اچھی حکمرانی ہمارے ملک کا ایک دیرینہ خواب رہی ہے۔ سیاسی جماعتیں اقتدار میں آنے سے پہلے بہتر گورننس‘ اداروں کی جوابدہی‘ قانون کی حکمرانی‘ میرٹ اور بنیادی سہولتوں کے ذریعے معاشی و انتظامی استحکام کے دعوے کرتی رہی ہیں‘ لیکن عملاً گورننس بہتر ہونے کے بجائے مزید ابتر ہوتی چلی گئی اور مسائل کم ہونے کے بجائے مزید بڑھتے رہے۔ ملک کو اچھے نظامِ حکمرانی کی اشد ضرورت ہے‘ جس سے عام آدمی کو سہولت میسر آئے۔ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں مگر ریاستی نظام اور عوامی خدمت کا سلسلہ برقرار رہنا چاہیے۔ ریاست کی مضبوطی کا پیمانہ حکمرانوں کے اختیارات نہیں بلکہ عوام کو ملنے والی سہولتیں‘ انصاف اور اداروں کی کارکردگی ہونا چاہیے۔
اسی تناظر میں ملک میں نئے صوبوں کی بحث زوروں پر ہے۔ صوبوں کی انتظامی مشکلات‘ بڑھتی آبادی‘ وسائل کی غیر مساوی تقسیم‘ دور دراز علاقوں کی محرومیاں اور اداروں تک عوام کی محدود رسائی کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ یہی وجہ ہے کہ نئے صوبوں کی تجویز تحریک کی صورت اختیار کرتی دکھائی دے رہی ہے۔ بڑی سیاسی جماعتیں اصولی طور پر اس سے اتفاق کرتی ہیں لیکن سیاسی مفادات کے باعث عملاً پیش رفت کیلئے تیار نہیں۔ تاہم سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ اب اس تجویز کو مزید نظر انداز کرنا مشکل ہوگا۔
اس وقت بڑی سیاسی جماعتوں کے اندر بھی نئے صوبوں کی حمایت میں آوازیں اُبھر رہی ہے۔ جماعتوں کے بعض بااثر رہنما سمجھتے ہیں کہ اہم حکومتی مناصب سیاسی جماعتوں کی قیادت کی صوابدید پر نہیں رہنے چاہئیں ‘لیکن سیاسی جماعتوں پر مخصوص افراد یا خاندانوں کی سیاسی و انتظامی گرفت کے باعث وہ اپنے جذبات کا کھل کر اظہار کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ اسی لیے سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملا کر چلنے کے بجائے نئے صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کی بحث ہو رہی ہے‘ اور یہ مسئلہ چند سیاسی شخصیات تک محدود نہیں رہا؛ اصل سوال یہ ہے کہ اسے پارلیمانی سطح پر متفقہ اور قابلِ عمل تجویز میں کیسے بدلا جائے۔ پیپلزپارٹی‘ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کو اپنا واضح مؤقف عوام کے سامنے لانا چاہیے۔ تاخیری حربوں کے بجائے انہیں گڈ گورننس یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ اگر گورننس مؤثر ہوتی ‘ بلدیاتی نظام فعال ہوتا اور عوام کو انصاف ملتا تو چھوٹے صوبوں کا تقاضا شاید اتنا زور دار نہ ہوتا ۔مگر بڑے صوبوں کے سنگین انتظامی و حکمرانی کے مسائل اور عوامی محرومیوں کے پیش نظر سیاسی جماعتوں کو اس معاملے کو اپنے مفادات سے بالاتر ہو کر دیکھنا ہو گا۔ اگر عوام کو بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر میسر نہیں‘ دور دراز علاقوں کے مسائل حل نہیں ہو رہے اور وسائل کی تقسیم میں امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے تو محض زبانی دعوؤں سے صورتحال تبدیل نہیں ہو سکتی۔عوام کی سہولت کیلئے صوبے بننے چاہئیں۔بہتر انتظامیہ‘ فوری انصاف‘ معیاری تعلیم‘ صحت اور روزگار کی سہولتوں کی فراہمی کے مقصد سے اس تجویز پر سنجیدگی سے آگے بڑھنا چاہیے۔سیاسی جماعتوں کو بھی چاہیے کہ نئے صوبوں کے قیام کو سیاسی نعرے کے بجائے سنجیدہ قومی عمل بنانا ہوگا۔ اس فیصلے میں صوبائی شناخت‘ علاقائی محرومیوں اور آئینِ پاکستان کو پیش نظر رکھنا ہو گا ۔ ملک کے نقشے میں نئی لکیریں کھینچنے سے پہلے ایسا نظامِ حکمرانی قائم کرنا ہوگا جس میں اقتدار کا مرکز عوام ہوں‘ اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں اور ہر شہری کو انصاف ملے۔فی الحال معاملات سیاسی قوتوں کے ہاتھ میں ہیں۔ ان کا ذمہ دارانہ طرزِعمل عوام میں ان کی ساکھ بحال کرنے اور گڈگورننس کو حقیقت بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
ملک بھر میں نئے صوبوں کے قیام کی ضرورت کو سمجھنے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ اس کیلئے سیاسی جماعتوں میں اتفاقِ رائے‘ عوامی مشاورت اور آئینی تقاضوں کی تکمیل ناگزیر ہے۔ علاقائی محرومیوں کے خاتمے‘ وسائل کی منصفانہ تقسیم اور بااختیار بلدیاتی نظام پر بھی توجہ دینا ہوگی۔ بڑی جماعتوں نے اقتدار سے پہلے قومی و عوامی مسائل پر آواز اٹھائی‘ لیکن اقتدار میں آ کر انہیں نظر انداز کر دیا۔ اس سے مسائل بڑھے‘ اداروں کی کارکردگی گری اور حکومتوں کی اپنی ساکھ بھی متاثر ہوئی۔ جمہوریت کے ثمرات عوام تک نہ پہنچنے سے سیاستدانوں‘ حکمرانوں اور عوام کے درمیان دوری بڑھی ہے اور کوئی جماعت عوام کے سلگتے مسائل پر مؤثر آواز اٹھاتی دکھائی نہیں دیتی۔ ماہرین نئے صوبوں کے قیام کو ملک میں انتظامی بندوبست درست کرنے کیلئے ناگزیر سمجھتے ہیں۔ ان کے نزدیک ریاست کو عوام کے قریب لانے اور وفاق کو مضبوط بنانے کا بہترین ذریعہ نئے صوبے ہیں۔ وہ اسے محض انتظامی ضرورت نہیں بلکہ سیاسی اتفاقِ رائے کا امتحان بھی سمجھتے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ نئے صوبوں سے انتظامی مسائل حل ہو سکتے ہیں‘ حکومتی اداروں تک عوام کی رسائی بہتر ہو سکتی ہے اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کے مواقع بڑھ سکتے ہیں‘ تاہم صرف صوبوں کا نام اور نیا دارالحکومت بنا دینے سے گورننس بہتر نہیں ہوگی؛ اس کے لیے مالی وسائل‘ مقامی حکومتوں کو اختیارات کی منتقلی اور مضبوط انتظامی ڈھانچہ بھی ضروری ہیں۔سیاسی جماعتیں انتظامی نقطہ نظر سے اس ضرورت کو تسلیم کرتی ہیں لیکن عملی اقدام کے وقت اُن کے سیاسی مفادات اور خدشات آڑے آنے لگتے ہیں۔ سندھ کی تقسیم پیپلزپارٹی کیلئے بڑا مسئلہ ہے‘ جس پر وہ دوٹوک مؤقف رکھتی ہے۔ لیکن جب دوسرے صوبوں میں نئے صوبے قائم ہوں تو سندھ کو مستثنیٰ رکھنا ممکن نہیں۔ نئے صوبوں کی بحث کی ایک بڑی وجہ سندھ کی حکومتوں کی جانب سے کراچی سمیت صوبے کے بڑے شہروں سے روا رکھی جانے والی بے رخی بھی ہے۔ کراچی کی سندھ سے علیحدگی پیپلزپارٹی کیلئے ایک بھیانک خواب ہے۔ مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب کے انتظامی و سیاسی مطالبات کی حامی ہونے کے باوجود پنجاب کی تقسیم اور صوبائی سیاسی توازن کے حوالے سے کوئی واضح مؤقف نہیں رکھتی۔ تحریک انصاف نے اپنے دورِ حکومت میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا وعدہ اور اقدامات کا اعلان کیا تھاتاہم عملی پیش رفت نہ ہو سکی۔ اب بھی وہ نئے صوبوں کی ضرورت محسوس کرنے کے باوجود اس معاملے کو شاید اپنی سیاسی بارگیننگ کیلئے استعمال کرنا چاہتی ہے ‘لیکن اسے مثبت جواب نہیں مل رہا۔پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان بھی ان معاملات پر غور و خوض جاری ہے۔ دونوں جماعتیں سمجھتی ہیں کہ نئے صوبوں سے ان کی سیاسی حیثیت متاثر ہو سکتی ہے مگر یہ بھی کہ اس عمل کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے اور اسے کن طبقات کی حمایت حاصل ہے۔ اسی لیے وہ واضح مؤقف اختیار کرنے سے گریزاں ہیں۔ انہیں احساس ہے کہ معاملات ان کے مکمل کنٹرول میں نہیں اور آئندہ اختیار مزید محدود ہو سکتا ہے؛ چنانچہ وہ ایسا راستہ چاہتی ہیں کہ فی الحال کوئی اصولی فیصلہ یا آئینی ترمیم ہو جائے لیکن عملدرآمد آئندہ انتخابات تک مؤخر رہے۔
واقفانِ حال کے مطابق سیاسی قوتیں نئے صوبوں کے معاملے میں تاخیری حربے اختیار کر رہی ہیں لیکن اس حوالے سے فیصلہ کرنے کے لیے ان کے پاس زیادہ وقت نہیں۔ سیاسی جماعتیں جانتی ہیں کہ عوامی محرومیوں اور انتظامی مسائل کی وجہ سے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث اس معاملے کو زیادہ دیر تک مؤخر رکھنا ممکن نہیں۔ فی الحال فیصلہ سازی کا اختیار حکومت کے پاس ہے۔ اگر حکومت اور اتحادی کوئی آئینی و سیاسی راستہ نکالتے ہیں تو ان کی پوزیشن برقرار رہ سکتی ہے اور ریاستی معاملات بھی بہتر انداز میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔ بصورتِ دیگر فیصلہ ساز حلقوں کی جانب سے اشارے مل رہے ہیں کہ نئے صوبوں کے قیام پر پیش رفت ہونی ہے اور اسے روکا نہیں جا سکے گا۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved