ہر لیڈر جب تک یہ یقین نہ رکھے کہ وہ باقی دنیا سے انوکھا اور نرالا ہے اور خدا نے اسے کسی بڑے کام کیلئے پیدا کیا ہے‘ وہ اتنی محنت نہیں کر سکتا اور نہ ہی ان مشکلات کا سامنا کر سکتا ہے جو اسے اس طویل سفر میں پیش آتی ہیں۔ یہ بہت ضروری ہے کہ وہ سب سے پہلے خود کو دوسروں سے ممتاز اور منفرد سمجھے۔ دنیا میں اپنی ذات کے علاوہ کسی سے نہ محبت ہو۔ ہر کوئی اس لیڈر کے عظیم مقصد کیلئے‘ بغیر کسی اگر مگر کے اسے فالو کرے‘ چاہے اس دوران اس کا اپنا گھر اجڑ جائے‘ وہ جیل جا بیٹھے‘ کاروبار تباہ ہو جائے یا اسے انڈر گراؤنڈ ہی کیوں نہ ہونا پڑے۔
آپ نے تقریباً تمام لیڈروں کو دیکھا اور سنا ہوگا لیکن شاید یہ نوٹ نہیں کیا ہوگا کہ وہ اپنی تقریروں میں بار بار اپنا نام کیوں لیتے ہیں۔ اگر کوئی لیڈر ایک دو دفعہ اپنا نام لے تو کوئی بات نہیں کہ انسان کے اندر اپنی ذات سے محبت ہونا فطری ہے‘ لیکن جب وہ اپنی ہر تقریر میں بار بار اپنا نام لے تو سمجھ لیں کہ اس کو لاشعوری طور پر یہ احساس دلایا جا رہا ہے کہ وہ کوئی توپ چیز ہے۔ یہ مسئلہ سب کے ساتھ ہوتا ہے۔ لیکن ایک سٹیج آتی ہے جب لیڈر یہ سمجھنے لگتا ہے کہ اب اس کی سیاسی یا ذاتی زندگی میں کوئی اتار چڑھاؤ نہیں آئے گا۔ اب وہ تاحیات اس کرسی پر رہے گا اور اس کے اندر دوسروں کو برداشت کرنے کا مادہ کم ہوتا چلا جاتا ہے۔ پھر ایک مرحلہ وہ آتا ہے جب اسے خود پر تنقید کرنے والا شخص ناقد کے بجائے گستاخ لگنے لگتا ہے اور گستاخی کی سزا بڑی سخت ہوتی ہے۔
پاکستان میں تمام بڑے لیڈروں نے یہی کچھ کیا اور خود پر ہونے والی سیاسی تنقید کو ذاتی تنقید سمجھا‘ جبکہ سیاسی ناقدین یا مخالفین کے ساتھ ذاتی دشمنوں جیسا سلوک کیا۔ ذوالفقار علی بھٹو سے نواز شریف اور عمران خان تک یہی کچھ ہوتا رہا۔ بینظیر بھٹو کے دور میں بھی یہی ہوا۔ اگر کوئی دور اس طرح کے مقدمات سے خالی رہا تو وہ 2008ء سے 2013ء کا دور تھا‘ جب آصف زرداری صدر اور یوسف رضا گیلانی وزیراعظم تھے۔ وہ مختلف حالات میں بننے والی حکومت تھی۔ بہرحال‘ جو بھی تھا‘ وہ چند سال سیاسی انتقام سے بھرے ہوئے نہیں تھے بلکہ اس دور میں نواز شریف اس وقت کی مقتدرہ کے ساتھ مل کر صدر زرداری اور یوسف رضا گیلانی کو جیل میں ڈالنے کی کوششوں میں مصروف تھے۔ وہ تب بھی پرانی روش پر چل رہے تھے کہ سیاسی مخالفین کو ٹکے کی رعایت بھی نہیں دینی کیونکہ مقتدرہ ہمارے ساتھ ہے۔
نواز شریف نے 12 اکتوبر 1999ء کے بعد بہت کچھ بھگتا‘ قید کے علاوہ جلاوطنی بھی دیکھی‘ اس کے باوجود وہ اُس وقت جنرل کیانی اور جنرل پاشا کا کھیل کھیلنے کو تیار تھے‘ بلکہ اس کیلئے سپریم کورٹ تک جا پہنچے۔ مجھے اس دن احساس ہوا کہ آپ سیاسی لوگوں کی سوچ نہیں بدل سکتے۔ چاہے یہ دس برس جیل کی سزا بھگت لیں‘ ان کی سوچ میں کوئی تبدیلی نہیں آتی۔ نواز شریف اور شہباز شریف کا سپریم کورٹ جانا میرے لیے ایک بڑا دھچکا تھا کیونکہ میں لندن میں بینظیر بھٹو اور نواز شریف کے مابین تعلقات کی نوعیت دیکھ چکا تھا۔ دونوں پارٹیوں کے لوگ جو اس وقت ایک دوسرے پر قربان جاتے تھے‘ اس کا بھی عینی شاہد تھا۔ ماضی سے سبق سیکھنے کے بیانات روز سنتا تھا۔ لہٰذا میرا خیال تھا کہ اب یہ دونوں پارٹیاں ایک نئی شروعات کریں گی جس سے ملک اور قوم کی خدمت ہوگی۔ لیکن وہی بات کہ سیاسی لوگ بھلا کب سبق سیکھتے ہیں؟ کچھ بھی ہو جائے وہ ایک دوسرے کو گرانے کیلئے کسی بھی حد تک جاتے ہیں۔ لہٰذا جب یہ خبریں لیک ہوئیں کہ چودھری نثار علی خاں اور شہباز شریف کی اُس وقت کے آرمی چیف سے درجن بھر خفیہ ملاقاتیں ہوئی ہیں تو مجھے احساس ہوا کہ بعض لوگوں میں اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی صلاحیت یا تو ہوتی ہی نہیں یا پھر وہ محض سیکھنے کی اداکاری کرتے ہیں‘ اور نواز شریف کیمپ میں وہی ہو رہا تھا۔
ایک دفعہ مشرف دور میں مجھے ایک شادی میں ایک وفاقی وزیر ملے۔ وہ ان دنوں مشرف کے بڑے حمایتی تھے۔ میں ماضی کے سیاستدانوں کے انٹرویوز کر رہا تھا‘ جو ماضی میں آمرحکومتوں کو سپورٹ کرتے رہے یا ان میں وزیر رہے۔ اکثر افراد ان انٹرویوز میں شرمندہ نظر آئے کہ ماضی میں آمر حکومتوں کو سپورٹ کیا‘ اور معافی مانگتے تھے۔ وہ وزیر میری طرف آئے اور کہا: آج کل دی نیوز میں آپ کے وہ انٹرویوز پڑھ رہا اور مزے لے رہا ہوں۔ آپ ایک کام کرنا‘ جب میری وزارت ختم ہوگی تو میرا بھی انٹرویو کرنا۔ میں نے بھی قوم سے معافی مانگنی ہے کہ مشرف کی حکومت میں شامل ہو کر بڑی غلطی کی تھی۔ کہنے لگے: ہم سب یہ فراڈ کرتے ہیں اور آپ جیسے بھولے لوگ اس معافی تلافی یا سبق سیکھنے کی بات کو سنجیدہ سمجھ لیتے ہیں۔ یہ کہہ کر وہ ہنستے ہوئے وہاں سے چلے گئے۔ اس لمحے تو مجھے ان پر غصہ آیا لیکن وقت نے ثابت کیا کہ وہ ٹھیک کہہ رہے تھے۔ یہاں سبق سیکھنے کی باتیں سب ڈرامہ ہوتی ہیں کہ کسی طرح مشکل وقت سے باہر نکلیں اور طاقت ملنے دیں‘باقی بعد میں دیکھ لیں گے۔ جتنے لیڈران جیل میں رہے‘ انہوں نے باہر نکل کر کچھ مختلف یا بہتر کیا‘ جو وہ پہلے نہیں کر رہے تھے؟ میں نے ان سب کو لندن سے اسلام آباد تک بڑے قریب سے دیکھا ہے اور اب اس بات پر قائل ہوں کہ یہ اقتدار کیلئے کچھ بھی کریں گے۔
عمران خان کے بارے میں لوگوں کا تاثر یہ تھا کہ وہ زرداری اور نواز شریف سے مختلف ہیں۔ لیکن اقتدار ملنے کے بعد ان کا بھی تقریباًوہی انجام ہوا جو بھٹو صاحب کا ہوا تھا۔ دونوں نے اقتدار کو اپنا پیدائشی حق سمجھ کر استعمال کیا اور ان کے ادوار میں پوری اپوزیشن جیل میں تھی۔ مزے کی بات یہ ہے کہ جن مقتدر حلقوں کے سہارے وہ اپنے سیاسی مخالفین کو رگڑا لگا رہے تھے‘ کچھ عرصے کے بعد وہی ان کے مخالفین کے ساتھ مل گئے اور ان کا تختہ الٹ کر انہیں جیل میں ڈلوا دیا۔ یہی سب کچھ آپ کو جنرل ضیا اور جنرل باجوہ کے دور میں نظر آتا ہے کہ جن کے سہارے بھٹو اور عمران خان پہلے اپنے مخالفین کو رگڑا لگا رہے تھے‘ وہی بعد میں اُن کے مخالفین کے ساتھ مل کر انہی کو گرا رہے تھے۔ اب عمران خان کی جیل سے اپنی پارٹی کو جاری کی گئی تازہ ہدایات سے لگتا ہے کہ انہیں احساس ہو رہا ہے کہ انہیں اپنے رویے اور سوچ میں تبدیلی لانا ہوگی۔ بقول مشعال یوسفزئی‘ خان صاحب نے پارٹی رہنماؤں کو کہا ہے کہ وہ بشریٰ بی بی کے ریلیف کیلئے وزیر داخلہ محسن نقوی سے بات کریں۔ یہ بہت بڑی تبدیلی ہے‘ جو پی ٹی آئی کے فالوورز کو ہضم نہیں ہو رہی کہ بھلا عمران خان کیسے اپنی پارٹی کو کہہ سکتے ہیں کہ وہ محسن نقوی سے درخواست کر کے بیگم صاحبہ کیلئے کوئی گنجائش نکالیں؟ وہ جو ڈٹے رہنے کا نعرہ تھا‘ وہ اس سے کمزور ہو رہا ہے جس پر ان کی پارٹی کا ڈائی ہارڈ فالوور نہ صرف حیران اور پریشان ہے بلکہ بہت سارے حامی اینکرز اور وی لاگرز نے اس بدلتی سوچ پر سخت تنقید شروع کر دی ہے۔ خان صاحب بدلنا چاہتے ہیں لیکن جس سوشل میڈیا کو انہوں نے اپنے مخالفین کے خلاف استعمال کیا تھا‘ وہی اب ان کے خلاف ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ وہ اپنے ہیرو کو بدلتا نہیں دیکھنا چاہتے۔ ان کے نزدیک ہیروز پھانسی لگ جاتے ہیں‘ جیسے بھٹو صاحب لگ گئے‘ یا ان کی زندگیاں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ختم ہو جاتی ہیں۔ سب سیاستدانوں کی طرح عمران خان کو بھی وقتی ریلیف درکار ہے‘ جیسے کبھی آصف زرداری اور نواز شریف کو درکار تھا تاکہ وہ دوبارہ اقتدار میں آ سکیں۔ صرف بھٹو کا ہی استثنا ہے کہ وہ اپنے لیے ریلیف کا راستہ نہ نکال سکے اور جیل سے وزیراعظم ہاؤس کے بجائے گڑھی خدا بخش کے قبرستان چلے گئے۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved