اللہ تبارک وتعالیٰ نے سورۃ الذاریات کی آیت: 56 میں جنوں اور انسانوں کی تخلیق کا بنیادی مقصد واضح کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: ''میں نے جنات اور انسانوں کو محض اسی لیے پیدا کیا ہے کہ وہ صرف میری عبادت کریں‘‘۔ اس آیت مبارکہ سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ انسانوں اور جنات کی تخلیق کا حقیقی اور بنیادی مقصد اللہ تبارک وتعالیٰ کی بندگی کو بجا لانا ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ کی بارگاہ میں پیش کیے جانے والا عمل اسی وقت مفید ہو سکتا ہے جب اللہ تبارک وتعالیٰ اس کو قبول و منظور فرما لیں۔ چنانچہ ہم قرآن مجید کے مطالعہ سے اس بات کو سمجھ سکتے ہیں کہ انبیاء کرام علیہم السلام جیسی جلیل القدر ہستیوں نے بھی اللہ تبارک وتعالیٰ سے اپنے اعمال کی قبولیت کی دعا مانگی۔ حضرت ابراہیم نے حضرت اسماعیل علیہما السلام کے ہمراہ جب بیت اللہ شریف تعمیر کیا تو اس موقع پر آپ علیہ السلام نے جو دعا مانگی‘ اللہ تبارک وتعالیٰ نے اس کو سورۃ البقرہ کی آیت: 127 میں کچھ یوں بیان فرمایا: ''ابراہیم اور اسماعیل کعبہ کی بنیادیں اور دیواریں اٹھاتے جاتے تھے اور کہتے جا رہے تھے کہ ہمارے پروردگار! تُو ہم سے قبول فرما‘ تُو ہی سننے والا اور جاننے والا ہے‘‘۔ اس آیتِ مبارکہ سے اس بات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اعمال کی قبولیت کی کس قدر اہمیت ہے۔ اعمال کی قبولیت کے حوالے سے ایک اہم شرط یہ ہے کہ انسان اپنے اعمال کو خالص اللہ تبارک وتعالیٰ کی رضا کیلئے سرانجام دے۔ چنانچہ اس حوالے سے اللہ تبارک وتعالیٰ سورۃ البیّنہ کی آیت: 5 میں ارشاد فرماتے ہیں: ''انہیں اس کے سوا کوئی حکم نہیں دیا گیا کہ صرف اللہ کی عبادت کریں اسی کے لیے دین کو خالص رکھیں‘‘۔ اسی طرح اللہ تبارک وتعالیٰ سورۃ الزمر کی آیات: 2 تا 3 میں اخلاص کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ارشاد فرماتے ہیں: ''پس آپ اللہ ہی کی عبادت کریں‘ اسی کے لیے دین کو خالص کرتے ہوئے۔ خبردار! اللہ ہی کے لیے خالص عبادت کرنا ہے‘‘۔
جس طرح اللہ تبارک وتعالیٰ نے قرآنِ مجید میں اخلاص کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے‘ اسی طرح نیت کی درستی کے حوالے سے صحیح بخاری کی پہلی حدیث میں حضرت علقمہ بن وقاص اللیثی سے روایت ہے کہ میں نے منبر پر حضرت عمرؓ بن خطاب کو یہ کہتے ہوئے سنا کہ میں نے رسول اللہﷺ سے سنا‘ آپﷺ فرما رہے تھے کہ ''تمام اعمال کا دارو مدار نیت پر ہے اور ہر عمل کا نتیجہ ہر انسان کو اس کی نیت کے مطابق ہی ملے گا۔ پس جس کی ہجرت (ترکِ وطن) دولتِ دنیا حاصل کرنے کیلئے ہو یا کسی عورت سے شادی کی غرض سے ہو‘ پس اس کی ہجرت انہی چیزوں کیلئے ہو گی جن کے حاصل کرنے کی نیت سے اس نے ہجرت کی ہے‘‘۔
اسی طرح صحیح مسلم میں حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا ''قیامت کے روز سب سے پہلا شخص جس کے خلاف فیصلہ آئے گا‘ وہ ہو گا جسے شہید کر دیا گیا۔ اسے پیش کیا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ اسے اپنی (عطا کردہ) نعمت کی پہچان کرائے گا تو وہ اسے پہچان لے گا۔ وہ پوچھے گا: تُو نے اس نعمت کے ساتھ کیا کیا؟ وہ (شخص) کہے گا: میں نے تیری راہ میں لڑائی کی حتیٰ کہ مجھے شہید کر دیا گیا۔ (اللہ تعالیٰ) فرمائے گا: تُو نے جھوٹ بولا۔ تم اس لیے لڑے تھے کہ کہا جائے: یہ (شخص) جری ہے۔ اور یہی کہا گیا‘ پھر اس کے بارے میں حکم دیا جائے گا تو اس آدمی کو منہ کے بل گھسیٹا جائے گا یہاں تک کہ آگ میں ڈال دیا جائے گا اور وہ آدمی جس نے علم پڑھا‘ پڑھایا اور قرآن کی قرأت کی‘ اسے پیش کیا جائے گا۔ (اللہ تعالیٰ) اسے اپنی نعمتوں کی پہچان کرائے گا‘ وہ پہچان لے گا۔ (اللہ) فرمائے گا: تُو نے ان نعمتوں کے ساتھ کیا کیا؟ وہ کہے گا: میں نے علم پڑھا اور پڑھایا اور تیری خاطر قرآن کی قرأت کی‘ (اللہ) فرمائے گا: تُو نے جھوٹ بولا‘ تُو نے اس لیے علم پڑھا کہ کہا جائے (یہ) عالم ہے اور تُو نے قرآن اس لیے پڑھا کہ کہا جائے: یہ قاری ہے‘ یہی کہا گیا۔ پھر اس کے بارے میں حکم دیا جائے گا‘ اسے منہ کے بل گھسیٹا جائے گا حتیٰ کہ آگ میں ڈال دیا جائے گا۔ اور وہ آدمی جس پر اللہ نے وسعت کی اور ہر قسم کا مال عطا کیا‘ اسے لایا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ اسے اپنی نعمتوں کی پہچان کرائے گا‘ وہ پہچان لے گا۔ اللہ فرمائے گا: تم نے ان میں کیا کیا؟ کہے گا: میں نے کوئی راہ نہیں چھوڑی جس میں تمہیں پسند ہے کہ مال خرچ کیا جائے مگر یہ کہ ہر ایسی راہ میں خرچ کیا۔ اللہ تعالیٰ فرمائے گا: تم نے جھوٹ بولا ہے‘ تم نے (یہ سب) اس لیے کیا تاکہ کہا جائے: وہ سخی ہے‘ ایسا ہی کہا گیا‘ پھر اس کے بارے میں حکم دیا جائے گا تو اسے منہ کے بل گھسیٹا جائے گا اور پھر آگ میں ڈال دیا جائے گا‘‘۔
کتب احادیث میں گھوڑوں کی تین اقسام کا ذکر ملتا ہے۔ یعنی گھوڑے تین طرح کے ہوتے ہیں اور ان کے مالکوں کو ان کی نیت کے مطابق اجر یا سزا ملتی ہے۔ اس سلسلے میں صحیح بخاری میں حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: گھوڑا ایک شخص کیلئے باعثِ ثواب ہے‘ دوسرے کیلئے بچاؤ ہے اور تیسرے کیلئے وبال ہے۔ جس کیلئے گھوڑا اجر وثواب ہے‘ وہ شخص ہے جو اللہ کی راہ کیلئے اس کو پالے‘ وہ اسے کسی ہریالے میدان میں باندھتا ہے (راوی نے کہا) یا کسی باغ میں۔ تو جس قدر بھی وہ اس ہریالے میدان میں (یا باغ میں) چرے گا‘ اس کی نیکیوں میں لکھا جائے گا۔ اگر اتفاق سے اس کی رسی ٹوٹ گئی اور گھوڑا ایک یا دو مرتبہ آگے کے پاؤں اٹھا کر کودا تو اس کے آثار قدم اور لید بھی مالک کی نیکیوں میں لکھے جائیں گے اور اگر وہ گھوڑا کسی ندی سے گزرے اور اس کا پانی پیے‘ خواہ مالک نے اسے پلانے کا ارادہ نہ کیا ہو تو بھی یہ اس کی نیکیوں میں لکھا جائے گا۔ تو اس نیت سے پالا جانے ولا گھوڑا انہی وجوہ سے باعثِ ثواب ہے۔ دوسرا شخص وہ ہے جو لوگوں سے بے نیاز رہنے اور ان کے سامنے دستِ سوال بڑھانے سے بچنے کیلئے گھوڑا پالے‘ پھر اس کی گردن اور اس کی پیٹھ کے سلسلے میں اللہ تعالیٰ کے حق کو بھی فراموش نہ کرے تو یہ گھوڑا اپنے مالک کیلئے پردہ ہے۔ تیسرا شخص وہ ہے جو گھوڑے کو فخر‘ دکھاوے اور مسلمانوں کی دشمنی میں پالے۔ تو یہ گھوڑا اس کیلئے وبال ہے۔
قرآن مجیدکے مطالعہ سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ اخلاص جہاں انسان کی کامیابی کی بنیاد ہے وہیں پر اللہ تبارک وتعالیٰ کے فضل و کرم سے شیطان سے بچاؤ کا بہت بڑا ذریعہ بھی ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ سورۂ ص کی آیات: 82 تا 83 میں ارشاد فرماتے ہیں: ''اس (ابلیس) نے کہا: تیری عزت کی قسم! میں ان سب کو ضرور گمراہ کروں گا۔ سوائے ان کے جو تیرے چنے ہوئے مخلص بندے ہیں‘‘۔ اخلاص کے بغیر کثیر عمل بھی بے معنی اور اخلاص کے ساتھ قلیل عمل بھی بابرکت ہو جاتا ہے۔ چنانچہ ہمیں مخلص ہو کر اللہ کی رضا کیلئے کوشاں رہنا چاہیے۔ اس بات کو ذہن نشین کرنے کی ضرورت ہے کہ اخلاص کوئی ایسی چیز نہیں جو ایک بار حاصل ہو جائے تو ہمیشہ برقرار رہے بلکہ اس کی مسلسل نگرانی ضروری ہے۔ سلف صالحین سے یہ بات ثابت ہے کہ نیت کو درست رکھنا نہایت مشکل کام ہے کیونکہ یہ بار بار بدلتی رہتی ہے۔ اس لیے ہر کام کے آغاز‘ دوران اور اختتام پر اپنا احتساب کرتے رہنا چاہیے کہ کہیں نفس کی اکساہٹ‘ خود پسندی‘ تکبر یا شہرت کی طلب اس عمل میں شامل تو نہیں ہو گئی۔ جب انسان اپنے باطن کو اس ملاوٹ سے پاک کر لیتا ہے تو اس کی پوری زندگی کی سمت درست ہو جاتی ہے اور یہی اخلاص دنیا وآخرت کی حقیقی کامیابی کی بنیاد بن جاتا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تبارک وتعالیٰ ہم سب کو مخلص ہوکر اپنی عبادت کرنے کی توفیق دے‘ آمین!
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved