''خدائی حکومت‘‘ عام طور پر ایسی حکمرانی یا اقتدار کو کہا جاتا ہے جو خدا‘ الوہیت یا ربانی اختیار سے منسوب ہو‘ یعنی وہ نظام جسے انسانوں کے بجائے کسی اعلیٰ آسمانی طاقت کی طرف منسوب سمجھا جائے۔ یہ اصطلاح مذہبی‘ ادبی اور فلسفیانہ سیاق و سباق میں مختلف معنوں میں استعمال ہوتی ہے جن میں الوہیت‘ ربانی اختیار‘ آقائی اور حکمرانی شامل ہیں۔ خدائی کا بنیادی مفہوم خدا سے نسبت‘ الوہیت یا ربانی طاقت ہے۔ اس معنی میں ''خدائی حکومت‘‘ ایسی حکمرانی کو ظاہر کرتی ہے جو خدا کی طرف منسوب ہو یا جسے الٰہی نظام سمجھا جائے۔ ''خدائی حکومت‘‘ کا سیاسی تصور ایسے نظام کی عکاسی کرتا ہے جس میں حکومت کو الٰہی اختیار سے منسوب سمجھا جاتا ہے یا مذہبی اصول براہِ راست ریاست کی بنیاد بنتے ہیں۔ سیاسیات میں خدائی حکومت کے تصور کو عام طور پر تھیوکریسی کہا جاتا ہے۔ اس کا بنیادی خیال یہ ہے کہ ریاست کا اصل اختیار خدا کا ہے اور حکومت وہی اصول نافذ کرتی ہے جو مذہب نے مقرر کیے ہوں۔ یہ تصور مختلف مذاہب اور تہذیبوں میں مختلف شکلوں میں پایا جاتا ہے۔ تاہم خدائی حکومت کی تاریخی مثالیں دیکھیں تو قدیم مصر میں فرعون کو خدا کا نمائندہ‘ بلکہ بعض اوقات خدا کا مجسم سمجھا جاتا تھا۔ دیگر تہذیبوں میں بھی ایسی مثالیں ملتی ہیں۔ قرونِ وسطیٰ کے یورپ میں ''مقدس رومن سلطنت‘‘ بھی تھیوکریسی سے آگے بڑھ کر خدائی حکومت کی ایک مثال تھی جہاں چرچ کو غیرمعمولی طاقت اور غیر معمولی اختیارات حاصل تھے۔ حالانکہ قدیم اسرائیل‘ یعنی بنی اسرائیل میں نبی یا قاضی خدا کے حکم کے مطابق فیصلے کرتے تھے۔ اس دنیا میں جس نے جو کمایا ہوگا‘ آخرت میں اس کی جزا و سزا ہوگی۔ روزِ جزا کو ''یوم الموعود‘‘ اس لیے کہا گیا کہ اس دن کے آنے کا اللہ نے وعدہ فرمایا ہے۔ اس دن حساب کے بعد جزا و سزا ہوگی اور جن لوگوں پر دنیا میں زیادتی ہوئی یا جنہوں نے کسی پر زیادتی کی‘ اس دن تک اللہ نے انہیں مہلت دے رکھی ہے۔ یہ ایک عظیم دن ہوگا جس کا لوگوں کو انتظار ہے تاکہ وہ دیکھیں کہ اس دن کیا فیصلے ہوتے ہیں۔ اس دن ہر چیز پردے سے باہر آجائے گی۔ لیکن زمینی خداؤں نے دنیا میں ہی جزا و سزا کا نظام قائم کر دیا۔ یہ لوگوں کو گناہوں کی سزا تو دیتے ہیں لیکن جرائم کی سزا نہیں دیتے۔
قانونِ قدرت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ گناہوں کی سزا میں دوں گا اور جرائم کی سزا حکومت‘ یعنی حکمران دیں گے۔ جرم اور گناہ دو مختلف چیزیں ہیں۔ گناہ وہ چیز ہے جس کی سزا اللہ تعالیٰ دے گا‘ اس کی سزا حکومت نے نہیں دینی جبکہ جرم کی سزا حکومت نے دینا ہوتی ہے۔ لیکن ہمارے ملک میں حکومت گناہوں کی سزا تو دے رہی ہے لیکن جرائم کی سزا کا تصور یہ ہے کہ وہ سزا اللہ تعالیٰ دے گا۔ یعنی حکومت کسی کو اس کے جرم کی سزا نہیں دیتی بلکہ لوگوں کو ان کے گناہوں کی سزا دیتی ہے۔ ملاوٹ کی سزا پورے ملک میں کسی کو نہیں ملتی‘ جھوٹ کی سزا آج تک کسی کو نہیں ملی۔ دھوکا دہی کی سزا پورے ملک میں کہیں نظر نہیں آتی۔ جو لوگ دوسروں کا مال کھا جاتے ہیں‘ ان کے لیے اس ملک میں کوئی سزا نہیں۔ قتل و غارت گری کی سزا اس ملک میں کوئی نہیں۔ امن و امان خراب کرنے کی بھی کوئی سزا نہیں۔ لوگوں کے مال اور جان کی حفاظت حکومت کا فرض ہوتا ہے لیکن اس ملک میں حکومت نہ کسی کی عزت کی حفاظت کرتی ہے‘ نہ جان و مال کی محافظ ہے۔ البتہ ان کے گناہ و ثواب کا حساب ضرور رکھتی ہے۔ بقول شاعر:
اب درندوں سے نہ حیوانوں سے ڈر لگتا ہے
کیا زمانہ ہے کہ 'حکمرانوں‘ سے ڈر لگتا ہے
عزتِ نفس کسی شخص کی محفوظ نہیں
اب تو اپنے نگہبانوں سے ڈر لگتا ہے
حکومت صرف گناہ و ثواب کا حساب رکھتی ہے لیکن وہ لوگوں کے جرم و سزا کو بالکل بھی نہیں دیکھتی۔ گناہ کیا ہے؟ نماز نہ پڑھنا گناہ ہے‘ زنا کرنا گناہ ہے‘ اور اللہ تعالیٰ نے اس پر اتنی پابندیاں لگا دی ہیں کہ لوگ اس طرف توجہ ہی نہ کریں۔ کسی کی چادر اور چار دیواری کے تقدس اور حفاظت کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے لیکن حکومت خود چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہے اور لوگوں کے گھروں کے اندر جا کر دیکھتی ہے کہ کون کیا کر رہا ہے۔یہ حکومت کے کرنے کے کام نہیں ہیں۔ حکومت کے کرنے کے اور کام ہیں‘ یعنی لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کرنا‘ لوگوں کو روزگار مہیا کرنا‘ تعلیم کے مواقع اور صحت کی سہولتیں فراہم کرنا‘ شہریوں کی آمد و رفت کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولتیں بہم پہنچانا‘ لوگوں کیلئے پینے کے صاف پانی کا بندوبست کرنا اور ان کی بنیادی ضروریات کا خیال رکھنا۔ مگر یہ کام حکومت نہیں کرتی۔ اس کے بجائے وہ یہ دیکھ رہی ہے کہ کس کا عقیدہ ٹھیک ہے اور کس کا نہیں‘ کس کی نماز ٹھیک ہے اور کس کی نہیں۔ کون اپنے گھر میں کیا کر رہا ہے اور کون اپنے دفتر میں کیا کر رہا ہے‘ اس سب کا حساب رکھنا حکومت کے فرشتہ صفت اہلکاروں کا کام ہے۔ بغیر وارنٹ کے لوگوں کے گھروں میں چھاپے مارنا بالکل غیر اسلامی فعل ہے لیکن یہ کام بدرجہ اتم کیا جا رہا ہے۔ خلیفہ ثانی حضرت عمرؓ دیوار پھلانگ کر کسی کے گھر میں داخل ہوئے اور اہلِ خانہ سے پوچھا کہ آپ دودھ میں پانی کیوں ملا رہے ہیں؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ آپ نے تین جرم کیے ہیں۔ آپ نے تجسس کیا۔ آپ نے اجازت لیے بغیر گھر میں داخلہ لیا۔ اور آپ دروازے کے بجائے دیوار پھلانگ کر آئے ہیں۔
خدائی حکومت کا سربراہ اپنے آپ کو انسان نہیں سمجھتا بلکہ وہ اپنے آپ کو خدا کا نمائندہ سمجھتا ہے اور جو اختیارات خدا کے ہوتے ہیں‘ وہ انہیں استعمال کرنا چاہتا ہے۔ عقیدہ لوگوں کے دل کی بات اور معاملہ ہے‘ وہ یہ تک دیکھنا چاہتا ہے کہ لوگوں کا عقیدہ کیا ہے۔ انسانوں کے کرنے کے کام انہوں نے بالکل چھوڑ دیے ہیں۔ جیسا کہ احمد سلمان کہتے ہیں:
خدا ہیں لوگ گناہ و ثواب دیکھتے ہیں
سو ہم تو روز ہی روز حساب دیکھتے ہیں
دنیا میں جن لوگوں اور ملکوں نے ترقی کی ہے انہوں نے جرم اور گناہ کو الگ الگ کر دیا ہے۔ انہوں نے جرم کی سزا دینے کا اختیار حکومت کو دے رکھا ہے۔ یہ کام حکومتی ادارے کرتے ہیں اور گناہ کی سزا کا معاملہ انہوں نے خدا پر چھوڑ دیا ہے۔ لیکن ہمارے ہاں الٹی گنگا بہہ رہی ہے۔ حکمران خود کو سیاہ و سفید کا مالک سمجھتے ہیں اور کسی میں مجال نہیں کہ ان سے سوال پوچھ سکے۔ وہ کسی کو جواب دہ نہیں ہیں۔ ڈاکٹر احمد خلیل نے بالکل درست کہا ہے:
حاکم جواب دہ ہے مگر اس کے باوجود
کوئی سوال پوچھ لے، کس کی مجال ہے
حکمران ہوش کے ناخن لیں‘ اپنے اعمال اور اپنا قبلہ درست کریں‘ اپنی ذمہ داری کو سمجھیں اور اسے پورا کریں۔ بقول فیض احمد فیض:
ہر اک اولی الامر کو صدا دو
کہ اپنی فردِ عمل سنبھالے
اٹھے گا جب جمِ سرفروشاں
پڑیں گے دار و رسن کے لالے
کوئی نہ ہوگا کہ جو بچالے
جزا سزا سب یہیں پہ ہو گی
یہیں عذاب و ثواب ہوگا
یہیں سے اٹھے گا شورِ محشر؍ یہیں پہ روزِ حساب ہو گا
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved