اٹھارہویں صدی سے بیسویں صدی تک کے دوران مسلم دنیا کو محض نوآبادیات کا ہی چیلنج درپیش نہیں تھا بلکہ اس سے بھی ایک بڑا چیلنج یہ تھا کہ عالمی استعمار ان کی سیاسی‘ علمی‘ ثقافتی اور اجتماعی شناخت کو نگلتا جا رہا تھا۔ ہر دور میں اور ہر معاشرے میں اکابرینِ ملت نے مسلم دنیا کے اجتماعی مفاد میں اپنے افرادی‘ تعلیمی اور علمی اثاثوں کو عالمی استعمار سے محفوظ رکھنے کیلئے حکمت ودانش پر مبنی ایسی حکمت عملی اپنائی جس نے بے شمار مسائل‘ جبر اور سخت دبائو کے باوجود جو بیش بہا فوائد مہیا کیے وہ اتنے روشن اور واضح ہیںکہ انہیں کسی دلیل کی ضرورت نہیں۔ ہر مسلم ملک کے اپنے حالات اور ہر کسی کا اپنا پس منظر تھا اور دشمن قوتوں نے مقامی حالات کے مطابق ہر جگہ الگ الگ طریقے اختیار کیے مگر ان کا مرکزی اور آخری نقطہ اسلامی ذہن کو کچلنا تھا۔اس کے ردعمل میں کہیں مسلح اور کہیں فکری تحاریک کا آغاز ہوا۔ لیبیا میں شیرِ صحرا عمر مختار کی تحریک ہو یا برصغیر میں سلطان ٹیپو‘ قفقاز میں امام شامل داغستانی ہوں یا صومالیہ میں سید محمد عبداللہ حسن کی جدوجہد۔ تاہم علما جلد ہی دشمن طاقتوں کے مقاصد کو بھانپ گئے۔ برطانوی ہندوستان میں مختلف طریقوں سے مسلح جدوجہد پر قابو تو پا لیا گیا لیکن اس ذہن کو بڑھنے اور پھیلنے سے نہیں روکا جا سکا۔ ان پر قابو رکھنے کیلئے مقامی لوگوں کو استعمال کیا گیا اور دو مؤثر طریقے اختیار کیے گئے۔ ایک تو مقامی سطح پر ایسی ذہن سازی کی گئی جو اسلامی قوتوں اور نظریاتی لوگوں سے نفرت کی حد تک بیزاری کا اظہار کرتی رہے اور انہیں ملکی ترقی کے راستے میں رکاوٹ ثابت کرے۔ دوسرا طریقہ اقتدار اور طاقت کے ذریعے ان کے خلاف قانونی اور مسلح کارروائیاں کرکے ان کی طاقت توڑنا تھا۔ ایسے حالات پیدا کیے جاتے رہے جس میں اسلامی قوتیں اور طاقت کے مراکز آمنے سامنے آ جائیں۔ مسلم ممالک میںدین اور روایات سے جذباتی وابستگی بہت تھی۔ سو ان لوگوںکو اشتعال دلا کر دیوار سے لگایا گیا اور کئی ممالک میں جیسے ہی مسلح مزاحمت کا آغاز ہوا‘ حریف قوتوں کو ایک جواز مل گیا کہ پوری طاقت استعمال کرکے انہیں یکسر ختم کرکے رکھ دیا جائے۔ داد دینی چاہیے ان اکابرین کو جنہوں نے وہ حکمت عملی اختیار کی جس سے یہ اثاثے برصغیر میں ختم نہیں ہو سکے۔
آپ نو آبادیاتی زمانے سے آج تک کا وسیع منظر دیکھ لیں‘ ناموں کے فرق کے ساتھ ہر ملک میں یہی طریقے ملیں گے۔ ایک حقیقت بار بار سامنے آتی ہے: مغربی استعمار نے مسلم ممالک پر صرف جغرافیائی قبضہ کرنے‘ ان کے وسائل پر تسلط قائم کرنے اور ان کی منڈیوں کو اپنی معیشت سے وابستہ کرنے پر ہی اکتفا نہیں کیا بلکہ اس نے مسلم معاشروں کا فکری‘ تہذیبی‘ تعلیمی اور سیاسی نظام بدلنے کی بھی کوشش کی۔ اس کوشش کا بنیادی مقصد ایسے معاشرے پیدا کرنا تھا جو اپنی تاریخ‘ زبان‘ تہذیب اور دینی شناخت کے بجائے مغرب کے سیاسی وفکری پیمانوں کو ترقی اور کامیابی کا معیار سمجھیں۔ یہ محض جذباتی الزام نہیں۔ برطانوی ہندوستان سے فرانسیسی الجزائر‘ مصر سے شام اور عراق تک نوآبادیاتی تاریخ میں ایسے واقعات‘ سرکاری پالیسیاں اور دستاویزی شواہد موجود ہیں جو اس حقیقت کی نشاندہی کرتے ہیں۔ المیہ یہ ہے کہ استعمار کا جغرافیائی اقتدار ختم ہونے کے بعد بھی اس کے فکری‘ ادارہ جاتی اور سیاسی اثرات بڑی حد تک برقرار رہے۔ ذہنوں پر قبضے کی پہلی جنگ تعلیم سے شروع ہوئی۔ استعمار کا سب سے مؤثر ہتھیار بندوق نہیں‘ نصاب تھا۔ بندوق جسم کو محکوم بناتی ہے اور نصاب ذہن کو۔ برطانوی نمائندوں نے ہندوستان میں اس حقیقت کو بہت پہلے جان لیا تھا۔ 1835ء میں برطانوی گورنر جنرل کی کونسل کے رکن تھامس بیبنگٹن میکالے نے اپنی مشہور تعلیمی یادداشت (Minute on Indian Education) پیش کی۔ اس کا مقصد بذریعہ تعلیم ایک ایسا طبقہ پیدا کرنا تھا جو خون اور رنگ کے اعتبار سے ہندوستانی لیکن ذوق‘ رائے‘ اخلاق اور ذہنی رجحانات کے اعتبار سے انگریز ہو۔ میکالے کے یہ خیالات برطانوی تعلیمی پالیسی کا اہم حصہ بنے۔ 1854ء کے ووڈز ڈسپیچ اور بعد میں قائم ہونے والی جامعات نے انگریزی تعلیم اور نوآبادیاتی انتظامی ضروریات کیلئے افرادی قوت پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ کیا اس تبدیلی کا نتیجہ محض جدید تعلیم کا فروغ تھا؟ نہیں! اس کا ایک نتیجہ یہ بھی تھا کہ مقامی علمی روایت‘ عربی‘ فارسی اور اسلامی علوم کی معاشرتی حیثیت کمزور ہوئی۔ علم اور ملازمت کے مابین ایک نیا رشتہ قائم ہوا جس میں سرکاری ملازمت‘ سماجی ترقی اور اقتدار تک رسائی کی بنیادی شرط انگریزی تعلیم یافتہ ہونا قرار پائی۔ یہی وہ طبقہ تھا جسے بعد میں نو آبادیاتی ریاست کی انتظامی مشینری چلانے کیلئے استعمال کیا گیا۔
بات محض برطانوی ہندوستان تک ہی محدود نہیں رہی۔ ہر مسلم ملک میں یہی کچھ پیش آیا۔ ایک ایک کرکے چند اہم ممالک کی تاریخ پر نظر ڈالیں‘ بہت بڑا منظر سامنے روشن ہو جاتا ہے۔ فرانس نے 1830ء میں الجزائر پر قبضہ کیا۔ اس کے بعد وہاں صرف اقتدار ہی قائم نہیں کیا بلکہ فرانسیسی تہذیب‘ زبان اور انتظامی نظام کو مسلط کرنے کی منظم کوشش بھی ہوئی۔ الجزائر میں عربی زبان اور اسلامی تعلیمی اداروں کی حیثیت دانستہ کمزور کی گئی۔ وقف املاک پر قبضے‘ مذہبی اداروں پر انتظامی دبائو اور فرانسیسی آباد کاروں کو غیر معمولی مراعات دینے نے مقامی مسلم آبادی کو سیاسی‘ معاشی اور تہذیبی طور پر پسماندہ کر دیا۔ شیخ عبدالحمید بن بادیس کی قیادت میں 1931ء میں قائم ہونے والی جمعیت العلماء المسلمین الجزائریین نے اس کے مقابلے میں ایک اہم فکری اور تہذیبی تحریک برپا کی۔ اس کا مشہور پیغام تھا ''اسلام ہمارا دین‘ عربی ہماری زبان اور الجزائر ہمارا وطن ہے‘‘۔ یہ نعرہ محض مذہبی وابستگی کا اظہار نہیں تھا بلکہ فرانسیسی استعمار کے اُس تہذیبی تصور کا جواب تھا جس میں الجزائر کی اسلامی اور عرب شناخت کو مٹانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ 1954ء میں شروع ہونے والی الجزائر کی جنگِ آزادی نے ثابت کیا کہ نوآبادیاتی اقتدار کے خلاف مزاحمت صرف فوجی محاذ پر نہیں بلکہ تہذیبی اور فکری سطح پر بھی ہوتی ہے۔ فرانس نے اس جنگ میں سخت فوجی کارروائیاں‘ تشدد‘ اجتماعی سزائیں اور جبری نقل مکانی جیسے حربے اختیار کیے۔ الجزائر 1962ء میں آزاد ہو گیا لیکن آزادی کے بعد بھی اس کی سیاست میں اسلام پسند قوتوں‘ سیکولر اشرافیہ‘ فوج اور ریاست کے درمیان کشمکش ختم نہ ہو سکی۔
مصر کو دیکھ لیجیے۔ یہ جدید عرب دنیا کا فکری اور سیاسی مرکز رہا ہے۔ یہاں 1928ء میں حسن البنّا نے اخوان المسلمون کی بنیاد رکھی۔ یہ تحریک محض ایک سیاسی جماعت نہیں تھی بلکہ تعلیم‘ سماجی خدمت‘ رفاہِ عامہ‘ مذہبی اصلاح اور سیاسی بیداری کا ایک وسیع نیٹ ورک تھی۔ حسن البنّا کے نزدیک مسلمانوں کی زبوں حالی کا علاج محض حکومتوں کی تبدیلی میں نہیں بلکہ معاشرے کی اخلاقی‘ تعلیمی اور فکری اصلاح میں تھا۔ اخوان نے برطانوی قبضے کے خلاف سرگرم کردار ادا کیا۔ یہی وجہ تھی کہ اسے عوام میں غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی۔ 1952ء میں جمال عبدالناصر اور مصری فوج کے بعض افسران نے شاہ فاروق کی حکومت ختم کی تو اخوان المسلمون نے ابتدا میں اس انقلاب کی حمایت کی لیکن جلد ہی دونوں کے راستے جدا ہو گئے۔ جمال عبدالناصر ایک قوم پرست‘ سوشلسٹ اور فوجی بالادستی پر مبنی ریاست بنانا چاہتے تھے۔ 1954ء میں ناصر پر قاتلانہ حملے کے بعد اخوان کے خلاف وسیع پیمانے پر کارروائیاں ہوئیں۔ ہزاروں کارکن گرفتار ہوئے‘ تنظیم پر پابندی لگی اور اس کے رہنمائوں کو قید و تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ سید قطب بھی گرفتار ہوئے اور بالآخر 1966ء میں انہیں پھانسی دے دی گئی۔ ایک ایسی تحریک جس نے برطانوی استعمار کے خلاف اپنی قوم کو منظم کیا تھا‘ اب اپنی ہی آزاد ریاست کے جبر کا سامنا کر رہی تھی۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved