ہر ملک‘ قوم اور معاشرے کو اپنی نئی نسل سے بہت امیدیں ہوتی ہیں اور ہونی بھی چاہئیں کیونکہ کوئی بھی ریاست یا معاشرہ اس کے بغیر ترقی کرنا چھوڑیں آگے ہی نہیں بڑھ سکتا۔ لیکن جو اس نوجوان نسل کی تربیت کرنی ہوتی ہے کیا وہ ہو رہی ہے اور کیا نوجوان نسل خود کو اس قابل کر رہی ہے کہ اس ملک اور معاشرے کو آگے لے کر بڑھے اور نئے جذبے سے ملک کی قیادت سنبھالے؟ اگرچہ نئی اور پرانی نسل کے درمیان فاصلہ فطری ہے اور ہر اگلی نسل کو لگتا ہے کہ اس کا زمانہ تو بہت اچھا تھا لیکن اب زمانہ بہت بگڑ گیا ہے۔ یہ الگ بات کہ جب یہ پرانی نسل جوان تھی تو ان کے بارے ان کے بزرگوں کے خیالات بھی یہی تھے۔ ہر نسل خود کو اچھا اور نئی کو بیکار سمجھتی ہے۔ یہ صدیوں سے ہوتا آیا ہے اور ہوتا رہے گا۔ یہی انسان کا ارتقائی عمل ہے کہ ہر نسل مختلف انداز میں سوچتی اور عمل کرتی ہے۔ جو نسل جدید زمانے کے ساتھ مقابلہ نہیں کر سکتی وہ غیرمتعلقہ ہوتی جاتی ہے۔ اس لیے نئی نسل اسے خود سے بالکل مختلف مخلوق لگتی ہے۔ پرانی نسل بہت سی چیزوں کو جدید زمانے کی خرافات سمجھ کر نہ تو سیکھنے کی کوشش کرتی ہے اور نہ ہی وہ انہیں سراہتی ہے۔ اسے لگتا ہے کہ نئی چیزیں اور نیا زمانہ نئی نسل کو بگاڑ رہا ہے اور ان کے پاس ایک سو ایک وجوہات بھی ہوتی ہیں۔ جب پرانی نسل پچاس سال کی عمر کا ہندسہ عبور کرنے کے بعد سیکھنے کے عمل سے خود کو دور کر لیتی ہے تو پھر وہیں گیپ پیدا ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ نئی نسل نئی نئی چیزیں سیکھ رہی ہوتی ہے جبکہ پرانی نسل کو وہ سب کچھ اجنبی سا لگتا ہے۔ وہ اب اپنے کمفرٹ زون سے باہر نہیں نکلنا چاہتے اور نئی ٹیکنالوجی یا نیا علم انہیں اچھا نہیں لگتا۔ وہ اب جہاں ہے جیسے ہے کی بنیاد پر بقیہ زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔ یوں اپنی اس کمزوری کا دفاع کرنے اور خود کو جواز فراہم کرنے کیلئے وہ نئی نسل کی بہت سی باتوں میں کیڑے نکالتے ہیں اور زمانے کو برا سمجھتے ہیں۔ انہیں اپنا دور اچھا لگتا ہے کیونکہ اس میں ان کیلئے کمفرٹ ہے‘ سکون ہے اور اس میں انہیں کچھ نہیں سیکھنا پڑتا۔ نئی نسل کے ساتھ انہیں بھی نیا سیکھنا پڑے گا اور وہ یہ کشٹ کاٹنے کو تیار نہیں ہوتے یوں وہ خود کو نئی نسل سے دور کر لیتے ہیں اور خود کو اچھے دور اور نسل کا سمجھ کر ایک خول میں بند ہو جاتے ہیں۔ زمانے کی بے راہ روری پر تبرے پڑھتے اور اپنے زمانوں کی تعریفیں کرتے ہیں۔
ایک طرف تو انسانوں میں یہ فطری فرق آتا ہے تو دوسری طرف ہمارے پروفیشن میں بھی یہی سب کچھ دیکھنے کو ملتا ہے۔ میں بار بار ایک بات لکھتا ہوں کہ میں نے سیاستدانوں اور بیوروکریسی کو بڑے قریب سے دیکھا ہے۔ اسلام آباد میں رپورٹنگ کی وجہ سے بہت کچھ جاننے کو ملا۔ میں سیاستدانوں کی دو تین تو بیوروکریٹس کی درجن بھر نسلوں کو دیکھ چکا ہوں جو پارلیمنٹ کی کمیٹیوں میں آتے ہیں۔ 28سال بڑا عرصہ ہوتا ہے اور میں نے ان برسوں میں کئی اچھے افسران کو بھی دیکھا جن کی میں آج تک عزت کرتا ہوں۔ لیکن دھیرے دھیرے بیوروکریسی کا زوال بھی دیکھا اور اب اس زوال میں تیزی آ گئی ہے۔ ابھی کچھ دن پہلے ایک ڈی ایم جی کے گریڈ بیس کے افسر سے ملاقات ہوئی۔ وہ ڈسٹرکٹ سے ڈویژن لیول تک بڑے بڑے عہدوں پر کام کر چکے تھے بلکہ یوں کہیں سروس کے دوران وہ چاروں صوبوں میں مختلف پوزیشن پر کام کر چکے ہیں لہٰذا دنیا کو قریب سے دیکھ چکے ہیں۔ کوئی بات ہونے لگی تو افسردہ ہو کر بولے کہ میرا کیریئر ابھی پڑا ہے لیکن ایک بات مجھے بہت ڈسٹرب کرتی ہے کہ ہمارے نوجوان افسران کو کیا ہو گیا ہے۔ ہم بھی اسسٹنٹ کمشنر لگے تھے۔ ہمارے بھی سینئر تھے اور ہم تو سوچ ہی نہیں سکتے تھے کہ ابھی انڈر ٹریننگ ہیں‘ پورے افسر بھی نہیں بنے اور کوئی غلط بات سوچ سکیں۔ ہمیں اپنے سینئرز کا بہت خوف رہتا تھا کہ اگر ہم میں سے کسی نے کوئی غلط کام کیا تو ہمارے بڑے کیا سوچیں گے۔ اس وقت اسسٹنٹ کمشنر تو سوچتا ہی نہیں تھا کہ وہ پیسے پکڑے گا۔ افسردہ ہو کر کہنے لگے کہ آپ کو شاید یقین نہیں آئے گا یا لگے گا میں زیادہ ہی بات کو بڑھا چڑھا کر بتا رہا ہوں۔ بولے‘ اس وقت 98فیصد افسران اسسٹنٹ کمشنر سے لے کر اوپر تک‘ کرپشن کررہے ہیں۔ صرف دو فیصد بچ گئے ہیں جو ابھی ایمانداری کے ساتھ چمٹے ہوئے ہیں۔ میرے چہرے پر حیرانی دیکھ کر بولے: یہ بات میں اپنے ذاتی تجربے سے بتا رہا ہوں کہ میں نے یہ سب چیزیں خود ہوتے دیکھی ہیں۔ کہنے لگے کہ مجھے بڑے بڑے ڈپٹی کمشنرز یا ان سے اوپر کے افسران سے زیادہ افسوس اسسٹنٹ کمشنرز کا ہے جن کا کیریئر ابھی شروع ہو رہا ہے اور وہ پہلے دن ہی یہ کام شروع کر دیتے ہیں۔ اب کوئی ایسا نہیں بچ گیا جس کی قسم اس کا اوپر بیٹھا افسر دے سکے کہ میں انہیں جانتا ہوں یہ بندہ ایسا نہیں ہے۔ بولے کہ وہ پورے دھیان کے ساتھ اپنی بیس بائیس سال سے زائد سروس کا یہ نچوڑ پیش کر رہے ہیں کہ اب کوئی خال خال ہی بچ گیا ہو گا تو میں کچھ نہیں کہہ سکتا ورنہ نئے بیوروکرٹس کی نوجوان کلاس پہلے دن سے بڑے کلیئر ذہن کے ساتھ سروس جوائن کر رہی ہے کہ اس نے صرف پیسہ بنانا ہے‘ بیرونِ ملک شہریت لینی ہے‘ بچے شفٹ کرنے ہیں۔ چاہے معاشرہ یا ملک کسی کھڈے میں گرتا ہے تو گر جائے۔ پھر انہوں نے مجھے اپنے جونیئرز اور سینئرز کی ایسی کہانیاں سنائیں کہ میں ششدر رہ گیا۔ اب آپ کہیں گے کہ ہو سکتا ہے ایسا نہ ہو وہ زیادہ ہی باتیں بڑھا کر بتا رہے ہوں‘ اتنی بھی آگ نہیں لگی ہوئی۔ میں آپ کی بات مان لیتا اگر تین دن پہلے ملتان کے ہمارے سینیٹر رانا محمود الحسن کی زیر صدارت کا بینہ کمیٹی اجلاس میں سیکرٹری کابینہ کے اس موضوع پر کمنٹس نہ سنے ہوتا یا پھر سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا جو آج کل اینٹی منی لانڈرنگ اتھارٹی کے چیئرمین ہیں‘ کے انکشافات نہ سنے ہوتے۔ سکھیرا صاحب نے انکشاف کیا تھا کہ اب ہزاروں پاکستانی بیوورکریٹس بیرون ملک شہریتیں لے چکے ہیں اور وہ پاکستان سے ڈالرز منی لانڈرنگ کرکے لے جا رہے ہیں اور کچھ ملکوں میں انویسٹمنٹ ڈیل کے تحت شہریت خرید رہے ہیں۔ اجلاس میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ پرتگال میں پاکستانی افسران کے پچیس ارب ڈوب گئے ہیں۔ ایک کوئی ورک صاحب ہیں جو اب بھی بتایا گیا کہ حاضر سروس ہیں‘ نے فرنٹ مین کا رول ادا کر کے ان سب بابوز کا پیسہ پرتگال لگوایا اور اگلا بندہ فراڈ کر کے نکل گیا۔ حرام کا پیسہ حرام کے کام آیا۔ اس پر سیکرٹری کابینہ کہنے لگے کہ کبھی پاکستانی معاشرے میں لوگ کرپٹ انسان کو نفرت سے دیکھتے تھے‘ اس سے فاصلہ رکھا جاتا تھا‘ اسے برا سمجھا جاتا تھا۔ لیکن اب وہ دور ختم ہوا‘ اب آپ کرپٹ ہیں لیکن آپ کے پاس دولت ہے تو پھر بہت محترم ہیں۔ ان کرپٹ لوگوں کو ہی سوشل لائف اور ذاتی فنکشنز میں سب سے پہلے بلا کر فرنٹ سیٹ پر بٹھایا جاتا ہے۔ اب ہم عزت ہی ان کی کرتے ہیں جو کرپٹ ہیں۔ یہ سب کچھ سیکرٹری کابینہ نے اجلاس میں خود سنایا کہ یہ سب تبدیلیاں انہوں نے خود دیکھی ہیں۔
اب زرا سیکرٹری کابینہ اور انٹی منی لانڈرنگ اتھارٹی کے چیئرمین مشتاق سکھیرا صاحب کے انکشافات کو سامنے رکھ کر بتائیں کہ اس گریڈ بیس کے افسر نے کیا غلط کہا ہے کہ اب 98فیصد افسران کرپٹ ہو چکے ہیں۔ اس افسر کیلئے سب سے حیران کن بات اسسٹنٹ کمشنر کا کرپٹ ہونا تھا۔ اسے اے سی کا صدمہ زیادہ تھا جو طویل سروس کا ایک دن بھی ضائع نہیں کرنا چاہتا جس دن اس نے پیسہ نہ بنایا ہو۔ کہنے لگے: ان سے زیادہ کلیئر مائنڈ بیوروکریسی پہلے نہیں آئی کہ جو جانتے ہیں ان کی زندگی کا مشن کیا ہے۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved