تحریر : مجیب الرحمٰن شامی تاریخ اشاعت     15-11-2026

تبدیلی کے خواب؟

گزشتہ چند روز کے دوران چند ایسے واقعات دیکھنے کو ملے جنہوں نے سیاسی منظر کو کچھ نہ کچھ بدل ڈالا۔ عمران خان سے ان کے وکلا کی یکے بعد دیگرے دو ملاقاتیں ہوئیں‘ ایک میں سلمان صفدر اکیلے تھے تو دوسرے میں لطیف کھوسہ بھی ہمراہ تھے‘ یہ دوسری ملاقات کئی گھنٹوں تک پھیل گئی۔ اس میں بشریٰ بی بی بھی موجود رہیں۔ عمران خان کی دو بہنوں عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی رہائی عمل میں آئی۔ شاہ محمود قریشی کو عارضۂ دل کے سبب ہسپتال پہنچایا گیا۔ تحریک انصاف کے بڑے اور چھوٹے اس سب پر بغلیں بجانے لگے۔ یہ خبر بھی عام کر دی گئی کہ بانی پی ٹی آئی سے نئے صوبوں کے حوالے سے گفتگو ہوئی ہے‘ وہ اصولی طور پر ان کے حق میں ہیں لیکن جب تک اٹھائیسویں آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے نہ آ جائے‘ واضح طور پر کچھ کہنے سے قاصر رہیں گے۔ تحریک انصاف کے اندر سے ایسی آوازیں زور سے اُٹھیں کہ نئے صوبوں کی تشکیل پر ڈیل ہو گی تو بانی کو ڈھیل مل جائے گی۔ مسلم لیگ (ن) کے کچھ حلقوں میں اس سب کو حیرانی یا پریشانی سے دیکھا جانے لگا۔ اس پر باخبر ذرائع حرکت میں آئے‘ باخبر تجزیہ کار بھی سرگرم ہوئے‘ اخباری کالموں‘ ٹی وی سکرینوں اور سوشل میڈیا کی پھلجھڑیوں کے ذریعے وضاحتیں کی جانے لگیں کہ نہ کچھ تبدیل ہوا ہے‘ نہ ہو گا۔ پی ٹی آئی کے قیدی قید میں رہیں گے‘ مسند نشینوں کی مسندیں آباد رہیں گی۔ عدالتوں سے دیا جانے والا کوئی ریلیف کسی معاملہ سازی کا نتیجہ نہیں ہے۔ مقتدرہ جوں کی توں ہے‘ اور اس کے کانوں پر جوں نہیں رینگ رہی۔ یہ تسلیاں یا یقین دہانیاں زورِ دستور سے دی جا رہی ہیں لیکن تبدیلی کے آثار دیکھنے والے آنکھیں کھولنے پر تیار نہیں ہیں‘ وہ خواب دیکھتے جا رہے ہیں انہیں لگ رہا ہے رابطے جاری ہیں‘ کانا پھوسیاں ہو رہی ہیں‘ تاش پھینٹی جا رہی ہے :
تو لاکھ عذر کرے مگر، ہمیں شک ہے اور ہی کچھ جگر
تری اضطرابِ نگاہ سے، ترے احتیاطِ کلام سے
عمران خان کے ایسے فدائی بھی ہیں جو دہائی دے رہے ہیں کہ عصر کے وقت روزہ نہ توڑا جائے۔ بشریٰ بی بی کو ریلیف دلاتے دلاتے کیے دھرے پر پانی نہ پھیر لیا جائے۔ ایسے بھی ہیں جو موقع شناسی کو نعمت سمجھ کر اس میں سے شیرینی برآمد کر رہے ہیں۔
عمران خان سے کوئی لاکھ اختلاف کرے‘ اس بات سے اختلاف نہیں کر سکتا کہ وہ آج بھی ایک بڑی سیاسی طاقت ہیں۔ اُن کی جماعت کو الیکشن کمیشن رجسٹر کرے یا نہ کرے‘ اس کے حجم اور پھیلائو سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ اسی طرح ان کے مخالف بھی طاقت رکھتے ہیں۔ ان کی جڑیں بھی مضبوط ہیں۔ تمام تر کوشش اور خواہش کے باوجود فریقین ایک دوسرے کو چاروں شانے چت نہیں کر سکے اور نہ ہی کر سکیں گے۔ دونوں کے درمیان کھچاؤ نے پاکستانی عوام کا بھرکس البتہ نکال دیا ہے۔ بے یقینی اور بے اطمینانی نے ان کا ناطقہ بند کر رکھا ہے۔ وہ شے جسے سیاسی استحکام کہتے ہیں‘ کہیں ڈھونڈے سے نہیں مل رہی۔ یہ وہم مرض کی طرح پھیلا ہوا ہے کہ کسی بھی وقت کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ پاکستان شاید دنیا کا واحد ملک ہے‘جہاں حکومت کی معیاد کے بارے میں تیقّن کا اظہار نہیں کیا جا سکتا۔ ابھی تو ایک کولیشن گورنمنٹ قائم ہے‘ اس سے پہلے عمران خان بھی ایک کولیشن ہی کے سربراہ تھے‘ ایسی حکومتیں تو ہر دم کپکپاتی رہتی ہیں لیکن جب پارلیمنٹ میں دوتہائی اکثریت رکھنے والے دندنا رہے تھے‘ تو ان کے اقتدار کو میعاد پوری کرنی بھی نصیب نہیں ہوئی تھی۔ ہر حکومت کے جانے پر اس کے حریف ڈھول بجاتے تھے۔ پاکستان کے جسدِ سیاست کو اس مرض سے اب تک چھٹکارا نصیب نہیں ہوا۔ نئے صوبوں کی تشکیل کیلئے کس کی حمایت‘ کس طرح حاصل کی جائے گی‘ کس کی ضرورت محسوس ہو گی اور کس کی نہیں۔ اسے رکھیے ایک طرف‘ مفاہمت کو اس کے ساتھ نہ باندھیے‘ پاکستانی قوم کو اس کی ضرورت ہے‘ ضرورت تھی اور ضرورت رہے گی۔ انتہا پسندانہ مؤقف اختیار کرنے والے جو بھی ہوں‘ انہیں لچک اختیار کرنے کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے یا ہلکی‘ اس بات سے انکار ممکن نہیں کہ کوئی قوم اپنے آپ سے گتھم گتھا رہ کر فلاح نہیں پا سکتی۔ عمران خان اور ان کے مخالفوں سے جو کچھ بھی سرزد ہوا ہے‘ ایک نے دوسرے کے ساتھ جو کچھ بھی کر ڈالا ہے‘ اس کا حساب چکانے کیلئے اپنے اپنے گریبان میں جھانکنے کی ضرورت ہے۔ اپنا اپنا جائزہ لینے کی ضرورت ہے‘ اپنی اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنا لازم ہے‘ ملک اور قوم افراد کے ساتھ بندھے ہوئے نہیں ہوتے جو لوگ اپنے آپ کو ناگزیر سمجھتے ہیں‘ اپنے بغیر ملک اور قوم کا تصور نہیں کر پاتے‘ اپنی توانائی کو قومی توانائی قرار دے بیٹھتے ہیں‘ وہ آنکھ اُٹھا کر دیکھیں‘ تو قبرستان ایسے ناگزیر لوگوں سے بھرے نظر آئیں گے:
بر مزار ما غریباں نے چراغے نے گلے
''امیر العظیم‘ چراغ راہ‘‘
ہماری ''مقتدرہ‘‘ سے نئے صوبے بن پائیں گے یا نہیں‘ جماعت اسلامی برسوں پہلے پنجاب کو تین حصوں میں تقسیم کر کے وہاں الگ الگ امیر بھی مقرر کر چکی ہے۔ شمالی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم ہیں تو ہومیو پیتھک معالج لیکن قلم اور قرطاس سے بھی ان کا رشتہ مضبوط ہے۔ سیرت نگاری کا شرف حاصل کر چکے ہیں۔ مرحومین کو بھی یاد کرتے چلے جا رہے ہیں۔ الطاف حسن قریشی مرحوم پر ''نظریاتی صحافت کا سرخیل‘‘ کے زیر عنوان کتاب مرتب کی اور اب امیر العظیم مرحوم جیسے ''چراغِ راہ‘‘کی یادوں اور ان پر لکھے گئے یادگار کالموں کو یکجا کر دیا ہے۔ امیر العظیم جماعت اسلامی پاکستان میں ایک کارکن کے طور پر آئے اور بڑے مناصب تک پہنچے۔ برسوں اس کے سیکرٹری جنرل رہے۔ ان کی ملنساری اور انکساری نے اُنہیں ممتاز بنا رکھا تھا۔ وہ دنیا سے رخصت ہوئے تو ہر مکتبِ فکر سے تعلق رکھنے والوں نے ان سے اپنائیت کا بھرپور اظہار کیا۔ وہ سب کے تھے اور سب کے کام آتے تھے۔ ڈاکٹر طارق سلیم بھی ان کے نقشِ قدم پر چل رہے ہیں۔ ضلع کونسل کے دو بار رکن منتخب ہو چکے ہیں‘ کسی دن صوبائی اسمبلی میں بھی پہنچ جائیں گے۔ جماعت اسلامی میں کارکن لیڈر بنتے اور کارکن ہی لیڈر بناتے ہیں۔ چراغ سے چراغ روشن ہوتا چلا جا رہا ہے۔ امیر العظیم کی زندگی میں نوجوانوں کے سیکھنے کے لیے بہت کچھ ہے:
یقین محکم‘ عمل پیہم‘ محبت فاتح عالم
جہادِ زندگانی میں یہ ہیں مردوں کی شمشیریں
(یہ کالم روزنامہ ''دنیا‘‘ اور روزنامہ ''پاکستان‘‘ میں بیک وقت شائع ہوتا ہے)

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved