تحریر : شاہد کاردار تاریخ اشاعت     17-11-2026

سول سروس اصلاحات کا خاکہ

سول سروس میں اصلاحات کیلئے ضروری ہے کہ حکومت کی ہر سطح یعنی وفاقی‘ صوبائی اور مقامی نیز ہر وزارت اور ادارہ اپنے اپنے ملازمین اور تنخواہوں کے الگ الگ ڈھانچے کے ذریعے اپنے اپنے فرائض تشکیل دے اور انتظامی ذمہ داری نبھائے۔ سرکاری ملازمین کے معاوضوں کا تعین اس طرح کیا جائے کہ وہ متعلقہ مہارت اور تجربے کیلئے مارکیٹ (نجی شعبہ) میں رائج معاوضہ کے مساوی ہو۔ لہٰذا تنخواہ کے موجودہ یکساں ڈھانچے (یونیفائیڈ پے سکیلز) کو ختم کر دینا چاہیے جبکہ مراعات اور خصوصی سہولتوں کو ختم کرکے ان کی مالی قدر متعین کرنی چاہیے۔ تاہم اگر فیصلہ سازی بدستور ضرورت سے زیادہ عہدوں کے تابع رہی اور اختیارات کا تعین بنیادی طور پر عہدے کی بنیاد پر ہوتا رہا تو صرف ہنرمند پیشہ ور افراد کی بھرتی سے مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ لہٰذا رولز آف بزنس پر نظرثانی کرکے مناسب مالی اور انتظامی اختیارات نچلی سطح پر تفویض کیے جانے چاہئیں۔ خصوصی مہارتوں کے حامل افراد کی خدمات لینے کیلئے کنٹریکٹ کی بنیاد پر تقرر پر انحصار کرنا چاہیے۔ سرکاری ملازمین کے ایک بڑے حصہ کو عارضی معاہدوں کے تحت مارکیٹ کے مطابق تنخواہوں پر ملازم رکھا جا سکتا ہے۔ بار بار تبادلوں سے پیدا ہونے والی خرابیوں کو کم کرنے کی غرض سے جہاں ممکن ہو تقرریاں صرف مخصوص محکموں اور اداروں کی بنیاد پر کی جانی چاہئیں۔ مثال کے طور پر اساتذہ اور ڈاکٹروں کو پورے نظام میں قابلِ تبادلہ ملازمین کے طور پر بھرتی نہ کیا جائے بلکہ انہیں صرف مخصوص سکولوں‘ بنیادی مراکزِ صحت یا ہسپتالوں میں کام کرنے کیلئے ملازمت دی جائے۔ ریگولیشنز میں کمی اور شفافیت میں اضافہ: قواعد و ضوابط کے بوجھ کو کم کرنے‘ طریقہ کار کو آسان بنانے اور غیرضروری منظوریوں اور تصدیقوں کو ختم کرنے سے اور فائلوں کی منظوری کے مراحل کم کرنے سے فیصلہ سازی کی رفتار تیز ہو جائے گی اور سرکاری اہلکاروں کے صوابدیدی اختیارات محدود ہو جائیں گے۔ یوں حکومتی اہلکاروں کیلئے ناجائز مالی فوائد حاصل کرنے کے مواقع بھی کم ہو جائیں گے۔ خدمات کی فراہمی کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے انجام دینے اور قوانین‘ قواعد و ضوابط‘ پالیسیوں‘ سرکاری مراسلوں‘ ہدایت ناموں اور پروسیجرز کو آن لائن بآسانی دستیاب بنا دیا جائے تو صوابدیدی اختیارات اور لین دین کے اخراجات میں مزید کمی آئے گی۔ موجودہ ریگولیٹری نظام میں صوابدیدی اختیارات کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے۔ اس کو ختم کرنے کیلئے ایک انقلابی طریقہ کار اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ اہم شعبوں مثلاً بجلی‘ گیس‘ سٹیٹ بینک آف پاکستان‘ سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان‘ عدالتی کارروائیوں اور امن و امان سے متعلق ریگولیٹری نظاموں کا نقشہ تیار کیا جائے اور ہر شق کا الگ الگ جائزہ لیا جائے۔ محکموں کے دیگر ضوابط ختم کرنے کیلئے یہ اصول اختیار کیا جائے کہ اگر یہ ثابت ہو جائے کہ یہ ضوابط ایک واضح اور قابلِ دفاع عوامی مقصد پورا کرتے ہیں تو انہیں برقرار رکھا جائے ورنہ انہیں منسوخ کر دیا جائے۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا حجم مناسب حد تک کم کرنا: 18ویں آئینی ترمیم کے باوجود وفاقی حکومت کا حجم اب بھی بہت بڑا ہے۔ اس میں 32وزارتیں‘ 39ڈویژن اور تقریباً 400 منسلک محکمے شامل ہیں۔ ان سب میں (بشمول آئینی ادارے جیسے عدلیہ‘ پارلیمان وغیرہ) لگ بھگ پانچ لاکھ چالیس ہزار افراد ملازمین ہیں جن میں 95فیصد گریڈ ایک تا 16سے تعلق رکھتے ہیں۔ مزید‘ خودمختار اداروں میں تین لاکھ 61ہزارافراد کام کرتے ہیں جن میں سے 83فیصد کا تعلق گریڈ ایک تا 16سے ہے۔ خودمختار اداروں کے نقصانات اور انہیں دی جانے والی مالی امداد کو شمار کیے بغیر وفاقی حکومت ہر سال کھربوں روپے ایسے امور پر خرچ کرتی ہے جو صوبوں کو منتقل کیے جا چکے ہیں‘ اور ایسی سرگرمیوں پر جن کے اخراجات صوبوں کے ساتھ مل کر برداشت کیے جانے چاہئیں یا ایسے منصوبوں پر جو بنیادی طور پر صوبائی نوعیت کے ہیں۔ درحقیقت وفاقی حکومت کو صرف 15 ڈویژنوں کی ضرورت ہے لہٰذا وفاقی اور صوبائی‘ دونوں حکومتوں کے حجم میں نمایاں کمی لانے کی ضرورت ہے۔ سیاستدانوں اور سرکاری افسران دونوں اس عمل کی مخالفت کرتے ہیں کیونکہ ان کے مفادات وزارتوں اور اعلیٰ انتظامی عہدوں کو برقرار رکھنے سے وابستہ ہیں۔
صوبائی حکومتوں کا مسئلہ اس سے بھی زیادہ سنگین ہے۔ وہ بڑے روزگار فراہم کرنے والے اداروں میں تبدیل ہو چکی ہیں جہاں افسروں کو وسیع پیمانے پر الاؤنس دیے جاتے ہیں اور کم مہارت رکھنے والے ملازمین کو بڑی تعداد میں بھرتی کیا جاتا ہے جبکہ متعلقہ شعبوں میں مہارت رکھنے والے اہلکاروں کی کمی رہتی ہے۔ مثال کے طور پر پنجاب میں 2000ء میں 22 محکمے تھے لیکن اب ان کی تعداد 48 ہو چکی ہے۔ اگرچہ دونوں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی تنظیمِ نو ضروری ہے تاہم پہلے فوری توجہ اس بات پر ہونی چاہیے کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد اختیارات کی تقسیم کے مطابق وفاقی حکومت کا حجم کم کیا جائے۔ گریڈ 1 سے 16 تک کے سرکاری ملازمین کی ایک بڑی تعداد کو مارکیٹ میں مساوی نوعیت کی رائج تنخواہوں سے زیادہ معاوضہ دیا جاتا ہے۔ ان کی تنخواہوں پر وفاقی حکومت کے سیلری بجٹ کا تقریباً 85 فیصد خرچ ہوتا ہے۔ ان میں سے بہت سی اسامیوں کو موجودہ ملازمین کی ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے بعد پُر نہ کرکے بتدریج ختم کر دینا چاہیے۔ اس اقدام کے ساتھ درج ذیل اقدامات بھی کیے جانے چاہئیں:
تمام خالی اسامیوں کو ختم کر دیا جائے: ایسے اداروں اور خودمختار تنظیموں کی نشاندہی کرکے انہیں بند کیا جائے جن کے قیام کے اصل مقاصد اب غیر ضروری ہو چکے ہیں۔ جہاں مناسب ہو وہاں مزید بھرتیوں پر پابندی عائد کی جائے۔ جن اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا جائے وہاں 30 سال کی ملازمت مکمل کرنے والے ملازمین کو ریٹائر کر دیا جائے جبکہ ان کے پہلے سے حاصل شدہ پنشن کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔ جہاں فوری ریٹائرمنٹ سیاسی یا معاشی اعتبار سے مشکل ہو وہاں متاثرہ ملازمین کو فاضل عملے کی فہرست میں شامل کیا جائے تاکہ ان سے وابستہ اخراجات (مثلاً دفتری جگہ‘ بجلی و دیگر سہولتوں اور گاڑیوں کے اخراجات) کم کیے جا سکیں۔
معاوضوں کا ڈھانچہ: معاوضوں کے نظام کو ازسرِنو ترتیب دیا جانا چاہیے۔ اس مقصد کیلئے مختلف مراعات اور سہولتوں کو نقد رقم کی صورت میں تبدیل کرکے ان کی مکمل لاگت کا حساب لگایا جائے۔ اس سے معاوضے کے مجموعی پیکیج میں شفافیت آئے گی اور ملازمین کو یہ اختیار بھی حاصل ہوگا کہ وہ اپنی آمدنی کو اپنی مرضی کے مطابق استعمال کریں۔ اس کے علاوہ وہ قیمتی سرکاری زمین بھی واگزار ہو جائے گی جس پر اس وقت سرکاری رہائشگاہیں (جیسے جی او آرز) قائم ہیں۔ مراعات کو نقد رقم میں تبدیل کرنے سے اضافی نقد اخراجات ہوں گے۔ انہیں پورا کرنے کیلئے وہ بچت استعمال کی جا سکتی ہے جو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا حجم کم کرنے‘ غیر ضروری اداروں کو بند کرنے اور سرکاری رہائش کیلئے استعمال ہونے والی زمین کو فروخت کرنے یا کسی دوسرے مفید مقصد کیلئے استعمال کرنے سے حاصل ہو گی۔ اسی طرح میڈیکل انشورنس کے ذریعے صحت کی سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔ نئے سرکاری ملازمین کیلئے موجودہ مقررہ فوائد پر مبنی پنشن نظام کی جگہ ایسا نظام متعارف کرایا جائے جس میں حکومت کیساتھ ساتھ وہ بھی اپنی تنخواہ سے اتنی ہی رقم جمع کرائیں۔ پہلے سے ملازمت کرنے والے ملازمین کیلئے بھی بتدریج اسی سمت میں پیشرفت کی جائے۔ تاہم ان کے پہلے سے حاصل شدہ پنشن کے حقوق کا تحفظ برقرار رکھا جائے۔ اس بات پر زور دینا ضروری ہے کہ صرف معاوضوں میں اصلاحات سے بدعنوانی میں نمایاں کمی نہیں آئے گی۔ بامعنی تبدیلی کیلئے معیشت میں حکومت کے کردار‘ دائر کار اور سرکاری ریگولیشنز کو خاصا محدود کرنا ضروری ہے۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved