تحریر : علامہ ابتسام الہٰی ظہیر تاریخ اشاعت     11-11-2026

اسلام اور نفسیات

انسان اس سیارے پر ہزاروں برس سے آباد ہے اور اس کو ہر دور میں مختلف طرح کے امراض کا سامنا رہا ہے‘ جن میں سے بعض جسمانی اور بعض نفسیاتی ہیں۔ نفسیاتی امراض انسان کے جسم پر بھی منفی اثرات مرتب کرتے ہیں اور بہت سے لوگ دیکھنے میں تو تندرست اور توانا نظر آتے ہیں لیکن نفسیاتی امراض کی وجہ سے زندگی کے معمولات کو نبھانے سے قاصر ہو جاتے ہیں۔ اسی طرح جسمانی امراض کئی مرتبہ انسان کی نفسیات کو بھی متاثر کرتے ہیں اور بہت سے لوگ بیماری کی طوالت کی وجہ سے بے چینی اور مایوسی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ انسان ان امراض سے نجات حاصل کرنے کے لیے ہمیشہ سے کوشاں رہا ہے۔ علوم وفنون کی ترقی کے ساتھ‘ دیگر علوم کی طرح نفسیاتی علوم میں بھی تخصص پیدا ہوا اور نفسیاتی امراض کے ماہرین بھی دیگر معالجین کی طرح علاج اور معالجے کے حوالے سے مختلف طرح کی تحقیق اور تجربے سے گزرتے رہے۔ عصرِ حاضر میں نفسیاتی امراض کی تشخیص اور ان کے علاج ومعالجے کے حوالے سے کافی پیش قدمی ہو چکی ہے۔
نفسیاتی مسائل میں ذہنی کیفیات مثلاً غصہ‘ احساسِ محرومی‘ خوف‘ لالچ‘ حسد اور اس قسم کی دیگر کیفیات شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی مشاہدہ کیا جا سکتا ہے کہ جب یہ کیفیات لمبے عرصے تک انسان پر طاری رہتی ہیں تو انسان مختلف دیگر عوارض کا بھی شکار ہو جاتا ہے جن میں ڈپریشن‘ انزائٹی‘ احساسِ کمتری‘ احساسِ برتری‘ ذہنی دباؤ‘ صدمات اور بے راہ روی جیسے امراض شامل ہیں۔ ان کے تدارک کیلئے ماہرینِ نفسیات ایک عرصے سے کوشاں ہیں اور ان کے علاج کیلئے جو طریقہ ہائے کار اختیار کیے گئے ہیں ان میں تحلیلِ نفسی‘ مختلف طرح کی نفسیاتی تھراپیز‘ ہپناسِس‘ سکون آور ادویات‘ غم اور اضطراب کو دور کرنے اور توجہ مبذول کرانے والے مشاغل‘ بجلی کے جھٹکے اور سنگین ذہنی امراض پر قابو پانے کیلئے دماغی آپریشن وغیرہ شامل ہیں۔ ان طریقہ ہائے علاج کے ذریعے بہت سے لوگ شفایاب بھی ہو جاتے ہیں اور بہت سے لوگ عمر بھر ان بیماریوں میں اس طرح مبتلا رہتے ہیں کہ ان کیلئے زندگی کی ضروری سرگرمیوں کو برقرار رکھنا انتہائی مشکل اور دوبھر ہو جاتا ہے۔
انٹرمیڈیٹ کے دور ہی سے میری نفسیاتی علوم میں بڑی گہری دلچسپی رہی ہے۔ میں فارغ اوقات میں لائبریری میں بیٹھ کر جن مضامین کا مطالعہ دلچسپی سے کیا کرتا تھا ان میں نفسیاتی امراض کی تشخیص اور ان کے طریقہ ہائے علاج بھی شامل تھے جن پر میں غور وفکر کرتا تھا۔ مجھے ان مسائل کو شریعت اور کتاب و سنت کے تناظر میں بھی سمجھنے کا موقع ملتا رہا۔ بعد ازاں بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان سے نفسیات میں ماسٹرز ڈگری حاصل کرنے کا بھی موقع ملا۔ پنجاب یونیورسٹی میں ڈاکٹریٹ کے کورس ورک کو مکمل کرنے کے بعد میری دلچسپی کا اہم موضوع یہ تھا کہ کتاب وسنت کی روشنی میں نفسیاتی عوارض کو حل کرنے کی کوششیں کس طرح کی جا سکتی ہیں۔ میں نے اپنے سپروائزر ڈاکٹر حماد لکھوی اور علوم قرآن کے استاذ ڈاکٹر عاصم نعیم سے اپنی اس دلچسپی کا ذکر کیا تو دونوں نے میری حوصلہ افزائی کی۔ ڈاکٹر حماد لکھوی ایک نامور ماہرِ تعلیم ہیں اور طویل عرصہ تک پنجاب یونیورسٹی میں شعبہ علوم اسلامیہ کے ڈین رہے ہیں۔ ان کا میرے ساتھ ہمیشہ شفقت اور محبت والا معاملہ رہا ہے۔ اسی طرح ڈاکٹر عاصم نعیم کو بھی اللہ تبارک وتعالیٰ نے علوم قرآن میں خصوصی استحضار عطا کیا ہے اور وہ ڈیپارٹمنٹ میں پڑھنے والے طلبہ کی اس حوالے سے خصوصی رہنمائی کرتے رہتے ہیں۔ چنانچہ ان دو باصلاحیت اساتذہ کی حوصلہ افزائی اور ترغیب کے سبب میں نے اس مضمون پر کام کرنا شروع کیا اور اس حوالے سے موجود نفسیات کے لٹریچر اور علمائے اسلام کی ماضی کی تحقیقات پر غور وخوض کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ عصرِ حاضر میں اسلام اور نفسیات کے علوم میں دلچسپی رکھنے والے ماہرین کی تحقیقات سے بھی استفادہ کیا۔ جدید اور مغربی ماہرین کی نفسیات کے امراض کی تشخیص کے بارے میں آرا پر بھی غور کیا اور ان کے تجویز کردہ طریقہ ہائے علاج کو سمجھنے کی کوشش کی۔ اس دوران میں نے یہ بات محسوس کی کہ نفسیات کے ماہرین یقینا جہاں انسانیت کی بہت بڑی خدمت کر رہے ہیں وہیں ان نفسیاتی عوارض کے علاج کیلئے اگر کتاب و سنت میں مذکور تدابیر کو بھی شامل کر لیا جائے تو اس سے ان امراض کے تدارک اور علاج میں خصوصی پیش رفت ہو سکتی ہے۔ صحتمند لوگ بھی نفسیاتی امراض سے بچنے کیلئے ایک منظم لائحہ عمل اختیار کر سکتے ہیں؛ چنانچہ قرآن مجید کی وہ آیات جن کا تعلق امراض کی شفا کے ساتھ ہے‘ اور جن میں انسانی احساسات اور جذبات کو زیر بحث لایا گیا ہے‘ میری خصوصی توجہ کا مرکز رہیں۔ اسی طرح احادیث مبارکہ میں امراض کے علاج‘ مصائب اور مشکلات سے نکلنے کیلئے جن تدابیر کی طرف رہنمائی کی گئی ہے‘ وہ بھی میری خصوصی دلچسپی کا نکتہ بنتی چلی گئیں؛ چنانچہ ایک ایسی تحقیق کو منظم کرنا جو جدید نفسیاتی تصورات‘ عصری طریقۂ تشخیص اور نفسیاتی ماہرین کے طریقۂ علاج کی نفی کیے بغیر‘ اسلامی تدابیر کا احاطہ کرے‘ میرا اہم ہدف بن گیا۔ کتاب وسنت اور نفسیات کے علوم کا مطالعہ کرنے کے بعد یہ بات سمجھ میں آئی کہ کتاب و سنت میں مذکور تدابیر کئی مرتبہ جدید تدابیر کے ساتھ ملاکر اور بسا اوقات خودمختار حیثیت سے انسانوں کے نفسیاتی امراض کے علاج کا سبب بن سکتی ہیں؛ چنانچہ میں نے ان تدابیر کو مرتب کرنے کیلئے اپنی بساط کے مطابق بھرپور کوشش کی۔
مطالعے کے دوران میں نے محسوس کیا کہ جدید اور مغربی ماہرین نے جن رویوں کو نفسیاتی صحت کیلئے مثبت قرار دیا ہے‘ ان میں سے بہت سے رویوں کا ذکر کتاب وسنت میں بھی مذکور ہے اور کتاب و سنت میں مذکور ان تدابیر کو اختیار کرنے سے مثبت نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ مسلسل غور و فکر کرنے سے مجھے شرحِ صدر ہوا کہ کتاب و سنت میں مذکور تعلیمات کو اختیار کرنے سے انسان اپنے نفسیاتی عوارض پر قابو پانے کے قابل ہو سکتا ہے۔ مطالعہ اور تحقیق کے بعد 27 ایسی تدابیر کو‘ جو نفسیاتی عوارض پر قابو پانے میں معاون ہیں‘ میں نے اپنے مقالے میں درج کیا۔ اس حقیقت کی تصدیق کیلئے دنیا کے مختلف مقامات پر موجود نفسیاتی مریضوں کی حقیقی روداد کو بھی قلمبند کرنے کی کوشش کی جو اسلامی تدابیر کو اختیار کرنے کی وجہ سے صحت یاب ہونے میں کامیاب ہوئے۔اس تحقیقی مقالے کا حتمی شفوی (Oral) امتحان لینے کیلئے گورنمنٹ کالج لاہور کے شعبہ علوم اسلامیہ کے ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر محمد نعیم اور ڈی جی خان یونیورسٹی کے شعبہ علوم اسلامیہ کے سربراہ ڈاکٹر ارشد منیر لغاری صاحبان تشریف لائے۔ اس موقع پر میں نے اپنی گزارشات اور معروضات کو اپنے ڈائریکٹر ڈاکٹر عاصم نعیم‘ سپروائزر ڈاکٹر حماد لکھوی‘ امتحان کے نگران ڈاکٹر حسن مدنی‘ ڈاکٹر محمد نعیم اور ڈاکٹر ارشد منیر لغاری کے سامنے پیش کیا۔ اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی کے دیگر اساتذہ اور بہت سے طلبہ بھی موجود تھے جنہوں نے میری معروضات اور گزارشات کو انتہائی توجہ کے ساتھ سنا اور بعد ازاں اس مقالے کی حوصلہ افزائی بھی کی کہ یقینا نفسیاتی عوارض سے نجات حاصل کرنے کیلئے جہاں جدید طبی تصورات سے استفادہ کرنا مفید ہے وہیں کتاب و سنت میں مذکور تدابیر کو اختیار کرنے سے بھی انسان ان نفسیاتی عوارض پر قابو پانے کے قابل ہو سکتا ہے۔ 4 نومبر کا دن اس اعتبار سے میرے لیے ایک یادگار دن تھا کہ اپنے اساتذہ کی رہنمائی‘ والدین کی تربیت اور محبت کرنے والوں کی دعاؤں کی وجہ سے‘ ڈاکٹریٹ کی صورت میں مجھے ایک اہم تعلیمی مرحلے کو عبور کرنے کا موقع ملا۔
دعا ہے کہ اللہ تبارک وتعالیٰ ہمارے علم میں اضافہ فرمائے اور معاشرے میں موجود تمام نفسیاتی اور جسمانی امراض میں مبتلا افراد کو جلد از جلد شفائے کاملہ عطا فرمائے‘ آمین!

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved