تحریر : امیر حمزہ تاریخ اشاعت     13-11-2026

مکہ معاہدہ اور ویسٹ فالیا

اللہ تعالیٰ نے بنو اسرائیل کی رہنمائی کیلئے تین پیغمبر مبعوث فرمائے۔ ان تینوں کا ایک ہی زمانہ تھا۔ پہلے نبی حضرت زکریا علیہ السلام تھے۔ ان کو شہید کر دیا گیا۔ دوسرے نبی حضرت یحییٰ علیہ السلام تھے۔ یہ حضرت زکریا علیہ السلام کے بیٹے تھے۔ ان کو بھی شہید کر دیا گیا۔ تیسرے اور بنی اسرائیل کی طرف بھیجے جانے والے آخری رسول حضرت عیسیٰ علیہ السلام تھے۔ بنو اسرائیل سے اپنی طرف سے ان کو بھی شہید کر دیا مگر اللہ تعالیٰ نے انہیں زندہ آسمان پر اٹھا لیا۔ یاد رہے! حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی والدہ حضرت مریم کی کفالت حضرت زکریا علیہ السلام نے ہی فرمائی تھی۔ اللہ تعالیٰ کی قدرت کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر ایمان لانے والے کچھ ہی عرصہ میں اس قدر زیادہ ہو گئے کہ وہ یورپ‘ ایشیا اور افریقہ پر حکمرانی کرنے والی سپر پاور بن گئے۔ جب دنیا ساتویں صدی عیسوی میں داخل ہوئی تو اللہ تعالیٰ نے بنو اسماعیل میں آخری رسولؐ کو مبعوث فرمایا جن کا نام نامی‘ اسم گرامی حضرت محمد مصطفیﷺ ہے۔ آپﷺ نے اپنی رسالت اور حکمرانی کا پرچم عرب سرزمین پر بحرِ عرب سے تبوک تک اور بحر احمر سے خلیج کے ملکوں تک پھیلا دیا۔ آپﷺ کے خلفائے راشدین نے اس اسلامی حکمرانی کو اس قدر وسعت دی کہ اس دور کی دونوں سپر پاوروں کو شکست دے کر دنیا کی واحد سپر پاور بن گئی۔ ان کی حکمرانی تین براعظموں تک پھیل گئی اور یہ اقتدار مختلف وقفوں کے ساتھ تقریباً ہزار سال تک قائم رہا۔
آج دنیامیں مسیحی برادری کے متعدد فرقے ہیں۔ تاریخ میں ان کی دو باہمی جنگیں قابلِ ذکر ہیں۔ ایک جنگ کا آغاز 1568ء میں ہوا۔ اس کا میدان آج کا ہالینڈ اور سپین تھا۔یہ جنگ تقریباً 80 سال بعد‘ 1648ء میں ختم ہوئی۔ایک کروڑ سے زائد لوگ اس میں مارے گئے۔ دوسری باہمی جنگ بھی اسی عرصے کے دوران لڑی گئی۔ یہ 1618ء میں شروع ہوئی اور تیس سال تک جاری رہی۔یہ بھی 1648ء میں ختم ہوئی۔یہ جنگ مقدس رومن بادشاہت کے پرچم تلے‘ پوپ کی قیادت میں لڑی گئی۔ 50لاکھ سے زائد لوگ اس میں مارے گئے۔ فرانس‘ سویڈن‘ آسٹریااور جرمنی کے علاقے اس کا میدان تھے۔ یعنی دونوں جنگیں یورپ میں ہوئیں۔ دونوں جنگیں کیتھولک اور پروٹسنٹ فرقوں کے مابین ہوئیں۔ دونوں ایک ہی تاریخ کو ختم ہوئیں۔ ان جنگوں کے بعد دونوں گروہوں کو احساس ہو گیا کہ فرقہ وارانہ بربادیوں سے باہر نکلنا ضروری ہے؛چنانچہ سب لوگ جرمنی کے شہر ویسٹ فالیا میں جمع ہوئے۔ مقدس رومی بادشاہت اور فرانس کے مابین ایک معاہدہ طے پایا۔ سپین اور ہالینڈ حکومتوں کے درمیان ایک معاہدہ ہوا۔ روم اور سویڈن کے مابین معاہدہ طے پایا۔ فرانس اور سویڈن کو جرمنی کے کئی علاقے اور بندرگاہیں مل گئیں۔ معاہدے میں دو اصول بنیادی تھے جن پر امن کا دارو مدار اور فرقہ وارانہ جنگ کے خاتمے کی بنیاد تھی۔ پہلا اصول یہ تھا کہ کسی ملک کا فرقہ وارانہ انقلاب برآمد نہیں کیا جائے گا۔ دوسرا اصول یہ تھا کہ بادشاہ اپنے مذہب کو اپنے ملک کی رعایا پر جبر کے ساتھ مسلط نہیں کرے گا۔ مزید برآں ریاست بڑی ہو یا چھوٹی ہو‘ اسے اپنی خود مختاری کے تحفظ کا حق حاصل ہوگا۔ یہ حق سب ملکوں کیلئے برابر ہوگا۔ تمام ملک عدم مداخلت کے اصول پر قائم رہیں گے۔ قارئین کرام! مندرجہ بالا اصول و قوانین آگے بڑھتے بڑھتے یہاں تک پہنچے کہ بیسویں صدی میں یو این جیسا ادارہ قائم ہوا۔ آج لوگ بجا طور پر یہ مانتے ہیں کہ اس ادارے کو مزید مضبوط ہونا چاہیے اور اس کی اجازت کے بغیر کہیں جنگ نہیں ہونی چاہیے۔
آیئے‘ اب ہم اہلِ اسلام کی طرف پلٹتے ہیں۔ جنگ عظیم اول اور دوم کا رزلٹ یہ نکلا کہ اہلِ اسلام دنیا بھر میں محکوم ہو کر رہ گئے۔ پھر اللہ تعالیٰ نے انعام فرمایا اور آج دنیا میں پچاس سے زائد آزاد مسلم ممالک ہیں۔ مگر دکھ اور افسوس کی بات یہ ہے کہ گزشتہ چند دہائیوں سے فرقہ وارانہ کشیدگی‘ خانہ جنگیوں اور جنگوں نے مسلم ملکوں اور معاشروں کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے۔ اب مکہ معاہدہ امن اور مسرت کی نوید بن کر طلوع ہوا ہے۔ اس کے اساسی ممبران مملکت سعودی عرب‘ پاکستان اور ترکیہ ہیں۔ سرزمین حرمین شریفین اس معاہدے کا مرکز ہے۔ یہ دنیا جہان کے مسلمانوں کا ایمانی اور فطری مرکز ہے۔ مکہ مکرمہ کو اللہ تعالیٰ نے امن کا مرکز بنایا ہے۔ حضور کریمﷺ کے اعلانِ نبوت سے پانچ سال قبل‘ جب بیت اللہ شریف کی تعمیرِ نو کا فیصلہ ہوا‘ تب حضورﷺ کی عمر مبارک 35 سال تھی۔ قریش نے قرعہ اندازی کے ذریعے کعبۃ اللہ کی دیواروں کے حصوں کو باہم تقسیم کر لیا تھا۔ بنوہاشم اور بنو زہرہ کے حصے میں کعبے کا مشرقی حصہ آیا تھا۔ یہ حصرِ ملتزم اور حجر اسود کے قریب ہے۔ سبحان اللہ! ہمارے حضورﷺ اپنے والد کی طرف سے ہاشمی ہیں اور والدہ ماجدہ کی نسبت سے بنو زہرہ قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں۔ اللہ اللہ!
کعبہ کی دیواروں کی بلندی جب حجر اسود تک پہنچی تو مسئلہ یہ کھڑا ہوا کہ حجر اسود کو نصب کون کرے گا۔ قریش کا ہر قبیلہ اس بات پر اڑ گیا کہ وہ نصب کرے گا۔ اس کشیدگی میں خانہ جنگی کا فساد بھڑکنے کو تھا۔ فساد کے ماحول کو چار پانچ دن گزر چکے تھے اور کوئی فیصلہ نہیں ہو پایا تھا۔ آخرکار سب حرم مکی میں اکٹھے ہوئے۔ ابو امیہ بن مغیرہ جو قریش کا ایک دانشور سردار تھا‘ اس نے کہا کہ اس شخص کو اپنا جج بنا لو جو حرم مکی کے باب بنو شیبہ سے سب سے پہلے داخل ہو۔ اس پر اتفاق ہو گیا۔ تھوڑی دیر بعد اس دروازے سے رسالت مآبﷺ داخل ہوئے تو سب بے اختیار بول اٹھے کہ محمد (ﷺ) امین ہیں‘ یہ جو بھی فیصلہ کر دیں ہم راضی ہیں۔ حضور کریمﷺ نے سب کی بات کو سنا اور پھر زمین پر ایک چادر بچھا دی‘ اس میں حجر اسود کو رکھا اور سب سرداروں سے فرمایا کہ اب اس چادر کو چاروں طرف سے پکڑ کر حجر اسود کو نصب کرنے کی جگہ پر لے چلو۔ وہاں پہنچ کر حضورﷺ نے حجر اسود کو اٹھایا اور اس کی جگہ پر نصب فرما دیا۔ اللہ اللہ! سب اس پر راضی ہو گئے۔ خانہ جنگی کا خطرہ ٹل گیا۔ یاد رہے کہ مدنی زندگی کے دوران حضور کریمﷺ نے حضرت ام سلمہؓ سے شادی کی تو وہ اسی سردار‘ ابو امیہ بن مغیرہ کی بیٹی تھیں۔
اللہ کے رسولﷺ نے جب مکہ فتح کیا تو حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے مخاطب ہوتے ہوئے فرمایا: میرا دل چاہتا ہے کہ بیت اللہ کو حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قائم کردہ بنیادوں پر دوبارہ تعمیر کروں (جس میں حطیم کا حصہ کعبہ میںشامل تھا) مگر سوچتا ہوں کہ لوگ نئے نئے مسلمان ہوئے ہیں‘ وہ کہیں گے کہ اللہ کے رسول سب کچھ ہی بدل رہے ہیں۔ یعنی اللہ کے رسولﷺ نے فاتح ہونے کے باوجود‘ رسول اور حکمران ہونے کے باوجود‘ اُن لوگوں کے جذبات کا خیال کیا جو نئے نئے مسلمان ہوئے تھے کہ وہ میرے اس درست فیصلے سے فتنے میں نہ پڑ جائیں۔ اس سے سبق یہ ملتا ہے کہ حکمران اگر بین الاقوامی حالات یا ملک کے اندرونی حالات کو سامنے رکھتے ہوئے کوئی ایسا رویہ اختیار کرتے ہیں کہ جس میں کوئی مصلحت پوشیدہ ہو تو اہلِ علم کو فتنہ نہیں کھڑا کرنا چاہیے۔ ملکی استحکام کو مقدم رکھنا چاہیے۔ اس ضمن میں خارجیوں کا وہ واقعہ بڑا معروف ہے کہ جب انہوں نے سیدنا حیدر کرارؓ کی اطاعت سے انحراف کرتے ہوئے قرآن مجید کی آیت کا وہ حصہ پڑھا جس کا مطلب ہے کہ ''حکم صرف اللہ کا ہے‘‘۔ اس پر سیدنا علیؓ نے باکمال تاریخی جواب دیا ''تمہاری بات حق ہے مگر ارادہ باطل ہے‘‘۔ پھر تاریخ نے بار بار ثابت کیا کہ جن کا کردار درست نہ ہو‘ ان کی دلیل درست بھی ہو تو کیا‘ جب ان کا استدلال ہی باطل ہے۔ یہیں پر بات ختم کروں گا کہ خیر اور بھلائی مومن کی میراث ہے‘ جہاں سے بھی ملے انہیں لے لینا چاہیے۔ جرمنی کے شہر ویسٹ فالیا میں اہلِ یورپ کی مسیحی برادری سے جو فیصلہ کیا تھا اس سے وہ مزید خانہ جنگی سے بچ گئے۔ ہم سب سے پہلے مکہ مکرمہ کی طرف دیکھیں کہ ہمارے حضورﷺ نے اہلِ مکہ کو کیسے خانہ جنگی سے بچایا اور پھر اہلِ یورپ کو دیکھیں کہ وہ کس طرح بچ نکلے۔ اللہ کے حضور فریاد! کہ وہ ربِ کریم ہمیں بھی باہمی لڑائی سے بچا لے‘ عالمی جنگوں سے بھی بچا لے۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved