وفاقی دارالحکومت میں پچھلے کئی ماہ سے ترقیاتی کام جس تیزی کے ساتھ جاری ہیں‘ ایسی برق رفتاری ماضی میں کم ہی دیکھی گئی ہے۔ شہرِ اقتدار کی شاہراہوں کی توسیع‘ تزئین و آرائش اور تعمیرات کی رفتار کو دیکھ کر بادی النظر میں یہ گمان گزرتا ہے کہ شاید یہاں ایک دو روز میں کوئی بڑا عالمی اجتماع منعقد ہونے والا ہے۔ ابتدائی طور پر ان ہنگامی تیاریوں کو اگست 2027ء میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس سے جوڑا جا رہا تھا‘ جس کے پیشِ نظر سیون سٹار ہوٹل کی تعمیر اور انفراسٹرکچر کی اَپ گریڈیشن ناگزیر سمجھی جا رہی ہے۔ تاہم حالیہ پیش رفت اس جانب اشارہ کرتی ہے کہ یہ تبدیلیاں محض کسی ایک ایونٹ کی تیاری نہیں بلکہ وفاقی دارالحکومت کے انتظامی ڈھانچے میں ایک بڑی اور بنیادی تبدیلی کا پیش خیمہ ہو سکتی ہیں۔
عالمی سطح پر جدید دارالحکومتوں کی تعمیر و ترقی کا جائزہ لیا جائے تو ہمیں دیکھنے کو ملتا ہے کہ کسی بھی شہر کو عالمی معیار کا ماڈل سٹی بنانے کیلئے صرف کنکریٹ کے ڈھانچے کھڑے کرنا کافی نہیں ہوتا بلکہ اس کے ساتھ شہری تفریح‘ ماحولیاتی توازن اور بااختیار مقامی نظم و نسق کا ہونا بھی لازم ہے۔ اسلام آباد کو ماڈرن اور ماڈل شہر میں ڈھالنے کے جامع منصوبے کے تحت شہر کے بنیادی ڈھانچے اور شہری سہولتوں میں اضافے کیے جا رہے ہیں۔ اس ویژن کے تحت وفاقی دارالحکومت میں بین الاقوامی معیار کے جدید کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر‘ عالمی طرز کے سفاری پارک کا قیام‘ جدید ترین کنونشن سنٹرز‘ ماحول دوست گرین کوریڈورز اور سمارٹ ٹرانسپورٹ نظام متعارف کرانے جیسے منصوبے شامل ہیں۔ ان ترقیاتی منصوبوں کا مقصد نہ صرف اسلام آباد کو عالمی سفارتی سرگرمیوں اور بین الاقوامی سیاحت کا مرکز بنانا ہے بلکہ شہریوں کو صحت مندانہ تفریح اور عالمی معیار کا طرزِ زندگی فراہم کرنا بھی ہے۔ تاہم پالیسی ساز اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ ان جدید منصوبوں کی پائیداری اور دیکھ بھال پرانے انتظامی ڈھانچے کے بس کی بات نہیں‘ جس کے لیے ایک نئے گورننس ماڈل کی ضرورت ناگزیر ہو چکی ہے۔
واشنگٹن ڈی سی‘ لندن‘ ٹوکیو اور دیگر عالمی دارالحکومتوں میں مقامی سطح پر بااختیار انتظامی ماڈلز رائج ہیں جہاں شہری سہولتوں کی فراہمی براہِ راست منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہوتی ہے جبکہ سکیورٹی معاملات وفاقی حکومت کے پاس رہتے ہیں۔ اسی تجربے کی روشنی میں اسلام آباد سے انتظامی اصلاحات اور نئے یونٹ کے قیام کا آغاز کرنا نہ صرف نسبتاً آسان ہے بلکہ یہ پورے ملک کے لیے ایک قابلِ عمل نمونہ بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ اسلام آباد کو خصوصی انتظامی یونٹ بنانے کا منصوبہ اسی سوچ کا عملی اظہار ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں قائم اعلیٰ سطح کی خصوصی کمیٹی‘ جس میں وفاقی وزرا محسن نقوی‘ رانا ثنا اللہ اور مصدق ملک بھی شامل رہے‘ نے ستمبر میں وزیراعظم شہباز شریف کو وفاقی دارالحکومت کے مستقبل کا ایک نیا انتظامی خاکہ پیش کیا تھا۔ اس ڈرافٹ کا بنیادی فلسفہ اسلام آباد میں اختیارات کے بکھرے ہوئے نظام کو ختم کر کے ایک مربوط‘ شفاف اور جوابدہ مقامی حکومت تشکیل دینا ہے۔ ماضی میں وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کو یہ شکایت رہی ہے کہ سی ڈی اے‘ میٹروپولیٹن کارپوریشن اور وفاقی وزارتوں کے درمیان اختیارات کی کشمکش کے باعث بنیادی شہری مسائل حل نہیں ہو پاتے۔ مجوزہ ماڈل اس انتظامی ابہام کو دور کر کے ترقیاتی منصوبوں اور شہری سہولیات کو ایک چھت تلے لانے کی سنجیدہ کوشش ہے۔
مجوزہ انتظامی ڈھانچے کی تفصیلات کا جائزہ لیا جائے تو یہ ایک نیم صوبائی طرز کے بلدیاتی نظام کا تصور پیش کرتا ہے۔ اس منصوبے کے تحت اسلام آباد کی اپنی 25سے 27رکنی منتخب اسمبلی یا کونسل قائم کرنے کی سفارش کی گئی ہے جس میں 21ارکان براہِ راست عوام کے ووٹ سے منتخب ہوں گے جبکہ خواتین کے لیے پانچ اور اقلیتوں کے لیے ایک نشست مختص ہو گی۔ اسلام آباد کے لیے قومی اسمبلی کی سات نشستیں رکھنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ وفاقی دارالحکومت کے تمام حصوں کو متوازن نمائندگی مل سکے۔ اس اسمبلی کے انتخابات الیکشن کمیشن آف پاکستان کے زیرِ اہتمام ہوں گے جو اس نظام کو آئینی اور جمہوری سٹیٹس دے گا۔ مزید برآں شہر کا سربراہ ایک منتخب چیف ایگزیکٹو ہو گا جو اپنی کارکردگی کے لیے براہِ راست اسمبلی اور عوام کے سامنے جوابدہ ہو گا۔ انتظامی اختیارات کی تقسیم کے حوالے سے مجوزہ مسودے میں متوازن نقطۂ نظر اپنایا گیا ہے۔ منصوبے کے مطابق صحت‘ تعلیم‘ ماحولیات‘ ٹرانسپورٹ‘ پانی کی فراہمی‘ کھیلوں و تفریح کے مراکز اور بنیادی شہری سہولتوں سمیت تقریباً 27انتظامی محکمے مقامی حکومت کے سپرد کیے جائیں گے۔سی ڈی اے اور لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت کام کرنے والے دیگر تمام اداروں کے اختیارات اور فرائض بھی اسلام آباد مقامی حکومت کو منتقل کرنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ مقامی حکومت کو اپنے امور چلانے کے لیے قواعد خود مرتب کرنے کا اختیار حاصل ہو گا۔ امن و امان اور شہر کی ماسٹر پلاننگ جیسے شعبے وفاقی حکومت کے پاس ہی رہنے کی سفارش کی گئی ہے‘ جنہیں متعلقہ وزارت یا گورنر کے ذریعے چلایا جائے گا۔ اسی طرح ملک بھر کے لیے قائم وفاقی ادارے بھی دارالحکومت میں بدستور اپنا کام جاری رکھیں گے۔
اس منصوبے کا ایک اور اہم پہلو اسلام آباد کی جغرافیائی حدود میں توسیع کی تجویز ہے۔ شہری پھیلاؤ اورآبادی کے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور اور پنجاب کے اضلاع راولپنڈی اور مری‘ خصوصاً قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 51کے بعض ملحقہ علاقوں کو وفاقی دارالحکومت میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ شہری منصوبہ بندی کے ماہرین اس اقدام کو انتہائی اہم قرار دیتے ہیں کیونکہ وفاقی دارالحکومت کے اطراف میں بے ہنگم تعمیرات‘ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز اور ماحولیاتی آلودگی جیسے مسائل کی بڑی وجہ انتظامی حدود کا فرق ہے۔ اگر یہ ملحقہ علاقے ایک ہی ماسٹر پلان اور یکساں بلدیاتی نظام کے تحت آ جاتے ہیں تو پورے خطے کی منصوبہ بندی اور ماحولیاتی تحفظ مربوط انداز میں یقینی بنایا جا سکے گا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ ابتدائی غور و خوض کے دوران گوادر اور دیگر بندرگاہوں کو اسلام آباد کے انتظامی ڈھانچے میں شامل کرنے کی تجویز بھی زیر بحث آئی تھی‘ تاہم جغرافیائی اور عملی پیچیدگیوں کے باعث اسے ترک کر دیا گیا‘ جو پالیسی سازوں کی حقیقت پسندی کا مظہر ہے۔
سیاسی اور آئینی زاویے سے دیکھا جائے تو نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا تجربہ اسلام آباد سے شروع کرنا کئی وجوہات کی بنا پر سودمند اور قابلِ عمل ہے۔ اسلام آباد پہلے ہی آئین کے تحت وفاقی علاقہ ہے‘ لہٰذا یہاں کسی صوبے کی تقسیم جیسے سیاسی مسائل یا لسانی تنازعات کا خدشہ بھی نہیں۔ دوم‘ وفاقی حکومت کی براہِ راست نگرانی اور وسائل کی دستیابی کے باعث یہاں نئے نظام کی کمزوریوں کو فوری طور پر دور کرنا اور اس کی کارکردگی کو مانیٹر کرنا نسبتاً آسان ہو گا۔ سوم‘ اگر یہ ماڈل دارالحکومت میں کامیابی سے ہمکنار ہوتا ہے اور شہریوں کے معیارِ زندگی میں واضح بہتری آتی ہے تو یہ ملک کے دیگر بڑے شہروں جیسے کراچی‘ لاہور‘ فیصل آباد اور پشاور یا مستقبل میں بننے والے نئے انتظامی یونٹس کے لیے ایک مستند ماڈل کے طور پر کام کر سکتا ہے۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved