہ کے ان مکینوں کیلئے زمین کا یہ ٹکڑا ہی ان کا بستر اور ان کی دنیا تھا‘ مگر اب آسمان سے برستی ہوئی بادلوں کی آفت نے ان کے اس سہارے کو بھی چھین لیا ہے۔ شدید ترین بارشوں کے طوفان نے غزہ بھر میں کہرام مچا دیا ہے ۔ ستر ہزار سے زائد بے گھر فلسطینیوں کے خیمے دیکھتے ہی دیکھتے پانی میں ڈوب گئے ۔ اہلِ غزہ پہلے ہی مشکلات کا شکار تھے‘ بارش نے ان کی مشکلات کئی گنا بڑھا دی ہیں۔ ذرا تصور کریں جب انسان کے پاس سر چھپانے کا آخری سہارا بھی ختم ہو جائے تو اس کی کیفیت کیا ہو گی۔ غزہ کے سول ڈیفنس اور امدادی ذرائع بتاتے ہیں کہ صرف بارہ گھنٹوں کے اندر اندر ستر ہزار خیمے ڈوب چکے ہیں‘ جبکہ کئی بوسیدہ اور کمزور مکانات بھی زمین بوس ہو چکے ہیں۔ ان دل دہلا دینے والے لمحات میں یہ بے بس اور مظلوم انسان اپنے بچوں کو ڈوبنے سے بچانے کیلئے‘ خیموں سے پانی باہر نکالنے کی خاطر اپنے ہاتھوں سے ریت کے بند باندھ رہے ہیں‘ مگر بارش کے پانی کو روکنے کے لیے یہ کافی نہیں ہے۔ ایک خاتون اپنے خیمے میں موجود زندگی گزارنے کی واحد چیز گیلا بستر دکھا رہی ہے اور التجا کر رہی ہے کہ انہیں ریلیف کی کس قدر ضرورت ہے۔ بارہ گھنٹوں میں مدد کے لیے اٹھنے والی ڈیڑھ ہزار سے زائد ہنگامی کالیں اس بات کا نوحہ ہیں کہ غزہ کے باسیوں کے پاس اب رونے کے لیے آنسو اور پکارنے کے لیے الفاظ بھی باقی نہیں بچے ہیں۔
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر یہ سنگدلی کہاں تک جائے گی؟ غزہ میں انسانی المیہ اب ایک ایسی دردناک حد کو چھو رہا ہے جہاں تاریخ کے تاریک ترین صفحات بھی ماند پڑ جاتے ہیں۔ لاکھوں انسانوں کے بنیادی حقوق کو سرعام روندنے والا اسرائیل کسی دوسرے سیارے پر نہیں کہ اس کے کرتوتوں کے خلاف آواز بلند نہ کی جا سکے۔ وہ اسی دنیا کا سفاک ناسور ہے جسے عالمی طاقتوں کی اشیرباد اور پشت پناہی حاصل ہے۔ سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ اس کرۂ ارض پر بسنے والی مہذب دنیا نے غزہ کے باسیوں کو مکمل طور پر اسرائیل کی درندہ صفت فوجوں کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے‘ انہوں نے جان بوجھ کر اپنی آنکھوں پر پٹیاں باندھ رکھی ہیں اور کانوں میں سیسہ انڈیل لیا ہے۔ جانوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بننے والے ادارے اور انسان دوستی کے بڑے بڑے دعوے دار اس وقت مجرمانہ خاموشی کی چادر اوڑھے تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ کیا یہ دنیا کا دہرا معیار نہیں کہ جانوروں کے تحفظ کے لیے پوری عالمی برادری سڑکوں پر نکل آئے‘ مگر غزہ کے معصوم بچے‘ مائیں اور بوڑھے خون میں نہلائے جائیں اور کوئی ان کا پرسانِ حال نہ ہو؟
ظلم اور بربریت کی یہ داستانیں ہمیشہ جاری نہیں رہیں گی۔ آج نہیں تو کل مشرقِ وسطیٰ کی یہ جنگ تھم جائے گی اور دنیا اپنے معمولات پر واپس لوٹ آئے گی۔ تجارتی منڈیاں پھر سے سجیں گی‘ سیاسی ایوانوں میں چہل پہل ہو گی اور لوگ اپنی زندگیوں میں مشغول ہو جائیں گے۔ مگر سوال یہ ہے کہ کیا تاریخ اس بے دریغ خونریزی اور عالمی بے حسی کو معاف کر سکے گی؟ کیا غزہ کے اجڑے ہوئے مکینوں‘ بھوکے بچوں اور ڈوبتے خیموں میں سسکتے خاندانوں کا مداوا ممکن ہو سکے گا؟ وقت کے صفحات پر لکھا گیا یہ سیاہ باب کبھی مٹ نہیں سکتا اورآنے والی نسلیں آج کے دور کے انسانوں سے یہ سوال ضرور کریں گی کہ جب انسانیت دم توڑ رہی تھی تو وہ خاموش کیوں تھے؟
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved