تحریر : شاہد صدیقی تاریخ اشاعت     18-11-2026

تنہا سکول تبدیلی نہیں لا سکتے

کہتے ہیں تعلیم وہ پُل ہے جو ہمارے بچوں کے حال کو مستقبل سے ملاتا ہے۔ پاکستان دو دہائیوں سے‘ زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکول میں داخل کر کے یہ پُل تعمیر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ سرکاری اعدادو شمار کے مطابق داخلے بڑھے ہیں۔ اگرچہ حکومت کا یہ دعویٰ بھی تحقیق طلب ہے لیکن اعدادو شمار سے قطع نظر‘ سوال یہ ہے کہ یہ پُل ہمیں کہاں لے کر جا رہا ہے؟ عالمی بینک کے مطابق پاکستان میں دس برس کی عمر تک کے77 فیصد بچے ایک سادہ عبارت پڑھ کر سمجھ نہیں پاتے۔ تعلیم کی سالانہ جائزہ رپورٹ‘ ASER 2025 کے مطابق تیسری جماعت کے صرف سات فیصد بچے اردو (یا سندھی) میں ایک سادہ کہانی پڑھ سکے۔ پانچویں جماعت کے لگ بھگ آدھے بچے ہی دوسری جماعت کی سطح کی عبارت پڑھ پائے۔ ادھر پانچ سے سولہ برس کے ڈھائی کروڑ سے زیادہ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ یہ ہمارے تعلیمی بحران کا بنیادی تضاد ہے۔ سکولوں تک رسائی بڑھی ہے‘ مگر سیکھنے کی سطح میں بہتری نہیں آئی۔ عالمی بینک کی تازہ ترین رپورٹ Building Human Capital Where It Matter کے مطابق کم آمدنی اور نچلی و متوسط آمدنی والے ملکوں میں بچوں کے موجودہ امتحانی نتائج 2010ء سے بھی بدتر ہیں۔ آخر ایسا کیوں ہے؟ اس سوال کا جواب رپورٹ میں موجود ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہم نے فرض کر لیا ہے کہ بچے کو جہاں پڑھایا جاتا ہے‘ اس کی سیکھنے کی صلاحیت کی تعمیر وتشکیل بھی وہیں ہوتی ہے۔ ہماری پالیسیاں تعلیم‘ صحت اور سماجی تحفظ جیسے شعبوں یا عمر کے گروہوں کے حساب سے بنتی ہیں۔ ہر وزارت اپنے دائرے میں کام کرتی ہے۔ مگر انسانی صلاحیتیں تو گھر‘ محلے اور کام کی جگہ پر پروان چڑھتی ہیں۔ بچہ اپنے وقت کا بیشتر حصہ کمرۂ جماعت سے باہر گزارتا ہے۔ باہر کی دنیا میں جو کچھ ہوتا ہے‘ وہ استاد کی محنت کو آگے بھی بڑھا سکتا ہے اور اس پر پانی بھی پھیر سکتا ہے۔ اس سلسلے میں گھر اور محلہ خاص اہمیت رکھتے ہیں۔ گھر بچے کی پہلی درسگاہ ہوتا ہے۔ پانچ برس کی عمر تک‘ جب زیادہ تر بچے ابھی سکول نہیں پہنچتے‘ ان کے درمیان فرق دکھائی دینے لگتا ہے۔ جن گھروں میں بچوں کی مائوں نے صرف پرائمری تک تعلیم حاصل کی ہے‘ ان کے بچے اُن بچوں کے مقابلے میں صرف آدھے الفاظ جانتے ہیں جن کی مائوں نے ثانوی تعلیم مکمل کی ہے۔ ایتھوپیا‘ بھارت اور ویتنام میں بھی یہی رجحان ہے۔ رپورٹ کے مطابق جو بچے ابتدا میں پیچھے رہ جاتے ہیں‘ ان کے لیے نوعمری تک بھی یہ فاصلہ کم نہیں ہوتا۔ چین کی مثال اسی بات کا دوسرا رخ دکھاتی ہے۔ روزگار کے لیے نقل مکانی کرنے والے والدین کے جو بچے رشتہ داروں کے پاس رہ جاتے ہیں‘ انہیں زیادہ مادی سہولتیں میسر ہوتی ہیں‘ مگر سکول میں ان کی کارکردگی کمزور رہتی ہے اور ان میں ڈپریشن زیادہ پایا جاتا ہے۔ پیئر بوردیو (Pierre Bourdieu) نے اسے ثقافتی سرمایہ (Cultural Capital) کہا تھا۔ بچے گھر سے جو زبان‘ عادتیں اور رویے سیکھ کر آتے ہیں‘ سکول اکثر انہیں میرٹ سمجھ کر سراہتا ہے۔ 2023ء کی مردم شماری کے مطابق خواتین کی شرحِ خواندگی تقریباً 53 فیصد ہے۔ دیہی خواتین میں یہ شرح 42 فیصد سے بھی کم ہے۔ آج جس لڑکی کیلئے سکول کا دروازہ بند ہے‘ کل ماں کی حیثیت سے اس کیلئے اپنے بچے کی پڑھائی میں مدد دینا بھی دشوار ہو گا۔
گھر میں بچے کو کتنی ہی توجہ ملے‘ دروازے کے باہر کی دنیا بھی اس کی پرورش میں شریک ہے۔ برازیل میں کم آمدنی والے گھرانوں کے جو بچے خوشحال محلوں میں پلتے ہیں‘ وہ بڑے ہو کر غریب محلوں میں پلنے والے ایسے ہی بچوں سے تقریباً دُگنا کماتے ہیں۔ پاکستان میں 92 فیصد بچے اپنے گھر سے پیدل‘ پندرہ منٹ کے اندر کسی سکول میں جاتے ہیں۔ سکول قریب ہے‘ مگر پڑھائی کا معیار ایک گائوں سے دوسرے گائوں تک بدل جاتا ہے۔ محلے کا اثر اُس ہوا اور پانی میں بھی ہے جو بچے کے حصے میں آتے ہیں۔ نومبر 2024ء میں لاہور اور ملتان میں فضائی آلودگی عالمی ادارۂ صحت کی تجویز کردہ حد سے سو گنا بڑھ گئی۔ یونیسف کے مطابق اس دوران سکولوں کی بندش سے پنجاب میں تقریباً ایک کروڑ ساٹھ لاکھ بچوں کی پڑھائی متاثر ہوئی۔ غذائیت کے قومی سروے (2018ء) کے مطابق نشوونما میں کمی کا اثر پڑھائی پر بھی پڑتا ہے۔ صاف ہوا‘ محفوظ پانی اور نکاسی و صفائی کے ذمہ دار محکمے عموماً اپنے کام کو تعلیم سے جوڑ کر نہیں دیکھتے۔ پالیسی کی کمزوری یہیں ظاہر ہو جاتی ہے۔ کیا محکمے مل کر اس صورتِ حال کو بدل سکتے ہیں؟ انڈونیشیا نے 23 وزارتوں کا کام گائوں کی سطح تک مربوط کیا اور ہر گائوں میں ایک کارکن مقرر کیا۔ پاکستان میں بینظیر نشوونما پروگرام نے نقد امداد کے ساتھ پہلے ایک ہزار دنوں میں مائوں اور بچوں کو غذائی مدد فراہم کی۔ آغا خان یونیورسٹی کے آزادانہ جائزے کے مطابق اس پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے بچوں میں عمر کے لحاظ سے کم قد کی شرح چھ ماہ کی عمر میں 22 فیصد اور ایک سال کی عمر میں 18 فیصد کم تھی۔ عالمی بینک اسی طریقے کو 'کیش پلس‘ کہتا ہے۔ انڈونیشیا کی کامیابی کے پیچھے برسوں کا سیاسی عزم تھا۔ ہمارے ہاں حکومت کے ساتھ ترجیحات بھی بدل جاتی ہیں‘ تعلیم صوبائی معاملہ ہے اور والدین کی رہنمائی کے پروگرام بڑے پیمانے پر چلانا دشوار ثابت ہوا ہے۔ پھر وسائل کا سوال ہے۔ اقتصادی سروے کے مطابق تعلیم کا بجٹ جی ڈی پی کا 0.4 فیصد تک رہ گیا ہے جبکہ ایک دہائی پہلے تک یہ 1.5 فیصد تھا۔ محکموں کا باہمی تعاون سکڑتے بجٹ کی تلافی نہیں کر سکتا۔
عالمی بینک کی مذکورہ رپورٹ کے نتائج میں پاکستان کیلئے چار اہم اسباق پوشیدہ ہیں۔ پہلا‘ تعلیمی پیش رفت کا پیمانہ بچوں کا سیکھنا ہونا چاہیے۔ ضلع وار دیکھا جائے کہ چھوٹی عمر میں بچے کتنے الفاظ جانتے ہیں اور پرائمری کے اختتام پر کیا پڑھ اور سمجھ سکتے ہیں۔ دوسرا‘ موجودہ نظام سے فائدہ اٹھایا جائے۔ قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری میں تقریباً 84 فیصد آبادی درج ہے۔ اس کے ذریعے غریب ترین گھرانوں کو نقد امداد کے ساتھ‘ والدین کی رہنمائی اور بچوں کو ابتدائی عمر میں سیکھنے کے مواقع بھی فراہم کیے جا سکتے ہیں۔ تیسرا‘ وسائل ان اضلاع میں مرکوز کیے جائیں جہاں کمزور سکول‘ ناقص غذائیت اور غیر محفوظ ماحول ایک ساتھ بچوں کو پیچھے دھکیل رہے ہیں۔ وہاں متعلقہ محکمے مل کر کام کریں۔ چوتھا‘ لڑکیوں کی تعلیم کو گھر کے مستقبل کی سب سے مؤثر سرمایہ کاری سمجھا جائے۔ پڑھی لکھی ماں بچے کی پہلی استاد ہے اور اس کی دی ہوئی تعلیم کا اثر عمر بھر رہتا ہے۔ ہم برسوں سے تعلیمی پیش رفت کو عمارتوں کی تعداد اور داخلہ رجسٹروں میں گنتے آئے ہیں۔ سکول بنانا آسان کام ہے۔ مشکل کام یہ تسلیم کرنا ہے کہ بچے کی سیکھنے کی صلاحیت سکول کے دروازے تک پہنچنے سے بہت پہلے اور اس کی چار دیواری سے بہت دور پروان چڑھتی ہے۔ ماں کی گود میں‘ گائوں کے پینے کے پانی میں‘ شہر کی کسی سرد صبح کی ہوا میں۔ سکول ایک کیاری ہے۔ بیج کے پنپنے کیلئے زرخیز مٹی چاہیے۔ یہ مٹی بچے کا گھر اور اس کا محلہ ہے۔ جب تک ہم اس مٹی کی خبر نہیں لیں گے‘ محض سکولوں کے کمرے بھرنے سے تبدیلی نہیں آئے گی۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved