آج ہی سابق بھارتی وزیراعظم راجیو گاندھی کی اہلیہ سونیا گاندھی کی خودنوشت چھپ کر مارکیٹ میں آئی ہے۔ اگرچہ ابھی وہ کتاب پاکستان نہیں پہنچی‘ شاید کچھ دن یا ہفتے لگ جائیں۔ ایک دوست لندن میں تھا‘ اس سے چیک کیا کہ اگر اس نے آنا ہے تو لیتا آئے۔ پتا چلا کہ وہ ایمسٹرڈیم میں ہے۔ کہنے لگا کہ اگر کسی ایئرپورٹ پر مل گئی تو لیتا آؤں گا۔ اس کتاب کے کچھ اہم ابواب ابھی سے بھارتی میڈیا میں خبروں کی شکل میں شائع ہونا شروع ہوگئے ہیں۔انڈین ایکسپریس کی ایک سرخی تھی کہ راجیو گاندھی نے ایک ڈپلومیٹ کو برطرف کیا تو بعد میں کہنے لگے کہ غلطی کر بیٹھا۔ کتنے لوگ ہوں گے جن سے غلطی ہوجائے تو اس کا اعتراف بھی کریں‘ جیسے راجیو نے کیا۔ اکثر لوگ غلطی کرنے کے بعد نہ صرف اس پر ڈٹ جاتے ہیں بلکہ اسے دہراتے بھی رہتے ہیں۔ اگر احساس ہو بھی جائے تو کسی کے سامنے تسلیم نہیں کریں گے کہ ان سے غلطی ہوئی۔ انہیں خود علم ہوگا لیکن اسے انسانی مزاج کہیں یا طبیعت‘ کوئی خود کو غلط کہہ کر اپنے آپ کو نیچے نہیں کرنا چاہتا۔ وہ خود کو ایک کمزور یا عام انسان کے طور پر نہیں دکھانا چاہتا جو غلطیاں کرسکتا ہے۔ بڑا آدمی ویسے بھی عام انسان نہیں لگنا چاہتا‘ لہٰذا وہ کبھی نہیں مانے گا کہ اس نے کوئی غلطی کی تھی۔ وہ اس شرمندگی کا سامنا نہیں کرنا چاہتا جو غلطی تسلیم کر لینے سے اسے پیش آسکتی ہے۔ اگرچہ بہادر لوگ بڑے دل کے ساتھ اپنی غلطی تسلیم بھی کرتے ہیں اور معذرت بھی کرتے ہیں‘ اور اس سے وہ چھوٹے نہیں ہوجاتے بلکہ لوگ انہیں اچھا سمجھتے ہیں۔اسی طرح بعض دفعہ مجھے خود پر ہنسی آتی ہے کہ غلطی تو ایک طرف‘ انسان سے غصہ کیا کچھ کروا دیتا ہے۔ کچھ دیر بعد احساس ہوتا ہے کہ وہ چند سیکنڈ خود پر قابو نہ رکھ سکا اور کتنا اہم تعلق توڑ بیٹھا یا اپنا نقصان کر بیٹھا۔
یہ سب باتیں مجھے آج اس لیے یاد آرہی ہیں کہ کل رات میری سینئر صحافی سلیم صافی کے ساتھ ٹی وی شو میں گفتگو ہورہی تھی تو مولانا صاحب کی ان دو تقریروں کا ذکر ہوا جن کی وجہ سے ان کی پارٹی اچانک زیرِعتاب آگئی ہے۔ میجر (ر) عامر سے چند دن پہلے ملاقات ہوئی تھی تو انہوں نے بتایا کہ ان کی مولانا سے بات ہوئی تھی اور میں نے بھی انہیں یہی کہا کہ آپ غصے میں ہیں اور غصے میں کی گئی باتیں تکلیف پہنچاتی ہیں۔ میں ان کی اُس تقریر کا عینی شاہد ہوں جو انہوں نے اسمبلی میں ریاست کے بارے میں کی اور جس سے معاملہ اتنا بڑھ گیا کہ وزیرداخلہ محسن نقوی کو سینیٹ میں کہنا پڑا کہ وہ آج سے پہلے مولانا کی بہت عزت کرتے تھے لیکن آج کے بعد نہیں کریں گے۔ اس سے پہلے وہ فوج کے شہدا کے حوالے سے ایک بیان دے کر تنازع کھڑا کر چکے تھے۔ رہی سہی کسر ان کے ریاست سے متعلق بیان نے پوری کردی۔میں نے سلیم صافی سے پوچھا کہ کیا ان کی مولانا صاحب سے ملاقات میں اس ایشو پر بات ہوئی؟ کہنے لگے کہ میں نے ان سے کہا تھا کہ آپ نے فوجی شہدا اور ریاست سے متعلق نامناسب بیان دے کر اچھا نہیں کیا۔ آپ نے غلط بات کی ہے۔یہ بات سن کر مولانا صاحب خاموش رہے اور آگے سے کچھ نہیں کہا۔ سلیم صافی کہنے لگے کہ ان کی خاموشی اس بات کا اظہار تھی کہ وہ میری بات سے اتفاق کررہے ہیں اور شاید انہیں احساس تھا کہ غصے کی حالت میں ان کے منہ سے ایسی باتیں نکل گئیں جن کا نتیجہ جہاں ان کی پارٹی کیلئے اچھا نہیں نکلا اور یہ بات اب ان کے خاندان تک بھی پہنچ گئی ہے۔
بہت سے لوگوں کے خیال میں‘غصے میں کی گئی باتوں نے مولانا کو اس مقام پر لا کھڑا کیا ہے جہاں عمران خان نو مئی سے پہلے کھڑے تھے۔ مولانا صاحب کا خیال تھا کہ ان کے بیانات سے سیاسی اور مقتدر حلقوں کو اندازہ ہوگا کہ وہ ناراض ہیں اور ان سے رابطہ کر کے ان کی ناراضی دور کی جائے۔ ناراضی دور کراتے کراتے وہ مقتدرہ کو اپنے خلاف کرا بیٹھے‘ اور مخاصمت اب یہاں تک بڑھ گئی ہے کہ سی ڈی اے نے ان کے گھر پر نوٹس چسپاں کردیا اور تجاوزات گرانے کا کہہ دیا ہے۔ بات یہاں تک نہیں رکی بلکہ ان کی جماعت کے زیراثر جن مدارس میں کچھ قانونی خلاف ورزیاں ہوئی ہیں‘ انہیں بھی نوٹس بھیج دیے گئے ہیں۔ بات یہاں تک بھی نہیں رکی بلکہ ان کے بیٹے اسعد محمود کو بھی نیب سے نوٹس موصول ہوا ہے کہ ان کے خلاف تحقیقات ہورہی ہیں۔ جب وہ شہباز شریف کی پی ڈی ایم حکومت میں وزیرمواصلات تھے تو ٹھیکوں میں ہیر پھیر ہوا تھا۔
ویسے یہ نیب‘ ایف آئی اے یا سی ڈی اے بھی دلچسپ ادارے ہیں۔ ان سب کو اچانک مولانا صاحب کی متنازع تقریر کے بعد یاد آیا ہے کہ وہ بہت ساری خلاف ورزیوں اور مبینہ مالی سکینڈلز میں ملوث ہیں اور ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ چار سال پہلے اسعد محمود وزیر بنے تھے جب شہباز شریف وزیراعظم تھے‘ اور آج وہی وزیراعظم انہیں نوٹس بھجوا رہے ہیں کہ جناب آپ کے دور میں کرپشن ہوئی۔ وزیراعظم خود تو اس دور کی مبینہ کرپشن سے کلین ہوگئے لیکن کابینہ کے وزیر کو نوٹس جارہا ہے۔ایسی کارروائیوں کی وجہ سے سرکاری اداروں کی ساکھ بھی متاثر ہوتی ہے کیونکہ سب کو علم ہو جاتا ہے کہ اکثر ادارے کرپشن کے خاتمے کیلئے نہیں حکومتِ وقت کے ساتھی بن کر اس کے مخالفین پر قہر بن کر ٹوٹ پڑتے ہیں۔ یہی کام پرویز مشرف کے دور میں نیب نے شروع کیا تھا کہ جو بھی مسلم لیگ (ق) میں شامل ہوجاتا تھا وہ فوراً نیک اور ایماندار قرار پاتا اور جو انکاری ہوتا اس پر مقدمہ کرکے نیب اسے سات سے دس سال کی سزا دلوا دیتا۔ نیب کے کئی ملزم بعد میں وفاقی وزیر بنے اور اکثر ضمانتوں پر وزارتوں میں جاتے تھے۔ وہ وزیر بھی تھے اور ملزم بھی۔یہی کچھ یوسف رضا گیلانی‘ صدر آصف زرداری اور شہباز شریف کے ساتھ ہوا کہ جب انہوں نے حلف اٹھایا تھا تو ان پر مقدمات چل رہے تھے اور وہ ضمانتوں پر تھے۔ وہی نیب تھا جس نے 2017ء میں نواز شریف کو پاناما سکینڈل میں دس سال کی سزا دلوائی ‘ پھر وہی نیب تھا جو لندن سے نواز شریف کی واپسی پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کی بائیومیٹرک تصدیق کروا رہا تھا۔ پھر وہی نیب افسران اسی عدالت میں مقدمات واپس لے رہے تھے جہاں سے کچھ برس پہلے انہیں سزا دلوائی گئی تھی۔اب وہی پیٹرن دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔ تو کیا سرکاری ادارے انتظار کرتے ہیں کہ کب ان سیاستدانوں یا حکومتوں کے مخالفین کا وزیراعظم یا مقتدرہ سے جھگڑا ہو اور پھر انہوں نے ان کو گستاخی کی سزا دینی ہے؟
خیر‘ اب مولانا صاحب بھی ایک ایسی گلی میں جاکر کھڑے ہوئے ہیں جہاں سے آگے انہیں اندھیرا نظر آرہا ہے۔ اب روز کوئی نئی دھمکی دیتے ہیں تو کبھی کہتے ہیں کہ گالیاں تو ایوانِ صدر اور وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھے لوگ دیتے تھے میں تو آپ کے ساتھ کھڑا تھا۔مقتدرہ اور حکومت کی خاموشی نے مولانا کو مزید کنفیوز کردیا ہے‘ جبکہ سرکاری ادارے ان کو قانونی خلاف ورزیوں پر نوٹس پر نوٹس بھجوا رہے ہیں۔ مولانا‘ ان کا بیٹا اور بھائی اپنے جلسوں میں حکومت کو دھمکیاں دے رہے ہیں لیکن حکومت خاموش ہے۔ میرے خیال میں حکومت جان بوجھ کر خاموش ہے تاکہ مولانا کو جواب نہ دے کر مزید غصہ دلایا جائے اور وہ کوئی بہت بڑی لوز بال کر بیٹھیں‘ جیسے عمران خان اور ان کے فالوورز نے کی تھی۔
حکومت اور مقتدرہ ان کی لوز بال کا انتظار کررہے ہیں تو مولانا صاحب سلیم صافی کے سامنے خاموش رہ کر تسلیم کررہے ہیں کہ ان سے شہدا اور ریاست کے بارے میں بیان بازی میں غلطی ہوئی۔ لیکن سوال یہ ہے کہ اب اپنی غلطی مان کر اس کا سرعام اعلان کون کرے‘ پھر معذرت کرے اور اپنی انا مجروح کرے؟ یہ انسانی انا بھی انسان سے کیا کیا کروا دیتی ہے‘ پھندے تک لے جاتی ہے۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved