تحریر : ڈاکٹر حسین احمد پراچہ تاریخ اشاعت     24-11-2026

اسلام آباد جیل کا افتتاح

ان دنوں رنگ برنگی خبروں کے ہجوم میں ایک تازہ خبر یہ بھی آئی ہے کہ جناب وزیراعظم اسلام آباد جیل کا افتتاح کریں گے۔ اس پر کسی ستم ظریف نے پھلجھڑی چھوڑی کہ وہ کس حیثیت میں ''افتتاح‘‘ کریں گے؟ وزیراعظم یا قیدی کی حیثیت میں۔ اللہ نہ کرے ایسا ہو مگر ہمارے ہاں وزیراعظم کو قیدی بنتے دیر نہیں لگتی۔ خبر میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد کی ماڈل جیل یورپی سٹائل پر تیار ہو رہی ہے۔ 190 ایکڑ پر پھیلی اس وسیع وعریض جیل کے مکمل ہونے پر‘ اس میں تین سے چار ہزار قیدیوں کی گنجائش ہو گی۔ جیل کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ سردست 1500 قیدیوں کو اڈیالہ جیل سے یہاں شفٹ کیا جائے گا۔ جیل میں 35 بستروں پر مشتمل ایک ہسپتال ہو گا۔ قیدیوں کی ملاقات کیلئے جدید طرز کا وزِٹنگ ایریا اور کیفے ٹیریا بنایا گیا ہے۔ پاکستان کی جیلوں کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں گزشتہ ماہ جاری ہونے والی نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی جیلوں میں گنجائش سے 60 فیصد زیادہ قیدی ہیں۔ جن جیلوں میں 69 ہزار قیدیوں کو ہونا چاہیے تھا وہاں ایک لاکھ بارہ ہزار قیدیوں کو ٹھونس دیا گیا ہے۔ اس اعتبار سے پنجاب کی جیلوں کی حالت اور بھی تشویشناک ہے۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 39 ہزار کی گنجائش والوں جیلوں میں 75 ہزار افراد قید ہیں۔ گاہے گاہے قید خانوں کی حالت زار اور اُن کی اصلاحات کیلئے رپورٹیں آتی رہتی ہیں مگر نیک نیتی اور سنجیدگی کے ساتھ جیلوں کی حالت سدھارنے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جاتا۔ 2020 میں لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان نے ایسی ہی ایک رپورٹ پیش کی تھی‘ جس کے مطابق جیل خانوں کی گنجائش سے تقریباً دو گنا قیدی وہاں ٹھنسے ہوئے ہیں۔ بعض جیلوں میں بیچارے قیدیوں کو کمر سیدھی کرنے کیلئے دو گز زمین بھی نہیں ملتی۔ جگہ کی عدم دستیابی کی بنا پر قیدیوں کو شفٹوں میں ''سونا‘‘ پڑتا ہے۔ شدید گرمیوں میں بغیر پنکھوں کے اور شدید سردی میں سوراخوں والے نام نہاد کمبلوں میں بیچارے قیدی سونے کی بس رسم ہی پوری کرتے ہیں‘ انہیں نیند کب آتی ہو گی۔ اپریل 2020ء میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے قیدیوں کی طرف سے جیلوں میں غیر انسانی سلوک کی شکایات کے ازالے کیلئے اس وقت کی انسانی حقوق کی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیشن بنایا تھا۔ اس کمیشن کی ابتدائی رپورٹ ہی ہوشربا اور چشم کشا تھی‘ جس کے مطابق جیلوں میں 60 فیصد قیدی سزا یافتہ نہیں بلکہ برسوں سے اُن کے مقدمات تاریخ در تاریخ کے اذیتناک کلچر کی بنا پر لٹکے ہوئے ہیں۔ ہزاروں قیدی تو ایسے تھے کہ جن کے مقدمات برسوں سے کسی چھوٹی بڑی عدالت میں شروع ہی نہیں ہوئے تھے۔ گردش زمانہ کی ستم ظریفی دیکھیے کہ جیلوں کی اصلاحات کی تجاویز دینے والی ڈاکٹر شیریں مزاری کی صاحبزادی آج پس دیوارِ زنداں ہیں۔
2020ء کے مقابلے میں جیلوں کی حالت بہتری کے بجائے مزید ابتری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہمارے سیاستدان قیدیوں کی حیثیت سے جیلوں میں انسانیت کی تذلیل بچشم خود دیکھتے ہیں‘ وہ خود بھی جیلوں میں ہونے والی سختیوں کی شکایات کرتے رہتے ہیں مگر جب جیلوں سے رہا ہو جاتے ہیں تو اکثر جیل کے ساتھیوں اور وہاں کی حالتِ زار کو بھول جاتے ہیں۔ گزشتہ 60 برسوں سے ایسا ہی ہوتا چلا آ رہا ہے۔ 1964ء میں جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے گرفتار کردہ پچاس ارکان میں سے چار لائلپور جیل میں تھے۔ ان سیاسی قیدیوں کو بی کلاس دی گئی تھی۔ ان چار ارکان میں والدِ گرامی مولانا گلزار احمد مظاہری‘ سیّد اسعد گیلانی‘ حکیم عبدالرحمن ہاشمی اور حکیم مشتاق احمد اصلاحی شامل تھے۔ سیّد اسعد گیلانی ایک ممتاز ادیب تھے۔ انہوں نے ایک مکتوب کے ذریعے جیل کی حیرت انگیز‘ دردناک اور بے نوا دنیا کا تعارف کرایا تھا۔ چند جھلکیاں آپ بھی ملاحظہ کیجئے۔ اس مکتوب کے مطابق جیل میں گنجائش سے سینکڑوں زیادہ قیدی ٹھونسے گئے ہیں۔ گرمیوں میں پنکھا اور سردیوں میں کمبل میسر نہیں۔ جیل کی انسانی سہولتوں سے محروم بیرکوں کے علاوہ ایک خوفناک بیرک بھی ہے جسے چکیاں کہتے ہیں۔ چھوٹی چھوٹی تنگ و تاریک 32 کوٹھڑیوں کی بیرک‘ جس میں ہر تنگ کوٹھڑی میں ایک کچا چبوترہ ہے جس پر ایک چکی لگی ہوتی ہے۔ اگر قیدی چکی پر پوری مقدار کا کام نہ کر سکے تو اسے مزید مشقت دی جاتی ہے۔ اگرقیدی اپنی عزتِ نفس کی خاطر گستاخی کر بیٹھے تو پھر ٹکٹکی پر جلادوں کے ذریعے بید لگا لگا کر گوشت اڑا دیا جاتا ہے اور خون دھاروں کی صورت میں ایڑیوں تک بہنے لگتا ہے۔
اس زمانے کی ایک اور جھلک دیکھ لیجئے تو آپ کو معلوم ہو جائے گا کہ 60 برس پہلے کے امراض نہ صرف جوں کے توں ہیں بلکہ اُن میں ہولناک قسم کی شدت بھی آ چکی ہے۔ سیّد اسعد گیلانی 21 فروری 1964ء کو لائلپور جیل سے اپنے تاریخی مکتوب میں لکھتے ہیں: موجودہ جیلوں کیلئے ایک بہت بڑا مسئلہ جیل ایڈمنسٹریشن کی بدانتظامی اور عدلیہ کی سست رفتاری ہے۔ جس جیل میں اس وقت ہم ہیں‘ یہ 350 قیدیوں کیلئے بنائی گئی تھی لیکن اس میں آج کی گنتی کے مطابق پورے 1300 افراد ہیں۔ تعداد کی یہ کثرت قیدیوں کی نگہداشت‘ صحت و صفائی اور دیگر تمام رہائشی اور انتظامی معاملات کو درہم برہم کر دیتی ہے۔ اس تعداد کی کثرت سزا یافتہ قیدی نہیں بلکہ حوالاتی ہیں جن کے مقدمات عدالتوں میں برسوں سے چل رہے ہیں یا زیرِ تفتیش ہیں۔ ابھی کل کی خبر ہے کہ ایک مقدمے کا فیصلہ سات سال بعد ہوا ہے اور مجرموں کو چھ چھ ماہ کی سزا ہوئی جبکہ وہ سات سال کی قید بھگت چکے ہیں۔ ایسے ہر مقدمے میں ریاست کو جوابدہ ہونا چاہیے اور ہرجانہ ادا کرنا چاہیے۔
جہاں تک سیاسی قیدیوں کے جیل مینوئل کے مطابق حقوق کا تعلق ہے تو 60 برس پہلے کے حالات آج کے مقابلے میں بہت بہتر تھے۔ فیصل آباد جیل کی ایک ہی بیرک کے وسیع کمرے میں جماعت اسلامی کے چاروں زعما اکٹھے رہتے تھے۔ انہوں نے بیرک میں بیڈ منٹن کھیلنے کیلئے نیٹ لگا کر گراؤنڈ تیار کر رکھا تھا۔ ان حضرات نے دن بھر کیلئے اپنا ٹائم ٹیبل بنا رکھا تھا۔ یہ پرورگرام دورۂ قرآن سے لے کر مطالعۂ اخبارات و جرائد اور کتب بینی پر مشتمل تھا۔ ان سیاسی قیدیوں کے پاس آ کر مشقتی اپنا حالِ دل کہتے۔ یہ ان مجرموں کی اصلاح احوال کیلئے دعوت وتبلیغ سے کام لیتے رہتے اور کئی قیدیوں کی دل کی دنیا بدل جاتی۔ مولانا گلزار احمد مظاہری نے جیل میں تحریر کردہ اپنی ڈائری میں موجودہ اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے والد جناب عبدالصمد اچکزئی کے ساتھ اپنی ملاقاتوں اور جیل کے اندر اُن کے ہمراہ سیر کے دوران ہونے والی باتوں کا دلچسپ پیرائے میں تذکرہ کیا ہے۔ کبھی کبھی جیل کے سپرنٹنڈنٹ اور آئی جی جیل خانہ جات بھی سیاسی گپ شپ کیلئے ان قیدیوں کی بیرک میں آ جایا کرتے تھے۔ مگر اب سنا ہے کہ سیاسی قیدیوں کے ساتھ اس طرح کے میل ملاقات کی بالکل اجازت نہیں۔
واپس آتے ہیں یورپی طرز پر تعمیر کردہ اسلام آباد کی ماڈل جیل کی طرف۔ جیل میں جدید ملاقات ایریا اور کیفے ٹیریا وغیرہ کا تذکرہ تو سننے میں آ رہا ہے مگر قیدیوں کیلئے کسی اصلاحی و نفسیاتی پروگرام کی کچھ شنید نہیں۔ یورپ بالخصوص ناروے کی جیلوں میںتین نکاتی اصلاحی پروگرام پر عمل ہو رہا ہے۔ قیدیوں کی ذہنی ونفسیاتی تربیت پر علم نفسیات واجتماعیات کے ماہرین بھرپور توجہ دیتے ہیں۔ ہم نے آن لائن تلاش و جستجو کی کہ دنیا میں جیلوں کا سب سے اچھا نظام کہاں ہے تو انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی تحقیق کے مطابق دنیا میں ناروے کی جیلوں کا انتظام سب سے بہترین ہے۔ میرا اگلا سوال یہ تھا کہ اس حسنِ انتظام کا راز کیا ہے؟ آپ یہ سن کر حیران رہ جائیں گے کہ اس تفصیلی سوال کا جواب صرف ایک لفظ تھا: وہ قیدی کو ''انسان‘‘ سمجھتے ہیں۔ کیا اڈیالہ اور دوسری پاکستانی جیلوں کے برعکس اسلام آباد جیل میں قیدی کو ''انسان‘‘ سمجھا جائے گا؟ رویے نہیں بدلیں گے تو کچھ نہیں بدلے گا۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved