تحریر : محمد حسن رضا تاریخ اشاعت     18-11-2026

ری سیٹ پاکستان‘ صدرِ مملکت کون ہو گا ؟

آنے والے دنوں میں سیاسی سرگرمیاں مزید تیز ہونے والی ہیں۔ وفاقی حکومت کی دو انتہائی اہم شخصیات سے گفتگو کا خلاصہ یہ ہے کہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقاتوں کو معمول کے رابطے سمجھنا غلط ہوگا۔ اُن کے بقول دونوں راہنماؤں کو اندازہ ہے کہ اب طبل بج چکا ہے۔ لاہور میں دونوں نے کچھ دیر تنہائی میں بھی بات کی۔ ملاقات کے احوال سے واقف ان شخصیات کے مطابق گفتگو سنجیدہ تھی اور دونوں ر ہنما فکرمند دکھائی دیے‘ مگر کس کے لیے؟ یہ سوال وہ چھوڑ گئے۔
ان میں سے ایک نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب لاہوریے اگلے سال ''ری سیٹ پاکستان‘‘ میں بسنت منائیں گے۔ ان کے بقول ابتدائی مشاورت کا مرحلہ گزر چکا ہے اور اب مختلف تجاویز پر عمل درآمد کی تیاری کا وقت قریب ہے۔ یوں سمجھیے کہ معاملات فیز ون سے نکل کر فیز ٹو میں داخل ہو چکے ہیں۔ ان شخصیات کا پہلا اندازہ یہ ہے کہ نئے صوبے بنیں گے۔ دوسرا یہ کہ اس معاملے پر ریفرنڈم بھی ہوگا۔ محسن نقوی عوامی سرویز میں نئے صوبوں کے حق میں حمایت کے اشاروں کا ذکر کر چکے ہیں۔ تیسرا امکان یہ ہے کہ اگر ریفرنڈم ہوا اور اس کے بعد معاملہ ایوانوں میں پیش نہ ہوا تو بعض شہری وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کریں گے۔ مجوزہ صوبوں کی حدود‘ نمائندگی اور طریقہ کار پر بھی درخواستیں آسکتی ہیں۔ چوتھا امکان یہ ہے کہ 27ویں ترمیم کے ذریعے آرٹیکل 248 میں صدر کو دیے گئے تحفظ کو چیلنج کرنے کی کوشش ہو۔ کسی ایسی درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر بھی آئینی سوال اٹھے گا کیونکہ آرٹیکل (5) 239میں آئینی ترمیم کو عدالت میں چیلنج کرنے پر پابندی درج ہے۔
اب لاہور میں ہونے والی ملاقات کو اس تناظر میں دیکھیے۔ شہباز شریف صدر کے پاس ملاقات کے لیے جاتے رہتے ہیں۔ اس بار آصف علی زرداری سندھ کے دورے سے لاہور آئے اور پہلی اہم ملاقات وزیراعظم کی ماڈل ٹاؤن والی رہائش گاہ پر ہوئی۔ باہر سے یہ ملاقات اچانک دکھائی دی مگر میری اطلاعات کے مطابق صدر کے سندھ میں قیام کے دوران ہی طے ہو چکا تھا کہ دونوں لاہور میں ملیں گے۔ ملاقات دونوں کے شیڈول میں شامل تھی۔ سرکاری اعلامیے میں سیاسی‘ معاشی اور سلامتی کے امور اور اتحادی رابطوں کا ذکر تھا۔ نئے صوبوں اور ریفرنڈم کے آئینی راستے پر مشاورت کی خبر ملاقات سے واقف ذرائع کے حوالے سے سامنے آئی۔ اب 20 نومبر کو شہباز شریف کا دورۂ کراچی متوقع ہے۔ میری اطلاع کے مطابق یہ دورہ بھی اہم ہے۔ بعض ذرائع کا دعویٰ ہے کہ لاہور میں آئینی راستے‘ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے ساتھ اس امکان پر بھی بات ہوئی جسے وہ ''پلان سی‘‘ کہتے ہیں۔ ان کے بقول اسی پہلو نے ملاقات کو زیادہ سنجیدہ بنا دیا۔ اب کراچی مشاورت میں دیکھنا ہوگا کہ ان باتوں سے کوئی عملی تجویز نکلتی ہے۔ بالخصوص یہ کہ پیپلز پارٹی متعلقہ صوبے کے عوام کی رضامندی جانچنے کے لیے کس طریقے پر آمادہ ہوتی ہے اور مسلم لیگ (ن) اپنے رہنماؤں کے بیانات کو کب جماعتی مؤقف کی شکل دیتی ہے۔
مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی تاریخ بتاتی ہے کہ مشترکہ سیاسی مفاد سامنے ہو تو دونوں دیرینہ اختلافات کے باوجود ایک میز پر آ بیٹھتی ہیں۔ 2006ء میں نواز شریف اور بے نظیر بھٹو نے میثاقِ جمہوریت پر دستخط کیے۔ 2010ء میں دونوں جماعتوں نے 18ویں ترمیم پر تعاون کیا اور ایوانِ صدر کے کئی اہم اختیارات پارلیمانی نظام کو واپس ملے۔ 2024ء میں اسی سیاسی تعاون سے شہباز شریف وزیراعظم اور آصف علی زرداری صدر منتخب ہوئے۔ اس بار سوال یہ ہے کہ کیا دونوں جماعتیں اختیارات کی تقسیم پر کسی نئے سمجھوتے کی طرف بڑھ رہی ہیں؟ میری اطلاعات کے مطابق شہباز شریف نے نواز شریف کو مشاورت پر اعتماد میں لیا اور ان کی رضامندی حاصل کی۔ میری اطلاعات یہ بھی ہیں کہ نواز شریف‘ مولانا فضل الرحمن‘ محمود خان اچکزئی اور آصف علی زرداری کے درمیان پس پردہ رابطے ہیں۔ یہ رہنما بعض نکات پر قریب آ سکتے ہیں‘ خواہ اپنے اپنے سیاسی محاذ پر الگ کھڑے دکھائی دیں۔ بعض سیاستدانوں کی طرف سے شرائط رکھے جانے کی اطلاعات بھی ہیں۔ میرا اندازہ ہے کہ پہلی کوشش موجودہ حکومت اور موجودہ ایوانوں کے اندر اتفاق پیدا کرنے کی ہے۔ اسے پلان اے کہہ لیجیے۔ وہاں رکاوٹ آئے تو سیاسی بندوبست میں ردوبدل کا امکان پیدا ہوگا‘ جسے پلان بی سمجھا جا سکتا ہے۔ پلان سی کے تصور سے بعض سیاست دانوں کی بے چینی کی وجہ یہ ہے کہ اس صورت میں فیصلوں ‘ وقت اور نتائج پر ان کا اختیار کم ہو سکتا ہے۔ مجھے جولائی 1977ء کا واقعہ اسی نکتے پر یاد آتا ہے۔ مارچ کے متنازع انتخابات کے بعد ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت اور پاکستان قومی اتحاد کے درمیان نئے انتخابات پر مذاکرات میں پیش رفت ہو چکی تھی۔ سیاسی سمجھوتے پر عمل ہونے سے پہلے چار اور پانچ جولائی کی درمیانی شب فیصلہ کہیں اور ہو گیا۔ صبح سورج طلوع ہوا تو ملک کا سیاسی بندوبست بدل چکا تھا۔ آج کا سیاسی پس منظر مختلف ہے۔ اس واقعے سے اتنا ضرور سمجھ آتا ہے کہ کسی بڑے فیصلے پر گفتگو اور اس فیصلے کا اختیار دو الگ باتیں ہیں۔ موجودہ حالات میں صدر آصف علی زرداری اور بعض دیگر کے لیے اس سوال کی خاص اہمیت ہے۔ محسن نقوی ریفرنڈم کی تجویز دے چکے ہیں۔ خواجہ آصف انتظامی ضرورت کی بنیاد پر 12تک صوبوں کی بات کر چکے ہیں۔ اور واضح کرچکے کہ بات چیت کئی ہفتوں سے چل رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کی فریال تالپور پہلے سندھ کو تقسیم کرنے کی مخالفت تو اب عوام کا فیصلہ جاننے کی بات کرتی ہیں‘ نئے صوبے بنانے کی مضبوط ترین دلیل یہ ہے کہ عام شہری کو اپنے ہسپتال‘ سکول یا زمین کے ریکارڈ سے متعلق فیصلے کے لیے دور دراز دارالحکومت کا سفر کم کرنا پڑے۔ اب بعض سیاسی طرم خانوں کو یقین ہے کہ نظام کی صورت جو بھی ہو‘ وفاق اور صوبوں کے اہم عہدوں پر وہ خود یا ان کے رشتہ دار ہی رہیں گے۔ مگر ایک اجلاس میں غلط اندازہ‘ کسی اتحادی کی ناراضی یا چند ووٹوں کا فرق بھی ان کا پورا حساب بدل سکتا ہے۔ کون وفاق میں ہوگا‘ کون صوبے میں اور کس کا نام آخری وقت پر فہرست سے نکل جائے گا‘ یہ وقت بتائے گا۔ جنہیں اپنے رشتہ داروں کے اگلے عہدے تک کا یقین ہے‘ ان کے لیے بھی ایک سوال ابھی باقی ہے۔اور ہاں دیکھنا یہ ہے کہ آخر کار صدر پھر کون ہوگا۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved