ہر سال نومبر میں ملک کے وسطی اضلاع دھند کی لپیٹ میں آ جاتے ہیں۔ چند سال قبل تک جب یہ دھند چھاتی تھی تو یوں لگتا تھا جیسے ہم کسی رومانوی ناول میں پہنچ گئے ہیں۔ خنکی‘ دھند اور چائے کافی کی چسکیاں ماحول کا لطف دوبالا کر دیتی تھیں۔ مگر اب دھند کی جگہ زیریلی سموگ نے لے لی ہے‘ جو نہ دھند کی طرح رومانوی ہے اور نہ ہی جاڑے کی علامت‘ بلکہ یہ انسان کی ماحول دشمن سرگرمیوں کی ایک علامت ہے اور انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ہے۔ سموگ کیا ہے؟ دھواں‘ گردوغبار‘ مٹی اور فضا میں موجود دیگر آلودہ ذرات مل کر ایک دھندلا‘ زہریلا اور بدبودار بادل سا بنا دیتے ہیں جس کے باعث لوگوں کو کھانسی‘ نزلہ زکام‘ گلے کی خراش اور سانس اور آنکھوں کے امراض کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سموگ زیادہ تر بھارت اور پاکستان کے میدانی علاقوں میں بنتی ہے۔ اور دونوں ملک ایک دوسرے کو اس کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔ دونوں کے تعلقات بھی کشیدہ ہیں‘ اس لیے اس مسئلے کا مل بیٹھ کر کوئی حل بھی نہیں نکالا جا رہا۔ دونوں ہی ممالک میں ماحولیاتی آلودگی عروج پر ہے اور فضائی آلودگی شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔ سموگ کی بہت سی وجوہات ہیں۔ ایک بہت بڑی وجہ درختوں کی کٹائی ہے۔ درخت ہوا کو صاف کرتے ہیں‘ جب درخت ہی کم ہو جائیں تو فضا میں زہریلے اجزا مستقل موجود رہیں گے۔ گردوغبار اور تعمیراتی سرگرمیاں بھی اس کی بڑی وجوہات ہیں۔ ہوا میں مٹی‘ گرد اور دھول شامل ہونے سے سموگ پیدا ہوتی ہے۔ کچرا جلانا بھی سموگ کو بڑھا دیتا ہے۔ فیکٹریوں اور گاڑیوں کا دھواں بھی فضا کو زہر آلود کر رہا ہے۔ سردیوں کے موسم اور ہوا کے نہ چلنے کے سبب سارا غبار فضا میں ٹھہر جاتا ہے جو سموگ کا باعث بنتا ہے۔
اب اس سوال یہ ہے کہ انسانی صحت پر اس کے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اگر فوری اثرات کی بات کریں تو آنکھوں میں جلن‘ پانی آنا‘ کھانسی‘ آنکھوں میں سرخی‘ ناک بند ہونا‘ سینے میں جکڑن‘ سردرد‘ تھکاوٹ‘ چکر آنا‘ سانس لینے میں تکلیف وغیرہ شامل ہیں جبکہ الرجی اور دمے کے امراض مزید بگڑ سکتے ہیں۔ اس کے دور رس اثرات میں پھیپھڑوں کا کمزور ہو جانا‘ مستقل دمہ رہنا‘ سانس لینے میں تکلیف‘ امراضِ قلب‘ بلڈ پریشر‘ نظر متاثر ہونا اور طبعی عمر میں کمی شامل ہیں۔ اسی طرح سموگ نومولود بچوں اور حاملہ خواتین کے لیے بھی بہت خطرناک ہے۔ اگر ہم انسانی صحت کے ساتھ ماحول پر اس کے اثرات کا جائزہ لیں تو وہ کچھ یوں ہیں: ہوا کا گندا‘ آلودہ‘ بدبودار اور زہریلا ہو جانا۔ حدِ نگاہ کم ہو جانا‘ سورج کی روشنی کا کم پہنچنا‘ پودوں اور فصلوں کا متاثر ہونا اور انسانوں کے علاوہ پرندوں اور جانوروں کا بھی بیمار ہونا۔ اگر آپ عالمی ادارۂ صحت کی ویب سائٹ پر جان لیوا بیماریوں کی وجوہات بارے پڑھیں تو ان میں فضائی آلودگی بھی شامل ہے۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پاکستان اور بھارت اس حوالے سے کیا کر سکتے ہیں؟ پہلے تو دونوں کو ماحولیاتی مذاکرات کی میز پر آنا ہو گا۔ انہیں پہلے مسائل کی وجوہات اور پھر ان کی سنگینی پر بات کرنا ہو گی کیونکہ دونوں ممالک کے لوگ اسی ایک فضا میں سانس لیتے ہیں۔ اس کا صاف ہونا نسلِ انسانی کے لیے بہت ضروری ہے۔ اگر یہی حالات رہے تو ہماری نسلیں بیمار پیدا ہوں گی اور بیمار زندگی گزاریں گی۔ دونوں ممالک کو مشترکہ نگرانی کا نظام قائم کرنا چاہیے۔ سرحد کے اطراف ہوا کے معیار کو جانچنے کے لیے سٹیشن لگائے جائیں اور ڈیٹا ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کیا جائے۔ اس میں اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی ادارے کو بھی شامل کر لیا جائے۔ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شمار ہوتا ہے۔ اسلام آباد میں بھی درختوں کی کٹائی کے بعد اے کیو آئی 170پوائنٹس سے زائد ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔ اسی طرح بھارت میں نئی دہلی اور ممبئی سمیت دیگر بڑے شہروں میں اے کیو آئی خطرناک حد تک پہنچ چکا ہے۔ اس لیے دونوں ممالک کو فضائی آلودگی کے خاتمے کیلئے کوئی مشترکہ حکمت عملی اپنانا چاہیے۔
اگر ہم قومی سطح پر سموگ کے تدارک کے اقدامات کی بات کریں تو حکومت خصوصاً پنجاب کو سموگ پر قابو پانے کیلئے کسانوں کو جدید زرعی مشینیں فراہم کرنی چاہئیں تاکہ وہ بھوسے کو جلانے کے بجائے جدید مشین کے ذریعے پراسیس کریں۔ اسی طرح ایک سموگ وارننگ سسٹم بنایا جائے۔ ملک میں درختوں کی کٹائی پر پابندی عائد کی جائے اور خلاف ورزی پر سخت سزائیں دی جائیں۔ گاڑیوں کا باقاعدگی سے فٹنس ٹیسٹ ہو‘ فیکٹریوں اور بھٹوں پر فلٹر لگائے جائیں اور تمام چھوٹے بڑے شہروں میں شجر کاری کو فروغ دیا جائے۔ کچرا جلانے پر پابندی ہو۔ ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام مضبوط بنایا جائے تاکہ نجی گاڑیوں کے استعمال میں کمی آ سکے جس سے ایک طرف ٹریفک کے مسائل اور سڑکوں پر دبائو کم ہو گا اور دوسری طرف ٹریفک آلودگی میں کمی بھی آئے گی۔ پٹرول گاڑیوں کی جگہ الیکٹرک گاڑیوں اور دیگر ماحول دوست سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے۔پرانی اور بوسیدہ ڈیزل گاڑیوں پر پابندی لگائی جائے‘ جو فضائی آلودگی میں سب سے زیادہ اضافے کا باعث بنتی ہیں۔ عوام خود بھی ماحول دوست سرگرمیاں اپنائیں۔ کچرا نہ جلائیں‘ خشک پتوں کو آگ نہ لگائیں۔ سموگ کے دنوں میں ماسک پہنیں۔ گیلے تولیے کو منہ اور آنکھوں پر رکھیں۔ گھروں میں ایئر پیوریفائر کا استعمال کریں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔ جو لوگ ایئر پیوریفائر نہیں خرید سکتے وہ ایسے اِن ڈور پلانٹس رکھ سکتے ہیں جو فضا کو صاف کرتے ہیں۔ ان میں سنیک پلانٹ‘ سپائیڈر پلانٹ‘ ایلوویرا‘ منی پلانٹ‘ اریکا اور پیس للی وغیرہ شامل ہیں۔ اپنی گاڑیوں کی بروقت ٹیوننگ کرائیں تاکہ وہ دھواں کم چھوڑیں اور سائیکلنگ کو فروغ دیں۔ کسانوں کو چاہیے کہ فصلوں کی باقیات نہ جلائیں بلکہ انہیں زمین میں ملا کر کھاد تیار کریں۔ حکومت اور میڈیا اس ضمن میں آگاہی پھیلائیں اور لوگوں کو سموگ اور فوگ کا فرق بتائیں۔ تین اقدامات سے ہم سموگ کو کم کر سکتے ہیں: درخت لگائیں‘ دھوئیں کا اخراج کم کریں اور کچرا نہ جلائیں۔ تاہم یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ ہم صفائی اور حفظانِ صحت کے اصولوں سے کوسوں دور ہیں۔ میں گھر سے بہن کے ساتھ خریداری کیلئے نکلی تو دیکھا کہ اسلام آباد کے مضافات میں کچرا جل رہا ہے۔ میں نے تصویر کھینچ کر ضلعی انتظامیہ کو ٹیگ کیا اور اس جگہ کی نشاندہی کی۔ اگلے دن وہ جگہ صاف ہو گئی تھی لیکن لوگ اگر پھر وہاں کچرا پھینکیں گے تو وہی صورتحال دوبارہ ہو جائے گی۔ اسی طرح راولپنڈی اور ٹیکسلا جانا ہوا تو مضافاتی علاقوں کو دیکھ کر شدید رنج ہوا۔ وہاں کے عوام بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہیں۔ جب وہاں کوئی کچرا اٹھانے جا ہی نہیں رہا تو وہ کچرے کا کیا کریںگے؟ ہر طرف گند کے ڈھیر لگے ہوئے تھے‘ جنہیں جلایا جا رہا تھا۔ ایک عجیب تعفن پھیلا ہوا تھا اور سانس لینا بھی محال تھا۔ کورونا اور ماحولیاتی آلودگی نے ہماری قوتِ مدافعت کم کر دی ہے۔ اس لیے احتیاط ہی بہترین حل ہے مگر ہم سب اپنی اپنی ذمہ داری کو کب سمجھیں گے؟ ہم سب کو ماحول کا‘ اردگرد کی صفائی کا خیال رکھنا ہوگا‘ کچرا نہیں پھیلانا ہوگا۔ جہاں تفریح کے لیے جائیں اپنی استعمال شدہ چیزیں ساتھ واپس لائیں۔ چلتی گاڑی سے بوتلیں‘ لفافے اور چھلکے وغیرہ باہر سڑک پر نہ پھینکیں۔ پلاسٹک کا استعمال کم کریں۔ ندی نالوں‘ پارکس اور جنگلات کو گندا نہ کریں۔پانی ضائع نہ کریں اور غیر ضروری توانائی کا استعمال نہ کریں۔
سموگ زہرِ قاتل ہے۔ اس کی وجہ سے سڑکوں پر حدِ نگاہ بھی کم ہو جاتی ہے‘ جو حادثات کا باعث بنتی ہے۔ اس لیے سفر کرتے وقت احتیاط کریں اور فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔ ہم سب کو 'صفائی نصف ایمان ہے‘ کے لائحہ عمل پر چلنا ہوگا تبھی جا کر ہم موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں‘ ورنہ سموگ‘ سیلاب اورموسمیاتی شدت کے خطرات اسی طرح ہمارے سروں پر منڈلاتے رہیں گے۔ ہم انہیں فوری ختم نہیں کر سکتے لیکن بروقت اقدامات سے ان کی شدت اور ان سے ہونے والے نقصانات کو ضرور کم کر سکتے ہیں۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved