مملکتِ خداداد پاکستان اسلامی جمہوریہ ہے ۔ اس کے استحکام کیلئے نئے صوبوں کی تجویز زیر غور ہے۔ یہ تجویز جوں جوں عملی میدان کی طرف بڑھ رہی ہے توں توں سیاست کے میدان میں موجیں طلاطم خیز ہوتی جا رہی ہیں۔ تجزیہ یہ ہے کہ ان موجوں کو بہرحال کناروں کے اندر ہی رہنا ہے‘ پشتوں کے ٹوٹنے کا کوئی اندیشہ نہیں ہے۔ ناقدین کی جانب سے ایک اعتراض یہ کیا جا رہا ہے کہ صوبے بننے سے پنجاب‘ سندھ‘خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے نام ختم ہو جائیں گے۔اہلِ دانش کی جانب سے جواب آیا کہ جس بھی صوبے میں مزید صوبے بنائے جائیں‘ اس میں نئے صوبے کے نام کے ساتھ صوبے کا گزشتہ نام بھی لگا دیا جائے۔ مثال کے طور پر صوبہ وسطی پنجاب وغیرہ۔ اس حوالے سے راقم کی بھی ایک تجویز حاضر خدمت ہے۔ ہر صوبے کے صدر مقام کو صوبے کا نام دیا جائے اور صدر مقام شہر کے ساتھ سٹی لکھا جائے۔ مثلاً لاہور کے نام سے ''صوبہ لاہور‘‘ جبکہ شہر کو ''لاہور سٹی‘‘ کہہ لیا جائے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ ہم اپنی مروجہ سیاست میں ایسا ناپسندیدہ طرزِ عمل بھی دیکھتے چلے آ رہے ہیں کہ اقتدار کی چھت پر چڑھ کر مفادات تو خوب حاصل کیے جاتے ہیں مگر جب ملک کے استحکام کا تقاضا سامنے آتا ہے تو پھر بیانات میں علیحدگی کی بو آنا شروع ہو جاتی ہے۔ قومیت و لسانیت کے نعرے لگنے شروع ہو جاتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ مستقبل میں ایسے رویوں کو ختم کرنے کے لیے لازم ہے کہ پاک وطن کے نئے صوبے بنائے جائیں۔
قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی آخری الہامی کتاب ہے۔ اس میں ایک سورت کا نام ''النساء‘‘ ہے۔ اس کے معنی ہیں: خواتین ۔ مذکورہ سورت کا آغاز ہی انسانیت کو مخاطب کرنے سے ہوتا ہے۔ اگلا پیغام یہ ہے کہ ساری انسانیت کا رب ایک ہی ہے۔ تیسرا پیغام یہ ہے کہ سب انسانوں کا ایک ہی باپ ہے۔ چوتھا پیغام یہ ہے کہ ماں بھی ایک ہے۔ پانچواں پیغام یہ ہے کہ ساری انسانیت باہم رشتہ دار ہے اور ایسی رشتہ دار ہے کہ جیسے ماں کے رحم کے حوالے سے رشتہ دار ہے۔ اللہ اللہ! یہ عالمگیر تعارف پوری انسانیت کو ایک ماں سے جوڑتا‘ ایک باپ کی نسل سے منسلک کر دیتا ہے۔ اگلا تعارف اس وطن کا ہے جس میں بچہ آنکھ کھولتا ہے۔ اب ہم پاکستان میں پیدا ہوئے ہیں تو پاکستان کے مفادات کا تحفظ ہمارا پہلی ترجیح ہے۔ دنیا میں چار کروڑ کی آبادی کے حامل تقریباً ہر ملک کے 25 سے 30 تک صوبے ہیں جبکہ ہماری آبادی 25 کروڑ ہے لیکن صوبے ابھی تک چار ہی ہیں۔ پنجاب 12کروڑ کی آبادی کا صوبہ ہے۔ اس کے اگر چار صوبے بن جائیں تب بھی ہر صوبے کی اوسط آبادی تین کروڑ ہوگی جبکہ دنیا میں پچاس سے زائد ممالک ایسے ہیں جن کی آبادی تین کروڑ یا اس سے کم ہے۔ اتنی آبادی والے ملکوں کو دنیا میں ایک درمیانے درجے کا ملک سمجھا جاتا ہے۔ دس بارہ کروڑ آبادی کا انتظام و انصرام بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ اسی طرح صوبہ بلوچستان رقبے کے اعتبار سے تقریباً نصف پاکستان ہے۔ وہاں دہشت گردی کا عفریت آئے روز ہمارے نوجوانوں کا پاکیزہ خون پی رہا ہے۔ لازم ہے کہ اتنے بڑے رقبے کو متعدد صوبوں میں تقسیم کیا جائے تاکہ امن کا قیام آسان اور رسائی ممکن ہو سکے۔ ایسی ہی صورتحال باقی صوبوں کی بھی ہے۔ لہٰذا سچے پاکستانیوں کا پہلا ردِعمل یہی ہوگا کہ صوبے فوراً وجود میں آنے چاہئیں۔
آج کل نئے صوبوں کے حوالے سے ریفرنڈم کرانے کی باتیں بھی ہو رہی ہیں۔ مجھے یاد ہے کہ جنرل ضیا الحق مرحوم کے زمانے میں بھی ایک ریفرنڈم ہوا تھا۔ تب میں ہائی سکول میں ٹیچر تھا اور اس ریفرنڈم کی ڈیوٹی پر موجود تھا۔ اُن دنوں ملک میں نماز کا نظام بھی قائم کیا گیا تھا۔ میرے محلے میں مجھے ''ناظم صلوٰۃ‘‘ بنایا گیا تھا۔ یہ ایک اعزازی ذمہ داری تھی مگر یہ حقیقت ہے کہ حکومتی دلچسپی سے مساجد میں نمازیوں کی تعداد بڑھ گئی تھی۔ جمہوریت عوامی رائے کا نام ہے۔ صوبوں کو وجود میں لانے کے لیے عوامی رائے کو ریفرنڈم کے ذریعے قانونی شکل دی جا سکتی ہے۔ 1973ء کے آئین میں اس کی گنجائش موجود ہے۔ پاک وطن کے 25 کروڑ عوام اس حقیقت کے ساتھ متفق ہیں کہ ہمارے انتظام کا ڈھانچہ فرسودہ ہو چکا ہے۔ چار چار نسلیں دنیا سے چلی جاتی ہیں مگر عدالتوں میں کیسوں کے فیصلے نہیں ہو پاتے۔ 20 لاکھ مقدمات سپریم کورٹ کے ذیلی بینچوں میں پڑے انتظار کر رہے ہیں۔ ہائیکورٹس اور نچلی عدالتوں کا اندازہ لگائیں کہ کیا صورتحال ہو گی! ملک کے باقی سول اداروں کا بھی یہی حال ہے۔ اداروں پر ادارے بنے ہوئے ہیں۔ ایک فائل جسے زیادہ سے زیادہ ایک ہفتہ درکار ہونا چاہیے‘ وہ سالوں تک دفتروں کے چکر لگاتی رہتی ہے۔ ایسی صورتحال میں لوگ نفسیاتی مریض بن جاتے ہیں۔ بیماریاںپھیلتی ہیں۔ مقدمات مزید بڑھتے ہیں۔ سفارشی ڈھونڈنے پڑتے ہیں۔ سرکاری کاموں کے لیے پیسے دینے پڑتے ہیں۔ دیانتدار طبقہ انتہائی کم رہ گیا ہے۔ نظام ایسا بن گیا ہے کہ اس سسٹم میں دیانتداروں کے لیے کام مشکل ہو گیا ہے۔
ملک میں حکمرانی کے سدھار کے لیے شفاف بلدیاتی نظام بھی انتہائی ضروری ہے۔ ترقی یافتہ ملکوں کی ترقی کا راز ان کے بلدیاتی نظام کی مضبوطی میں ہے۔ تعلیم‘ ہسپتال اور عوامی فلاح وبہود کے مقامی ادارے زیادہ جاندار طریقے سے کام کرتے ہیں‘ جب ان میں محلے کی سطح پر اچھے لوگ شامل ہوتے ہیں۔ اللہ کے رسول حضرت محمد کریمﷺ جب یثرب میں تشریف لے گئے تھے تو وہاں کے لوگ نے یثرب کے نام کو بدل کر ''مدینۃ الرسول‘‘ رکھ دیا۔ اللہ کے رسولﷺ نے اہلِ مدینہ کی اس محبت پر مسرت کا اظہار فرمایا۔ اس کے بعد اللہ کے حکم سے رسول کریمﷺ نے مدینۃ النبی کا نام طابہ اور طیبہ رکھا۔ مدینہ منورہ کی آبادیاں جو ایک دوسرے سے فاصلے پر تھیں‘ ان کو سینکڑوں میں تقسیم کیا۔ ان کے نام قبا وغیرہ تھے۔ مدینہ منورہ کے جنوب مغرب میں جو بستیاں تھیں انہیں عوالی کہا جاتا تھا۔ ان میں سے بعض دو میل‘ بعض تین میل اور بعض آٹھ میل کی دوری پر تھیں۔ حضرت انس بن مالکؓ سے مروی ہے کہ رسول کریمﷺ عصر کی نماز اس وقت پڑھا کرتے تھے جب سورج اونچا اور زندہ (یعنی تپش والا) ہوتا تھا؛ چنانچہ (نماز پڑھ کر) کوئی شخص عوالی میں جاتا تو سورج بلند ہی ہوتا تھا۔ (سنن ابن ماجہ، کتاب الصلاۃ)۔ حضور اکرمﷺ نے مدینہ میں مردم شماری بھی کروائی۔ امام بخاری کتاب الجہاد والسیر میں ایک حدیث لائے ہیں اور اس حدیث پر جو باب باندھا ہے اس کا نام ہے: باب کتابۃ الامام الناس یعنی خلیفہ کی طرف سے مردم شماری کرانا۔ حضرت حذیفہؓ نے بیان کیا کہ رسول کریمﷺ نے فرمایا ''جو لوگ اسلام کا کلمہ پڑھ چکے ہیں ان کے نام لکھ کر میرے پاس لاؤ‘‘۔ چنانچہ ہم نے ڈیڑھ ہزار مردوں کے نام لکھ کر آپﷺ کی خدمت میں پیش کیے اور رسول کریمﷺ سے عرض کیا کہ ہماری تعداد ڈیڑھ ہزار ہو گئی ہے۔ رسول کریمﷺ نے مدینہ کے ہر سیکٹر میں مسجد بنوائی۔ یہ مسجد ہی تعلیم کا مرکز ہوا کرتی تھی۔ جی ہاں! آبادیوں کو نئے انتظامی یونٹوں میں تقسیم کرنا سنت نبوی اور اچھی حکمرانی کا تقاضا ہے۔ آخر پر گزارش ہے کہ لوگوں کو بتایا جائے کہ ملک کا نظام تباہ ہو چکا ہے تو اسے کس طرح درست کیا جائے گا! صوبوں کا قیام نئے نظام کے لیے کیونکر ضروری ہے۔ حکومتی محکموں کی ناکامی کی وجوہات کیا ہیں! اصلاحات کون سی اور کیسے کی جائیں گی! رشوت ستانی کا خاتمہ کیسے کیا جائے گا! اس پر ایک مہم چلا کر 25 کروڑ عوام کو اعتماد میں لیا جائے تو ریفرنڈم پر عوامی رونقوں کو دیکھ کر دنیا دنگ رہ جائے گی۔ لازم یہ ہے کہ عوام سے جو وعدے کیے جائیں وہ پورے کیے جائیں۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved