تحریر : رسول بخش رئیس تاریخ اشاعت     20-11-2026

ری سیٹ ضرورکریں

ہمیں کیا اعتراض ہو سکتا ہے اور اگر کوئی چھوٹا موٹا اعتراض کرے بھی تو اس کا کیا فائدہ ہو گا کہ ملک کی سمت تو انہوں نے طے کرنی ہے جن کے پاس اقتدار ہے۔ اب اس بات کو مزید کریدنے کا بھی کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا کہ اقتدار کن ہاتھوں میں ہے۔ جب سب مزے میں ہوں اور سب بہتی گنگا میں ہاتھ دھو رہے ہوں تو اس کا تعین بھی فروعی سی بات لگتی ہے کہ سیاسی طاقت کے کتنے ستارے قومی اُفق پر چمک رہے ہیں۔ آسمان کھلا ہے‘ سردیوں کی شامیں ہیں‘ بادل یا برسات کہیں دکھائی نہیں دے رہے تو آپ اپنی آنکھیں خود کھول کر دیکھ سکتے ہیں۔ ہمیں یا کسی اور کو بتانے کی ضرورت نہیں۔ آج وہ نو ستاروں والا اتحاد بھی کچھ یاد آرہا ہے جو نو سیاسی جماعتوں پر مشتمل تھا‘ جسے قومی جمہوری اتحاد کا نام دیا گیا تھا۔ مختلف الخیال اور مختلف نظریہ رکھنے والی جماعتیں تھیں مگر اتحاد ایک بات پر تھا کہ پیپلز پارٹی کو 1977ء کے انتخابات میں کیسے ہرایا جائے۔ وہ انتخابات بھی ہم نے بہت قریب سے دیکھے اور اس کے بعد نو ستاروں کی انتخابی دھاندلی کے خلاف تحریک‘ تین شہروں میں مارشل لاء کا نفاذ بھی۔ پھر وہ ستارے رہے اور نہ وہ بھٹو صاحب کا چاند جس نے آسمانِ سیاست پر چودھویں کے چاند کی مانند چمکنے کے مزیدپکے ارادے باندھ رکھے تھے۔ مقصد حل ہو گیا تو ستاروں میں اتحاد بھی نہ رہا۔ ہر ستارہ ٹوٹ کر واپس اپنے اپنے مدار میں چلا گیا۔ قومی جمہوری اتحاد آئین اور جمہوریت کے مطابق نظام کو ری سیٹ کرنا چاہتا تھا‘ بھٹو صاحب اپنے مخصوص انداز میں سیٹ رہنا چاہتے تھے اور پھر جنرل ضیا الحق درمیان میں کودے اور قوم کو نوید سنائی کہ ہم نے ارادہ کر لیا ہے کہ ملک اور نظام کو ری سیٹ کریں گے۔ انہوں نے نو ستاروں کے سیاسی پروگرام اور جدوجہد کو مذہبی رنگ میں ڈھال کر اعلان کیا کہ ہم نظام کو اسلامی رنگ میں ری سیٹ کریں گے۔ اس ری سیٹ‘ ری سیٹ کی کشمکش نے ہمیں سبز باغ دکھائے مگر جب آنکھیں کھلیں تو اپنے آپ کو سیاسی صحرا تو کبھی ایسے گردابوں میں پایا کہ پھر نکلتے نکلتے ہم اپنی اجتماعی قومی قوتیں ضائع کر بیٹھے۔
ری سیٹ کے ادوار بہت ہیں‘ کس کس کا ذکر کریں۔ نظام ری سیٹ کرنے کی باتیں صرف ہمارے ملک میں ہوتی ہیں۔ نظام تو موجود ہے جسے ہم آئین کہتے ہیں‘ اس میں حسبِ خواہش ترامیم پہ ترامیم بھی کی جا چکی ہیں۔ ایسی کہ صرف چند شخصیتوں اور خاندانوں کی سیاست کا تحفظ ہو۔ تو پھر مزید ری سیٹ کرنے کو رہ کیا گیا ہے‘ وہ ہماری سمجھ سے ابھی تک باہر ہے۔ البتہ ایک چیز ضرور سامنے نظر آ رہی ہے کہ جو بھی نظام معتوب سیاسی جماعت کو پیچھے کر کے اور اس کے رہنما کو قید خانے میں ڈال کر بنایا گیا‘ اب اسے اندر سے غیرمستحکم کرنے کے منصوبے بظاہر بن چکے ہیں‘ یا پس پردہ سوچ بچار جاری ہے۔ قبل ازیں سابق وزیراعظم کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے نو ستاروں کے بجائے 11ستارے جمع ہوئے اور ان سب کو اکٹھا اور متحرک کرنے میں ہمارے محترم مولانا فضل الرحمن کا کردار مرکزی نوعیت کا تھا۔ آپ نے سنا یا ضرور پڑھا ہو گا کہ پرانے زمانے میں جب جنگیں ہوتی تھیں تو سپاہیوں کو تنخواہ نہیں ملتی تھی‘ انہیں لڑائی جیتنے کے بعد لوٹ مار کر کے مال جمع کرنے کی کھلی چھٹی ہوتی تھی۔ شمال مغرب میں موجود پاکستان کے علاقوں سے آنے والے ہر سال یہ روایت دہراتے تھے۔ ہمارے ہاں سیاست جنگ تو نہیں مگر اس کا اکھاڑہ میدانِ کارزار سے کم نہیں۔ اگر آپ ہمت کر کے سکرینوں پر شام کے سیاسی شودیکھ سکیں تو آپ کو شاید ہماری بات پر اعتماد ہو۔ انتخابات کی اُس رات کو سحر پھوٹتے ہی 11 ستاروں میں سے دس ستارے تو روزِ روشن میں بھی چمک رہے تھے مگر حضرت مولانا کا ستارہ کسی کو نظر نہ آیا۔ ہمیں تو از حد دکھ ہے کہ ایک ایسی شخصیت جو ہمیشہ انصاف کے لیے جدوجہد کرتی رہی‘ خود نا انصافی کا شکار ہو گئی۔ عجیب بات ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین محترم بلاول بھٹو زرداری صاحب کو تقریباً تین سال کے بعد خیال آیا ہے کہ جن مولانا صاحب کی کاوشوں‘ قربانیوں اور جان فشانی سے پی ٹی آئی حکومت کو گرا کر دوسروں کو اقتدار ملا‘ ان کے خلاف اب کارروائیاں ہو رہی ہیں۔ سوال ہم تو نہیں کر سکتے مگر ان کے اپنے اتحادی کہہ رہے ہیں کہ جناب آپ بھی تو ہمارے ساتھ سیاسی مالِ غنیمت کا حصہ وصول فرما چکے ہیں۔
ری سیٹ کے بارے میں ابھی تک کسی کو کچھ معلوم نہیں مگر تواتر سے یہ بات وقت کی اہم ترین شخصیت کی طرف سے دہرائی جائے اور میڈیا پر روزانہ کی بنیاد پر بات ہو تو پھر یہ کہنا مشکل نہ ہو گا کہ نظام کی گاڑی کا ہو سکتا ہے کہ رخ موڑنا درکار ہو‘ اس کا ڈرائیور تبدیل کرنا ہو یا پھر نئی گاڑی سے ملک کی سیاسی موٹروے پر فراٹے بھرنے ہوں۔ کچھ لوگ اب یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ نئے سال کے ساتھ گاڑی بھی نئے ماڈل کی ہو۔ نجانے وہ کون سا ماڈل ہو گا۔ نئے صوبوں یا نئی انتظامی اکائیوں کے کل پرزوں سے یہ گاڑی تیار ہو رہی ہے۔ یا پھر یہ بھی کہ اسے کون مہارت سے چلا سکے گا۔ اس کے بارے میں بھی کوئی فیصلہ ہوا ہو گا۔ بلاول بھٹو زرداری کی زبان میں تلخی کچھ ایسے نہیں‘ کہ سندھ کی جغرافیائی حدود میں ان کی حکومت ہوتے ہوئے اگر رد و بدل ہوتا ہے اور وہ اس کی مخالفت میں اٹھ کھڑے نہیں ہوتے تو سمجھیں ان کے سیاسی چراغ کا روغن خشک ہونے کے واضح امکانات موجود ہیں۔ سندھ میں ان کی پارٹی کی جو سترہ‘ اٹھارہ سال کی کارکردگی ہے‘ خطے کی تاریخ میں اس کی کوئی مثال ڈھونڈنا مشکل ہے۔ سندھ کو تقسیم سے بچانے کیلئے حضرت مولانا اور پی ٹی آئی کی طرف جھکاؤ ضروری ہے تو وہ یہ کرنے کو تیار نظر آتے ہیں۔ حتمی طور پر تو کچھ نہیں کہہ سکتے کہ اگر ایک مرتبہ طاقت کے ہما کا سایہ سر سے اٹھ گیا تو شاید یہ پرندہ پھر لاڑکانہ یا نوابشاہ کا رخ کرنے کے بجائے سندھ کے دیگر اضلاع کی طرف کوچ کر جائے۔
ری سیٹ کرنے کو بہت سی پالیسیاں ہیں۔ بذاتِ خود سیاست اور حکومت کی کارکردگی ری سیٹ کی متقاضی ہے۔ اس کام کی پہل کاری نظام انصاف اور قانون کو ری سیٹ کرنے سے ہو کہ موجودہ نظام میں طاقتور اور زر و دولت والے تو اس سے پاک صاف ہو کر نکل جاتے ہیں اور مفلوک الحال بے گناہ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرتے ہیں۔ ری سیٹ اس کے بعد وفاقی اور صوبائی کابینہ کے اراکین کی تعداد کو کریں۔ امریکہ جو ایک سپر پاور ہے‘ اس کے فقط 15انتظامی محکمے اور 15ہی وزیر ہیں‘ یہاں تو وزیروں‘ مشیروں اور خصوصی معاونین کی تعداد 47 ہے۔ ری سیٹ کرنا ہے تو صرف 15محکمے رکھیں۔ ویسے بھی اختیارات و فرائض 18ویں ترمیم کے بعد صوبوں کو تفویض کیے جا چکے ہیں۔ ری سیٹ کرنے کی ضرورت نظامِ تعلیم میں ہے کہ نجانے کس ضمیر کے ساتھ ہمارے حکمران آرام کی نیند فرماتے ہیں جب ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ آج فیصلہ کر کے اس پر عمل کرنا کتنا مشکل ہو گا کہ کل سے کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ ہوگا۔ لیکن ہمارے اربابِ اختیار اس طرف آنکھ اٹھا کر بھی نہیں دیکھتے کہ یہ سب غریبوں کے بچے ہیں۔ اس لیے مشکل نظر آتا ہے۔ ری سیٹ کرنا ہے تو یکساں اور معیاری نظام تعلیم سب کیلئے ہو۔ ری سیٹ تو آپ کو الیکشن کمیشن اور انتخابات کے نظام کو کرنا ہے‘ مگر ایسا نہیں ہو گا کیونکہ اس کے طفیل تو ناممکن کو ممکن بنانا مشکل نہیں رہتا۔ ری سیٹ کرنا ہے تو بڑھتی ہوئی آبادی کی طرف توجہ دیں کہ سمٹتے ہوئے وسائل اور آبادی کے دباؤ کی وجہ سے کوئی بھی نظام مؤثر طور پر نہیں چل سکے گا۔ ری سیٹ تو شہروں کی منصوبہ بندی کو کرنا ہے کہ ہر طرف کھیت کھلیان سے لے کر چراگاہوں اور پہاڑیوں کو ڈھیر کر کے شہروں کے اندر شہر بسائے جا رہے ہیں۔ کس کو پتا نہیں کہ وہی لوگ تو ری سیٹ کردہ نظام کے اندر بڑے بڑے ستونوں کا کام دے رہے ہیں۔ اور بھی ہیں امور ہیں ری سیٹ کرنے کے‘ مگر وہ نجانے کون کرے گا۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved