تحریر : آصف عفان تاریخ اشاعت     13-11-2026

کیسا دفاع کہاں کے بیانیے؟

چودھری سالک حسین کا ایک بیان سیاسی منظرنامے پر بھونچال کا باعث بن چکا ہے۔ الیکٹرانک میڈیا سمیت سوشل میڈیا پر بھی ٹاپ ٹرینڈ بنانے والے اس بیان کو برابر ہوا دے رہے ہیں۔ کہیں دور کی کوڑیاں لائی جا رہی ہیں تو کہیں اندر کی خبریں نکالی جا رہی ہیں‘ گویا ذاتی خواہشات سے لے کر ممکنات پر مبنی دانشوری زوروں پر ہے۔ جب ٹی وی چینلز کے ٹاک شوز میں شخصیات بدل بدل کر ایک ہی موضوع کو لمبا چلایا جا رہا ہو تو سوشل میڈیا کہاں جانے دیتا ہے۔ کہیں محسن نقوی سے بوجوہ منسوب کیا جا رہا ہے تو کہیں سیٹ اَپ لپیٹنے کے جواز گھڑے جا رہے ہیں۔ اس بیان کو اگر زیادہ بھاؤ نہ دیا جاتا تو شاید کوئی اور موضوع ان سبھی کی توجہ کا مرکز ہوتا لیکن لفظی جنگ کے بعد قانونی نوٹس اور سخت جملوں کے تبادلوں نے پوائنٹ سکورنگ کا ماحول گرما دیا ہے۔ کرپشن کے دفاع میں جو لائن اختیار کی گئی ہے وہ وزیروں اور مشیروں سے لے کر سبھی چھوٹے بڑے سرکاری بابوؤں سمیت کلرک بادشاہ تک کسی ڈھال سے ہرگز کم نہیں جبکہ وفاقی وزیر چودھری سالک حسین کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران عمومی تاثر کے تحت پنجاب سے متعلق سوال پر گفتگو کی تھی جس پر اس قدر سخت زبان کے ساتھ ردِعمل کا مظاہرہ نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔ قانونی نوٹس کے بعد وہ اپنے مؤقف پر نہ صرف ڈٹے ہوئے ہیں بلکہ اب یہ معاملہ کہیں اور ہی جاتا دکھائی دیتا ہے۔ البتہ نپی تلی بات کرنے والے وزیر موصوف نے اپنے خاندان کے کردار پر حملے کو بھی خاصا سنجیدہ لیا ہے اور جوابی حملوں میں شدت کے ساتھ ساتھ منطق اور دلیل بھی خوب پیش کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف سے جوشِ خطابت میں ہوش کی کمی برابر محسوس ہو رہی ہے۔ آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا! قانونی نوٹس کا اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے اور سالک حسین بھری الماریوں سے کرپشن کی کتنی فائلیں بطور ثبوت پیش کر پاتے ہیں!
ملک بھر میں کرپشن کو لے کر اس وقت مباحثے کا سماں ہے لیکن کرپشن کی تعریف اور معیار سبھی کا اپنا اپنا ہے۔ ممکن ہے چودھری سالک حسین جسے کرپشن قرار دے رہے ہیں وہ کسی اور کے نزدیک کرپشن کے زمرے میں ہی نہ آتی ہو‘ تبھی تو انہیں فوری آڑے ہاتھوں لیا گیا ہے۔ کرپشن فقط مالی ہی نہیں انتظامی بھی ہوتی ہے‘ انتظامی کرپشن کی تباہ کاریاں اور مہلک اثرات ریاست کے علاوہ نسلوں کو بھی بھگتنا پڑتے ہیں۔ بڑے منصب پر چھوٹے گریڈ والے منظورِ نظر بابوؤں کی تعیناتی گورننس کے معانی الٹا دیتی ہے اور جب اہلیت اور قابلیت ہی معمہ ہو تو صفر کارکردگی کے ساتھ یہ سبھی حکومت کے لیے سبکی اور جوابدہی کا باعث بنے رہتے ہیں۔ ابھی کل کی بات ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایوان میں کھڑے ہو کر کرپشن کے کیسے کیسے پرچے آؤٹ کر ڈالے تھے۔ سرکاری بابوؤںکی لوٹ مار اور بیرونِ ممالک کالے دھن کے ذخائر سے لے کر دہری شہریت کے سبھی راز کھول ڈالے تھے۔ خواجہ آصف کا شمار منجھے ہوئے سیاستدانوں کے علاوہ نواز شریف کے قریبی رفقا میں ہوتا ہے‘ انہوں نے برملا کہا تھا کہ آدھی سے زیادہ بیورو کریسی نے پرتگال میں شہریت اور جائیدادیں خرید رکھی ہیں۔ تعجب ہے! خواجہ صاحب کی شعلہ بیانی کے جواب میں کوئی ردِعمل آیا نہ دفاع میں کوئی بیان‘ یعنی خاموشی پر ہی اکتفا کیا گیا۔ میں نے کئی بار چودھری سالک حسین کے انٹرویو کے مندرجات کو الٹا پلٹا کر سننے کے علاوہ متعدد بار ڈی کوڈ کیا ہے لیکن یہ خواجہ آصف کی طرف سے لگائے گئے الزامات کے مقابلے میں انتہائی معصومانہ اور مبہم دکھائی دیتے ہیں۔ نہ کسی کا نام لیا‘ نہ کسی عہدے کا ذکر کیا جبکہ خواجہ صاحب نے تو اشاروں کنائیوں کے علاوہ استعاروں میں بھی سبھی کے حوالے اس طرح دے ڈالے کہ چشم تصور سے سبھی کو دیکھا اور پہچانا جا سکتا ہے۔ یعنی واقفانِ حال تو سبھی جانتے ہیں کہ کون کہاں جھوم رہا ہے۔ یاد رہے! کشتی باہر کے پانی سے نہیں اندر کے پانی سے ڈوبتی ہے اور جب کشتی میں سبھی سوار اپنے اپنے سوراخ کا عذر یوں بیان کرتے ہوں کہ فلاں کا سوراخ میرے سوراخ سے بڑا تھا اس لیے کشتی ڈوب گئی تو کیسا دفاع! کہاں کے بیانیے؟
جو ملک انصاف اور قانون کی حکمرانی کی عالمی درجہ بندی میں 130ویں نمبر پر‘ آزادیٔ صحافت میں 153ویں نمبر پر‘ خواتین کے حقوق میں 145ویں نمبر پر اور انسانی حقوق میں 168ویں نمبر پر ہو‘ سول جسٹس میں 129ویں نمبر پر‘ فوجداری انصاف میں 101ویں نمبر‘ امان و امان میں 143ممالک میں سے آخری نمبر پر ہو اور ملک کے سب سے بڑے صوبے میں تعلیم اور صحت کی مثالی سہولتیں فراہم کرنے کے بجائے ٹھیکیداری نظام کو آؤٹ سورس کا نام دے کر حکومت بری الذمہ ہو جائے‘ تھانے کے روز مرہ امور سائلین کی جیب سے چلتے ہوں اور تفتیشی اخراجات مدعی اور ملزمان کی مالی معاونت کے مرہونِ منت ہوں‘ شہری سہولیات فراہم کیے بغیر ٹریفک چالانوں کے بھاری اہداف پیشگی طے کر کے غریب ماری عام ہو‘ محکمہ مال فقط مال بنانے کو نصب العین بنائے ہوئے ہو‘ صفائی ستھرائی پر مامور ادارے اور بابو ہاتھ کی صفائی پر یقین رکھتے ہوں‘ نت نئی فورسز گلی محلوں سے لے کر سڑکوں اور چوک چوراہوں پر تذلیلِ آدمیت کو فرائضِ منصبی سمجھتی ہوں‘ انسدادِ تجاوزات کے نام پر محنت کشوں کو بے روزگاری اور بھوک سے دوچار کیا جاتا ہو‘ ہسپتالوں میں علاج تو درکنار بے وسیلہ مریضوں کے تشخیصی ٹیسٹ دسترس اور وسائل سے باہر ہوں‘ قوتِ خرید ہر روز مزید سکڑتی ہو‘ سفارش سیڑھی اور رشوت رائج ہو‘ منظورِ نظر سرکاری بابو وزیروں اور عوامی نمائندوں کو کسی خاطر میں نہ لاتے ہوں‘ مفادِ عامہ کے منصوبے باہمی مفادات کے تحت بنائے جاتے ہوں‘ بڑے محکمانہ فیصلوں کو متعلقہ وزیروں کی رائے اور مشاورت سے دور رکھا جاتا ہو‘ نامعلوم اہلیت کے حامل خوشامدی مشیر سرکاری وسائل پر موجیں مارتے اور نمائشی فوٹو سیشن کراتے پھرتے ہوں‘ الماریوں میں بندفائلیں دفاتر اور بلڈنگ سمیت جل کر خاکستر ہو جاتی ہوں؛ الغرض گورننس شرمسار اور میرٹ تار تار دکھائی دیتا ہو تو ایسے حالاتِ بد میں بدعنوانی کا دفاع کیونکر ممکن ہے۔
حکمران نہ تو کوئی مسیحا ہوتا ہے اور نہ ہی اس کے پاس کوئی کرشماتی قوت ہوتی ہے ۔ حکمرانی کا اعجاز یہ ہے کہ کوئی ناحق نہ مارا جائے‘ کوئی حالاتِ پریشاں سے زندہ درگور نہ ہو جائے‘ بنیادی انسانی حقوق سے لے کر صحت‘ تعلیم اور امن و امان کے لیے اسے ذلت‘ دھتکار اور پھٹکار کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ہمارے ایک دوست خود کو انسانی حقوق کا بڑا چیمپئن گردانتے ہیں‘ اکثر فکری مباحثوں میں بڑے بڑے حوالے اور واقعات سناتے ہیں۔ میرا ان سے ایک ہی اختلاف ہے کہ انسانی حقوق تو انسانوں کے لیے ہوتے ہیں۔ آپ کے حکمران عوام کو جس دن انسان تسلیم کر لیں گے اس دن آپ کی ساری باتیں‘ ساری دانشوری اور سارے حوالے بھی مان لوں گا‘ تاہم عوام کے انسان تسلیم ہونے تک آپ انسانی حقوق کا ٹائٹل استعمال کرنے سے گریز کیا کریں۔ کرپشن کہانی کے سبھی افسانے زبان زدِعام ہیں اور سب کو سبھی جانتے ہیں‘ ایک دوسرے پر الزامات کی گولہ باری سے کہیں بہتر ہے کہ گورننس کے کنویں میں گرے ہوئے بدانتظامی اور بدنیتی کے کتے کو نکالنے کے اسباب تلاش کریں‘ ورنہ بوکے نکالنے سے کام کب تک چلایا جا سکتا ہے۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved