ذیابیطس‘ جسے شوگر بھی کہتے ہیں‘ خاموش وبا کی طرح پاکستان میں پھیل رہی ہے۔ اس کی بڑی وجہ ہمارا رہن سہن اور کھانے پینے کی عادات ہیں۔ اس بیماری کے پھیلنے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم سہل پسند ہوچکے ہیں‘ پانچ منٹ کی واک کرنے کیلئے بھی پارک تک گاڑی میں جاتے ہیں۔ واک ‘ ورزش اور جم سے کوسوں دور ہیں۔ ہمارے ہاں ایسے مخصوص پارک بھی نہیں جہاں خواتین اور بچے بے فکری سے ٹہل سکیں یا کوئی گیم کھیل سکیں۔ یہاں خواتین کا سائیکل چلانا معیوب سمجھا جاتا ہے۔ وہ پارک میں ورزش یا جھولوں کی طرف جائیں تو بھی سوال اٹھتے ہیں‘ اس لیے بہت سی خواتین پارکس کا رخ نہیں کرتیں۔ گلیوں میں بھی واک ممکن نہیں رہی‘وہاں موٹر سائیکل سواروں اور راہگیروں کا قبضہ ہوتا ہے۔ ویسے بھی واک جیسا موضوع ہماری روزمرہ گفتگو کا حصہ نہیں‘ ہمارا پسندیدہ موضوع تو کھانا ہے۔ پھل‘ سبزیوں اور دودھ سے دور ہوکر ہم نے مرغن کھانوں اور جنک فوڈ کو اپنا لیا ہے۔ ہمارے سنیکس میں سموسے‘ پکوڑے‘ جلیبی‘ چنا چاٹ‘ میٹھے شربت‘ بسکٹ‘ نمکو‘ ڈونٹس‘ بن اور چینی سے بھرپور دودھ پتی شامل ہیں۔ ان میں اتنی کیلوریز ہوتی ہیں کہ انہیں ہضم کرنے کیلئے میدان کے کئی چکر لگانے پڑیں۔ مگر ایسا نہیں ہوتا۔ صبح ناشتے سے شروع ہونے والا کھانے پینے کا سلسلہ برنچ‘لنچ اور ہائی ٹی سے ہوتا ہوا رات کو ڈنر کے بعد تک جاری رہتا ہے۔ آن لائن فوڈ ڈلیوری نے رہی سہی کسر پوری کردی ہے؛ اب رات گئے بھی گھروں میں کھانا چل رہا ہوتا ہے۔ ہمیں میٹھے مشروبات بھی بہت پسند ہیں۔ لوگ ڈبہ بند جوسز‘ سوڈا اور فریزی ڈرنکس شوق سے پیتے ہیں۔ میٹھے کیلئے تو گویا الگ معدہ ہے؛ گلاب جامن‘ برفی‘ رس ملائی‘ کھیر‘ حلوے‘ پتیسا‘ مربہ‘ آئس کریم‘ زردہ‘ ٹافیاں‘ جیلی اور کسٹرڈ کے بغیر ہمارے کھانے مکمل نہیں ہوتے۔ وزن بڑھ رہا ہے‘ گھٹنے جواب دے رہے ہیں اور سانس پھول رہا ہے لیکن واک‘ ورزش یا غذا پر قابو پانے کی طرف کسی کی توجہ نہیں۔ ایک بڑا ظلم ہم آپس میں یہ کرتے ہیں کہ کسی کے گھر جاتے ہوئے کیک لے جاتے ہیں۔ اسکے بجائے پھل‘ سبزیاں‘ دالیں‘ آٹا‘ دودھ یا زیادہ بجٹ ہو تو خشک میوے تحفے میں لیجائے جا سکتے ہیں۔ کیک کے ایک سلائس میں تین سو سے چار سو تک کیلوریز ہوتی ہیں۔ اگر یہ کیلوریز برن نہ ہوں تو وزن یا شوگر بڑھا سکتی ہیں۔
ہمارے جسم میں موجود لبلبہ انسولین بناتا ہے‘ جو خون میں موجود گلوکوز کو جسم کے خلیوں میں داخل ہونے اور توانائی کے حصول میں مدد دیتا ہے۔ وزن بڑھنے‘ پیٹ کے گرد چربی جمع ہونے‘ سہل پسند طرزِ زندگی‘ میٹھا اور فاسٹ فوڈ زیادہ کھانے سے ذیابیطس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ والدین کو شوگر ہو تو جنیاتی طور پر بچوں میں بھی اس کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔ بعض صورتوں میں لبلبہ انسولین بنانا چھوڑ دیتا ہے‘ جبکہ بعض صورتوں میں انسولین بنتی تو ہے لیکن خلیے اسے درست طور پر استعمال نہیں کرپاتے۔ دونوں صورتوں میں شوگر خون میں رہ جاتی ہے اور انسان ذیابیطس میں مبتلا ہوجاتا ہے۔ اس بیماری کی چند علامات ہیں: بہت پیاس لگنا‘ رات کو بار بار پیشاب کیلئے اٹھنا‘ اچانک وزن کم ہونا‘ تھکاوٹ‘ کمزوری‘ نظر دھندلانا‘ ہاتھ پاؤں سن ہونا یا ان میں سوئیاں چبھنا‘ بار بار انفیکشن ہونا‘ منہ خشک رہنا اور گردن پر کالے نشان وغیرہ پڑنا۔ ٹائپ ون ذیابیطس کی صورت میں سانس تیز ہونا‘ متلی‘ قے اور پیٹ درد بھی ہوسکتا ہے۔
ذیابیطس کی دو بنیادی اقسام ہیں۔ ٹائپ ون زیادہ تر بچوں اور نوجوانوں میں ہوتی ہے جس میں جسم کا مدافعتی نظام انسولین بنانے والے خلیات کو ختم کردیتا ہے۔ ٹائپ ٹو عموماً بزرگوں میں ہوتی تھی لیکن اب نوجوان بھی اس کا شکار ہورہے ہیں۔ اس میں جسم انسولین کو ٹھیک طرح استعمال نہیں کرپاتا یا انسولین کم بنتی ہے۔ موٹاپا‘ ورزش کی کمی اور فیملی ہسٹری اس کی بڑی وجوہات ہیں۔ حمل کے دوران بھی ذیابیطس ہوسکتی ہے جو عموماً زچگی کے بعد ٹھیک ہوجاتی ہے۔ پری ڈائبیٹیز ایسی کیفیت ہے جس میں مستقبل میں شوگر ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔ ذیابیطس کی تشخیص کیلئے فاسٹنگ بلڈ شوگر‘ رینڈم بلڈ شوگر‘ ایچ بی اے ون سی اور گلوکوز ٹالرنس ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔ حمل میں شوگر کی تشخیص کیلئے او جی ٹی ٹی ٹیسٹ ہوتا ہے۔ بیماری کی تشخیص کی صورت میں اس کے علاج کیلئے ڈائبیٹولوجسٹ یا اینڈوکرائنولوجسٹ سے رجوع کیا جاتا ہے‘ جو ضرورت کے مطابق آئی سپیشلسٹ‘ نیفرولوجسٹ‘ کارڈیولوجسٹ اور سرجن کے پاس بھی بھیج سکتے ہیں۔ اس بیماری سے گردے‘ دل اور آنکھیں بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔ اگرعلاج پر توجہ نہ دی جائے تو گینگرین بھی ہوسکتا ہے‘ جس میں انسانی اعضا کاٹنے پڑسکتے ہیں۔
ایک تحقیق کے مطابق پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد تین کروڑ ساٹھ لاکھ ہے اور ہر تین بالغ افراد میں سے ایک اس کا شکار ہے۔ انٹرنیشنل ڈائیبٹیز فیڈریشن (IDF) کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں بالغ افراد میں شوگر کی شرح 31.4 فیصد ہے۔ اس شرح کے لحاظ سے پاکستان دنیا بھر میں ذیابیطس کے پھیلاؤ کے اعتبار سے پہلے نمبر پر آتا ہے۔ اگر ملک میں اسی رفتار سے شوگر کا پھیلاؤ جاری رہا تو 2050ء تک مریضوں کی تعداد سات کروڑ تک پہنچ جائے گی۔ دنیا بھر میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد 58کروڑ 90 لاکھ ہے۔ ان میں وہ لوگ شامل نہیں جنہیں معلوم ہی نہیں کہ انہیں شوگر ہے۔ مردوں میں ذیابیطس کی شرح 11.55فیصد اور خواتین میں 10.68فیصد ہے۔بچے بھی اس کا شکار ہو رہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ جب ملک میں کروڑوں لوگ اس بیماری میں مبتلا ہے تو اس کے تدارک کیلئے ہیلتھ ایمرجنسی کیوں نہیں لگائی جاتی؟ اکثر غریب لوگ اس بیماری کا علاج کروانے سے قاصر ہیں کیونکہ ٹیسٹ مہنگے ہیں اور ادویات و علاج بھی سستا نہیں۔ اگر کسی غریب مریض کے مفت ٹیسٹ کرکے مرض کی تشخیص ہوجائے تو بھی وہ ڈاکٹر کی فیس‘ ادویات اور انسولین کے اخراجات برداشت نہیں کرپاتا۔ نتیجتاً مرض اس کے اعضا کو متاثر کرنا شروع کردیتا ہے۔ دوسری طرف بعض لوگ ٹیسٹ اور دوا افورڈ کرنے کے باوجود بدپرہیزی کرتے رہتے ہیں جس سے شوگر قابو میں نہیں رہتی۔ اگر آپ پری ڈائبیٹیز کو معمول پر لانا اور شوگر کو کنٹرول کرنا چاہتے ہیں تو فوری واک شروع کریں۔ وزن زیادہ ہو تو ہلکے قدموں سے واک کریں‘ اپنا ڈائٹ پلان بنائیں اور ادویات باقاعدگی سے لیں۔ زندگی سے جنک فوڈ اور چینی کو باہر نکال دیں۔ شوگر کے مریض زخموں خصوصاًہاتھ اور پائوں کے زخموں سے بچیں کیونکہ ان کے زخم دیر سے بھرتے ہیں اور خراب ہونے کا خطرہ بھی زیادہ رہتا ہے۔ انہیں بھاری ورزش نہیں کرنی چاہیے؛ اس سے شوگر لیول کم ہوسکتا ہے۔ ذیابیطس کے مریض کو زیادہ دیر خالی پیٹ نہیں رہنا چاہیے اور دن میں تھوڑا تھوڑا کھانا کھاتے رہنا چاہیے۔ ذیابیطس کے ساتھ معمول کی زندگی گزارنے کیلئے روٹی‘ چاول اور آلو کم کر دیں۔ جنک فوڈ اور بیکری آئٹم سے پرہیز کریں۔ سبزیاں‘ سلاد‘ پھل اور بیج غذا میں شامل کریں۔ جوس اور کولڈ ڈرنکس چھوڑ دیں۔ کھانا وقت پر کھائیں‘ طویل عرصہ خالی پیٹ نہ رہیں اور روزانہ تیس منٹ ہلکی واک کریں۔ باقاعدگی سے اپنی شوگر چیک کریں‘ ادویات اور انسولین وقت پر لیں‘ ذہنی دباؤ کم رکھیں اور کم از کم آٹھ گھنٹے کی نیندلیں۔ ہر تین ماہ بعد ٹیسٹ کرائیں اور بلڈ پریشر اور آنکھوں خصوصاً موتیے کا باقاعدگی سے معائنہ کرائیں۔ شوگر کا علاج ادویات کے ساتھ طرزِ زندگی میں تبدیلی‘ متوازن غذا اور ورزش سے ہے۔پہلے یہ بزرگوں کی بیماری سمجھی جاتی تھی لیکن اب ہر عمر کے افراد اس کا شکار ہورہے ہیں۔ اس لیے اپنے جسم میں ہونے والی تبدیلیوں پر نظر رکھیں۔ اس بیماری کے آغاز میں عموماً کوئی تکلیف نہیں ہوتی مگر آہستہ آہستہ یہ اعضا کو متاثر کرتی ہے۔ خاص طور پر پاؤں کا خیال رکھیں۔ ذیابیطس کا علاج اور ادویات مہنگی ہیں‘ اس لیے اپنے اردگرد کسی مریض کو دیکھیں تو اس کی مدد کریں۔ ہم سب کو اس وبا کے خلاف کام کرنا ہوگا‘ ورنہ یہ بیماری سب کو نگل جائے گی۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved