تحریر : علامہ ابتسام الہٰی ظہیر تاریخ اشاعت     25-11-2026

حسدایک مہلک مرض

حسد ایک ایسی کیفیت ہے جس سے انسانوں کا پالا پڑتا رہتا ہے۔ جب انسان کسی سے حسد کرتا ہے تو اس کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اس کے پاس موجود مادی اور روحانی نعمتیں زائل ہو جائیں۔ حاسد محسود کو نقصان پہنچانے کی خواہش رکھنے کے ساتھ ساتھ کئی مرتبہ عملاً بھی اس کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا ہے۔ زمین پر انسانوں کی آمد سے قبل ہی حضرت آدم علیہ السلام کو ابلیس کے حسد کا نشانہ بننا پڑا۔ اللہ تبارک وتعالیٰ نے جس وقت حضرت آدم علیہ السلام کو بلند مقام عطا کیا تو فرشتوں کو ان کے سامنے جھکنے کا حکم دیا۔ فرشتوں کے گروہ میں کثرتِ ریاضت اور عبادت کی وجہ سے ایک عزازیل نامی جن بھی شامل تھا۔ عزازیل نے اس موقع پر حضرت آدم علیہ السلام سے حسد کی وجہ سے ان کے سامنے جھکنے سے انکار کر دیا۔ اللہ تعالیٰ نے اس واقعہ کو قرآن مجید کے مختلف مقامات پر بیان کیا ہے۔ سورۃ الاعراف کی آیات: 11 تا 12 میں اللہ تبارک وتعالیٰ اس واقعے کو کچھ یوں بیان فرماتے ہیں: ''اور ہم نے تم کو پیدا کیا‘ پھر ہم ہی نے تمہاری صورت بنائی‘ پھر ہم نے فرشتوں سے کہا کہ آدم کو سجدہ کرو سو سب نے سجدہ کیا بجز ابلیس کے‘ وہ سجدہ کرنے والوں میں شامل نہ ہوا۔ اللہ نے فرمایا تو جو سجدہ نہیں کرتا تو تجھ کو اس سے کون امر مانع ہے‘ جبکہ میں تجھ کو حکم دے چکا‘ کہنے لگا: میں اس سے بہتر ہوں‘ آپ نے مجھ کو آگ سے پیدا کیا ہے اور اس کو آپ نے خاک سے پیدا کیا ہے‘‘۔ اللہ تبارک وتعالیٰ کے حکم کے سامنے سرِ تسلیم خم کرنے کے بجائے ابلیس تکبر اور حسد کی وجہ سے راندۂ درگاہ بن گیا۔
حضرت آدم علیہ السلام کے دو بیٹوں کے درمیان بھی جو تنازع ہوا‘ اس کی اصل وجہ حسد ہی تھی۔ اللہ تعالیٰ نے ایک بھائی کی قربانی کو قبول فرما لیا جبکہ دوسرے بھائی کی قربانی کو قبول نہ کیا۔ جس کی قربانی قبول نہ ہوئی وہ دوسرے بھائی سے حسد کا شکار ہو گیا۔ اس واقعے کو اللہ تبارک وتعالیٰ سورۃ المائدہ کی آیات: 27 تا 30 میں کچھ یوں بیان فرماتے ہیں: ''آدم کے دونوں بیٹوں کا کھرا کھرا حال بھی انہیں سنا دو‘ ان دونوں نے ایک نذرانہ پیش کیا‘ ان میں سے ایک کی نذر تو قبول ہو گئی اور دوسرے کی مقبول نہ ہوئی‘ تو وہ کہنے لگا کہ میں تجھے مار ہی ڈالوں گا۔ اس (کے بھائی) نے کہا: اللہ تقویٰ والوں کا ہی عمل قبول کرتا ہے۔ گو تو میرے قتل کے لیے دست درازی کرے لیکن میں تیرے قتل کی طرف ہرگز اپنے ہاتھ نہ بڑھاؤں گا‘ میں تو اللہ پروردگارِ عالم سے خوف کھاتا ہوں۔ میں تو چاہتا ہوں کہ تو میرا گناہ اور اپنے گناہ اپنے سر پر رکھ لے اور دوزخیوں میں شامل ہو جائے‘ ظالموں کا یہی بدلہ ہے۔ پس اسے اس کے نفس نے اپنے بھائی کے قتل پر آمادہ کر دیا اور اس نے اسے قتل کر ڈالا‘ جس سے (وہ) نقصان پانے والوں میں سے ہو گیا‘‘۔
اللہ تبارک وتعالیٰ قرآن مجید میں اس بات کا بھی ذکر کرتے ہیں کہ بہت سے لوگ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور ان کی آل سے بھی حسد کرتے رہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ اس حقیقت کو سورۃ النساء کی آیت: 54 میں کچھ یوں بیان فرماتے ہیں: ''یا یہ لوگوں سے حسد کرتے ہیں اس پر جو اللہ نے اپنے فضل سے انہیں دیا ہے؛ پس ہم نے تو آلِ ابراہیم کو کتاب اور حکمت بھی دی ہے اور بڑی سلطنت بھی عطا فرمائی ہے‘‘۔
قرآن مجید میں اللہ تبارک وتعالیٰ نے حضرت یوسف علیہ السلام کے واقعے کو بڑی تفصیل سے بیان کیا ہے۔ حضرت یوسف علیہ السلام کے بھائی حضرت یعقوب علیہ السلام کی ان سے محبت کی وجہ سے حسد کا شکار ہوئے اور انہوں نے ایک منصوبے کے تحت حضرت یوسف علیہ السلام کو حضرت یعقوب علیہ السلام سے دور کر دیا۔ اللہ تبارک وتعالیٰ نے حضرت یوسف علیہ السلام پر اپنا فضل کیا اور انہیں مصر کی حکومت عطا کر دی۔ اس حکومت کے ملنے کے بعد جب حضرت یوسف علیہ السلام کے بھائی غلہ لینے کے لیے آپ کے پاس آئے تو اس موقع پر بھی انہوں نے حضرت یوسف علیہ السلام پر چوری کی تہمت لگائی۔ اللہ نے حضرت یوسف علیہ السلام کو سربلند کیا اور بھائیوں کو ان کے سامنے ندامت کا سامنا کرنا پڑا۔ قرآن مجید کے مطالعہ سے یہ بات بھی معلوم ہوتی ہے کہ رسول اللہﷺ اور آپ پر نازل ہونے والی الہامی کتاب کو یہود اچھی طرح پہچانتے تھے لیکن اس کے باوجود وہ آلِ اسحاق کے بجائے آپﷺ کے آلِ اسماعیل میں سے ہونے کی وجہ سے حسد کا شکار ہو گئے اور انہوں نے آپﷺ کی رسالت کا انکار کر دیا۔ اللہ تبارک وتعالیٰ سورۃ البقرہ کی آیت: 146 میں ارشاد فرماتے ہیں: ''جنہیں ہم نے کتاب دی ہے وہ تو ان (رسول) کو ایسا پہچانتے ہیں جیسے کوئی اپنے بچوں کو پہچانے‘ (اس کے باوجود) ان کی ایک جماعت حق کو پہچان کر چھپاتی ہے‘‘۔
اللہ تبارک وتعالیٰ نے قرآن مجید میںمشرکین کے حسد کا بھی ذکر کیا کہ جنہوں نے نہ صرف حق کا انکار کیا بلکہ تعصب اور حسد کی وجہ سے اللہ تبارک وتعالیٰ سے عذاب کا مطالبہ کرنے لگے تھے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ ان کے حسد اور عصبیت کی کیفیت کو سورۃ الانفال کی آیت: 32 میں کچھ یوں بیان فرماتے ہیں: ''اور جبکہ ان لوگوں نے کہا کہ اے اللہ! اگر یہ قرآن آپ کی طرف سے واقعی (برحق) ہے تو ہم پر آسمان سے پتھر برسا یا ہم پر کوئی دردناک عذاب واقع کر دے‘‘۔ ان آیات سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ انسان کو حسد اس حد تک گرا دیتا ہے کہ وہ اللہ کی تقسیم کے ساتھ ساتھ حق اور سچ بات کا بھی انکار کرنا شروع کر دیتا ہے۔
جہاں قرآن مجید میں حسد کو بڑے احسن انداز سے واضح کیا گیا ہے وہیں احادیث طیبہ میں بھی حسد کی قباحت کو بہت خوبصورت انداز سے واضح کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے صحیح بخاری میں حضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ''آپس میں بغض نہ رکھو‘ حسد نہ کرو‘ پیٹھ پیچھے کسی کی برائی نہ کرو بلکہ اللہ کے بندے آپس میں بھائی بھائی بن کر رہو اور کسی مسلمان کے لیے جائز نہیں کہ ایک بھائی کسی (مسلمان) بھائی سے تین دن سے زیادہ سلام کلام چھوڑ کر رہے‘‘۔ اسی طرح جامع ترمذی میں حضرت زبیر بن عوامؓ سے روایت ہے کہ رسول اکرمﷺ نے فرمایا ''تمہارے اندر اگلی امتوں کا ایک مرض گھس آیا ہے اور یہ حسد اور بغض کی بیماری ہے۔ یہ مونڈنے والی ہے۔ میں یہ نہیں کہتا کہ سر کا بال مونڈنے والی ہے بلکہ دین مونڈنے والی ہے۔ قسم ہے اس ذات کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! تم لوگ جنت میں نہیں داخل ہو گے جب تک کہ ایمان نہ لے آؤ‘ اور مومن نہیں ہو سکتے یہاں تک کہ آپس میں محبت نہ کرنے لگو‘ اور کیا میں تمہیں ایسی بات نہ بتا دوں جس سے تمہارے درمیان محبت قائم ہو: تم سلام کو آپس میں پھیلاؤ‘‘۔
حسد کے منفی جذبات سے بچنے کیلئے انسان کو اللہ تبارک وتعالیٰ کی تقسیم پر راضی ہونا چاہیے اور اس کی نعمتوں کا شکر ادا کرتے رہنا چاہیے۔ اس لیے کہ انسان کو اللہ تبارک وتعالیٰ نے جو نعمتیں عطا کی ہیں‘ انسان ان کا شمار بھی نہیں کر سکتا۔ اسی طرح حاسد کے منفی وار سے بچنے کے لیے اللہ تبارک وتعالیٰ سے پناہ طلب کرنی چاہیے اور صبح و شام معوذتین یعنی سورۃ الفلق اور سورۃ الناس کا ورد کرتے رہنا چاہیے۔ اگر انسان ان تدابیر پر عمل کر لے تو حسد کے منفی جذبات سے بھی بچ سکتا ہے اور حاسد کے شر سے بھی محفوظ ہو سکتا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تبارک وتعالیٰ ہم سب کو حسد کے مہلک مرض سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے‘ آمین!

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved