تحریر : رسول بخش رئیس تاریخ اشاعت     16-11-2026

بند کمروں کی سیاست

ایسی سیاست سے خطرناک کوئی عمل تصور ہی نہیں کیا جا سکتا۔ ہوتا ایسا ہے کہ دو چار یا چند افراد چھپ کر‘ بندکمروں میں بیٹھ کر قوموں کی قسمت کے فیصلے کر ڈالتے ہیں۔ تاریخ کے صفحات تو بہت ضخیم ہیں مگر ہماری اپنی روایت کے اوراق بھی کچھ کم نہیں۔ یہ بھی عرض کرتا چلوں کہ جس کسی نے بھی عوام سے اوجھل ہو کر خفیہ‘ باہمی رازداری میں اقدامات کیے‘ وہ فقط ان کے اپنے مفادات میں تھے۔ جمہوری سوچ اور اس کا فلسفہ بہت مختلف ہے۔ بند دروازوں کے پیچھے گفتگو تو ہو سکتی ہے مگر وہی عوام کے سامنے بھی بغیر کسی تراش خراش کے پیش کی جاتی ہے۔ پرانے زمانے ہوں یا آج کے‘ بڑے فیصلے تو درپردہ پہلے کر دئیے جاتے ہیں۔ رائے عامہ ہموار کرنے کیلئے انہیں وقت کے تقاضوں کے مطابق رنگ روغن لگا کر دلکش بنانے کی کوشش ہوتی ہے۔ ہمیں سب سے زیادہ نقصان ایسی سیاست سے ہوا ہے۔
پہلے میں آپ کو ایک صدی قبل کے ایسے ہی ایک تاریخی واقعے کا حوالہ دینا چاہتا ہوں جس کا بظاہر مقصد سلطنتِ عثمانیہ کے خاتمے کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں نیا ریاستی نظام وضع کرکے وہاں امن و سلامتی قائم کرنا تھا۔ 100سال بعد بھی وہاں آگ کے شعلے بلند ہو رہے ہیں۔ ہوا یوں کہ یورپ کے اتحادی ممالک سلطنت عثمانیہ کے حصے بخرے کرنے پر تلے ہوئے تھے۔ یہاں کہانی کو طول دینا نہیں چاہتا کہ اس مضمون کا مقصد کچھ اور ہے۔ دو سفارتکاروں‘ ایک کا تعلق فرانس اور دوسرے کا برطانیہ سے تھا‘ نے مل کر آزاد کردہ علاقوں میں قائم عرب ریاستوں‘ ان کی جغرافیائی حدود اور سربراہوں تک کے فیصلے کر دئیے۔ جو بادشاہ بنائے گئے وہ اُن خاندانوں میں سے تھے جنہوں نے ان کا ساتھ سلطنت عثمانیہ کی کشتی ڈبونے کیلئے دیا تھا۔ امریکی مورخ ڈیوڈ فرامکن نے 1989ء میں ان واقعات کی تشریح میں جو کتاب لکھی اس کا عنوان ہے ''A Peace to End All Peace‘‘۔
ہمارے ملک میں بند کمروں میں ہی فیصلہ ہوا کہ مشرقی پاکستان کی آبادی کا پلڑا بھاری ہے۔ اس کے برابر آبادی کرنے کیلئے مغربی پاکستان کا نیا صوبہ تشکیل دیا جائے‘ ادھر کے چاروں صوبے ضم ہو جائیں اور اس کا مرکز لاہور ہو۔ سب دلائل ون یونٹ کے حق میں اس وقت بھی مضحکہ خیز لگتے تھے مگر جو معترض تھے ان کی کسی نے نہ سنی۔ نہ جانے مشرقی پاکستان کے سیاستدانوں اور جماعتوں پر کتنا دباؤ تھا کہ آپ اس برابری کو مان لیں کہ آپ آبادی میں زیادہ ہیں اور ہم رقبے میں۔ اسی دلیل کو آج لیں تو پھر بلوچستان کے بارے میں کیا کہا جائے گا؟ یہ دو باتیں پس منظر کے طور پر اس لیے آپ کی نذر کی ہیں کہ آج کل پھر بند کمروں میں سیاست ہو رہی ہے‘ بلکہ یوں کہہ لیں کہ اس کا نیا دور چل رہا ہے۔ یہ سیاست تو ہمارے موروثی خاندانوں کی طرح کبھی ماند نہیں پڑی۔ بات یہ ہے کہ ملک صحیح طریقے سے چل نہیں رہا۔ باقی ممالک‘ علاقائی بھی‘ ہم سے بہت آگے نکل رہے ہیں۔ ان کے مقابلے میں یہاں غربت اور بے روزگاری کہیں زیادہ ہے اور معاشی شرح نمو بھی سماجی رفتار کی طرح بہت کمزور ہے۔ جب گورننس کی برائیاں گنوائی جاتی ہیں تو کرپشن کا پہلو گول کر دیا جاتا ہے۔ تاریخ ہو یا عصر حاضر کی حکومتیں‘ حکومتوں کی عملداری صرف اور صرف اس وقت دم توڑتی ہے جب کرپشن اس کی رگوں میں سرایت کر جائے۔ کوئی ملک میری نظر میں ایسا نہیں جہاں کرپشن کے بغیر گورننس کا بیڑا غرق ہوا ہو۔ زمانہ بھی عجیب انداز میں رنگ بدلتا ہے۔ آج کل حکومت کی ناکامی کا بیانیہ اس کے اپنے ہی بنا رہے رہیں ۔ بات تو وہ ہماری بھلائی کی کر رہے ہیں کہ ہم آگے نہیں جا رہے‘ ہمارا کہنا یہ ہے کہ پھر ذمہ داروں کا تعین بھی کیا جائے اور آئین و قانون کے مطابق ان کا محاسبہ بھی ضروری ہے۔ جو بند کمروں میں فیصلے چند سال پہلے ہوئے‘ ان کے مطابق کرپشن نہ ماضی میں ہوئی ہے اور نہ اب ہے‘ اور نہ کسی کے خلاف ماضی کی داستانوں کا آئندہ کبھی ذکر ہو گا۔ سیاسی ضرورت کے تقاضے کچھ اس طرح تھے کہ دو موروثی خاندان اور ان کے ساتھ وابستہ سیاسی نمائندے دو مضبوط جماعتوں کی صورت بڑے ہاتھوں کی تقویت کیلئے ناگزیر ہو گئے۔ آپ اسے اتحادِ ثلاثہ کہیں تو غلط نہ ہو گا۔ دانشمندی خصوصی اجتماعی معاملات میں یہ ہوتی ہے کہ قومی ناکامیوں کے اسباب و عوامل پر کھل کر بات کی جائے‘ ماہرین سے ان کا تجزیہ کرایا جائے اور ان کی روشنی میں آگے نکلنے کا لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ ہمارے ملک کے اندر اور باہر اپنی کوتاہیوں کے تجزیوں کی کوئی کمی نہیں۔ بات چیت کے دروازے بھی کبھی مکمل طور پر بند نہیں ہوئے۔ مسئلہ ہمیشہ یہ رہا ہے کہ بجائے اصلی اسباب پر توجہ دی جائے اور ان کا حل تلاش کیا جائے‘ نت نئے منصوبے پیش کیے جا رہے ہیں جن کا نہ تاریخ نہ زمینی حقائق سے کوئی تعلق ہے۔ جنرل ایوب خان نے اقتدار پر قبضہ کیا تو فرمایا کہ ہمارا آئین ہی ہمارے حالات کے مطابق نہیں‘ آؤ میں بنا کر دکھاتا ہوں کہ ملک کیلئے موزوں آئین کیسا ہو سکتا ہے۔ اس کی تائید کرنے والوں میں بہت سے نام آتے ہیں جو بعد میں معتبر بننے کی کوشش کرتے رہے۔ خیر‘ جنرل یحییٰ خان نے ہمیں اپنی قیادت کے کرشموں سے سرفراز کیا اور کہا کہ آئین کو ردی کی ٹوکری میں ڈالتا ہوں اور ون یونٹ کو بھی۔ یہ سب غلط تھا۔ جو بعد میں ہوا‘ اس کے نتائج اور اثرات آج بھی ہماری قومی نفسیات پر حاوی ہیں۔ بات ملک کے اندر منظم کرپشن کے دھندوں‘ آئین اور قانون کے بگاڑ اور مقامی حکومتوں کی تشکیل اور ان کو اختیارات تفویض کرنے کی ہے۔ یہ بھی کوئی معمہ نہیں کہ مقامی اور شہری حکومتوں کے خلاف کون سے سیاسی خاندان ہیں۔ اگر کبھی بنائی بھی ہیں تو اس انداز میں کہ وہ ان کے سیاسی پرزوں کے طور پر کام میں لائی جائیں۔
اجازت دیجیے کہ میں ذرا آج کھل کر بات کرنے کی جسارت کر رہا ہوں۔ بابائے سیاست صدر محترم آصف علی زرداری نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ سندھ کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔پنجابی مورخ اور دانشور صحیح کہتے ہیں کہ ہندوستان نہیں پنجاب تقسیم ہوا تھا۔ دوسرا صوبہ بنگال تھا جس پر تقسیم کی چھری پھیری گئی ۔ بھارت میں بیچارہ پنجاب پھر تین حصوں میں کاٹا گیا۔ ایک وہ بھی پنجاب تھا جس میں کشمیر‘ بھارت کے تین صوبے اور آج کا خیبر پختونخوا بھی اس میں شامل تھے۔ دیگر وفاقی ریاستوں کی تاریخ اور ساخت پر بھی نظر ڈالی جائے تو حضور‘ ایک طرف کیلیفورنیا ہے اور دوسری چین اور رہوڈز آئی لینڈ۔ اصل مسئلہ نظام ریاست اور حکومت کا ہے کہ آپ اختیارات کو اوپر نیچے اور متوازی طور پر مختلف اکائیوں میں کس طرح تقسیم کرتے ہیں اور وسائل‘ ملک اور ذمہ داریوں کو بھی۔ چھوڑیںیہ بند کمروں کی سیاست‘ کھل کر بات کر یں۔ حل صرف اور صرف ایک ایسی آئینی ترمیم ہے جس میں مقامی حکومتیں خود مختار ہوں‘ ان کا وسائل میں حصہ آئینی طور پر ہو۔ وہ صوبوں کی محتاج نہ ہوں۔ نئی قیادت ابھرے گی۔ آخری بات‘ کرپشن کا خاتمہ صرف بلا امتیاز احتساب میں ہے‘ مگر یہ بلی کے گلے میں گھنٹی والی بات ہے۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved