سونا صدیوں سے دنیا بھر میں محفوظ سرمایہ کاری اور معاشی غیر یقینی حالات کے خلاف تحفظ کی علامت سمجھا جاتا ہے لیکن حالیہ دنوں میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی نے سرمایہ کاروں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ جنوری 2026ء کی ریکارڈ بلند سطح کے مقابلے میں سونا تقریباً 31.5 فیصد نیچے آ چکا ہے۔ دنیا میں جنگی کشیدگی‘ مہنگائی کے خدشات اور معاشی غیر یقینی صورتحال کے باوجود سونے کی قیمت بڑھنے کے بجائے گر رہی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ امریکی ڈالر کی مضبوطی‘ امریکی بانڈز پر منافع میں اضافہ اور امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود بڑھانے کے امکانات ہیں۔ پاکستان کی معیشت پر اس گراوٹ کے مختلف اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ زیادہ فائدہ ان لوگوں کو ہوسکتا ہے جو شادی بیاہ یا ذاتی استعمال کے لیے زیورات خریدنا چاہتے ہیں۔ سونے کی قیمت کم ہونے سے زیورات کی خریداری نسبتاً آسان ہو سکتی ہے اور جیولری کے کاروبار میں سرگرمی بڑھ سکتی ہے۔ تاہم پاکستان میں زیورات کی قیمت محض سونے کے عالمی نرخ سے طے نہیں ہوتی بلکہ روپے کی قدر‘ درآمدی لاگت‘ مقامی پریمیم اور مزدوری جیسے عوامل بھی اس پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ دوسری جانب مرکزی بینک کے سونے کے ذخائر کی مالیت عالمی قیمتوں سے متاثر ہو سکتی ہے۔ جون 2026ء میں تقریباً 2.334 ٹریلین روپے کے سونے کے ذخائر تھے‘ جبکہ جون 2025ء میں یہ مالیت 1.942 ٹریلین روپے تھی۔ عالمی قیمتوں میں کمی سے ان ذخائر کی قدر کم ہو سکتی ہے‘ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ پاکستان کے نقد زرمبادلہ کے ذخائر بھی اسی تناسب سے کم ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ سونے کی گرتی ہوئی قیمتوں سے پاکستان کے تجارتی توازن پر اثر پڑ سکتا ہے۔ اگر سونا عالمی مارکیٹ میں مزید سستا ہوتا ہے تو درآمدات کی صورت میں اس کی لاگت کم ہو سکتی ہے‘ لیکن اگر قیمتوں میں کمی کے بعد مقامی طلب اور درآمدات بڑھ جائیں تو مزید زرمبادلہ بھی اس پر خرچ ہو سکتا ہے۔ اس لیے یہ کہنا شاید درست نہ ہو کہ سونے کی عالمی قیمت میں کمی پاکستان کے لیے تجارتی خسارے میں کمی کا سبب بن سکتی ہے۔
ملکی معیشت میں زراعت‘ ٹیکسٹائل اور لائیو سٹاک بہت اہمیت کے حامل شعبے ہیں۔ ان کے ساتھ ماہی گیری کا شعبہ بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ورلڈ فشیریز ڈے کے موقع پر وفاقی وزیر برائے بحری امور نے اس شعبے میں بہتری لانے کے اعلان کیا ہے لیکن ابھی شاید بہت کام ہونا باقی ہے۔ مالی سال 2025-26ء کے پہلے نو ماہ میں پاکستان کی مچھلی کی مجموعی پیداوار چھ لاکھ 42 ہزار 180 میٹرک ٹن رہی۔ اس میں سمندری شکار سے چار لاکھ 27 ہزار 180 ٹن جبکہ دریاؤں‘ جھیلوں اور دیگر اندرونی آبی وسائل سے دو لاکھ 15 ہزار ٹن مچھلی حاصل ہوئی۔ یعنی مجموعی پیداوار میں تقریباً 66.5 فیصد حصہ سمندری جبکہ 33.5 فیصد حصہ اندرونی آبی وسائل کا تھا۔ فی الحال برآمدات میں مچھلی اور اس سے تیار ہونے والی مصنوعات کا حصہ محدود ہے۔ اس شعبے سے دس لاکھ سے زائد افراد براہِ راست روزگار حاصل کرتے ہیں جبکہ تقریباً 15 لاکھ افراد کا بالواسطہ روزگار اس صنعت سے وابستہ ہے۔ ملک میں 100 سے زائد مچھلی پراسیسنگ پلانٹس اور تقریباً 400 رجسٹرڈ برآمد کنندگان کام کر رہے ہیں۔ اس کے باوجود ماہی گیری کا مجموعی ملکی پیداوار میں حصہ محض 0.31 فیصد ہے۔ پاکستان میں اس صنعت کا سب سے بڑا مسئلہ مچھلی پکڑنے کے بعد اسے محفوظ رکھنے اور عالمی معیار کے مطابق تیار کرنے سے متعلق ہے۔ ناقص کولڈ چین‘ برف کی کمی اور غیر معیاری نقل و حمل کی وجہ سے تقریباً 15 سے 20 فیصد مچھلی پراسیسنگ پلانٹس تک پہنچنے سے پہلے ہی ضائع ہو جاتی ہے۔ اگر اس نقصان کو کم کر دیا جائے تو موجودہ پیداوار ہی سے برآمدات میں اضافہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ تاہم اس کیلئے جدید کولڈ سٹوریج‘ ریفریجریٹڈ گاڑیوں‘ آئس پلانٹس اور جدید فش ہاربرز کی ضرورت ہے۔
حکومت نے چار لاکھ 16 ہزار میٹرک ٹن مزید چینی برآمد کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے پہلے اگست میں ایک لاکھ آٹھ ہزار ٹن درآمد شدہ چینی برآمد کرنے اور ستمبر میں دو لاکھ ٹن مقامی چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ اب سوال یہ ہے کہ حکومت کو بار بار برآمدی کوٹہ مقرر کرنے کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے؟ کیا یہ ملکی معیشت اور کسانوں کے مفاد میں ہے یا اس پالیسی سے شوگر ملز کو ہی فائدہ پہنچ رہا ہے؟ حکومت کا مؤقف ہے کہ چینی کی برآمد سے شوگر ملوں کو نقد رقم حاصل ہوگی جس سے وہ کسانوں کو گنے کی ادائیگیاں بروقت کر سکیں گی۔ لیکن اب تک یعنی نومبر میں پنجاب کی 47 شوگر ملوں میں سے صرف ایک کے باقاعدہ کرشنگ شروع کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ کسانوں نے شکایت کی ہے کہ ملیں بروقت گنا نہیں خرید رہیں جس سے فصل کا وزن اور معیار متاثر ہو رہا ہے اور گندم کی کاشت میں بھی تاخیر کا خدشہ پیدا ہو رہا ہے۔ بعض کسانوں کے مطابق انہیں 350 روپے فی من سے کم قیمت کی پیشکش کی جا رہی تھی‘ جو اُن کے پیداواری اخراجات سے بھی کم تھی۔ یہ اعداد وشمار اور کسانوں کی شکایات اس سوال کو جنم دیتی ہیں کہ اگر حکومت کسانوں کے مفاد میں چینی برآمد کرنے کی اجازت دے رہی ہے تو پھر کسانوں کو ان کی فصل کی مناسب قیمت اور بروقت ادائیگی کیوں یقینی نہیں بنائی جا رہی؟ پاکستان میں تقریباً 79 شوگر ملیں ہیں اور یہ اپنی مجموعی پیداواری صلاحیت کا صرف 60 فیصد استعمال کر رہی ہیں۔ پاکستان گزشتہ دس سال میں تقریباً 39 لاکھ 20 ہزار ٹن چینی برآمد کر چکا ہے‘ جس سے تقریباً ایک ارب 60 کروڑ ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا۔ لیکن اسی عرصے میں تقریباً پانچ لاکھ 65 ہزار ٹن چینی درآمد بھی کرنا پڑی۔ سوال یہ ہے کہ ایک ایسا ملک جو چینی برآمد بھی کرتا ہے اور ضرورت پڑنے پر درآمد بھی‘ وہاں پیداوار‘ ذخائر اور برآمدات کی منصوبہ بندی میں مستقل مزاجی کیوں نہیں آ رہی؟ دوسری طرف پنجاب حکومت نے گندم اور آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے ایک نیا فیصلہ کیا ہے۔ گندم کی سرکاری قیمت 4500 روپے فی 40 کلوگرام اور 10 کلو آٹے کے تھیلے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 1275 روپے مقرر کر گئی ہے۔ صوبائی حکومت نے اس مرتبہ صرف قیمتیں مقرر کرنے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ گندم کی فراہمی‘ پسائی اور آٹے کی فروخت کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مانیٹر کرنے اور فلور ملوں کے لیے روزانہ رپورٹنگ بھی لازمی قرار دی ہے۔ بظاہر اس اقدام کا مقصد سرکاری گندم کی خوردبرد روکنا‘ آٹے کی دستیابی یقینی بنانا اور صارفین کو مقررہ قیمت پر آٹا فراہم کرنا ہے‘ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا اس فیصلے سے عوام کو ریلیف مل سکے گا ؟کیونکہ اس فیصلے سے گندم تقریباً 18.4 فیصد اور آٹا تقریباً 15.9 فیصد مہنگا ہوگیا ہے۔ اس کے ساتھ پنجاب حکومت نے فلور ملوں کو سرکاری گندم کی روزانہ فراہمی تین ہزار میٹرک ٹن سے بڑھا کر چھ ہزار میٹرک ٹن کر دی ہے‘ یعنی سرکاری گندم کے یومیہ اجرا میں 100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں اگر یہی مقدار پورا مہینہ جاری رہی تو سرکاری گندم کی ماہانہ فراہمی 90 ہزار ٹن سے بڑھ کر تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار ٹن ہوسکتی ہے۔ بظاہر حکومت کا مقصد فلور ملز کو زیادہ گندم فراہم کرکے آٹے کی پیداوار بڑھانا اور مارکیٹ میں دستیابی بہتر بنانا ہے۔ مجموعی سرکاری ذخائر میں اضافے کے شواہد سامنے نہیں آ سکے۔ اصل سوال یہ ہے کہ آیا چھ ہزار ٹن روزانہ کی فراہمی پنجاب کی مجموعی طلب پوری کرنے کے لیے کافی ہے؟ اس کے لیے ضروری ہے کہ حکومت صوبے کی یومیہ آٹے کی کھپت‘ سرکاری ذخائر اور ضلع وار گندم کی تقسیم کے اعدادوشمار پیش کرے۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved