تحریر : محمد اظہارالحق تاریخ اشاعت     12-11-2026

ہم یرغمال ہیں

بات اتنی بڑی نہ تھی۔ خاص طور پر میری بیٹی کے لیے۔ مگر میرے لیے بڑی تھی۔ سوا چار سالہ نواسا اور پونے تین سالہ نواسی سکول (چائلڈ کیئر) میں تھے۔ ان کی مِس نے فون کیا تھا کہ وہ کھانا نہیں کھا رہے! اس عہد کی مکروہات میں سے ایک یہ بھی ہے کہ ادھر بچہ پاؤں پاؤں چلنے کے قابل ہوا‘ اُدھر سکول میں داخل کرا دیا گیا! یہ ظلم نہیں تو اور کیا ہے۔ نوکری شروع ہو گئی۔ اب ساٹھ سال کا ہونے تک ہر روز صبح جائے گا اور شام کو واپس آئے گا۔ واہ! سرمایہ دارانہ نظام!! کیا کیا دلفریب نام رکھے ہیں۔ کنڈر گارٹن‘ نرسری‘ پریپ‘ چائلڈ کیئر‘ ڈے کئیر‘ پری سکول‘ پلے گروپ‘ بے بی سٹر (Baby sitter) اور نجانے کیا کیا! میں جب سکول داخل ہوا تو پانچ سال کا تھا۔ تب تقریباً سب بچوں کو اسی عمر میں داخل کرایا جاتا تھا۔ پانچ میں دس جمع کیے۔ پندرہ سال کی عمر میں میٹرک کر لیا جاتا تھا۔ چھ اور جمع کیجیے۔ پندرہ جمع چھ۔ یعنی اکیس سال کی عمر میں ایم اے ہو جاتا تھا۔ اس لکھنے والے نے سی ایس ایس کر کے ملازمت شروع کی تو عمر 23 برس نو ماہ 17دن تھی۔ اور کچھ رفقائے کار کی عمر اس سے بھی کم تھی! بچے پانچ سال تک کھیلتے کودتے تھے۔ پھر براہِ راست پہلی جماعت میں داخل ہوتے تھے۔ کوئی کے جی‘ نرسری‘ پلے گروپ کا نخرہ نہیں ہوتا تھا۔ اب چھوٹے چھوٹے معصو م بچوں کو دو دو‘ تین تین سال کی عمر میں سکول بھیجا جا رہا ہے۔ آپ یقین کریں یا نہ کریں‘ کہیں کہیں بچے کی پیدائش سے پہلے ہی سکول میں اس کی رجسٹریشن کرا دی جاتی ہے تا کہ دنیا میں آنے کے بعد وہ کسی لمبی ویٹنگ لسٹ کا شکار نہ ہو جائے اور جیسے ہی چلنے یا بولنے کے قابل ہو‘ دن بھر کے لیے گھر سے باہر بھیج دیا جائے۔
میرا سوا چار سالہ نواسا اور پونے تین سالہ نواسی بھی نام نہاد چائلڈ کیئر میں بھیجے جاتے ہیں۔ کبھی ان کی ماں چھوڑنے جاتی ہے‘ کبھی ان کا باپ! جب جانے سے پہلے دونوں مجھے اور نانو کو آکر گلے ملتے ہیں تو میرا دل درد سے بھر آتا ہے۔ جی چاہتا ہے انہیں لے کر بازار چلا جاؤں‘ کھلاؤں پلاؤں‘ پھر پارک میں لے جاؤں‘ مگر ہم ہوئے پرانے زمانے کے لوگ!! بیٹی کا فرمانا یہ ہے کہ ابو! اچھا ہے‘ چائلڈ کیئر میں جانے سے ان کی کچھ تربیت ہو جاتی ہے۔ اور مصروف بھی رہتے ہیں۔ ٹھیک ہے! بیٹی! ہم کیا کہہ سکتے ہیں! اس دور میں مے اور ہے جام اور ہے جم اور!! شوکت واسطی صاحب کے شعر یاد آرہے ہیں:
ہر بات میں تھا ایک قرینہ‘ نہیں رہا ؍ ہر چیز کا تھا ایک ٹھکانہ‘ چلا گیا
شوکت ہمارے ساتھ بڑا حادثہ ہوا؍ ہم رہ گئے ہمارا زمانہ چلا گیا
جس دن کی میں بات کر رہا ہوں‘ اس دن دونوں بچے گھر سے لنچ نہیں لے کر گئے تھے کیونکہ وہ ''کینٹین ڈے‘‘ تھا۔ (ظاہر ہے کینٹین بھی تو چلانی ہے اور بچوں کے پیسوں سے چلانی ہے)۔ کینٹین ڈے کا مطلب ہے کہ کینٹین سے کچھ خرید کر کھائیں گے۔ سکول سے مِس صاحبہ کا فون آیا کہ بچے کینٹین سے آیا ہوا کھانا نہیں کھا رہے۔ رستم نے کہا ہے کہ اس کا اپنا لنچ بکس گھر سے آئے‘ تب وہ یہ کھانا اس لنچ بکس میں ڈال کر کھائے گا۔ اس نے کھانے سے انکار کیا تو اس کی پونے تین سالہ بہن‘ آزادِہ‘ نے بھی انکار کر دیا۔ میں نے سنا تو میرے پاؤں تلے سے زمین نکل گئی۔ بیٹی سے کہا کہ دونوں کے لنچ بکس دو‘ میں جا کر دے آؤں۔ کہنے لگی کہ آپ کا ڈرائیور تو آج آیا نہیں‘ کیسے جائیں گے۔ میں نے کہا کہ ٹیکسی پر جاؤں گا۔ مگر وہ کہنے لگی کہ ''ابو! یہ ہر روز لنچ بکس کھانے سے بھرے ہوئے واپس لے آتے ہیں۔ کھاتے تو ہیں نہیں۔ لنچ بکس پہنچ بھی گئے تو انہوں نے کچھ نہیں کھانا‘‘۔ میں نے کہا کہ وہ رو رہے ہیں۔ وہ ہنسی کہ کوئی بات نہیں‘ ابھی چپ ہو جائیں گے۔ چنانچہ بیٹی ان کے لنچ بکس خود لے کر گئی نہ مجھے ہی جانے دیا۔ مگر نانا کو چین کہاں سے آئے۔ آنکھیں برسنے لگ گئیں۔ غضب خدا کا! ذرا ذرا سے معصوم بچے! رو رہے ہیں اور کھا کچھ نہیں رہے! جس کرب سے میں اس وقت گزر رہا تھا‘ اسے کوئی نانا یا دادا ہی سمجھ سکتا ہے! مگر بیٹی کو کیا خبر‘ نواسے پوتے اور نواسیاں پوتیاں کیا چیز ہیں! مجھے روتا دیکھ کر ہنسے جا رہی تھی کہ ابو! ایسی کوئی بات نہیں! جب خود نانی یا دادی بنے گی تو لگ پتا جائے گا! دونوں بچے سکول سے واپس آئے اور مجھے گلے ملے تو رستم کہنے لگا ''نانا ابو! یہ جو پٹرول پمپ والی دکان ہے اس سے مجھے فلاں کیک کھانا ہے‘‘۔ میں کیک‘ چاکلیٹیں اور ڈرنک لے کر آیا اور دونوں کو دیے۔ ان کی خوشی دیدنی تھی۔ انہیں کھاتا اور خوش ہوتا دیکھ کر جو راحت‘ طمانیت اور آسودہ خاطری مجھے محسوس ہو رہی تھی‘ اسے بیان کرنے کے لیے لغت میں کوئی لفظ نہیں!
ہم عوام ایک ایسے نظام کے قیدی بن چکے ہیں جس میں ہر کمپنی‘ ہر ادارہ ہم سے پیسے بٹور رہا ہے۔ ہماری کھال ادھیڑی جا رہی ہے۔ ہم صدیوں سے جو پانی پی رہے تھے‘ ہمیں بتایا گیا کہ یہ پانی گندا ہے۔ اب ہم پانی کی بوتلیں خرید رہے ہیں۔ ہم صدیوں سے جو دودھ استعمال کر رہے تھے‘ ہمیں بتایا گیا کہ یہ دودھ خراب ہے۔ اب ہم دودھ کے ڈبے خرید رہے ہیں۔ ہمارے بچے صدیوں سے پانچ چھ سال کی عمر تک گھر میں کھیلتے کودتے تھے اور ابتدائی تعلیم گھر میں ماؤں‘ دادیوں‘ نانیوں سے حاصل کرتے تھے۔ اب وہ دو تین سال کی عمر میں پا بہ زنجیر کر دیے جاتے ہیں۔ یہ سب انڈسٹریز کھربوں کی ہیں۔ ان کمپنیوں‘ ان چائلڈ کیئر مراکز کے مالکان اربوں کما رہے ہیں۔ ہمیں یرغمال بنا لیا گیا ہے۔ ہم جو کچھ کماتے ہیں‘ یہ لے جاتے ہیں۔ ہمارا طرزِ تعمیر ہمارے موسموں اور ہماری آب و ہوا کے مطابق تھا۔ اونچی چھتیں تھیں۔ موٹی دیواریں تھیں۔ بڑے بڑے صحن تھے۔ فراخ برآمدے‘ ڈیوڑھیاں اور دالان تھے۔ انگریز آئے تو ہماری حویلیاں دیکھ کر ان کی آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ گئیں۔ جتنا عرصہ رہے‘ ہمارے طرزِ تعمیر سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ یہاں کے مکان انہوں نے خواب میں بھی نہ دیکھے تھے۔ اس کے بعد کیا ہوا؟ ہماری عقل گھاس چرنے چلی گئی۔ ہم نے ڈربے بنانا شروع کیے اور انہیں کوٹھیاں کہنے لگے۔ پتلی کاغذی دیواریں‘ نیچی چھتیں‘ صحن غائب! برآمدے‘ ڈیوڑھیاں جو سردی اور گرمی کے مقابلے میں ہمارے لیے ڈھال بن جاتی تھیں‘ ختم ہو گئیں۔ اب ہم 24گھنٹے کمروں میں رہتے ہیں۔ پنکھے ایئر کنڈیشنر اور ہیٹر ہمیں اپنا اسیر بنا چکے ہیں۔ ہمارے بچے سردیوں میں دھوپ سے محروم ہیں اور گرمیوں میں شام اور رات کی تازہ ٹھنڈی ہوا سے! واہ! کیا طرزِ تعمیر ہے! آپ کا پڑوسی سے پردہ ہے نہ پڑوسی کا آپ سے!! مگر سب خوش ہیں کہ کوٹھیوں میں رہ رہے ہیں!! یہ کوٹھیاں نہیں ہیں! یہ جراثیم کے گڑھ ہیں! بیماریوں کی فیکٹریاں ہیں! نہ دھوپ اندر آتی ہے نہ تازہ ہوا! کیا بچے کیا بڑے‘ سب کے چہرے زردائے ہوئے ہیں! سب دوائیں کھا رہے ہیں! اربوں کھربوں کی اینٹی بائیو ٹک ادویات بک رہی ہیں۔ ہر تیسرا پاکستانی معدے کی تیزابیت کا شکار ہے اور جو دوا اس کے لیے کھاتا ہے‘ اس سے صرف وقتی طور پر افاقہ ہوتا ہے! جو پیسے بجلی‘ گیس‘ پانی اور دواؤں سے بچ جاتے ہیں وہ موبائل فون کے کریڈٹ پر لگ جاتے ہیں۔ رِیلیں‘ ٹک ٹاک‘ انسٹا گرام‘ یو ٹیوب‘ فیس بک‘ یہ سب وہ سلسلے ہیں جن کے بغیر بھی زندگی آرام سے گزر سکتی ہے مگر پھر سیلولر کمپنیاں لوٹ مار کیسے کریں! اس کے علاوہ اور کیا کہا جائے کہ ہور چُوپو!!!

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved