یہ اُس وقت کی بات ہے جب لواری ٹنل نہیں بنی تھی اور برفباری کے موسم میں چترال پاکستان سے کٹ جاتا تھا۔ تب لوگ سرما کے ایام میں افغانستان کے صوبے نورستان کے راستے چترال جایا کرتے تھے۔ اُنہی دنوں پاکستان کے ایک وزیر صاحب نے اعلان کیا کہ جلد ہی چترال کو وسط ایشیا سے ملا دیا جائے گا۔ کسی من چلے نے ان سے کہا کہ حضور! چترال تو خود چھ ماہ پاکستان سے ملا ہوا نہیں ہوتا۔ پہلے اسے تو ملا لیجیے۔
یہ بات یوں یاد آئی کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی یوم اقبال بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ سرکاری سطح پر بھی اور غیر سرکاری طور پر بھی! تقاریب ہوئیں۔ تقریریں کی گئیں۔ مگر اُس زمانے کے چترال کی طرح کلامِ اقبال کے معتد بہ حصے سے قوم کٹی ہی رہی۔ ناآشنا ہی رہی! تقاریب اور جلسوں کی اہمیت سے انکار نہیں۔ یہ بھی ضروری ہیں۔ فکرِ اقبال سے آشنائی نہیں‘ تو کم از کم ذکرِ اقبال تو ہو جاتا ہے۔ یوں تو ضمیر جعفری نے کہا تھا کہ:
بپا ہم سال میں اک مجلسِ اقبال کرتے ہیں
پھر اس کے بعد جو کرتے ہیں وہ قوّال کرتے ہیں
علامہ اقبال کا کلام ساڑھے تین اردو مجموعوں پر مشتمل ہے۔ بانگ درا‘ بال جبریل ‘ ضربِ کلیم۔ اور ارمغانِ حجاز کا نصف اردو حصہ۔ اس کے مقابلے میں ان کی فارسی شاعری ساڑھے سات مجموعوں پر مشتمل ہے۔ اسرارِ خودی‘ رموز بے خودی‘ پیام مشرق‘ زبور عجم‘ جاوید نامہ‘ پس چہ باید کرد‘ مسافر! اور ارمغانِ حجاز کا نصف حصہ! ان میں سے دو مجموعے اسرارِ خودی اور رموزِ بے خودی اکٹھے ایک ہی کتاب کی صورت میں شائع ہوتے ہیں۔ پس چہ باید کرد اور مسافر‘ یہ دونوں مثنویاں بھی اکٹھی چھاپی جاتی ہیں۔ یوں حساب لگائیں تو معلوم ہو گا کہ اقبال کے کُل کلام کا 68 فیصد سے زیادہ حصہ فارسی شاعری پر مشتمل ہے۔ جب پڑھے لکھے لوگوں کی اکثریت بھی فارسی سے بظاہر‘ نابلد ہے اور کلام اقبال کا 68 یا 69 فیصد حصہ‘ بظاہر‘ نہیں سمجھ پاتی تو اس کا ایک ہی مطلب ہے کہ ہم اقبال کے ساتھ انصاف کر رہے ہیں نہ اس کے کلام کو اپنا رہے ہیں۔
اب یہاں ایک لمحے کا توقف کیجیے اور سوچیے کہ فارسی اگر ہماری زبان نہیں تو اقبال نے فارسی کو اپنے خیالات کے اظہار کا ذریعہ کیوں بنایا؟ یہ کہنا کہ فارسی ہماری زبان نہیں‘ اگر جھوٹ نہیں تو بہت بڑی غلط فہمی ضرور ہے۔ یاد رہے کہ محمود غزنوی نے 1000ء سے لے کر اپنی وفات (1030ء) تک ہندوستان پر متعدد حملے کیے۔ ہر حملے کے بعد اس کے ساتھ آنے والے مسلمانوں میں سے کچھ ہندوستان ہی میں رہ جاتے تھے۔ پنجاب پر محمود کا باقاعدہ قبضہ تھا۔ محمود کے لشکریوں کی غالب زبان فارسی تھی۔ پھر غوری کے زمانے میں بھی یہی ہوتا رہا‘ یہاں تک کہ قطب الدین ایبک کے جانشین التمش نے 1211ء میں دارالحکومت لاہور سے دہلی منتقل کر لیا۔ اردو کے پہلے قابلِ ذکر شاعر ولی دکنی نے 1740ء میں وفات پائی۔ اب یہ سوچنے کی بات ہے کہ 1000ء سے لے کر اٹھارہویں صدی تک کیا ہندوستان کے مسلمان کسی زبان‘ کسی شاعری‘ کسی ادب کے بغیر زندہ رہے؟ ان آٹھ سو سالوں میں فارسی ہی ان کی زبان تھی۔ اردو فارسی ہی کی جانشین ہے۔ یہ کہنا کہ فارسی ہماری زبان نہیں ہے یا نہیں تھی۔ تو یہ تو اردو کے بارے میں بھی کہا جا سکتا ہے۔ امیر خسرو‘ ابوالفضل‘ فیضی‘ خانخاناں‘ رائے منوہر داس‘ غالب‘ بیدل‘ غنیمت کنجاہی‘ غنی کاشمیری ‘ اقبال اور بے شمار دوسرے بے شمار شعرا ہندوستانی تھے۔ ایرانی نہیں تھے۔ یا پھر کہہ دیجیے کہ آٹھ سو سال تک ہندوستان میں ہمارا کوئی ادب تھا نہ تہذیب! اب معاملے کا دوسرا پہلو دیکھیے۔ یہ جو اوپر کہا ہے کہ ''پڑھے لکھے لوگوں کی اکثریت بھی فارسی سے‘ بظاہر‘ نابلد ہے‘‘۔ تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہر وہ شخص جو اردو جانتا ہے‘ فارسی بھی جانتا ہے یہ اور بات کہ اسے یہ معلوم ہی نہیں کہ وہ فارسی سے اچھی طرح شناسا ہے۔ اقبال ہی کا کوئی شعر لے لیجیے۔ مثلاً
آں امامِ عاشقاں‘ پورِ بتول
سروِ آزادی ز بستانِ رسول
تا قیامت قطعِ استبداد کرد
موجِ خونِ او چمن ایجاد کرد
ان میں کتنے الفاظ ہیں جو کسی اردو دان کے لیے نئے ہیں؟ امامِ عاشقاں‘ سرو‘ بستان (بوستان)‘ قطع‘ استبداد‘ موجِ خون ‘چمن‘ ایجاد۔ سب وہی لفظ ہیں جو ہم اردو میں لکھتے اور پڑھتے ہیں۔ صرف پُور کا لفظ نیا ہے جس کا مطلب بیٹا ہے۔ چلیے اقبال تو برصغیر سے ہیں‘ کسی ایرانی شاعر کے اشعار دیکھ لیجیے۔ صائب کہتے ہیں:
بے ساقی و شراب غم از دل نمی روَد
این درد را طبیب یکے و دوا یکی ست
صائب شکایت از ستمِ یار چوں کند
ہر جا کہ عشق ہست، جفا و وفا یکی ست
ان اشعار کے الفاظ دیکھیے۔ ساقی‘ شراب‘ غم‘ دل‘ درد‘ طبیب‘ دوا‘ شکایت‘ ستمِ یار‘ جا‘ عشق‘ جفا‘ وفا۔ تمام لغت وہی ہے جو اردو میں مستعمل ہے۔ میرا اپنا تجربہ اور مشاہدہ ہے کہ ایک اوسط درجے کے اردو دان کو زیادہ سے زیادہ تین ماہ میں اتنی فارسی آ جاتی ہے کہ وہ علامہ کے اکثر اشعار کا مفہوم اخذ کر لے‘ بشرطیکہ اسے فارسی کے تہرانی لہجے میں نہ الجھایا جائے۔ ہمارا روایتی فارسی لہجہ وہی ہے جو بخارا‘ سمرقند‘ تاجکستان اور افغانستان میں بولا جاتا ہے۔ ایران میں مشہدی لہجہ بھی‘ کم و بیش یہی ہے۔
تو پھر۔ بقول اقبال‘ پس چہ باید کرد؟ کیا کیا جائے؟ اگر ہم اقبال کی تعلیمات کے حوالے سے سنجیدہ ہیں تو ہمیں فارسی کی طرف پلٹنا ہو گا۔ اس کے لیے کچھ لمبے چوڑے انتظامات نہیں کرنے۔ ہمیں زاویے یعنی مجلسیں قائم کرنی ہوں گی جہاں بنیادی فارسی کے بعد اقبال کا کلام پڑھایا جائے۔ ابھی اتنا اندھیر نہیں ہوا کہ فارسی پڑھانے والے عنقا ہو جائیں۔ ہر شہر میں فارسی دان حضرات موجود ہیں۔ پندرہ بیس شائقین کا ایک ایک زاویہ (مجلس) بن سکتی ہے جو استاد سے ہفتے میں کم از کم تین یا چار دن پڑھیں۔ بہت سے ایسے مخلص محبانِ اقبال یقیناً ہوں گے جو اس منصوبے کا ہر شہر میں بیڑہ اٹھا لیں گے۔ جگہ بھی ڈھونڈ لیں گے اور استاد کو بھی لے آئیں گے۔ اقبال ہی نے تو کہا تھا:
نہیں ہے ناامید اقبال اپنی کِشتِ ویراں سے
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بہت زرخیز ہے ساقی
ہمارے دوست جناب ذوالفقارچیمہ علامہ اقبال کے حوالے سے‘ ماشاء اللہ بہت سرگرم اور متحرک ہیں۔ وہ اگر اس طرف توجہ دیں تو اپنی تنظیم کے تحت ہر شہر میں ''مجلسِ اقبال‘‘ یا ''زاویۂ اقبال‘‘ قائم کر سکتے ہیں جہاں شائقین کو بنیادی فارسی کے بعد کلام اقبال سبقاً سبقاً پڑھایا جائے۔ یہ ایک ایسا کام ہو گا جو صحیح معنوں میں اور درست بنیادوں پر اقبال کی تعلیمات کو عام کر سکے گا۔ بدقسمتی سے اقبال کے نام پر جو سرکاری ادارے قائم ہیں وہ مکمل طور پر بنجر اور بے ثمر ہیں۔ ویسے بھی حکومتوں کی سر پرستی ایسی عظیم شخصیات کی تعلیمات کو مسخ کرتی ہے کیونکہ حکومتوں کے اپنے مفادات ہوتے ہیں جن کی تکمیل کے لیے بڑی شخصیات کے نام کو استعمال کیا جاتا ہے۔ اقبال کے حوالے سے جو غیر حقیقی باتیں سوشل میڈیا پر پھیلائی جا رہی ہیں ان کی وجہ کلام اقبال اور خطوط ِاقبال سے ناواقفیت ہے! علامہ کے خطوط چار جلدوں میں شائع ہو چکے ہیں۔ تعلیماتِ اقبال کے شائقین کے لیے ان خطوط کا مطالعہ ازحد لازم ہے۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved