تحریر : رؤف کلاسرا تاریخ اشاعت     13-11-2026

یہاں کسی کو بھی کچھ حسبِ آرزو نہ ملا

آج پھر وہی خبر دوبارہ پڑھنے کو ملی کہ وزیراعظم کابینہ کے کچھ وزرا کی کارکردگی سے خوش نہیں اور شاید چند ایک کو تبدیل کر دیا جائے۔ چند ماہ پہلے جب یہ خبر آئی تھی تو وزیروں میں ہلچل مچ گئی تھی۔ اچانک وزیروں نے اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں میں باقاعدگی سے شرکت کرنا شروع کر دی تھی۔ صحافیوں اور اینکرز کو فون ہونے لگے کہ پتا کرائیں کہ ہمارا نام تو اس لسٹ میں شامل نہیں۔ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں میں اچانک وہ وزرا بھی نظر آنے لگے جو کافی عرصے سے غائب تھے۔ وہ وقفہ سوالات‘ جہاں وزیر چھوڑیں وزیرمملکت تک نظر نہیں آتے تھے اور پارلیمانی سیکرٹریز جواب دیتے تھے‘ وہاں وزیر صاحبان خود موجود ہوتے تاکہ وزیراعظم کو پتا چلے کہ وہ بہت کام کررہے ہیں۔ مزے کی بات کہ اس سے پہلے سپیکر اور سینیٹ کے چیئرمین خط لکھ لکھ کر تھک گئے تھے کہ وزیراعظم صاحب اپنے وزیروں کو ہدایت کریں کہ وہ اجلاسوں میں شرکت کیا کریں۔ ویسے کچھ بھی کہیں‘ پچھلے برسوں میں جن دو تین وزرا کو اسمبلی اجلاسوں میں باقاعدگی سے جاتے دیکھا‘ ان میں ایک خواجہ آصف ہیں اور دوسرے ڈاکٹر طارق فضل چودھری‘ جو پارلیمانی امور کے وزیر ہیں۔ شاید ان کی موجودگی اس وجہ سے بھی ضروری ہوتی ہے۔ ڈاکٹر طارق فضل اکثر دیگر وزارتوں کے جوابات دینے کی کوشش میں بھی لگے رہتے حالانکہ ان وزارتوں کے وزیر اپنے دفاتر میں بیٹھ کر کافی پی رہے ہوتے۔ اہم بل ہوں تو وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ بھی نظر آ جاتے۔ اگر اسمبلی ممبران کی بات ہو کہ کون باقاعدگی سے موجود ہوتا ہے تو وہ محمود خان اچکزئی ہیں جو اکثر وقفہ سوالات میں بھی شرکت کرتے اور کبھی کبھار مشکل سوالات بھی کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے علی محمد خان بھی ان ایم این ایز میں شامل ہیں‘ اگرچہ اب کافی عرصہ سے پارٹی پالیسی کے تحت بائیکاٹ کی وجہ سے نہیں آرہے۔ خواتین پارلیمنٹرینز میں پیپلز پارٹی کی شرمیلا فاروقی صاحبہ کو بھی کریڈٹ دینا ہوگا کہ وہ نہ صرف اجلاسوں میں باقاعدگی سے موجود ہوتی ہیں بلکہ وقفہ سوالات میں اہم سوالات بھی پوچھتی ہیں۔ وہ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں میں بھی باقاعد گی سے شرکت کرتی ہیں اورایشوز پر بڑی سنجیدہ گفتگو کرتی ہیں۔ سینیٹرزمیں یہ کریڈٹ پلوشہ خان صاحبہ کو جاتا ہے۔ وہ ہر اُس ایشوز پر ضرور بات کرتی ہیں جس سے دوسرے سینیٹر ڈرتے ہیں۔ اگر مجھے کسی کو بہادر سینیٹر کا خطاب دینا ہو تو میں پلوشہ خان کو دوں گا۔ وہ کمیٹی اجلاسوں میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ پاکستانیوں کو ان کا شکر گزار ہونا چاہیے جنہوں نے سیلولر کمپنیوں کے ٹاور بل پر شور ڈالا اور کمیٹی اجلاس میں اس کا راستہ روکا۔ بلاول بھٹو نے بھی انہیں بھرپور سپورٹ دی۔ ورنہ ٹیلی کام والے پورے ملک پر اپنا حق جتا کر جہاں چاہتے ٹاور ٹھوک دیتے اور انکار کی صورت میں جرمانہ بھی اسے ہی پڑتا جس کی جائیداد ہوتی۔ اسی طرح سینیٹرز میں فاروق ایچ نائیک‘ کامران مرتضیٰ‘ شہادت اعوان‘ عبدالقادر‘ بلال مندوخیل‘ ثمینہ ممتاز زہری‘ انوشہ رحمن‘ محسن عزیز‘ سلیم مانڈوی والا وغیرہ کی تعریف نہ کرنا زیادتی ہوگی جو کمیٹیوں میں مختلف وزارتوں کو ٹف ٹائم دیتے ہیں۔ اسمبلی میں آغا رفیع اللہ‘ عبدالقادر پٹیل‘ عالیہ کامران‘ شاہدہ بیگم‘ نوید قمر‘ حنا ربانی کھر ( اگر وہ کسی کمیٹی اجلاس میں شریک ہوں) اور شازیہ مری اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ویسے پبلک اکائونٹس کمیٹی کے سابق چیئرمین جنید اکبر خان نے بھی اپنے دور میں کمیٹی کو بہت ایکٹو کر دیا تھا لیکن پی ٹی آئی قیادت نے ان سے استعفیٰ دلوا دیا۔ کبھی کبھار محسوس ہوتا ہے کہ پارلیمنٹ میں ممبران کو وزیروں کی طرح‘ شاید وہ دلچسپی نہیں رہ گئی جتنی کبھی ہوا کرتی تھی۔ یا جتنا زور وہ پارلیمنٹ پہنچنے میں لگادیتے ہیں‘ ممبر بننے کے بعد وہ بات نظر نہیں آتی۔ اگرچہ ایک ایک اجلاس کا الائونس ملتا ہے ( ماہنامہ تنخواہ کے علاوہ)۔
اس سے پہلے بھی وزرا کی کارکردگی کا رولا پڑا تھا لیکن پھر خاموشی چھا گئی۔ تاہم اب دوبارہ بات ہورہی ہے۔ ویسے یہ پیٹرن بہت پرانا ہے۔ نواز شریف صاحب اس پر زیادہ یقین رکھتے تھے‘ بعد میں شہباز شریف صاحب نے بھی اس ماڈل کو پنجاب میں اپنی وزارتِ اعلیٰ کے دور میں کامیابی سے فالو کیا۔ ہر کچھ عرصے بعد خبر لیک کرا دی کہ وزیراعلیٰ وزیروں کی کارکردگی سے خوش نہیں‘ بہت جلد کابینہ میں تبدیلی ہوگی۔ اس کا مقصد وزیروں میں خوف پیدا کرنا ہوتا۔ وہ بھاگ دوڑ شروع کر دیتے کہ کہیں ان کا نام اس لسٹ میں شامل تو نہیں جس سے وزیراعلیٰ خوش نہیں۔ مقصد یہی ہوتا کہ یہ مت بھولیں کہ آپ وزیر ہماری وجہ سے ہیں‘ لہٰذا اتنے پرپرزے مت نکالیں۔ مزے کی بات ہے کہ جن دنوں شہباز شریف پنجاب کے وزیراعلیٰ تھے اور یہ خبر گردش کرنے لگتی کہ وزیراعلیٰ کابینہ اور وزارتوں کی کارکردگی سے ناخوش ہیں تو شہباز شریف صاحب کے اپنے پاس ایک درجن سے زائد وزارتوں کا چارج ہوتا تھا۔ ویسے میں پہلے بھی اپنے کالموں میں کافی دفعہ لکھ چکا ہوں کہ اسلام آباد میں پچاس ساٹھ وزیروں کا ایسا کون سا کام ہے جو وہ نہیں کرپارہے اور ان کی کارکردگی کے سبب وزیراعظم ان سے ناراض ہیں؟ مجھے اسلام آباد میں تین دہائیاں ہونے کو آئی ہیں اور میرے حساب سے یہاں وفاقی لیول پر زیادہ سے زیادہ آپ کو دس وزیروں کی ضرورت ہے مگر یہاں تو پوری ایک فوج ہے۔ ایک وفاقی وزیر‘ پھر وزیرمملکت‘ پھر مشیر‘ پھر سپیشل اسسٹنٹ اور آخر پر پارلیمانی سیکرٹری‘ جو اِن وزیروں کی جگہ پارلیمنٹ میں جا کر وقفہ سوالات میں جوابات دیتا ہے۔ وقفہ سوالات میں جانا ان وزیروں کو اپنی توہین لگتا ہے۔ آپ کبھی کابینہ کو غور سے پرکھیں تو اندازہ ہوگا تین چار کو چھوڑ کر زیادہ تر وزیر قابلیت کی بنیاد پر کابینہ میں شامل نہیں کیے جا سکتے۔ اکثر کی کُل قابلیت ان کی ذاتی وفاداری یا رشتہ داری ہے۔ وزیر چننے سے پہلے جو معیار ہوتا ہے اس میں قابلیت یا وزارت کیلئے موزوں ہونا آخری وجہ تو ہوسکتی ہے پہلی ہرگز نہیں۔ انہیں لگتا ہے کہ قابلیت کے بغیر کام چل سکتا ہے لیکن ذاتی وفاداری اور رشتہ داری کے بغیر نہیں۔ اس وقت بھی کابینہ میں ایسے وزیر موجود ہیں جو پرانے وفادار یا دوست؍ رشتہ دار ہیں۔ مزے کی بات سنیں! اکثر ایسا ہوتا ہے کہ میں اچانک کسی وزیر کا نام سنتا ہوں تو حیران ہوتا ہوں کہ اچھا یہ صاحب بھی وزیر ہیں۔ یہ بات میں مذاق میں نہیں کہہ رہا! حالانکہ میں پارلیمنٹ کو ریگولر کور کرتا ہوں۔ ویسے جب سے اٹھارہویں ترمیم ہوئی ہے‘ سارے محکمے تو صوبوں کے پاس ہیں تو چوبیس کلومیٹر کے اسلام آباد پر حکومت کیلئے پچاس ساٹھ وزیروں کی ضرورت کیونکر ہے؟ پندرہ سال قبل یہ کہہ کر ترمیم لائی گئی تھی کہ اس سے وزارتوں کا بوجھ کم ہوگا‘ بجٹ کم ہوگا‘ بچت ہوگی۔ لیکن حالت یہ ہے کہ ان برسوں میں وزیروں کی تعداد کم ہونے کے بجائے مزید بڑھتی چلی گئی ہے اور اب ایک نیا کلچر شروع ہوا ہے کہ ایک وزارت میں ایک وفاقی وزیراور ایک وزیرمملکت کافی نہیں‘ بلکہ اب وہاں ایک مشیر اور سپیشل اسسٹنٹس بھی ہیں۔ میں حیران ہوتا ہوں کہ ایک وزارت جس کا دائرہ کار ہ چوبیس کلومیٹر تک ہے‘ وہاں وزیر‘ وزیر مملکت‘مشیر اور سپیشل اسسٹنٹس کیا کام کرتے ہیں کہ وزیراعظم اب بھی ان سے مایوس ہیں؟ یہاں پانچویں فرد کے طور پر پارلیمانی سیکرٹری کو نہ بھول جائیے گا۔ اور اب خبر یہ ہے کہ وزیراعظم وزرا کی کارکردگی سے خوش نہیں۔ میری تو اس پر ہنسی نہیں رک رہی۔
کچھ دن پہلے چند وزرا کہہ رہے تھے کہ ہم حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں۔ حالانکہ وزیراعظم چودہ چودہ گھنٹے کام کرتے ہیں۔ پہلے وزرا وزیراعظم کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھے اور اب وزیراعظم کہہ رہے ہیں کہ میں وزراکی کارکردگی سے خوش نہیں۔ دونوں ایک دوسرے سے ناخوش ہیں اور ایک ساتھ بیٹھے بھی ہیں اور ایک دوسرے کی نالائقی کو برداشت بھی کررہے ہیں۔ شاید جمہوریت اسے ہی کہتے ہیں۔ وزیراعظم کو اچھے وزیر نہ ملے اور وزیروں کو اچھا وزیراعظم نہ ملا۔ وہی مصرع یاد آ تا ہے کہ
یہاں کسی کو بھی کچھ حسبِ آرزو نہ ملا

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved