پیدا ہوئے تو نام محمد مسعود رکھا گیا۔ بڑے ہوئے تو اعلیٰ ترین سرکاری ملازمت‘ انڈین سول سروس (ICS) میں شمولیت کے بعد ایم مسعود کہلائے۔ پھر کھدر پوش ان کے نام کا حصہ بن گیا۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ‘ عوام دوست‘ روشن دماغ‘ محب الوطن‘ بے داغ کردار‘ پہلوانی کے شوقین‘ چوہدری رحمت علی کے دوست‘ پکے لاہوری‘ سادگی اور انکساری کے پیکر اور مادری زبان پنجابی کو فروغ دینے والے۔ جنرل ایوب کے دریاؤں کی تقسیم کے معاہدے کے بڑے اور واحد مخالف تھے۔ خوش قسمت ہیں شیریں جن کے وہ والد تھے۔ خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو اُن سے ملے‘ ان کے دوست بنے اور ان سے بہت کچھ سیکھا۔ خوش قسمت ہیں سندھ کے اُفتادگانِ خاک (ہاری) جن کی وہ آواز بنے۔ خوش قسمت ہے وہ بوڑھا شخص جسے ان پر یہ سطور لکھنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ خوش قسمت ہے کھدر کا وہ دیسی لباس جسے انہوں نے قریباً ساری عمر اپنایا اور خوش قسمت ہے ان کی مادری زبان پنجابی جسے وہ فخر سے بولتے تھے۔اختر حمید خان (کورنگی منصوبے کے خالق) کے سوا شاید ہی کوئی دوسرا شخص ہو جو اعلیٰ ترین سرکاری عہدوں پر فائز رہنے کے باوجود اتنی خوبیوں کا مالک ہو۔ اختر حمید خان کی طرح وہ بھی ہمارا قومی سرمایہ تھے۔ وہ دونوں ہم سے دور چلے گئے تو ہم تہی دامن‘ یتیم‘ گونگے‘ بہرے اور اندھے ہو گئے۔مسعود صاحب 25 جون 1916ء کو قدیم لاہور کے گمٹی بازار میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد غلام قادر کامیاب وکیل تھے۔ والدہ گل بیگم کا تعلق کانگڑہ (بھارت) کے تحصیلدار گھرانے سے تھا۔ مسعود صاحب نے گورنمنٹ کالج لاہور سے بی اے کرنے کے بعد لاء کالج میں داخلہ لیا۔ ایل ایل بی کے امتحان میں اول آئے اور زیادہ نمبر حاصل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔ 1941ء میں ICS میں شامل ہوئے۔ یہ اُس زمانے کی سب سے بڑی سرکاری ملازمت تھی اور اس کا امتحان انتہائی سخت ہوتا تھا۔ تحریری پرچوں کے علاوہ گھڑ سواری میں مہارت بھی ضروری تھی۔ برطانوی حکومت نے انہیں اعلیٰ تعلیم کیلئے کیمبرج یونیورسٹی بھیجا جہاں اُن کا چوہدری رحمت علی سے تعارف ہوا جو دوستی میں بدل گیا۔
سرکار نے پہلی پوسٹنگ بمبئی صوبے کے علاقے خاندیش میں احمد نگر میں کی۔ انہیں انتہائی پسماندہ بھیل قبائل کی فلاح و بہبود کے لیے بھیجا گیا۔ انہوں نے غریب لوگوں کو ساہوکاروں کے چنگل سے نجات دلائی‘ اُن کی دم توڑتی زبان کو نئی زندگی دی اور ثقافت کو اجاگر کیا۔ بھیل قبیلے کی اتنی خدمت کی کہ لوگ انہیں بھگوان کہنے لگے۔ 1946ء میں نواب شاہ (سندھ) میں ڈپٹی کمشنر بنا کر بھیجے گئے۔ مارچ 1947ء میں قائداعظم کی ہدایت پر سندھ کے مفلوک الحال کاشتکاروں کی زندگی بہتر بنانے کیلئے سرکاری کمیشن قائم کیا گیا۔ مسعود صاحب نے ہاری رپورٹ پر جو اختلافی اور تہلکہ خیز نوٹ لکھا‘ وہ ہماری تاریخ کا روشن باب بن گیا۔ بے زمین کسانوں کو زمین دلوانے کے لیے اتنی جدوجہد کی کہ خود ہاری کہلانے لگے۔ اعلیٰ ترین عہدے پر فائز ہونے کے باوجود انہوں نے پوری ملازمت میں دیسی سوت سے بنے کھدر کا لباس پہنا۔ حکومت کو ان کی عوام دوستی بری طرح کھٹکتی تھی۔ جنرل ایوب نے ان سے جان چھڑانے کیلئے جنوری 1966ء میں انہیں پشاور کی اکادمی برائے ترقیٔ دیہات کا ڈائریکٹر بنا دیا۔ وہ یہاں بھی سرکاری روش سے ہٹ کر کارنامے سرانجام دیتے رہے۔
1956ء تا 1958ء‘ جب میں پنجاب یونیورسٹی میں ایم اے سیاسیات کا طالب علم تھا تو میری کئی بار مسعود صاحب سے ملاقات ہوئی۔ 1962ء تا 1967ء دوبارہ لاہور میں رہنے کا موقع ملا تو مزید ملاقاتیں ہوئیں۔ آج بھی آنکھیں بند کرتا ہوں تو اپنے ہیرو اور رول ماڈل کا مسکراتا چہرہ سامنے آ جاتا ہے اور ان کی ٹھیٹھ پنجابی میں کی گئی باتوں کی بازگشت سنائی دیتی ہے۔ میرے دوست اور ہم جماعت جاوید قیوم مرحوم جو سول سروس کا امتحان پاس کرکے انسپکٹر جنرل پولیس بنے‘ کے والد صاحب کے مسعود صاحب کے خاندان سے پرانے مراسم تھے۔ غالباً جاوید ہی کے توسط سے ان سے تعارف ہوا تھا۔ میری بیوی نے یاد دلایا کہ وہ میرے سسرالی رشتہ دار بھی تھے۔ یاسمین بیگم کی پھوپھی مسز افتخار سے ان کی قریبی رشتہ داری تھی۔
مسعود صاحب نے 1971ء میں ''عوامی محاذ‘‘ کے نام سے ایک سیاسی پریشر گروپ تشکیل دیا جس کا مقصد سیاسی جماعتوں کو اپنے وعدے پورے کرنے پر مجبور کرنا تھا۔ 1976ء میں تحریکِ خوشحال پاکستان کی داغ بیل ڈالی۔ 26 فروری 1979ء کو لاہور پریس کلب میں تقریر کرتے ہوئے فرمایا کہ پاکستان کے اقتصادی مسائل قومی اور انفرادی سطح پر سادگی اور کفایت شعاری کی مہم سے حل کیے جا سکتے ہیں۔ کتنا مبارک ہوگا وہ دن جب ہمارے وزرائے خزانہ معاشی کشتی میں مزید سوراخ کرنے کے بجائے عوام دوست اقدامات سے اسے ڈوبنے سے بچائیں گے۔ کیا ہم اربوں روپے کی فضول خرچی اور غیر پیداواری منصوبوں پر عمل درآمد بند کرکے اپنے اخراجات کم نہیں کر سکتے؟ یہ وہ سوال ہے جو مسعود صاحب کی روح ہم سے پوچھتی ہے۔
مسعود صاحب کی زندگی کے دو کارنامے سب سے نمایاں ہیں۔ پہلا ہاری رپورٹ پر اختلافی نوٹ اور دوسرا سندھ طاس آبی معاہدے پر ایوب خاں کی آمریت سے ٹکر لینا۔ میں نے بھارت اور پاکستان کے آبی تنازعات پر ایک ہزار صفحات کی کتاب مرتب کی تو تحقیق کے دوران معلوم ہوا کہ ایوب خان نے انہیں دھمکی بھی دی تھی۔ جب سارے ملک پر سکوتِ مرگ طاری تھا تو صرف مسعود صاحب کو حکمِ اذاں ملا۔ یہ نقار خانے میں طوطی کی آواز تھی۔ مسعود صاحب کے سندھ طاس معاہدے پر چھ بنیادی اعتراضات یہ تھے: 1۔ ہندوستان کو تین دریا دینے سے پاکستان کی زرعی زمین کے سولہ لاکھ ایکڑ نہیں بلکہ ستر لاکھ ایکڑ متاثر ہوں گے۔ 2: اس معاہدے کے ذریعے پاکستان نہ صرف کشمیر بلکہ تمام دریاؤں سے بالواسطہ دستبرداری کی مہر ثبت کر دے گا حالانکہ یہ دریا ہمارے لیے رگِ جاں کی حیثیت رکھتے ہیں۔ 3: متبادل منصوبوں کی دیکھ بھال پر سالانہ پچاس کروڑ روپے خرچ ہوں گے جس کے لیے مغربی پاکستان کا سالانہ محاصل کا بجٹ ناکافی ہوگا۔ 4: اس معاہدے کے تحت ہماری نہروں میں قدرتی طور پر بہنے والے پانی سے ہاتھ دھونا پڑے گا اور اس کے بدلے منگلا ڈیم کے ذخیرۂ آب پر قناعت کرنا ہوگی۔ ڈیم میں گار جمع ہونے سے وقت گزرنے کے ساتھ ان کی افادیت ختم ہوتی جائے گی۔ 5ـ: ان ڈیموں اور دریاؤں کو ملانے والی نہروں کی تعمیر میں دس یا اس سے زیادہ برس لگ جائیں گے اور اس عرصے میں ہماری ترقی متاثر ہوگی۔ 6: سندھ طاس معاہدے پر عمل درآمد کیلئے ایک ارب سات کروڑ ڈالر لاگت آنی تھی جس میں سے 87 کروڑ ڈالر پاکستان پر خرچ ہونے تھے۔ بھارت نے ترقیاتی فنڈ میں 17 کروڑ 46 لاکھ ڈالر دینے کی ذمہ داری لی۔ پانی ذخیرہ کرنے کیلئے دو بڑے ڈیم بنائے جانے تھے۔ ایک دریائے جہلم پر جس میں 47 لاکھ 50 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہونا تھا‘ اور دوسرا بالائی سندھ پر جس کی گنجائش 42 لاکھ ایکڑ فٹ تھی۔ اس کے علاوہ پانچ ڈیم اور آٹھ رابطہ نہریں تعمیر ہونا تھیں جن کی مجموعی لمبائی تقریباً 400 میل تھی۔ یہ نہریں مرکزی باری دوآب اور ستلج کے علاقوں میں پانی پہنچانے کیلئے بنائی جانی تھیں۔ اس نئے نظام پر اتنی زیادہ لاگت آنا تھی جو دونوں ملکوں کی مالی بساط سے باہر تھی۔
آپ نے مسعود صاحب کے چھ بڑے اعتراضات پڑھ لیے۔ اب 66 برس آگے چل کر دیکھیں کہ کیا ان کے خدشات حرف بہ حرف درست ثابت ہوئے یا نہیں؟ جواب یقینا اثبات میں ہے۔
لاہور کے ایک قبرستان میں اس قبر پر نور برستا ہوگا جس کی آغوش میں مسعود صاحب سوئے پڑے ہیں۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved