18اور 19نومبر کو چین کے اہم صنعتی شہر شین زین میں بین الاقوامی سیاست‘ بالخصوص بحرالکاہل کے اردگرد واقع ممالک‘ جن میں مشرقِ بعید کے ممالک کے علاوہ چین‘ روس‘ امریکہ اور کینیڈا بھی شامل ہیں‘ کے درمیان معاشی تعلقات کے حوالے سے ایشیا پیسفک اکنامک کوآپریشن (APEC) کے رہنماؤں کی انتہائی اہمیت کی حامل دو روزہ سربراہی کانفرنس منعقد ہوئی۔ ساری دنیا کی نظریں اس کانفرنس پر تھیں۔ اس کی وجہ اس کانفرنس کا چین میں انعقاد نہیں تھا‘ چین تو اس سے پہلے بھی دو مرتبہ اس کانفرنس کی میزبانی کا اعزاز حاصل کر چکا ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اس کانفرنس کے دوسرے دن‘ یعنی 19نومبر کو دنیا کی تین بڑی طاقتوں کے سربراہوں‘ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ‘ چین کے صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کی ایک باقاعدہ سہ فریقی کانفرنس ہوئی ہے۔ یہ کانفرنس اپیک کی روایت سے ہٹ کر تھی‘ کیونکہ 21ملکوں یا معیشتوں پر مشتمل اس تنظیم کی تمام تر توجہ رکن ممالک کے درمیان تجارت‘ سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر کی تعمیر میں تعاون پر ہوتی ہے۔ حالیہ کانفرنس کا موضوع بھی ''باہمی خوشحالی کے عروج کی کوشش‘‘ تھا۔ یہی وجہ ہے کہ کانفرنس کے انعقاد سے پہلے جب روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے اپیک کی سائیڈ لائنز پر روس‘ چین اور امریکہ کے صدور کے درمیان سہ فریقی کانفرنس کی تجویز پیش کی اور کہا کہ وہ یوکرین کے معاملے پر بات کرنا چاہتے ہیں تو چین نے قدرے سرد مہری کا اظہار کیا تھا‘ کیونکہ یوکرین کے معاملے پر چین کا دیرینہ مؤقف ہے کہ یہ ایک یورپی مسئلہ ہے اور اپیک کے رکن ممالک کی بھاری اکثریت کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ لیکن پھر صدر ٹرمپ نے بھی صدر پوتن کی اس تجویز کی حمایت کرتے ہوئے سہ فریقی کانفرنس میں نہ صرف شرکت کی خواہش کا اظہار کیا بلکہ کہا کہ وہ اس میں چین کے ساتھ اپنے باقی دوطرفہ مسائل کے علاوہ ایٹمی ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے معاہدے پر بھی بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔ روس اور امریکہ کے درمیان ایٹمی ہتھیاروں کے پھیلاؤ پر کنٹرول کا آخری معاہدہ فروری 2026ء میں ختم ہو گیا تھا۔ اُس وقت بھی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایک نئے اور پہلے سے بہتر معاہدے کے حصول کے لیے چین کو مذاکرات میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن چین کو امریکہ کی اس تجویز پر سخت تحفظات ہیں کیونکہ چین کے مقابلے میں امریکہ اور روس کے پاس ایٹم بموں کی تعداد کئی گنا زیادہ ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق چین کے پاس ایٹم بموں کی تعداد 620 ہے‘ جبکہ روس اور امریکہ کے پاس ان ہتھیاروں کی تعداد بالترتیب 5420 اور 5040 ہے۔ اس لیے چین کے مؤقف کے مطابق ان دونوں بڑی طاقتوں کو آپس میں نئے جوہری اسلحے کے معاہدے کیلئے مذاکرات کا آغاز کرنا چاہیے۔ بہت سے تجزیہ کاروں کی رائے میں کانفرنس کی گائیڈ لائن کے مطابق چین کے ساتھ ایٹمی اسلحے کی دوڑ کو محدود کرنے کی امریکی کوشش اور خود اپیک کی 33ویں سربراہی کانفرنس کی کامیابی سے دنیا کی توجہ ہٹانا تھا۔ اس لیے چین نے آخری روز تک اس سہ فریقی ملاقات پر اپنی رضامندی کا اظہار نہیں کیا تھا۔ کانفرنس کے باقاعدہ افتتاح سے ایک دو روز قبل چین کی وزارتِ خارجہ نے صدر شی‘ صدر ٹرمپ اور صدر پوتن کی سہ فریقی ملاقات میں چین کی شرکت کی تصدیق کی مگر کسی خاص مسئلے یا باقاعدہ ایجنڈے کا ذکر کرنے کے بجائے اس ملاقات کو دنیا میں امن اور استحکام کے حصول کے لیے ایک خوش آئند اقدام قرار دیا۔
اپیک کانفرنس کی اہمیت اور اس کے ذریعے باہمی مفادات اور احترام پر مبنی چینی ڈپلومیسی کی کامیابی کو اجاگر کرنے والے دیگر کئی عوامل بھی موجود ہیں۔ ان میں کانفرنس کے انعقاد کے لیے چین کے اہم صنعتی شہر شین زین کا انتخاب بھی شامل ہے۔ شین زین چین کی برق رفتار صنعتی اور جدید ترین تکنیکی ترقی کا مرکز ہے۔ چین کی سب سے بڑی کار ساز کمپنی کے علاوہ الیکٹرونکس کمپنی ہواوے کا ہیڈکوارٹر بھی یہیں واقع ہے۔ کانفرنس میں شرکت کرنے والے بیرونی مہمان شین زین میں چین کے مختلف شعبوں میں ترقی کا معیار دیکھ کر بہت متاثر ہوئے۔ کانفرنس میں مرکزی حیثیت صدر شی جن پنگ کو حاصل تھی‘ جنہوں نے کانفرنس کی باقاعدہ کارروائی سے قبل مہمان ملکوں کے وفود اور ان کے سربراہوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد چین اور شریک ممالک کے درمیان نہ صرف تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے تجاویز کا تبادلہ کرنا تھا بلکہ ان میں چین اور مہمان ملکوں کے درمیان ثقافتی تعلقات‘ سیاحت اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے تجاویز پر تبادلۂ خیال بھی شامل تھا۔ کانفرنس میں ایسے ممالک نے بھی شرکت کی جن کے ساتھ چین کے اختلافات ہیں۔ ان میں جاپان‘ ویتنام اور فلپائن قابلِ ذکر ہیں۔ ان ملکوں کی شرکت سے کانفرنس کا یہ پیغام جاتا ہے کہ اختلافات کے باوجود ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں اور تعاون کی گنجائش موجود رہتی ہے۔ جن ملکوں کے سربراہوں نے اپنے وفود کے ساتھ صدر شی سے ملاقات کی‘ ان میں کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی بھی شامل تھے۔ ان ملاقاتوں میں کینیڈا کے وزیراعظم نے چینی صدر کو یقین دلایا کہ ان کا ملک چین کے ساتھ مختلف شعبوں مثلاً تجارت‘ سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لیے تیار ہے۔ کینیڈا کی طرف سے چین کے ساتھ تجارتی روابط کو مزید بڑھانے کا فیصلہ اس لحاظ سے اہم ہے کہ دونوں ملک امریکی صدر ٹرمپ کی بھاری ٹیرف پالیسی کا شکار ہیں۔ صدر شی نے وزیراعظم مارک کارنی کی قیادت میں کینیڈین وفد سے اپنے خطاب میں باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پانچ مختلف تجاویز پیش کیں‘ جن میں ثقافتی روابط اور سیاحت کو فروغ دینا بھی شامل ہے۔
چین کے شہر شین زین میں منعقد ہونے والی اپیک کی یہ 33ویں کانفرنس اس لحاظ سے خصوصی اہمیت کی حامل ہے کہ دنیا یوکرین اور امریکہ‘ ایران جنگ کی وجہ سے عدم استحکام اور سخت غیر یقینی کی صورتِ حال سے دوچار ہے۔ ان دونوں جنگوں کی وجہ سے دنیا کی معیشت سخت معاشی اور مالیاتی بحرانوں کا شکار ہے اور اگر ان جنگوں کو نہ روکا گیا تو عالمی معیشت مزید خطرناک بحران کا شکار ہو سکتی ہے۔ خاص طور پر توانائی اور خوراک کے شعبوں میں صورتِ حال انتہائی نازک ہو چکی ہے اور اگر ان جنگوں کو نہ روکا گیا تو ترقی پذیر ممالک‘ جن کی صنعتیں پہلے ہی کمزور ہیں‘ بھوک‘ بے روزگاری اور بیماری کا شکار ہو سکتے ہیں۔ یکطرفہ پالیسیوں کو اپنانے اور دوسروں کے مفادات کو نظرانداز کرکے فیصلے کرنے کا رجحان کرۂ ارض پر بنی نوع انسان کے لیے خطرناک اور نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے۔ اس کی ایک مثال مصنوعی ذہانت (AI)ہے‘ جس کے حوالے سے ترقی یافتہ ممالک کے درمیان روابط اور تعاون کی عدم موجودگی کی وجہ سے خطرناک مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے اپنی افتتاحی تقریر میں تین باتوں پر زور دیا۔ پہلی یہ کہ عالمی سطح پر تجارت اور سرمایہ کاری کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا چاہیے تاکہ مال اور مصنوعات آزادانہ طور پر ایک منڈی سے دوسری منڈی تک آ جا سکیں۔ دوسری یہ کہ ترقی کے لیے علاقائی سطح پر تعاون اور اشتراک کو فروغ دیا جائے۔ تیسری یہ کہ صنعتی ترقی کے لیے جدیدیت کو اپنایا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایشیا اور بحرالکاہل کے علاقوں میں امن اور استحکام کے بغیر ترقی کا عمل شروع نہیں ہو سکتا۔ اس لیے تنازعات کے حل کے لیے طاقت کے استعمال کے بجائے ڈپلومیسی اور مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved