تحریر : کنور دلشاد تاریخ اشاعت     21-11-2026

ریفرنڈم کا روڈ میپ اور نئے نظام کی تیاریاں

ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ریفرنڈم کی جو تجویز دی ہے‘ اس پر ملک بھر کے سیاسی و سماجی حلقوں میں بحث ہو رہی ہے۔ آئین پاکستان میں ریفرنڈم کا طریقہ کار موجود ہے۔ آئین کے آرٹیکل 48 کے سب سیکشن 6 کے تحت اگر وزیراعظم کسی وقت‘ کسی قومی اہمیت کے معاملے پر ریفرنڈم کرانا ضروری سمجھیں تو یہ معاملہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں رکھیں گے۔ اگر مشترکہ اجلاس میں سادہ اکثریت سے منظوری مل جاتی ہے تو وزیراعظم یہ معاملہ عوام کے سامنے رکھیں گے جس کا جواب ''ہاں یا نہیں‘‘ کی صورت میں دیا جا سکتا ہو۔ اٹھارہویں آئینی ترمیم سے قبل وزیراعظم خود ریفرنڈم کا اعلان کر سکتا تھا‘ اب پہلے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے منظوری لازمی ہے۔ تاہم یہ واضح رہے کہ پاکستان میں کوئی ریفرنڈم آئین کی کسی شق کو نہیں بدل سکتا۔ اس کیلئے متعلقہ طریقہ ہی اختیار کرنا پڑے گا۔ مثلاً اگر کسی صوبے کی حد بدلنی ہے تو موجودہ قانون کے مطابق متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت کی طرف سے منظوری لازمی ہے۔ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ آئین کے آرٹیکل 239(4) میں تبدیلی کر کے صوبوں کا اختیار ختم کر دیا جائے۔
پاکستان میں اب تک تین ریفرنڈم ہوئے ہیں اور تینوں فوجی صدور نے کرائے۔ 14 فروری 1960ء میں عوام سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ کو صدر جنرل ایوب خان کی قیادت پر اعتماد ہے؟ اس ریفرنڈم میں ووٹر عوام نہیں بلکہ بنیادی جمہویت کے 80 ہزار منتخب نمائندے تھے۔ نتیجہ یہ تھا کہ 95.6 فیصد رائے دہندگان نے صدر ایوب خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ اس حوالے سے یہ بھی بیان کیا جاتا ہے کہ ریفرنڈم کے نتائج سامنے آنے پر صدر ایوب خان نے حیرانی سے وزیر قومی تعمیر و اطلاعات ذوالفقار علی بھٹو سے دریافت کیا کہ سو فیصد رزلٹ کیوں نہیں آیا؟ اس پر انہوں نے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سے معلومات اکٹھی کر کے بتایا کہ چار فیصد ووٹ اس لیے مسترد کیے گئے کہ بیلٹ پیپر پر ڈبل مہریں لگ گئی تھیں۔
دوسرا ریفرنڈم 19 دسمبر 1984ء کو ہوا جب عوام سے سوال کیا گیا کہ کیا پاکستان کے عوام جنرل محمد ضیاء الحق کے شروع کردہ اس عمل کی توثیق کرتے ہیں جس کے تحت پاکستان کے قوانین کو قرآن و سنت کے مطابق بنایا جا رہا ہے‘ نظریہ پاکستان کی حفاظت کی جا رہی ہے اور اقتدار منتخب نمائندوں کو منتقل کیا جائے گا۔ اس ریفرنڈم کا نتیجہ یہ نکلا کہ 97.7 فیصد نے ہاں کہا۔ اس سوال نامہ کو جنرل ضیا الحق کے چیف آف سٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل رفاقت حسین اور اٹارنی جنرل شریف الدین پیرزادہ نے تیار کیا تھا اور ریفرنڈم کا اعلان اس وقت کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) ایس اے نصرت نے کیا تھا۔ ملتان سے شاہ محمود قریشی اور یوسف رضا گیلانی نے ڈپٹی مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر میجر جنرل حمید گل کی معاونت سے ریفرنڈم کی مہم شروع کر رکھی تھی۔ میں اُن دنوں ڈیرہ غازی خان میں ریجنل الیکشن کمشنر تھا۔ اس وقت کے کمشنر ڈیرہ غازی خان اور ڈپٹی کمشنر ملتان نے میری موجودگی میں ''نہیں‘‘ پر مہر لگائی تھی۔ حقیقت یہ ہے کہ ڈیرہ غازی خان میں عوام نے 75 فیصد ووٹ 'ہاں‘ میں دیے تھے۔ تاہم رات گئے تک چیف الیکشن کمشنر ایس اے نصرت ڈپٹی کمشنر پر دباؤ ڈالتے رہے کہ رزلٹ 90 فیصد کر دیں۔ انہوں نے انکار کر دیا۔ میری موجودگی میں یہ سارا ڈرامہ چلتا رہا۔ قبل ازیں الیکشن کمیشن کے سیکرٹری حیدر چوہان نے ریفرنڈم کی مخالفت کی تو ان کو راتوں رات او ایس ڈی بنا دیا گیا اور ان کی جگہ آزاد جموں وکشمیر کے چیف سیکرٹری ایم ایم کاظم کو سیکرٹری الیکشن کمیشن مقرر کیا گیا۔ وہ ایک شریف النفس بیورو کریٹ تھے۔ البتہ ان پر جنرل رفاقت کا شدید دباؤ تھا لہٰذا انہوں نے حالات کے مطابق ریفرنڈم کی راہ میں سہولت فراہم کی۔
30 اپریل 2002ء کو عوام سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ صدر جنرل پرویز مشرف کو اگلے پانچ سال کیلئے صدر برقرار رکھنا چاہتے ہیں؟ 75 فیصد نے ہاں کہا۔ صدر پرویز مشرف نے جب سات اپریل 2002ء کو قوم سے خطاب میں ریفرنڈم کا روڈ میپ دیا تو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبر جسٹس (ر) طارق محمود‘ جن کا تعلق بلوچستان سے تھا‘ نے فوری طور پر اپنا استعفیٰ صدرِ مملکت کو بھجوایا اور اگلی صبح خاموشی سے کوئٹہ چلے گئے۔ جسٹس طارق محمود کے اپنے ہاتھ سے لکھے استعفے کا عکس میری سرگزشت میں موجود ہے۔ اس ریفرنڈم کے نتائج کا اعلامیہ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) ارشاد حسن خان نے پاکستان ٹیلی ویژن پر آ کر جاری کیا۔ اس ریفرنڈم کو میڈیا نے مذاق کا موضوع بنایا اور ان کی پریس کانفرنس میں ان سے سوالات کیے گئے تو انہوں نے ارشاد حقانی کے سوال کے جواب میں کہا کہ شاہ سے وفاداری نے زیادہ ہی کام کر دکھایا۔ بہرحال انہوں نے اس کی انکوائری کرانے کا بھی اعلان کیا‘ جسے بعد میں نظرانداز کر دیا گیا۔
آج کل سیاسی جماعتیں نئے نظام کے حوالے سے لاعلم اور کنفیوژن کا شکار ہیں۔ محسوس ہوتا ہے کہ صوبوں کے معاملے پر بھی ان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ سیاسی جماعتوں کو معلوم ہی نہیں کہ سسٹم ری سیٹ کرنا کس چیز کا نام ہے۔ اس تناظر میں چودھری سالک حسین کے جواب کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔ پنجاب کے وزیر چودھری شافع حسین کا یہ کہنا بھی بڑی اہمیت کا حامل ہے کہ اکثر سیاستدان اپنا حق سمجھتے ہیں کہ ٹھیکیداروں سے 30 فیصد کمیشن لینا ہے‘ اب اس روایت کو ختم ہونا چاہیے۔ ایک طرف پنجاب کی وزیراعلیٰ کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف سخت بیانات دے رہی اور چودھری سالک حسین کے خلاف نوٹس جاری کر رہی ہیں‘ دوسری طرف ان کی ہی جماعت کے ایم پی اے کے خلاف زمین پر مبینہ قبضے کے مقدمے میں عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا وزیراعلیٰ پنجاب اپنی سیاسی جماعت کے اندر بھی احتساب کا وہی معیار نافذ کریں گی یا کرپشن کے خلاف سختی صرف بیانات اور سیاسی محالفین تک ہی محدود رہے گی؟
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ انتخابات سے قبل ملک میں ایک ایسی تیسری سیاسی قوت کو مضبوط کرنے کیلئے کام ہو رہا ہے جس کے تحت ملک بھر میں بکھری ہوئی سیاسی جماعتوں کو یکجا کر کے ایک مضبوط سیاسی محاذ تیار کیا جائے گا‘ جس طرح 1988ء کے انتخابات کے موقع پر اسلامی جمہوری اتحاد معرضِ وجود میں آیا تھا۔ اسی طرح پاکستان جمہوری اتحاد کی شکل میں ایک بڑی سیاسی قوت کو سامنے لایا جاسکتا ہے۔ اس جمہوری اتحاد میں ایسے افراد کو سامنے لایا جائے گا جن کا ماضی کا ریکارڈ شاندار رہا ہو اور عوام میں بھی جن کی مقبولیت پائی جاتی ہو۔ پاکستان کے موروثی سیاستدان نہیں چاہتے کہ ملک میں میرٹ اور انصاف کا بول بالا ہو‘ مضبوط ادارے اور جواب دہ قیادت ہو۔ اگر سیاستدان ملک میں بدعنوانیاں اور کرپشن کے زور سے اپنا تسلط قائم رکھیں‘ اداروں کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کرتے رہیں اور عوام کو محرومیوں کے حوالے کر دیں تو ریاست کب تک انہیں سیاسی مصلحتوں کے نام پر برداشت کرے گی۔ پاکستان کب تک چند خاندانوں کی حکمرانی کی قیمت ادا کرتا رہے گا؟ پس پردہ موجود حلقوں کا کہنا ہے کہ موجودہ سیٹ اپ تاحال نہ تو کوئی مؤثر سیاسی بیانیہ بنا سکا ہے نہ ہی سیاسی و معاشی استحکام پیدا کر سکا ہے‘ لہٰذا نئے نظام میں نئے چہروں اور نئے لوگوں کو شامل کیے بغیر ملک میں سیاسی استحکام ممکن نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس وقت بہت سے اہم کرداروں سے متعدد امور پر خاموش بات چیت جاری ہے۔ حاصلِ کلام یہ ہے کہ 28ویں آئینی ترمیم پر پس پردہ کام جاری ہے اور ممکن ہے کہ اب آئین میں ایسی اہم ترامیم کر دی جائیں جس سے پاکستان سیاسی اور معاشی دونوں لحاظ سے مستحکم ہو جائے۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved