تحریر : محمد اظہارالحق تاریخ اشاعت     26-11-2026

اس کالم کا آج کی حکومتوں سے کوئی تعلق نہیں

اس کالم کا آج کی حکومت سے کوئی لینا دینا نہیں۔ یہ 1857ء کی جنگِ آزادی ( یا انگریزوں کے بقول غدر ) کے تین چار سال بعد کی بات ہے۔ ہندوستان پورا ملکہ برطانیہ کی چھتری تلے آ چکا تھا۔ یاد رہے کہ برما اور سری لنکا بھی اسی وسیع سلطنت کا حصہ تھے۔ شیر اور بکری ایک گھاٹ پر پانی پیتے تھے۔ گدی نشین اور وڈیرے انگریز کے وفادار بن چکے تھے۔ ہر جگہ سکون تھا اور چین۔ انگریز سرکار سے لڑنے والوں کے جسم ٹکڑے ٹکڑے ہو کر جنگلوں‘ وادیوں‘ گلیوں‘ بازاروں میں مٹی کا حصہ بن چکے تھے۔ خطرہ دور ہو چکا تھا۔ اب رنگون سے لے کر پشاور تک اور نیپال سے لے کر کولمبو تک کسی کی مجال نہ تھی کہ سر اٹھاتا۔ دارالحکومت کلکتہ تھا جہاں سے امن و آشتی کی کرنیں نکل کر پورے برصغیر میں روشنی پھیلا رہی تھیں۔ سب ٹھیک تھا‘ سب اچھا تھا۔ صرف ایک مسئلہ تھا وہ بھی مقامی محکوموں کیلئے۔ انگریز لوٹ مار بہت کر رہے تھے۔ سب کچھ سمیٹ کر برطانیہ بھیج رہے تھے۔ اناج سے لے کر کپاس تک سب کچھ وہیں بھیجا جا رہا تھا۔ ہر باشندے سے ہر چیز پر ٹیکس لیا جاتا تھا۔ کھاتے پیتے لوگ بھی قلاش ہو رہے تھے۔
یہی دن تھے جب میری گھر والی نے مجبور کیا کہ گوجرانوالہ چلیں۔ بہن ہو اور وہ بھی بیوی کی‘ تو اسے ملنے کیلئے سفر پر کیوں نہ نکلا جائے۔ حکم ہو اور وہ بھی اہلیہ کا‘ تو انکار کی کیا مجال!! پھر گھوڑا گاڑی بھی اپنی تھی۔ اپنی سواری مہنگی پڑتی تھی مگر بیوی بچوں کی خاطر میں یہ کڑوا گھونٹ بھر رہا تھا۔ ہاں کوچوان رکھنے کی استطاعت نہ تھی۔ یہ کام میں خود ہی کرتا تھا۔ ہم نے سفر کا دن طے کیا۔ کچھ تحفے تحائف خریدے۔ اہلیہ نے اپنی بہن کیلئے مورکین‘ چھینٹ‘ دل پیاس اور جامدانی کے کپڑے لیے۔ اس کے بچوں کیلئے بتاشے‘ نُگدی‘ مکھانے اور چاول کے مرنڈے ساتھ رکھے۔ اپنے ہم زلف کیلئے میں نے لٹھا اور بوسکی خریدی کہ شلوار قمیص بنوا لے گا۔ روانگی سے ایک دن پہلے میں نے گھوڑے کے جسم پر اچھی طرح سے کھرکھرا پھیرا۔ زین اور لگام صاف کیے۔ گاڑی کی نشستیں جھاڑیں۔ مقررہ دن صبح کی نماز کے بعد ناشتے میں ہم نے ایک ایک چپاتی دہی کے ساتھ کھائی اور اللہ کا نام لے کر روانہ ہوئے۔ بیوی میرے ساتھ بیٹھی تھی۔ بچے عقبی نشست پر تھے۔ سواں کیمپ سے ہم جرنیلی سڑک پر چڑھ گئے۔ صبح کا نورانی وقت! پرندوں کی چہچہاہٹ! درختوں اور فصلوں کی بہار! سبحان اللہ۔ اس عالم میں کوچوانی کرتے ہوئے مجھ پر ایک خاص کیفیت طاری ہو گئی۔ گاتا میں بہت اچھا ہوں! ماہیے کی تان چھیڑ دی!
سپ ماریا ڈانگاں نال
اسی کل ٹُر جاناں
پیشی دیاں بانگاں نال
بیوی نے داد دی۔ بچوں نے تالیاں بجائیں۔ مگر یہ کیا؟ روات کے قریب سے گزرے تو سڑک پر رکاوٹ لگی تھی۔ دو وردی پوش داروغے کھڑے تھے۔ میں نے گھوڑے کی راسیں کھینچ لیں۔ ایک داروغہ ہماری گاڑی کے قریب آیا۔ میں نے پوچھا صاحب بہادر! کیا بات ہے؟ اس نے کہا میاں! ٹول ٹیکس ادا کرو! میں نے پوچھا یہ کیا ہوتا ہے؟ کہنے لگا یہ اس ٹیکس کا نام ہے جو اس رکاوٹ سے گزرنے کیلئے حکومت لیتی ہے۔ پوچھا اس ٹیکس سے‘ یعنی ٹول ٹیکس سے کریں گے کیا؟ اس نے بتایا کہ وائسرائے صاحب جو آئے دن ملکی غیر ملکی دورے کرتے ہیں ان کیلئے رقم درکار ہے۔ پھر وائسرائے ہاؤس کا بجٹ بھی تم جانتے ہو بھاری ہے۔ پوچھا کتنے پیسے؟ کہنے لگا: ایک سو روپے! میں نے احتجاج کیا کہ یہ تو بہت زیادہ ہے اور یہ ظلم ہے۔ داروغہ نے کہا بھائی! یہ میرا فیصلہ نہیں ہے! جو معیارِ زندگی وائسرائے کا اور اس کی فیملی کا ہے اس کیلئے رقم تو چاہیے۔ دے سکتے ہو تو دو ورنہ واپس چلے جاؤ! میں نے بے بسی سے بیوی کی طرف دیکھا۔ بیوی نے بے کسی سے میری طرف دیکھا۔ مرتا کیا نہ کرتا۔ صدری کی جیب سے ایک سو روپے نکالے اور داروغہ جی کے حوالے کیے۔ اس نے ایک مُڑا تڑا سا کاغذ دیا کہ یہ رسید ہے۔ پھر چل پڑے۔ اب میں نے بچوں کو کہانی سنانا شروع کی تا کہ سو نہ جائیں۔ ویسے جرنیلی سڑک پر دھچکے اتنے لگتے ہیں کہ سونا مشکل ہوتا ہے۔ دل میں یہ اطمینان تھا کہ ٹول ٹیکس دے بیٹھے ہیں اب گوجرانوالہ تک کوئی روک ٹوک نہ ہو گی! مگر آہ! شومیٔ قسمت!! مندرہ پہنچے تو پھر شاہراہ پر رکاوٹ تنی تھی۔ دو وردی پوش داروغے اپنی منحوس شکلیں لیے پھر کھڑے تھے۔ کہنے لگے: ایک سو روپے ٹول ٹیکس ادا کرو۔ میں نیچے اترا اور غضبناک حالت میں داروغے کا گریبان پکڑا کہ ظالم کے بچے! ہم سو روپے ٹول ٹیکس روات میں ادا کر کے آرہے ہیں۔ داروغے نے ایک جھٹکے کے ساتھ گریبان چھڑایا‘ ساتھ ہی مجھے ایک دُرّہ رسید کیا کہ سرکاری وردی پر ہاتھ ڈالتے ہو۔ بیوی بچے ساتھ نہ ہوتے تو زندان میں ڈال دیتا۔ رحم کھایا ہے تم پر۔ اُدھر سے بیوی کی آواز آئی کہ آرام سے بات کیجیے۔ سرکاری آدمیوں سے کیسی اکڑ خانی! چنانچہ میں نے لہجہ فدویانہ کر لیا۔ صاحب بہادر! یقین کیجیے ہم ٹول ٹیکس دے چکے ہیں۔ اب کے اس نے بھی لہجہ نرم کیا۔ کہنے لگا: بھائی میرے! ٹول ٹیکس کئی مقامات پر دینا ہو گا۔ جہاں جہاں سرکار نے سڑک پر رکاوٹ کھڑی کی ہے وہاں دینا ہی ہو گا۔ قہرِ درویش بر جانِ درویش! سو روپے دیے اور راستے پر سے رکاوٹ ہٹائی گئی۔ سفر کا لطف جاتا رہا۔ دل بجھ سا گیا۔ گھوڑا گاڑی پر خاموشی چھا گئی! ہم کُل زادِ راہ پانچ سو روپے ساتھ لائے تھے جو اَب تین سو رہ گئے تھے۔ مایوسی میں اور کچھ نہ آیا تو گھوڑے کو چابک رسید کر دیا۔ بیوی نے منع کیا اور کہا کہ اس بے زبان جانور کا کیا قصور ہے۔ گوجر خان پر پھر راستہ بند تھا۔ پھر داروغے آئے۔ اب کے میں نے کچھ پوچھا نہ کہا۔ میں ایک زومبی بن چکا تھا! مردہ! جسم سے توانائی رخصت ہو گئی تھی۔ ایک سو روپے دیے۔ مُڑا تڑا کاغذ لیا اور سڑک پر پھینک دیا۔ اب ہمارے پاس دو سو روپے رہ گئے تھے۔ ایک سو‘ سوہاوہ میں ٹول ٹیکس میں دیے اور آخری سو روپے دینہ میں ادا کیے۔ اب ہماری نقدی ختم ہو چکی تھی۔ اللہ کے آسرے پر سفر جاری رکھا۔ دل لرز رہا تھا کہ دیکھیے! کیا ہوتا ہے۔ جہلم شہر آ گیا۔ ابھی دریا دور تھا کہ رکاوٹ آ گئی۔ داروغہ چابک پکڑے‘ پگڑی کا طُرّہ لہراتا آیا اور کہا ایک سو روپے ٹول ٹیکس! میری زبان گنگ تھی۔ کیا کہتا! اس نے دوبارہ اونچی آواز میں کرختگی سے مطالبہ دہرایا۔ میں گاڑی سے نیچے اترا۔ اور آہستہ سے کہا: صاحب بہادر! ہمارے پاس کُل پانچ سو روپے تھے۔ وہ پانچ مقامات پر ٹول ٹیکس میں دے آئے ہیں! اس نے بگڑ کر کہا: اس کا میں ذمہ دار نہیں! گزرنے کیلئے ٹول ٹیکس دینا ہی ہو گا! میں نے کہا کہ میرے پاس ایک دھیلا بھی نہیں۔ اس نے کہا: سامان کی تلاشی دو! تلاشی لیتے ہوئے اس نے مورکین اور دل پیاس کے کپڑے لیے اور کہا یہ ٹیکس کیلئے سرکاری خزانے میں جائیں گے۔ سرائے عالمگیر میں جامدانی اور چھینٹ ٹول ٹیکس کی نذر ہوئی۔ کھاریاں آیا تو ہم زلف صاحب کیلئے خریدی گئی بوسکی اور لٹھا گیا۔ گجرات میں ہم نے مکھانے بتاشے نُگدی اور مرنڈے قومی خزانے میں جمع کرائے۔ وزیر آباد سے گزرنے کیلئے مجھے اپنی پگڑی اور کرتا دینا پڑا۔ بیگم کی بہن کے ہاں پہنچے تو ہم بالکل خالی ہاتھ تھے۔ اور واپسی کے لالے پڑے ہوئے تھے۔
اللہ کا شکر ہے انگریز چلے گئے۔ لوٹ کھسوٹ ختم ہوئی۔ اب کوئی رکاوٹ ہے نہ ٹول ٹیکس کے نام پر سو روپے کا جگا ٹیکس!!

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved