تحریر : سلمان غنی تاریخ اشاعت     11-11-2026

جنگ کا بوجھ اور امریکی عوام کا فیصلہ

انتخابات میں ہار اور جیت جمہوری عمل کا حصہ ہے لیکن بعض انتخابی نتائج محض سیاسی جماعتوں کی کامیابی یا ناکامی تک محدود نہیں رہتے بلکہ حکمرانوں کی پالیسیوں‘ طرزِ حکمرانی اور قومی ترجیحات کے بارے میں عوامی رائے کا اظہار بھی ہوتے ہیں۔ امریکی وسط مدتی انتخابات کا نتیجہ بھی اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت ریپبلکن پارٹی کانگریس کے دونوں ایوانوں میں اکثریت کھو بیٹھی ہے۔ ڈیموکریٹس نے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں کامیابی حاصل کرکے ٹرمپ انتظامیہ کے لیے ایک نیا سیاسی چیلنج پیدا کر دیا ہے۔ یہ شکست صرف نشستوں کا نقصان نہیں بلکہ امریکی عوام کی بدلتی ترجیحات اور حکومتی پالیسیوں کے بارے میں ان کے تحفظات کا اظہار بھی ہے۔ انتخابات کے نتائج بتاتے ہیں کہ دنیا کی سب سے بڑی معاشی اور عسکری طاقت کے شہری بھی اپنے حکمرانوں سے سوال کرتے ہیں۔ امریکی انتخابی نتائج واضح کرتے ہیں کہ منصب‘ طاقت اور سیاسی مقبولیت ہمیشہ کے لیے نہیں ہوتی۔ حکمران کی اصل پہچان اس کے عہدے سے نہیں اس کے فیصلوں‘ پالیسیوں اور عوام کو دیے گئے ریلیف سے ہوتی ہے۔ ٹرمپ اقتدار میں واپسی کے لیے امریکی عوام کو جنگوں سے دور رکھنے‘ ملکی معیشت بہتر بنانے اور امریکی مفادات کو ترجیح دینے کے وعدے کرتے رہے۔ ان کے سیاسی بیانیے میں بیرونی جنگوں پر قومی وسائل خرچ کرنے کی مخالفت نمایاں تھی لیکن ایران کے ساتھ طویل جنگ نے ان وعدوں اور عملی پالیسیوں کے درمیان واضح تضاد پیدا کر دیا۔ آٹھ ماہ سے زیادہ عرصے پر محیط اس جنگ نے نہ صرف خطے کو عدم استحکام سے دوچار کیا بلکہ عالمی توانائی کی منڈیوں‘ تیل کی ترسیل اور امریکی شہریوں کی زندگیوں پر بھی اثرات مرتب کیے۔
آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کا انتہائی اہم بحری راستہ ہے۔ اس کی بندش اور امریکی بحری ناکہ بندی نے عالمی معیشت کے لیے خطرات بڑھا دیے ہیں۔ خلیجی خطے میں کشیدگی‘ جہازوں پر حملوں اور توانائی کی قلت نے تیل اور گیس کی عالمی رسد کو متاثر کیا۔ نتیجتاً ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ امریکی صارفین تک بھی پہنچا۔ امریکی عوام کے لیے یہ سوال اہم تھا کہ جب گھریلو اخراجات‘ مہنگائی اور روزمرہ ضروریات پہلے ہی مشکلات پیدا کر رہی ہوں تو بیرونی جنگ پر مزید قومی وسائل کیوں صرف کیے جائیں؟ یہی معاشی اضطراب انتخابی فیصلوں میں نمایاں ہوا۔ امریکی ذرائع ابلاغ کی انتخابی جائزہ رپورٹس کے مطابق ایران جنگ‘ مہنگائی اوراخراجاتِ زندگی ووٹروں کی ترجیحات پر اثر انداز ہونے والے اہم عوامل میں شامل تھے۔ صدر ٹرمپ نے بھی انتخابی نتائج کے بعد اعتراف کیا کہ ایران جنگ اور پٹرول کی بلند قیمتوں نے ریپبلکن پارٹی کو نقصان پہنچایا۔ ٹرمپ کے حوالے سے اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرتے ہیں یا سیاسی ضد اور ہٹ دھرمی کے راستے پر قائم رہتے ہیں۔ کانگریس کے دونوں ایوانوں میں مخالف جماعت کی اکثریت ان کے لیے قانون سازی‘ بجٹ اور حکومتی فیصلوں میں مشکلات پیدا کرے گی۔ اگر ایران جنگ جاری رہتی ہے اور اس کے معاشی اثرات امریکی عوام کو متاثر کرتے رہتے ہیں تو سیاسی دباؤ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ خلیجی ریاستوں کے مفادات بھی اس صورتحال میں غیرمعمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ سعودی عرب‘ قطر‘ متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک خطے میں امن‘ استحکام اور اقتصادی ترقی چاہتے ہیں۔ ان کی معیشتیں عالمی تجارت‘ توانائی کی ترسیل اور سرمایہ کاری سے وابستہ ہیں۔ جنگ کی طوالت ان کے اپنے معاشی منصوبوں اور علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ اس لیے یہ ممالک سفارتی راستوں اور کشیدگی میں کمی کو ترجیح دے رہے ہیں۔ امریکہ کے ساتھ ان کے دفاعی اور معاشی تعلقات اپنی جگہ موجود ہیں لیکن ان کے اپنے قومی مفادات بھی ہیں جنہیں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ اسرائیل کی علاقائی پالیسی بھی عالمی امن کے لیے ایک اہم خطرہ بن چکی ہے۔ فلسطین سے لے کر ایران تک مشرقِ وسطیٰ میں مسلسل کشیدگی نے عالمی برادری کے سامنے کئی بنیادی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ جس طرح بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی جنوبی ایشیا کے امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہے اسی طرح مشرقِ وسطیٰ میں طاقت کے استعمال اور فوجی کارروائیوں کا دائرہ وسیع ہونا پورے خطے کو عدم استحکام کی طرف لے جا سکتا ہے۔ عالمی طاقتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی ایک ریاست کے مفادات کو عالمی امن پر ترجیح دینے کے بجائے بین الاقوامی قوانین اور سفارتی اصولوں کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔
پاکستان نے ایران جنگ کے دوران بہت اہم کردار ادا کیا۔ مذاکرات کو موقع دینے اور امن کے راستہ کو ہموار کرنے کے لیے بہترین سفارت کاری کا آغاز کیا۔ پاکستان کے اس کردار کو اقوام عالم میں سراہا گیا۔ یہ کوششیں ثمرآور ہوتیں لیکن ٹرمپ اسرائیل کے بچھائے جال سے باہر نکلنے پر تیار ہی نہیں ہوئے۔ صدر ٹرمپ اپنے دوست نیتن یاہو کو کامیاب کروانے کے چکر میں ریپبلکن کو امریکہ میں تاریخی شکست سے دوچار کرانے کا باعث بن گئے۔ یہاں اصل مسئلہ طاقت کے استعمال اور طاقت کے درست استعمال کے درمیان فرق کو سمجھنے کا ہے۔ کسی ملک کی عسکری برتری اس وقت تک پائیدار سیاسی کامیابی نہیں بن سکتی جب تک وہ امن‘ معاشی استحکام اور عالمی اعتماد میں تبدیل نہ ہو۔ وینزویلا میں امریکی کردار ہو‘ ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں ہوں یا عالمی تجارت پر دباؤ ڈالنے کی حکمت عملی‘ ان تمام اقدامات کو ان کے نتائج اور بین الاقوامی اثرات کی بنیاد پر پرکھنا ضروری ہے۔ محض طاقت کا مظاہرہ قومی عظمت کی ضمانت نہیں ہوتا۔ امریکی انتخابات کا یہ نتیجہ دنیا کے تمام حکمرانوں کے لیے ایک بنیادی جمہوری سبق بھی رکھتا ہے۔ عوام کی رائے کو نظرانداز کرکے‘ قومی وسائل کو مسلسل تنازعات میں جھونک کر اور داخلی معاشی مسائل سے توجہ ہٹا کر سیاسی استحکام حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ امریکہ ہو یا کوئی دوسرا ملک‘ عوام کو روزگار‘ مہنگائی میں کمی‘ معاشی تحفظ اور پُرامن مستقبل درکار ہوتا ہے۔ ٹرمپ کے سامنے اب دو راستے ہیں۔ پہلا یہ کہ وہ انتخابی نتائج سے سبق لیتے ہوئے مکالمے‘ سفارتکاری اور جنگ کے خاتمے کی کوششوں کو ترجیح دیں یا اپنی سابقہ پالیسیوں پر اصرار کرکے مزید سیاسی مشکلات مول لیں۔ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سنجیدہ سفارتی پیش رفت‘ خلیجی ریاستوں کے تحفظات کا احترام اور عالمی معیشت کو درپیش خطرات میں کمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دنیا کو آج ایسے حکمرانوں کی ضرورت ہے جو طاقت کو تباہی کے بجائے تعمیر‘ برتری کے بجائے تعاون اور تصادم کے بجائے مکالمے کا ذریعہ بنائیں۔ ہٹلر کے طرز کی جارحانہ قوم پرستی یا طاقت کے بے محابا استعمال سے کسی قوم کی عظمت ثابت نہیں ہوتی۔ حقیقی وطن پرستی یہ ہے کہ اپنے ملک کے عوام کو خوشحالی دی جائے اور دوسری قوموں کے لیے مشکلات پیدا کرنے کے بجائے امن کے امکانات بڑھائے جائیں۔ تاریخ کا سبق واضح ہے کہ اقتدار عوام کی امانت ہے اور طاقت ایک ذمہ داری ہے۔ انتخابات اس امانت کے بارے میں عوامی رائے کا اظہار ہوتے ہیں۔ ٹرمپ کے لیے بھی یہی پیغام ہے کہ بڑا منصب انسان کو بڑا نہیں بناتا‘ اس کے فیصلے اور ان کے نتائج اسے بڑا یا چھوٹا بناتے ہیں۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved