تحریر : ڈاکٹر حسین احمد پراچہ تاریخ اشاعت     21-11-2026

بلاول کی دھمکی یا خطرے کی گھنٹی؟

بلاول بھٹو زرداری کی 17نومبر کی گفتگو نے جہاں سیاست کے در و بام کو ہلا دیا وہاں حکومت کے اتحاد کو بھی لرزا دیا ہے۔ مولانا ظفر علی خان نے کہا تھا کہ
نکل جاتی ہو سچی بات جس کے منہ سے مستی میں
فقیہِ مصلحت بیں سے وہ رندِ بادہ خوار اچھا
مگر اب دستورِ میکدہ اور زمانے کا کلچر بدل چکا ہے‘ ان دنوں ''فقیہِ مصلحت بیں‘‘ بڑی جرأتِ رندانہ سے کام لے رہا ہے۔ اسی طرح بلاول بھٹو رندِ بادہ خوار تو نہیں اور نہ ہی اُن کے منہ سے سچی بات مستی میں نکلی ہے انہوں نے پوری ہوشمندی اور مکمل تیاری کے ساتھ یہ گفتگو کی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ زور زبردستی سے اگر سندھ کو تقسیم کیا گیا تو اس سے کراچی میں ہی نہیں دوسرے شہروں میں بھی خون بہے گا۔ انہوں نے گزشتہ اڑھائی تین برس کی اتحادی سیاست کی غلطیوں کا جائزہ لیتے ہوئے یہ اعتراف بھی کیا کہ وہ بھی سیاست کو پابہ جولاں کرنے میں خاصی حد تک شامل تھے۔ انہوں نے بآوازِ بلند اعتراف کیا کہ 27ویں آئینی ترمیم اتفاقِ رائے سے نہیں بلکہ جبری اکثریت سے منظور کروائی گئی۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے آزاد عدلیہ کی اہمیت اور قدر و منزلت کو بھی آج نہایت شدت سے محسوس کیا ہے مگر اپنے پدری مصلحت جویانہ کردار کے زمانے میں وہ بھی یہی رول ادا کرتے رہے ہیں۔
کہتے ہیں کہ تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے۔ جون 2015ء میں آصف علی زرداری وزیراعظم میاں نواز شریف کی دعوت پر ایک طے شدہ ملاقات کیلئے آ رہے تھے مگر آنے سے پہلے انہوں نے سندھ میں ایک تندو تیز تقریر کر ڈالی جس کے بعد میاں نواز شریف نے انہیں دی ہوئی دعوت کینسل کر دی۔ اب میاں شہباز شریف بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر کراچی جا رہے تھے لیکن انہوں نے یہ طے شدہ دورہ بلاول کی اس گفتگو کے بعد منسوخ کر دیا ہے۔ بہرحال سردست ایک بات اُبھر کر سامنے آئی ہے کہ بلاول بھٹو نے جناب آصف علی زرداری کی ''خاموش ڈپلومیسی‘‘ کے برعکس بلند آہنگ عوامی سیاست کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بہت سے سیاستدان بلاول بھٹو پر ماضی میں ''سچی بات‘‘ نہ کہنے پر تنقید کرتے رہے۔ ہمیں بھی پیپلز پارٹی کے نوجوان چیئرمین سے جمہوریت کی سربلندی‘ آئین کی پاسداری‘ میڈیا کی آزادی اور کراچی کی بدحالی کے خاتمے اور روٹی کپڑا مکان کی فراہمی کے حوالے سے بڑی امیدیں تھیں مگر وہ بھی سیاست کے پامال راستوں پر چل پڑے تھے۔ پیپلز پارٹی کے ایک سابق سینیٹر پارٹی سے علیحدہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بلاول بھٹو پر طنز کیا کہ آج پیپلز پارٹی کے مفادات پر زد پڑی تو پارٹی کے چیئرمین کو جمہوریت یاد آ گئی مگر اس معاملے میں ہمارا مؤقف مختلف ہے۔ ہم انگریزی کے اس محاورے کے قائل ہیں کہ It's never too late to mend۔ یعنی اصلاح تاخیر سے بھی کی جائے تو اسے خوشدلی سے قبول کر لینا چاہیے۔ یہاں بلاول بھٹو کی طرف سے کیے گئے ایک دو مزید اعترافات کا ذکر ہو جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے انکی مخصوص نشستیں چھینی گئی تھیں جو اب اعتماد سازی کیلئے انہیں واپس کر دینی چاہئیں‘ اور یہ کہ عمران خان کے بغیر ملک نہیں چل سکتا‘ انہیں رہا کرنا پڑے گا۔ تاہم مقتدرہ سے قربت کی شہرت رکھنے والے ایک سینئر صحافی کا کہنا ہے کہ سیاسی قیاس آرائیوں کے باوجود عمران خان سے متعلق پالیسی تبدیل نہیں ہوئی۔ بلاول بھٹو نے سسٹم کے کریش ہونے کا بھی اعتراف کیا‘ انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے میں محسن نقوی صاحب کے ساتھ اتفاق کرتے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ سسٹم کو واقعی ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے مگر یہ ری سیٹنگ خالصتاً سیاسی بنیادوں پر ہونی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک دو وزرا‘ خواجہ آصف اور عطا تارڑ کے علاوہ اور کسی نے نئے صوبوں کی بات نہیں کی ہے۔ میرے یا میرے والد جناب زرداری کیساتھ بھی اس موضوع پر بات نہیں کی گئی۔ ایسے کیسے ہو سکتا ہے کہ محض ایک وزیر کے کہنے پر کہ صوبے بن کر رہیں گے‘ ہم تعمیل میں سر جھکا دیں۔ یہ مسئلہ کابینہ میں زیر بحث آیا نہ مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل کمیٹی میں‘ نہ حکومتی پارلیمانی پارٹی میں۔ یہ مسئلہ قومی اسمبلی میں اٹھایا گیا ہے اور نہ سینیٹ میں۔ نہ اس موضوع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف بول رہے ہیں اور نہ ہی محمد شہباز شریف۔ بلاول کی باتوں کا مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت نے تو کوئی جواب نہیں دیا تاہم وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کی باتوں سے لگتا ہے کہ نئے صوبوں کیلئے عوام کی رائے معلوم کرنے کیلئے ریفرنڈم کروایا جا سکتا ہے۔لیکن صوبہ سازی کیلئے واضح آئینی طریق کار کو چھوڑ کر ریفرنڈم کی کیا ضرورت ہے۔
اگرچہ اپنی گفتگو کے دوران بلاول بھٹو کا بعض نکات پر لب و لہجہ خاصا جذباتی اور تلخ تھا۔ کراچی میں خون خرابہ کی بات کرتے ہوئے یقینا ان کی نظر اس شہر کی تاریخ پر ہو گی۔ گزشتہ چند برس سے کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں قدرے امن و امان ہے۔ مگر اس سے پہلے کے کئی برسوں کے دوران یہاں کی تاریخ بڑی خونچکاں رہی ہے۔ ایم کیو ایم نے اپنے عروج کے زمانے میں اس شہر کو بارہا خون میں نہلایا اور بوری بند لاشوں کا کلچر پروان چڑھایا۔ 12مئی 2007ء‘ جنرل پرویز مشرف کے دورِ اقتدار میں معطل چیف جسٹس کے کراچی پہنچنے پر شہر میں فائرنگ اور فسادات کے نہایت افسوسناک واقعات پیش آئے‘ جن میں تقریباً50سے زائد افراد جاں بحق اور 100سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ بلاول کا مؤقف یہ ہے کہ کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں کی حساس صورتحال کے پیش نظر ریفرنڈم سے اجتناب کی ضرورت ہے۔ ان کا نقطۂ نظر یہ ہے کہ آئین میں صوبوں کی تشکیل کا واضح طریق کار موجود ہے۔ جہاں صوبائی اسمبلیاں نئے صوبوں کے حق میں قراردادیں منظور کر چکی ہیں وہاں نئے صوبے بنا لیں مگر جہاں صوبائی اسمبلی نئے صوبوں کے خلاف قرارداد منظور کر چکی ہے‘ جیسا کہ سندھ اسمبلی وہاں زور زبردستی سے صوبے نہیں بننے چاہئیں۔ بلاول بھٹو کی مولانا فضل الرحمن اور پی ٹی آئی کی حمایت سے تو یہ لگتا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنی سیاسی ساکھ بچانے کیلئے مستقبل میں اپوزیشن میں شامل ہو سکتی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کے ان بیانات کے بعد ایک مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔ 20نومبر کو وزیراعظم میاں شہباز شریف نے محسن نقوی صاحب کے ہمراہ ایوانِ صدر میں صدرِ پاکستان جناب آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں تمام معاملات مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق ہوا۔ ایوانِ صدر کے میڈیا سیل کے بیان کے مطابق جمعرات کی ملاقات میں سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے اتفاق کیا کہ تمام معاملات بات چیت کے ذریعے حل کیے جائیں گے‘ جیسا کہ آئینی ترامیم باہمی مشاورت سے ہوئی ہیں۔ بعض باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے اپنی گفتگو پر صدر زرداری کو اعتماد میں نہیں لیا تھا۔ جمعرات ہی کے روز بلاول کی بھی صدر زرداری سے ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں ملکی صورتحال کے پیش نظر تحمل سے کام لینے پر اتفاق کیا گیا۔ بعد میں پیپلز پارٹی کے اجلاس میں صدر زرداری کی طرف سے بلاول سمیت پارٹی زعما کے ساتھ نئے صوبوں کے حوالے سے وسیع تر مشاورت کی گئی۔
کابینہ کے ایک ذریعے کے مطابق یہ نظام تین ستونوں پر قائم ہے۔ ایک مسلم لیگ (ن)‘ دوسرا پیپلز پارٹی اور تیسرا مقتدرہ۔ ان میں سے کسی ایک ستون میں خلل سے نظام غیرمستحکم ہو سکتا ہے۔ اگرچہ بظاہر پدر و پسر کی سیاست مختلف سمتوں میں چل پڑی تھی۔ زرداری صاحب حسب سابق مفاہمت مگر بلاول آمادۂ مزاحمت دکھائی دے رہے تھے۔ یہ تو آنیوالے دن ہی بتائیں گے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی سیاسی ری سیٹنگ کے حوالے سے اپنی آئیڈیل گفتگو پر کہاں تک قائم رہتے ہیں۔ البتہ ایک تازہ گفتگو میں بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ انہوں نے دھمکی نہیں دی بلکہ خطرے کی گھنٹی بجائی تھی۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved