تحریر : خالد مسعود خان تاریخ اشاعت     24-11-2026

جس روز اس نظام کے قُل ہوں گے

جب پورا سچ نہ بولا جا سکتا ہو تو ایسے میں علامتی شاعری یا تمثیلی نثر خیال کی کشتی کو پار لگا دیتی ہے۔ یہ فقیر بھی آج تمثیل سے کام چلا رہا ہے۔
کسی گھر میں ایک چوہا رہتا تھا‘ اور اس گھر میں صرف چوہا ہی نہیں تھا‘ ایک مرغ‘ ایک بکری اور ایک گائے بھی تھی۔ مرغ‘ بکری اور گائے تو کسان کے پالتو جانور تھے‘ چوہا نہ صرف یہ کہ پالتو نہیں تھا بلکہ باقاعدہ راندۂ درگاہ سمجھا جاتا تھا۔ اب چوہے نے زندہ تو رہنا تھا لہٰذا کبھی وہ گندم کی بوری کو کتر کر گندم کے دانوں سے اپنا پیٹ بھر لیتا‘ کبھی باورچی خانے میں پڑی روٹی چرا لیتا اور کبھی کسی اور چیز پر ہاتھ پھیر دیتا۔ کسان اور اس کی بیوی چوہے کی حرکتوں سے بہت تنگ تھے‘ لیکن چوہا تھا کہ ان کے قابو میں نہیں آتا تھا۔ ایک دن کسان بازار سے چوہا پکڑنے والی کُڑِکی لے آیا۔ قارئین معاف کیجیے مجھے اردو میں کُڑکی کا کوئی درست متبادل نہیں مل سکا۔ چوہے دان یا پھندہ وغیرہ پنجابی کے لفظ کُڑکی کا کسی صورت متبادل نہیں اس لیے میں کُڑکی کا لفظ استعمال کر رہا ہوں۔ خیر! کسان نے کُڑکی لا کر اپنی بیوی کو دی اور کہا کہ وہ اس میں چوہے کی پسندیدہ کھانے کی کوئی چیز لگا کر باورچی خانے کے کسی کونے میں رکھ دے۔ جب کسان اپنی بیوی کو یہ کڑکی پکڑاتے ہوئے دیگر ہدایات دے رہا تھا‘ گھی کے ڈبے کے پیچھے چھپا ہوا چوہا نہ صرف یہ باتیں سن رہا تھا بلکہ اس نے کڑکی اپنی آنکھوں سے دیکھ بھی لی۔ چوہے نے کڑکی دیکھنے اور کسان کا اردہ سننے کے بعد وہ رات تو جیسے تیسے گزاری اور علی الصبح اُٹھ کر گھر میں کُڑکی آنے کی خبر لے کر صبح خیز مرغ کی طرف بھاگا اور اسے بتایا کہ کسان گھر میں چوہا پکڑنے والی کُڑکی لے آیا ہے اور اس نے یہ کڑکی اپنی بیوی کو دے دی ہے تاکہ اسے باورچی خانے میں لگا کر چوہے کو پکڑا جا سکے۔ مرغ نے ساری بات سننے کے بعد پر پھڑپھڑائے‘ کلغی کو اکڑایا اور سینہ پھلا کر پہلے تو زور سے اذان دی‘ پھر پنجوں سے مٹی اڑائی۔ جب وہ اس کام سے فارغ ہوا تو بڑے اطمینان سے چوہے سے کہنے لگا کہ مجھے اس کڑکی سے نہ کوئی غرض ہے اور نہ کوئی خطرہ‘ یہ تمہارا مسئلہ ہے‘ تم جانو اور تمہارا کام جانے۔ مجھے بھلا اس کڑکی سے کیا لینا دینا جو تم مجھے آ کر بتا رہے ہو۔ یہ کہہ کر مرغ نے دو چار بار مزید اذان دی اور اپنی راہ لی۔ چوہا بڑا پریشان ہوا کہ گھر میں کڑکی آ گئی ہے اور مرغ کو اس کی رتی برابر فکر نہیں۔ خیر‘ اس نے سوچا کہ یہ ایک احمق اور نادان پرندہ ہے جسے ادھر اُدھر کی مرغیاں تاکنے اور دوسرے مرغوں سے چونچ لڑانے کے علاوہ اور کوئی کام نہیں۔ البتہ بکری زیادہ سمجھدار معلوم ہوتی ہے‘ سارا دن خاموشی سے بیٹھی سوچ بچار اور جگالی کرتی رہتی ہے‘ اس کے پاس چلتے ہیں۔ چوہے نے بکری کو بھی گھر میں کڑکی کے آنے کی بات بتائی تاہم اسے یہ دیکھ کر از حد مایوسی ہوئی کہ بکری کا رد عمل مرغ سے بھی زیادہ مایوس کن تھا۔ بکری نے پہلے تو چوہے کی بات کو اس قابل نہ سمجھا کہ اس کا کوئی جواب ہی دیتی۔ جب چوہے نے دوبارہ یہی بات زیادہ زور دے کر بکری کو بتائی تو اس نے کہا: احمق جانور! اگر کڑکی آئی ہے تو اس سے تمہیں خطرہ ہے‘ مجھے تم خواہ مخواہ ان غیر ضروری معاملات میں کیوں گھسیٹ رہے ہو؟ یہ کہہ کر اس نے دوسری طرف منہ پھیر کر جگالی کرنا شروع کر دی۔ چوہے کی مایوسی بڑھتی جا رہی تھی تاہم اس نے سوچا کہ گھر میں سب سے زیادہ کارآمد اور بڑے جانور سے اس خطرے کے بارے میں بات کی جائے‘ لہٰذا وہ گائے کے پاس چلا گیا۔ جب اس نے گائے کو یہی خبر سنائی تو گائے کا ردعمل بھی مرغ اور بکری جیسا ہی تھا۔ اس نے کہا: چوہے میاں! میں یہاں باہر بیٹھی چارہ کھاتی ہوں اور دودھ دیتی ہوں‘ میں گھر والوں کے لیے ایک کارآمد اور مفید جانور ہوں‘ میں تمہاری طرح ان کا کوئی نقصان نہیں کرتی۔ نہ میں کپڑے کترتی ہوں‘ نہ اناج کو خراب کرتی ہوں اور نہ ان کی روٹیاں چوری کرتی ہوں لہٰذا مجھے تو گھر میں کڑکی آنے سے کسی قسم کا نہ کوئی خطرہ ہے اور نہ اس معاملے کے متعلق کوئی فکر ہے۔ تم جانو اور تمہارا کام جانے۔ یہ کہہ کر گائے نے بھی بکری کی طرح جگالی کرنا شروع کر دی۔
شام ہوئی تو کسان کی بیوی نے کُڑکی میں پراٹھے کا ٹکڑا لگایا‘ اس کا سپرنگ کھینچ کر پیچھے کیا‘ اسے باورچی خانے کے ایک کونے میں رکھا اور اپنے کمرے میں جا کر سو گئی۔ آدھی رات کو اچانک کڑکی بند ہونے کی آواز آئی۔ کسان کی بیوی باورچی خانے میں آئی تاکہ دیکھ سکے کہ چوہا اس میں پھنس گیا ہے۔ اندھیرے میں اسے کچھ خاص دکھائی نہ دیا لیکن کڑکی میں چوہا نہیں بلکہ ایک سانپ پھنس گیا تھا۔ جیسے ہی کسان کی بیوی اس کے نزدیک آئی‘ زخمی سانپ نے اسے کاٹ لیا۔ اس کی چیخ و پکار پر کسان بھی آ گیا۔ اس نے دیکھا کہ اس کی بیوی کو کڑکی میں پھنسے ہوئے سانپ نے کاٹ لیا ہے۔ آدھی رات کو دیہات میں کہاں جاتے‘ صبح تک انتظار کیا اور پھر اسے قریبی قصبے کے ہسپتال لے گئے۔ ڈاکٹر نے اس کے لیے مرغ کی یخنی تجویز کی۔ کسان نے گھر آ کر مرغ ذبح کیا اور اس کی یخنی بنا کر ہسپتال لے گیا۔ زہر سارے جسم میں پھیل چکا تھا۔ ڈاکٹر اسے بچانے کی سرتوڑ کوشش تو کر رہے تھے لیکن کسان کی بیوی کی حالت بگڑتی جا رہی تھی۔ اس کی بیمار پرسی کے لیے اس کے ماں باپ‘ بہن بھائی اور دیگر رشتہ دار آنا شروع ہو گئے۔ زیادہ مہمان داری دیکھ کر کسان نے بکری ذبح کروائی اور مہمانوں کو کھلا دی۔ دو تین روز بعد کسان کی بیوی سانپ کے زہر سے فوت ہو گئی۔ تیسرے دن سوئم منعقد ہوا تو سارا گاؤں‘ عزیز واقارب‘ رشتہ دار اور ملنے جلنے والے لوگ آئے؛ چنانچہ ان کے لیے گائے کو ذبح کیا گیا۔ چوہا یہ سب کچھ کبھی بھوسے والی کوٹھڑی کے سوراخ سے‘ کبھی گندم کی بوریوں کے اوپر چڑھ کر اور کبھی باورچی خانے کے روشن دان میں سے دیکھ رہا تھا۔ سارا معاملہ گھر میں کڑکی آنے سے شروع ہوا تھا۔ چوہے نے مرغ‘ بکری اور گائے کو اس خطرے سے آگاہ کرنے کی کوشش کی لیکن تینوں نے اسے چوہے کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے اس کی کسی قسم کی مدد کرنے سے انکار کر دیا۔ کڑکی میں پھنسنے والے سانپ کے زہر سے پہلے کسان کی بیوی کے لیے مرغ ذبح کیا گیا‘ پھر مہمان داری کے سلسلے میں بکری قربان ہوئی اور آخرکار گائے کسان کی بیوی کے قل پر کام آ گئی۔ جو کہتے تھے کہ کُڑکی ہمارا نہیں چوہے کا مسئلہ ہے وہ سب بالآخر باری باری کُڑکی کی بھینٹ چڑھ گئے۔
انتقام کی کڑکی لگی تو گمان تھا کہ چوہا اس میں پھنس جائے گا اور امن و شانتی ہو جائے گی لیکن غلطی سے اس کڑکی میں سانپ پھنس گیا۔ اب باری باری سب کی باری آ رہی ہے۔ جیسے جیسے پسند ناپسند کا معیار بلند ہوتا جا رہا ہے‘ مفاد پرست باہم دست و گریباں ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ کوئی مخصوص نشستوں کی لوٹ مار پر معترض ہے‘ لیکن لوٹ مار کا مال واپس کرنے پر تیار نہیں۔ کوئی 26ویں آئینی ترمیم میں حصے دار ہونے کے باوجود 27ویں ترمیم کو دھونس‘ دھاندلی‘ زبردستی اور زورِ بازو کا نتیجہ قرار دے کر ان ساری ذمہ داریوں سے اپنا پلہ چھڑوانا چاہتا ہے جن میں نہ صرف وہ شریک تھا بلکہ بڑا حصے دار بھی تھا۔ کڑکی لگنے پر جس جس کا خیال تھا کہ صرف چوہا پھنسے گا ہمارا اس سے کیا لینا دینا ہے‘ اب باری باری وہ سب اس کڑکی میں پھنس رہے ہیں۔ کچھ کی باری آ چکی ہے اور کچھ کی آنے والی ہے۔ مرغ تو خیر ذبح ہو چکا ہے اور بکری عین چھری کے نیچے ہے۔ فی الوقت گائے نہ صرف خود کو محفوظ ومامون سمجھ رہی ہے بلکہ اس کا خیال ہے کہ یہ سب قربانیاں اس کو دوام دینے کی لیے ہی دی جا رہی ہیں‘ لیکن بچے گی گائے بھی نہیں۔ شاہ جی کا خیال ہے کہ گائے اس دن ذبح ہو گی جس روز اس نظام کے قل ہوں گے۔ باقی رہے نام اللہ کا۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved