تحریر : خورشید ندیم تاریخ اشاعت     16-11-2026

مولانا مودودی کی قبر

سید مودودی کے مرقد پر بیٹھے حسن الیاس کی تصویر بھارت پہنچی تو اس نے ایک اور تشویش کو جنم دیا۔ اس کا اظہار راشد شاز صاحب نے کیا ہے۔
پاکستان میں تو کچھ لوگوں کو تشویش لاحق ہوئی کہ یہ تصویرمولانا کی علمی وارثت پر قبضے کی سازش کا پتہ دے رہی ہے اور مولانا کے حقیقی وارث اس سے متنبہ رہیں۔ راشد شاز صاحب کی تشویش یہ ہے کہ مولانا مودودی عمر بھر جس شخصیت پرستی کے مخالف رہے‘ ان کی اپنی قبر کہیں اس کا مظہر نہ بن جائے۔ اس کا سبب غالباً ان کے نزدیک اس خطے کی وہ روایت ہے جس نے اصنام پرستی کے مقامی رجحان سے اثر قبول کیا اور آج ہر مذہبی شخصیت کے ساتھ اظہارِ محبت و عقیدت کا رائج اسلوب یہ ہے کہ اس کی قبر سے روحانی فیوض و برکات وابستہ کر لی جائیں۔ شاز صاحب کو پریشانی ہوئی کہ کہیں مولانا کی شخصیت بھی پسِ مرگ اس رجحان کی نذر نہ ہو جائے۔
راشد شاز دورِ حاضر کی ایک معتبر علمی آواز ہیں جن کو دبستانِ شبلی ہی کا تسلسل سمجھنا چاہیے۔ وہ قرآن و سنت پر براہِ راست غور کے قائل ہیں۔ وہ اپنی علمی روایت سے استفادہ تو کرتے ہیں مگر اپنے نتائجِ فکر کو اس کا پابند نہیں بناتے۔ یہی دبستانِ شبلی کا امتیاز ہے اور اس سے وابستگی کی شرط بھی یہی ہے۔ راشد شاز روایت کے ساتھ معاصر دینی فکر کے بھی ناقد ہیں۔ معاصر دینی روایت کی تفہیم کیلئے ان کے کام سے صرفِ نظر نہیں کیا جا سکتا۔ مولانا کی قبرکے بارے میں انہوں نے جس تشویش کا اظہار کیا ہے‘ وہ ان کے فہمِ دین کے مطابق ہے۔ ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ ان کی یہ تشویش کیا برحق ہے اور مولانا سے محبت کرنے والوں سے کیا یہ توقع رکھی جا سکتی ہے؟
مولانا مودودی کو دنیا سے رخصت ہوئے 47برس ہو گئے۔ اگر اس کا کوئی امکان ہوتا تو یہ اب تک واقعہ بن چکا ہوتا۔ کم و بیش نصف صدی میں ایک دفعہ بھی ایسا نہیں ہوا کہ جماعت اسلامی یا مولانا کے کسی عقیدت مند نے یہاں چادر چڑھائی ہو یا ان کی قبر پر کسی نوعیت کا کوئی اجتماع ہوا ہو۔ بارہا لاہور میں جماعت اسلامی کا سالانہ اجتماع ہوا جس میں دنیا بھر سے لوگ شریک ہوئے۔ کسی اجتماع کی سرگرمیوں میں مولانا کی قبر پر حاضری شامل نہیں تھی۔ لہٰذا یہ خدشہ زیادہ وزن نہیں رکھتا کہ آ نے والے دنوں میں یہاں کوئی عرس ہو گا یا مولانا کی تعلیمات کے برخلاف ان کی قبر شرک و بدعت کا مرکز بن جائے گی۔ جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکن داد کے مستحق ہیں کہ مولانا سے ان کی محبت اور عقیدت اس دائرے میں رہی جو دین نے قائم کیا ہے۔ زیادہ مناسب یہی تھا کہ مولانا کی قبر گھر کے بجائے مسلمانوں کے کسی قبرستان میں ہوتی۔ گھر میں قبر بنانا جماعت اسلامی کی رائے بھی نہیں تھی۔ یہ مولانا کے اہلِ خانہ کی خواہش تھی‘ جماعت کی قیادت نے جس کا احترام کیا۔ اس پر شرعاً بھی کوئی اعتراض نہیں کیا جا سکتا تھا۔
یہ سوال تاہم اپنی جگہ اہم ہے کہ کیا ہر علمی اور مذہبی شخصیت سے وابستہ تمام آثار کو مٹا دینا دین کا مطالبہ ہے؟ کیا اس کی کوئی تہذیبی یا ثقافتی اہمیت نہیں؟ کیا یہ تاریخ کی حفاظت کا ایک مسلمہ طریقہ نہیں؟ کیا قومیں اپنی تاریخ کی بڑی شخصیات کے آثار کو محفوظ نہیں رکھتیں؟ کیا نئی نسل کو ان سنگ ہائے میل سے آگاہ کرنا ضروری نہیں جو اُن میں ایک قوتِ عمل پیدا کریں؟ کیا یہ کام بزرگوں کی قبروں اور آثار سے نہیں لیا جا سکتا؟
دنیا کی وہ اقوام جن کے قومی بیانیے غیرمذہبی ہیں‘ وہ بھی اس کا اہتمام کرتی ہیں کہ اپنی تاریخ کی بڑی شخصیات کے آثار کو باقی رکھیں۔ اس سے ایک طرف آنے والی نسلوں میں خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے اور دوسری طرف ان شخصیات سے انہیں وہ قوتِ عمل ملتی ہیں جو انہیں تاریخ ساز کردار ادا کرنے پر ابھارتی ہے۔ یہی نہیں‘ تاریخ شناسی کیلئے بھی ان کی غیر معمولی اہمیت ہے۔ آج آثارِ قدیمہ والے زمین کھودتے اور ان اقوام کے آثار تلاش کرتے ہیں جو دنیا سے گزر چکیں۔ ان آثار کی اہمیت علمی بھی ہے اور نفسیاتی بھی۔ تہذیبی بھی ہے اور تعلیمی بھی۔ مذہبی تاریخ کا محفوظ رہنا بدرجہ اتم ضروری ہے کہ اس سے مذہب اور مذہبی شخصیات سے وابستہ ان داستانوں کی قلعی کھولی جا سکتی ہیں جو انہیں مافوق البشر بناتیں اور مذہب کی اصل تعلیمات کو مسخ کرتی ہیں۔
اس میں شبہ نہیں کہ ان آثار کے سوئے استعمال کی شہادتیں بھی موجود ہیں۔ بالخصوص بزرگوں کی قبروں کے ساتھ ہم نے جو کیا وہ ایک المناک داستان ہے۔ اسے سامنے رکھا جائے تو راشد شاز صاحب کے خدشات کو بے بنیاد نہیں قرار دیا جا سکتا ہے۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں میں تجدید و احیائے دین کی روایت زندہ رہے‘ مولانا مودودی جس کا ایک سنگِ میل ہیں اور جنہوں نے اس طرح کے رجحانات کے خلاف لوگوں کو حساس بنایا۔ یہ اسی کا ایک نتیجہ ہے کہ ان کی جماعت اور متاثرین میں یہ رجحان پیدا نہیں ہوا۔ اس کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ ان آثار کی تاریخی حیثیت اور نفسیاتی اہمیت کو بھی سمجھا جائے۔ جماعت اسلامی نے اچھا کیا کہ مو لانا کے گھرکو ایک میوزیم میں بدل دیا۔ حکومتِ پاکستان نے یہ اہتمام علامہ اقبال کیلئے کیا ہے۔ یہ مقامات نئی نسل میں ایک جذبۂ عمل کو مہمیز دیتے ہیں۔ اپنے ماضی پر وہ فخر کرتی ہیں جو روشن مستقبل کی امید بن سکتا ہے۔ علامہ اقبال انگریزی میں ایک کتاب لکھنا چاہتے تھے 'اسلام جیسے میں نے سمجھا‘ (Islam as I understood)۔ اس کیلئے انہوں نے نوٹس بنائے۔ یہ ان کے میوزیم میں موجود ہیں۔ اب تو خیر ان پر کتابیں لکھی جا چکیں۔ ان کو دیکھ کر جہاں علمی ورثے سے آگاہی ہوتی ہے‘ وہاں ان کے فکری تسلسل کو سمجھنے میں بھی مدت ملتی ہے جو جاری اور ارتقا پذیر تھا۔ مجھے ایک بار استاذ جاوید احمد غامدی صاحب نے بتایا کہ انہوں نے 'تفہیمات‘ کا وہ نسخہ دیکھا جس پر مولانا نے اپنے قلم سے ترامیم و اضافے کیے ہوئے تھے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ ان مضامین پر نظر ثانی کرنا چاہتے تھے۔ ان آثار سے ہم سیکھتے ہیں کہ انسان کا فکر سفر کبھی ختم نہیں ہوتا۔
علمی آثار اور شخصیات کی یاد کا باقی رہنا ایک تعلیمی اور نفسیاتی ضرورت ہے۔ جب ہم ان کی قبروں پر جاتے ہیں تو جہاں ان کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہیں‘ وہاں ان قبروں سے یہ جذبہ بھی لیتے ہیں کہ انسانی جسم نے مٹی کے ساتھ مٹی ہو جانا ہے جسے عالم کا پروردگار قیامت میں ایک بار پھر جمع کر دے گا مگر اس کے کارنامے اسے پسِ مرگ بھی زندہ رکھتے ہیں۔ ہم بھی اگر زندہ رہنا چاہتے ہیں تو ہمیں کوئی ایسا کام کرنا چاہیے جو جسمانی وجود سے ماورا ہو۔ جو وجود مادی ہے اس نے تو باقی نہیں رہنا۔ قبر میں کچھ نہیں ہے۔ جو کچھ ہے‘ اس کے باہر ہی ہے۔ مولانا مودودی اگر کسی مادی وجود کا نام ہے تو وہ خاک ہو چکا۔ اگر وہ 'تفہیم القرآن‘ کے مصنف کا نام ہے تو اس وجود پر اُس وقت تک موت حرام ہے جب تک لوگ اس سے فائدہ اٹھا تے رہیں گے۔
ایک تصویر نے‘ دیکھیے کیسے کیسے فکر انگیز مباحث کو مہمیز دے دی۔ قابلِ غور بات یہ ہے کہ اس تصویر پر ردِعمل میں ہر کسی کا اخلاقی اور علمی شعور کار فرما ہے۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved