تحریر : شاہد صدیقی تاریخ اشاعت     11-11-2026

عرفان صدیقی: اسیری کی رات

10نومبر کو عرفان بھائی کو ہم سے بچھڑے ایک سال بیت گیا۔ وقت کیسے پر لگا کر اڑ جاتا ہے۔ ان کی پہلی برسی پر مجھے ان کی زندگی کے کتنے ہی منظر یاد آ رہے ہیں اور ان میں ایک منظر اس رات کا ہے جب ان کی آواز دبانے کیلئے انہیں ہتھکڑیاں پہنا کر اڈیالہ جیل کی قصوری چکی میں ڈال دیا گیا تھا۔ وہ 2019ء کا سال تھا اور جولائی کی 26تاریخ تھی‘ جب مجھے پتا چلا کہ عرفان بھائی کو گھر سے اٹھا کر لے گئے ہیں۔ وہ کون لوگ تھے‘ اور کہاں لے گئے تھے؟ ان سوالات کا کسی کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔ میں ان دنوں اسلام آباد کے سیکٹر آئی 8 میں رہتا تھا۔ میں جلدی سے گاڑی میں بیٹھا اور عرفان بھائی کے گھر کی طرف روانہ ہو گیا جو G-10/3 میں رہتے تھے۔ میرے ذہن میں طرح طرح کے خیالات آ رہے تھے۔ سب سے اہم بات یہ تھی کہ ہمیں یہ پتا چلے کہ انہیں کہاں لے جایا گیا ہے۔
ہمیں معلوم تھا کہ ان کی تحریریں طاقتور حلقوں کو کھٹکتی تھیں۔ مجھے یاد ہے کہ ایک بار رات گئے پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے عرفان بھائی کو دو تین ماہ کیلئے ملک سے باہر جانے کا مشورہ دیا۔ عرفان بھائی نے اس کا شکریہ ادا کیا اور کہا: ''پاکستان میرا گھر ہے اور میں نے یہیں رہنا ہے‘‘۔ عرفان بھائی نے اس مشورے کو نظر انداز کر دیا لیکن شاید انہیں اندازہ نہیں تھا کہ حکومتِ وقت کے تیور کیا ہیں۔ وہ ایک طویل عرصے سے ذیابیطس کے مرض میں مبتلا تھے اور ان کا وزن پچھلے کچھ برسوں میں بہت کم ہو گیا تھا۔ ادھر طاقتور حلقوں کا دباؤ مسلسل ان کے اعصاب کا امتحان لے رہا تھا۔ ایک واقعہ کے راوی معروف صحافی جناب جاوید چودھری صاحب ہیں۔ وہ جنرل (ر) فیض حمید سے ایک ملاقات کا احوال لکھتے ہیں ''ہم ڈرائنگ روم میں داخل ہوئے تو سامنے فیض حمید بیٹھے تھے۔ یہ ملاقات میرے لیے غیرمتوقع تھی‘ ڈرائنگ روم میں مرحوم عرفان صدیقی بھی تھے‘ فیض حمید کھڑے ہو کر ہمیں ملے اور ہم سائیڈ پر بیٹھ گئے۔ فیض حمید ڈاکٹر اسلم سے مخاطب ہوئے کہ آپ پروفیسر صاحب کو سمجھائیں حالات بدل گئے ہیں‘ نواز شریف کی نوکری بند کریں اور آگے بڑھیں۔ ڈاکٹر اسلم نے ہاں میں سر ہلایا اور کہا سر میں سمجھاتا ہوں‘ اس کے بعد فیض حمید نے عرفان صدیقی کو لمبا لیکچر دیا‘ لیکچر کے آخر میں عرفان صدیقی نے علامہ اقبال کا شعر ''جس رزق سے آتی ہے پرواز میں کوتاہی‘‘ پڑھا۔ فیض حمید کا رنگ سرخ ہو گیا اور اس کے بعد انہوں نے اپنا وہ فلسفہ بیان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کے راستے میں 70 لوگ حائل ہیں‘ یہ لوگ جب تک نہیں جائیں گے ملک کہیں نہیں جا سکے گا۔ میرے باس کہتے ہیں کہ ہمیں پانچ ہزار لوگوں کا بندوبست کرنا پڑے گا جبکہ میں انہیں کہتا ہوں کہ نہیں سر ملک کو صرف 70 لوگوں کا سر چاہیے‘ اور بات ختم۔ فیض حمید کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے چین کے ماڈل کے علاوہ کوئی آپشن نہیں‘ ون پارٹی رول ہے‘ صدر ہی سب کچھ ہے‘ اس کے سامنے کوئی دم نہیں مار سکتا‘ میڈیا گورنمنٹ کے مکمل کنٹرول میں ہے‘ آپ وہاں چوں کرکے دکھائیں اگلے دن آپ کی لاش ملے گی‘ ڈیڑھ ارب لوگوں کا ملک ہے وہاں آپ جیسا ایک بھی اینکر نہیں‘ جج اور عدالتیں حکومت کے تابع ہیں‘ پورے ملک کی کسی عدالت میں کوئی سیاسی مقدمہ نہیں‘ پاناما کیس اگر چین میں ہوتا تو سب کو پھانسی لگ چکی ہوتی اور ان کی قبروں پر فٹ فٹ گھاس ہوتی جبکہ یہاں ابھی تک رسیدیں ہی پوری نہیں ہو رہیں‘‘۔ میٹنگ کے اختتام پر فیض حمید اٹھے‘ پہلے عرفان صدیقی سے ہاتھ ملایا اور کہا: پروفیسر صاحب آپ باز آ جائیں‘ جیل بڑی سخت ہوتی ہے‘ میاں صاحب اور مریم نواز سے پوچھ لیں‘‘۔
عرفان بھائی نے فیض حمید کی اس دھمکی کو بھی نظر انداز کر دیا۔ شاید انہیں اندازہ نہیں تھا کہ زور آوروں کے احکامات کی نافرمانی ایک ناقابلِ معافی جرم ہے۔ تو کیا عرفان بھائی کے اٹھائے جانے میں بھی فیض حمید کا ہاتھ تھا؟ یقین سے کچھ کہا نہیں جا سکتا تھا۔ اندیشوں کے انہی گردابوں سے الجھتے ہوئے میں سیکٹر جی ٹین کی سٹریٹ نمبر تھری میں داخل ہوا۔ گھر کے افراد کے چہروں پر بے یقینی اور خوف کے سائے تھے۔ پوچھنے پر پتا چلا کہ رات گئے گھر کی گھنٹی بجی‘ عرفان بھائی کا بیٹا اوپر والی منزل پر تھا۔ گھر میں کوئی نوکر اور دربان نہیں ہوتا تھا جو دروازہ کھولے۔ عرفان بھائی حسب معمول اپنے بستر پر نیم دراز ٹیبل لیمپ کی روشنی میں کچھ لکھ رہے تھے۔ بستر سے اترے اور سلیپر پہننے میں کچھ دیر لگی تو دوبارہ گھنٹی بجی۔ انہوں نے گیٹ کھولا تو سامنے ایک ناقابلِ یقین منظر تھا۔ گلی میں کئی گاڑیاں کھڑی تھیں اور پولیس کے بہت سے مسلح اہلکار سادہ کپڑوں میں ملبوس تھے۔ ان میں سے ایک نے ان کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر دباتے ہوئے کہا کہ آپ کو ہمارے ساتھ جانا ہوگا۔ جب عرفان بھائی نے کہا کہ آپ کے پاس گرفتاری کے وارنٹ ہیں تو وہ بولا: ہمارے پاس ان باتوں کیلئے وقت نہیں ہے۔ عرفان بھائی نے کہا: ٹھیک ہے میں آپ کے ہمراہ جانے کو تیار ہوں لیکن میں رات کے کپڑے بدل لوں اور میرے پاؤں میں رف سلیپر ہے اور مجھے دوائیں بھی لینی ہیں لیکن پولیس کے سینئر اہلکار کے لہجے میں سختی آ گئی اور اس نے ہاتھ سے پکڑ کر انہیں گاڑی میں بٹھا دیا۔
عرفان بھائی کی وہ رات تھانے میں ہی گزری۔ صبح 11بجے کے قریب ایک سینئر افسر آیا‘ وہ اپنے ہمراہ ہتھکڑیاں لایا تھا۔ گھر سے دواؤں کا پاؤچ اور کپڑوں کا ایک تھیلا آ گیا تھا۔ تھانے کے سامنے قیدیوں والی گاڑی کھڑی تھی۔ پولیس اہلکار نے ہتھکڑیاں عرفان بھائی کی کلائیوں میں پہنا دیں اور انہیں وین میں سوار ہونے کا حکم صادر کیا۔ گاڑی میں ان کے ہمراہ چھ افراد تھے۔ گاڑی مختلف سڑکوں سے ہوتی ہوئی رکی اور انہیں ایک مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عرفان بھائی کے وکیلوں نے خاتون مجسٹریٹ کے سامنے اپنے دلائل پیش کیے۔ اجازت ملنے پر عرفان بھائی نے خود بیان دیا جس میں بتایا کہ جس گھر کا کرایہ نامہ داخل نہ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے اس گھر سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ وہ ان کے بیٹے کا ہے جو ایک طویل عرصے سے بیرونِ ملک روزی کما رہا ہے۔ مجسٹریٹ نے بیان سنا لیکن ہتھکڑی اتارنے کا حکم نہ دیا اور 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کے احکامات صادر کر دیے۔ عرفان بھائی کو یہاں سے بخشی خانہ لے جایا گیا اور وہاں سے اڈیالہ جیل کے سب سے خوفناک ہائی سکیورٹی بلاک کی قصوری چکی میں بند کر دیا گیا۔ یہ بمشکل آٹھ مربع فٹ کا ایک چھوٹا سا سیل تھا جس میں آٹھ افراد ٹھونسے ہوئے تھے۔ عرفان بھائی نے رات فرش پر ہی گزاری۔ اس قصوری چکی میں ان پر کیا گزری‘ اس کی تفصیلات ان کی کتاب ''قلم کو ہتھکڑی‘‘ میں شامل ہیں۔ عرفان بھائی کی گرفتاری پر میڈیا کا شدید ردِ عمل دیکھنے میں آیا۔ تمام سینئر صحافیوں نے ان کی گرفتاری کی شدید مذمت کی۔ حکومت سول سوسائٹی کے غیر متوقع ردعمل سے بوکھلا گئی۔ اتوار کے دن عدالت کھلی اور انہیں رہائی مل گئی۔ ان کی رہائی بھی ان کی گرفتاری کی طرح پُراسرار تھی۔
آج عرفان بھائی کو ہم سے بچھڑے ایک سال بیت گیا۔ آج مجھے ان کی زندگی کے کتنے ہی منظر یاد آ رہے ہیں اور ان میں ایک منظر اس رات کا ہے جب ان کی آواز دبانے کیلئے انہیں ہتھکڑیاں پہنا کر اڈیالہ جیل کی قصوری چکی میں ڈال دیا گیا تھا۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved