شور اور ہنگامہ کافی ہے‘ ہم بھی سن رہے ہیں۔ لیکن بہت سی ایسی چیزیں ہیں جن کے بارے میں قیاس ہی کیا جا سکتا ہے‘ تفصیلات سے ہم محروم ہیں۔ خیال ہی ہے کہ صدارتی نظام کی خواہش مقتدر حلقے اپنے دامن میں رکھے ہوئے ہیں۔ ریفرنڈم کا غبارہ بھی ہوا میں چھوڑا گیا ہے۔ اصل میں ہوتا کیا ہے وہ بعد میں پتا چلے گا۔ البتہ صوبوں والی بات پایۂ تکمیل کو پہنچے اور اس سکیم کے تحت شمالی پنجاب کا کوئی صوبہ بنتا ہے تو ہماری دانست میں یہ بہت اچھا قدم ہو گا۔ ہم جو پوٹھوار اور آس پاس کے ضلعوں کے رہنے والے ہیں‘ ہمارا مزاج وسطی پنجاب والوں اور لاہوریوں سے خاص طور پر تھوڑا مختلف ہے۔ پنجابی کا لہجہ مختلف ہے۔ کلچر میں بھی خاصا فرق ہے۔ ویسے بھی لاہور دور پڑتا ہے۔ اور لاہور میں بابوؤںکا ایک حکومتی بندوبست ہے‘ اُس سے جان چھوٹ ہی جائے تو اچھا ہے۔ شمالی پنجاب کی کوئی انتظامی یونٹ بنی وہاں بھی بابو ہوں گے لیکن کم از کم پنجاب سیکرٹریٹ تو نہ ہوگا۔ میانوالی‘ اٹک‘ جہلم‘ گجرات اور راولپنڈی یہ مانوس علاقے ہیں۔ یہاں کا کوئی نظام بن جائے تو یہاں کے لوگ اُسے بہتر ہی سمجھیں گے۔
یہ بھی ہے کہ جاتی امرا والی حکمرانی سے نجات مل جائے گی۔ یہ لوگ جان چھوڑ ہی نہیں رہے۔ میاں نواز شریف 1981ء میں وزیر خزانہ پنجاب بنے تھے۔ اندازہ لگائیے تب سے لے کر آج تک کوئی 45سال بنتے ہیں۔ اس عرصے میں ان کی چیف منسٹریاں آئیں‘ وزارتِ عظمیٰ کی کرسی ان کے پاس رہی اور اب تک ہے۔ ایک سے جان چھوٹتی ہے تو دوسرا آ جاتا ہے۔ عمران خان نے ان کی سیاست کو بڑا دھچکا دیا تھا لیکن پھر عمران خان کے حالات تغیر کا شکار ہوئے اور جو فیصلہ ساز سمجھے جاتے ہیں‘ سمجھے کیا اصل میں اُنہی کی چلتی ہے‘ اُن کو (ن)لیگ اور پیپلز پارٹی کی ضرورت پڑ گئی۔ نہ صرف ان کی بلکہ مولانا فضل الرحمن کی بھی ضرورت پڑی جو کہ آج کل بہت گرج چمک رہے ہیں۔ فیصلہ سازوں کی مصلحت بھی ایسی کہ چلے ہوئے کارتوسوں کو دوبار ہ ضرورت میں لانا پڑا۔ رنگ روغن کرکے اور فارم 47کے کرشمات کو بروئے کار لاتے ہوئے موجودہ نظام جسے ملا جلا یا ہائبرڈ نظام کہتے ہیں‘ کھڑا کیا گیا۔ اب فیصلہ ساز کچھ آگے کی سوچ رہے ہیں اور اپنے ہی کھڑے کیے گئے نظام کو فارغ نہیں تھوڑا پرے کرنا چاہتے ہیں اور یہ صوبوں والی بات اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
فیصلہ سازوں کے ارادے یہ ہیں اور جو تبدیلی سے متاثر ہوں گے ان کو گرم ٹھنڈا بخار چڑھا ہوا ہے۔ وہی مولانا فضل الرحمن جنہوں نے فیصلہ سازوں کا ساتھ دیا تھا آج اپنے کرم فرماؤں کے لتے لے رہے ہیں۔ بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی بھی فیصلہ سازوں کے نظام کا کلیدی حصہ تھے اور اب تک ہیں۔ لیکن سندھ کی تقسیم کی باتیں سن کر انہیں مروڑ پڑ رہے ہیں۔ (ن) لیگ والے قدرے سیانے ہیں۔ پنجاب کی وحدت پر چھریاں چلیں تو ظاہر ہے ان کی بادشاہت میں کمی واقع ہو گی۔ لیکن فی الحال اپنے دردوں کو اندر ہی رکھا ہوا ہے۔ کبھی کبھار رانا ثنا اللہ کچھ کہہ دیتے ہیں لیکن یہ سارے پرانے کھلاڑی ہیں‘ غیرمحتاط بات سے اجتناب کرتے ہیں۔ پنجاب حکومت کی عنقریب چھٹی کی باتیں سیاسی بازاروں میں عام ہیں لیکن وہاں سے بھی کوئی غیرمحتاط بات نہیں آ رہی۔ یار دوست کہتے ہیں کہ چہرے تھوڑے لٹکے ہوئے ہیں لیکن اس بارے کوئی حتمی رائے ہم نہیں دے سکتے۔
لاہور کے ایک عدد دوست نے خبر دی ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کے آشیانے پر سیاسیوں کا آنا جانا بڑھ گیا ہے۔ ہمارے لوگ بھی بڑے سمجھدار ہوتے ہیں۔ موسمی ہواؤں میں تھوڑی سی تبدیلی محسوس کریں تو سفر کی سمت بدل جاتی ہے۔ جن دروازوں کو بھول چکے ہوتے ہیں وہاں کا رخ کرنے لگتے ہیں۔ پرانی وفاداریاں یاد آنے لگتی ہیں۔ چوہدری پرویز الٰہی کا ڈیرہ چلتا ہے‘ چائے پانی کا وافر بندوبست ہوتا ہے۔ آگے کیا ہونا ہے اس کا تو نہیں معلوم لیکن اتنا کہہ سکتے ہیں کہ شمالی پنجاب کا صوبہ بنے تو اس کی سربراہی یہ گجرات والے ہی صحیح کر سکتے ہیں۔
جب مشرف دور میں پنجاب پر ان کی حکمرانی تھی تو ہم (ن) لیگ میں تھے۔ اسی جماعت کو جمہوریت کی کنجی سمجھتے تھے اور ایسے یار دوستوں کی کمی نہ تھی جو کہتے کہ نواز شریف سعودی جلاوطنی سے واپس آئے تو مختلف انسان ہوں گے۔ ایسی بھول بھلیوں سے انسان امیدوں کا پہاڑ کھڑا کرتے ہیں۔ بہرحال اپنی چھوٹی سی حیثیت میں تھے تو ہم دوسری طرف لیکن محسوس ہوتا تھا کہ چوہدری پرویز الٰہی یہاں کی حکمرانی ٹھیک ہی کر رہے ہیں۔ ناظموں والا نظام ہمیں اچھا نہیں لگتا تھا کیونکہ اختیار کا ارتکاز ناظموں کے گرد اتنا ہو گیا کہ لامحالہ بیشتر ناظموں کی گردنوں میں خاصا موٹا قسم کا سریا پیدا ہو گیا۔ لیکن صوبے کے لیول پر پرویز الٰہی نے اچھے کام ہی کیے۔ اقتدار میں آنے کے بعد عمران خان کچھ ان پر تکیہ کرتے اور عثمان بزدار والی جھک نہ مارتے تو ان کیلئے اچھا ہوتا اور شاید پنجاب میں بھی حالات بہتر رہتے۔ اب بھی سیاسی سوچ رکھنے والوں کو پی ٹی آئی میں آگے لانا چاہیے۔ نازک مرحلہ ہے اور سمجھداری کی ضرورت ہے۔ سردار لطیف کھوسہ پر جو انحصار کیا گیا ہے بہت اچھا قدم ہے۔ کچھ چوہدری پرویز الٰہی کو بھی آگے لایا جائے تو پی ٹی آئی کیلئے اچھا ہو گا۔ احتجاج کی سیاست جیسے ویسے تھی وہ ہو گئی۔ غلطیاں اور بلنڈر جو ہوئے ان کے بارے میں سوچ بچار ہونی چاہیے۔ لیکن معاملات کو صحیح چلانے کیلئے معاملہ فہم لوگوں کی ضرورت ہے۔ عوامی حمایت پی ٹی آئی کی کہیں نہیں گئی۔ وہیں موجود ہے جہاں تھی لیکن بات ہے فیصلہ سازوں کے بنائے ہوئے نظام میں اپنے لیے جگہ بنانی۔ نعرے ہو گئے‘ محاذ آ رائی ہوگئی اب حکمت بدلنے کا وقت آن پہنچا ہے۔
اس بات کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان ایک جمہوری جدوجہد کا نتیجہ تھا۔ یہاں کوئی چیئرمین ماؤ یا ہوچی مِن نہیں آئے تھے۔ کوئی گوریلا جنگ نہیں ہوئی تھی۔ قائداعظم یا ان کے رفقا پہاڑوں میں نہیں گئے تھے۔ جو کچھ ہوا بحث و دلائل سے ہوا۔ تحریک عدم اعتمادکے بعد محاذ آرائی کا ماحول یہاں کچھ زیادہ ہی بن گیا جس سے‘ آج ہم دیکھ سکتے ہیں‘ پی ٹی آئی کو بہت نقصان پہنچا۔ سوشل میڈیا پر توپیں چلانا تو نسبتاً آسان ہے‘ عملی سیاست کے تقاضے کچھ مختلف ہوتے ہیں۔ بہرحال اب موقع مل رہا ہے کہ کچھ سمجھداری کی راہیں تلاش کی جائیں۔ جس کا یہ مطلب نہیں کہ گھٹنے ٹِک جائیں‘ منت محتاجی پر پی ٹی آئی آ جائے۔ ہرگز نہیں۔ لیکن پی ٹی آئی ایک جماعت ہے‘ لوگ اس کے ساتھ ہیں‘ الیکشن جیسے بھی ہوئے ان کا نتیجہ سب کو پتا ہے۔ یہ کہاں کا دستور لکھا ہوا ہے کہ پی ٹی آئی ہی دیوار میں سر مارتی رہے؟ اصولوں سے انحراف بالکل نہیں لیکن اپنے لیے کچھ جگہ تو بنائی جائے۔
حکومتی اتحاد میں دراڑیں پڑ رہی ہیں۔ صوبوں والی بات پر تضاد پیدا ہوئے ہیں۔ پی ٹی آئی اس صورتحال سے فائدہ اٹھائے۔ ایک جو سلسلہ پی ٹی آئی میں بنا ہوا ہے کہ ہر ایک اپنے آپ کو لیڈر سمجھتا ہے‘ اسے ختم ہونا چاہیے۔ انقلابِ روس میں بیس اکیس لوگوں پر مشتمل ایک سنٹرل کمیٹی تھی۔ چینی کمیونسٹ پارٹی میں ایک سنٹرل کمیٹی ہے۔ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی میں سیاسی سوچ رکھنے والوں کو رکھا جائے اور تعداد اس کمیٹی کی ذرا محدود ہو۔ یہی کمیٹی فیصلہ کرے نہ کہ ہر ایک نے اپنا دھوتو اٹھایا ہو۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved