تحریر : خالد مسعود خان تاریخ اشاعت     26-11-2026

عمدہ حکمران، نابغہ منصوبہ ساز اور تابعدار مالیاتی ادارہ

ہماری حکومت نے آئی ایم ایف کے بارے میں عام آدمی کو جو تاثر دیا ہے اس کے مطابق تقریباً سبھی لوگوں کا خیال ہے کہ آئی ایم ایف نے ہمارے حکمرانوں کو‘ اس کے پالیسی سازوں کو اور پاکستان کے کل عوام کو اپنے آگے لگا رکھا ہے‘ تاہم میرا خیال اس کے بالکل برعکس ہے۔ میرا خیال ہے کہ آئی ایم ایف کو ہمارے حکمرانوں اور ہمارے سرکاری بابوؤں نے آگے لگا رکھا ہے۔ ہمارے حکمرانوں اور ان کی منشا کے مطابق کام کرنے والے سرکاری بابوؤں نے اس ملک کے سارے نظام کو اپنا یرغمال بنا کر معاملات کو اس خوبصورتی سے ترتیب دے رکھا ہے کہ فوائد اور سہولتوں کے منبع سے نکلنے والے سارے چشمے انہی کی جانب بہہ رہے ہیں۔ حکمرانوں اور بابوؤں کی کاریگری کا یہ عالم ہے کہ وہ دنیا کے کائیاں ترین مالیاتی اداروں کو ایسی گھمن گھیریوں میں ڈالتے ہیں اور ان کو اس قسم کی چک پھیریاں دیتے ہیں کہ ایک پنجابی لفظ کے مطابق اس کا دماغ ''بھوں‘‘ جاتا ہے۔ اس چکر بازی میں ہمارے حکمران اور ان کی چھتری تلے پلنے والا مراعات یافتہ طبقہ ان کاریگر بابوؤں کی اس خداداد صلاحیت کے طفیل اپنا مقصد پورا کر لیتے ہیں۔ کیا مقامِ حیرت ہے کہ ان بابوؤں سے ملکی نظام ٹھیک سے چلتا نہیں ہے لیکن ان کے اپنے اور انکے سرپرستوں کے معاملات ایسی خوبصورتی سے چل رہے ہیں کہ دنیا کے کسی اور ملک میں اسکی مثال نہیں ملتی۔ پچیس کروڑ آبادی پر مشتمل یہ ملک آم کی پیداوار کے اعتبار سے دنیا میں چوتھے‘ گنے اور کپاس کی پیداوار میں پانچویں ‘ کھجور اور پیاز کے حوالے سے چھٹے‘ گندم اور چنے کی پیداوار میں آٹھویں اور چاول کی پیداواری صلاحیت کے اعتبار سے دسویں نمبر اور برآمد کے حوالے سے چو تھا بڑا ملک ہے۔ دودھ کی 67ملین ٹن سالانہ پیداوار کے ساتھ ہم دنیا میں پانچویں نمبر پر ہیں۔ بھینسوں کی تعداد اور گوشت کی پیداوار میں دوسرے اور بکروں کے گوشت میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ ٹیکسٹائل‘ چمڑے‘ آلاتِ جراحی اور کھیلوں کے سامان کے اعتبار سے دنیا کے چوٹی کے ممالک میں شمار ہونے اور تانبے‘ سونے‘ کوئلے اور نمک جیسی معدنیات کے اعتبار سے سرفہرست ممالک میں شامل ہونے کے باوجود ہم قرضوں کے پہاڑ کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔ لیکن دوسری طرف یہ عالم ہے کہ ہمارے حکمرانوں کی دولت‘ صنعتی اور کاروباری ترقی اور غیر ممالک میں جائیدادوں کا شمار مشکل ہے۔ باقی تو چھوڑیں‘ صرف سرکاری بابوؤں کے مالی معاملات پر نظر دوڑائیں تو یہ دیکھ کر آنکھیں حیرت سے پھٹ جاتی ہیں کہ سترہویں گریڈ میں تب چھ ہزار روپے پر اپنی عملی زندگی کا آغاز کرنے کے بعد بائیسویں گریڈ میں اڑھائی تین لاکھ روپے پر ریٹائر ہونے والا ہمارا ایک سرکاری بابو پرتگال میں اربوں روپے کی جائیداد خرید لیتا ہے۔ اگر یہ سرکاری افسر اپنی 35سالہ سروس کے دوران اوسطاً دو لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ لیتا رہا ہو (یہ فرض کی گئی تنخواہ حقیقی اوسط سے بہت زیادہ ہے) اور وہ اس میں سے ایک پیسہ بھی خرچ نہ کرے تو اس کی زندگی بھر کی کمائی مبلغ آٹھ کروڑ چالیس لاکھ روپے بنتی ہے۔ جبکہ اسکی صرف ایک ملک میں خریدی گئی جائیداد کے مالیت اسکی ساری زندگی کی کلھم آمدنی سے تقریباً تین سو گنا زیادہ ہے۔ آئی ایم ایف اس کا حساب نہیں مانگتا مگر غریبوں کو سبسڈی پر اعتراض لگا دیتا ہے۔
یہ کیسا حسین اتفاق ہے کہ جہاں غریبوں کی فلاح کا معاملہ ہو‘ جہاں کہیں عام آدمی کو ریلیف ملنے کی توقع ہو‘ جہاں بے آسرا عوام کو فائدہ ملنے کا امکان ہو‘ وہاں ہمیشہ آئی ایم ایف کوئی پخ ڈال کر غریب کو ملنے والے کسی متوقع ریلیف یا مدد کو روک دیتا ہے لیکن جہاں حکمران طبقے کو‘ سرکاری بابوؤں کو‘ اشرافیہ کو‘ مقتدرہ کو اور مافیا کے مفادات کو زک پہنچنے کا امکان ہو‘ آئی ایم ایف ادھر سے آنکھ بند کر کے پتلی گلی سے نکل جاتا ہے‘ اور جہاں حکمرانوں‘ سرکاری بابوؤں‘ عدلیہ‘ انتظامیہ‘ مقتدرہ‘ اشرافیہ اور مافیا کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہو وہاں آئی ایم ایف ان کا محافظ ونگہبان بن جاتا ہے۔ ہر بار غریبوں کو رگڑا لگانے والا آئی ایم ایف ہر بار نہ صرف سیاسی اشرافیہ‘ زور آور مقتدرہ اور طبقۂ امرا کا مددگار ثابت ہوتا ہے بلکہ ان کیلئے آسانیوں کے راستے پیدا کرنے کا باعث بن جاتا ہے۔ آخر ہر بار ایسا حسین اتفاق کس طرح وقوع پذیر ہوتا ہے؟
آج ہی اخبار میں خبر آئی ہے کہ سندھ حکومت کے تحفظات دور کرنے کے بعد‘ آئی ایم ایف کی بڑی شرط پوری کرتے ہوئے چینی کو سرکاری کنٹرول سے آزاد کر دیا گیا ہے۔ بقول حکومت چینی کو سرکاری کنٹرول سے آزاد کرنے کی وجہ سے کاروباری مقابلہ بڑھے گا اورچینی کی قیمت میں کمی واقع ہو گی۔ اس کے ساتھ نہ صرف نئی ملز لگانے کی اجازت دی گئی ہے بلکہ چینی کی درآمد و برآمد میں حکومتی کنٹرول ختم ہو جائے گا‘ شوگر ایکسپورٹ سبسڈیز کا بھی خاتمہ کر دیا جائے گا اور گنے کی قیمت کا تعین مارکیٹ پر چھوڑ دیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ نے بھی شوگر سیکٹر کی ڈی ریگولیشن کیلئے قومی پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔ یہ ایسی خبر ہے جسے سرکار کاشتکاروں کیلئے فائدہ مند بتاتے ہوئے اپنے ایک بڑے کارنامے کے طور پر پیش کر رہی ہے‘ حالانکہ یہ سارا معاملہ پہلے سے برباد شدہ کاشتکار کو مزید برباد کرنے کے مترادف ہے۔ فی الحال صورتحال یہ ہے کہ بیشمار کاشتکاروں کو پچھلے سیزن کی گنے کی قیمت کی ادائیگی بمشکل اب جا کر ہوئی ہے۔ وجہ یہ تھی کہ چینی کی پیداوار ملکی ضرورت سے زیادہ ہو گئی تھی اور سرپلس چینی چونکہ ملز کے گوداموں میں پڑی رہ گئی تھی‘ لہٰذا شوگر ملز مالکان کے پاس گنے کے کاشتکاروں کو ادا کرنے کیلئے پیسے نہیں تھے۔ اس سال گنے کی پیداوار میں مزید 10 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ اندازہ ہے کہ گزشتہ سال کی 77 لاکھ ٹن پیداوار کے مقابلے میں اس سیزن میں چینی کی پیداوار 85 لاکھ میٹرک ٹن ہو گی‘ یعنی گزشتہ سال چینی کی ملکی ضرورت سے نو لاکھ ٹن زائد پیداوار کے بعد اس سیزن میں یہ فرق بڑھ کر 17 لاکھ ٹن ہو جائے گا۔ ملکی ضرورت سے زائد یہ فالتو چینی صورتحال کو مزید خراب کر دے گی۔ چینی فالتو ہونے کی صورت میں مارکیٹ میں فروخت نہیں ہو گی اور ملز مالکان اس بہانے سے گنے کے کاشتکار کی ادائیگی روک لیں گے اور کاشتکار ایک بار پھر ملز مالکان کے ہاتھوں ذلیل وخوار ہو کر رہ جائے گا۔
اس وقت ملک میں شوگر ملز کی تعداد (ایک دو اوپر نیچے) 90 کے لگ بھگ ہے۔ ان ملوں کی گنا پیلنے کی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی پیداواری صلاحیت کا حساب کریں تو یہ تمام ملز لگ بھگ ڈیڑھ کروڑ ٹن چینی پیدا کر سکتی ہیں جبکہ اس وقت ملک کی چینی کی کل ضرورت 68 لاکھ ٹن کے لگ بھگ ہے۔ یعنی ملک میں موجودہ شوگر ملز ملکی ضرورت سے دو گنا سے زائد چینی بنا سکتی ہیں۔ ایسی صورتحال میں مزید ملز لگانے کی اجازت دینا ایک نئے بحران کا پیش خیمہ ہوگا۔ اس وقت ملک میں گنے کا کاشتہ رقبہ تیس لاکھ ایکڑ کے قریب ہے‘ اگر چینی کی پیداوار دُگنا ہو جائے تو گنے کے کاشتہ رقبے کو بڑھا کر ساٹھ لاکھ ایکڑ کرنا پڑے گا۔ ظاہر ہے گنے کی کاشت میں استعمال ہونیوالا یہ تیس لاکھ ایکڑ زرعی رقبہ کسی دوسری جنس کو متاثر کرے گا‘ جس سے نہ صرف دوسری اجناس کی پیداوار میں کمی ہو گی بلکہ ضرورت سے دُگنی زائد پیدا ہونے والی چینی بھی ملکی معیشت پر ایک بوجھ ثابت ہوگی۔ اسکے بعد شوگر ملز مافیا اس زائد چینی کو برآمد کرنے کی کوشش کرے گا۔ کیوبا‘ برازیل‘ ارجنٹائن وغیرہ سے دنیا بھر میں سپلائی کی جانیوالی نسبتاً کہیں سستی چینی کے مقابلے میں پاکستانی چینی عالمی مارکیٹ میں مسابقتی حوالے سے ناموزوں ہے‘ لہٰذا شوگر ملز مافیا ایک بار پھر فالتو چینی برآمد کر کے ملک میں زرِمبادلہ لانے کا بہانہ بنا کر حکومت سے اپنی لاگت اور عالمی منڈی میں کم قیمت کے درمیانی فرق کو بطور ایکسپورٹ سبسڈی وصول کرے گا۔ اس برآمد کے نتیجے میں ایک بار پھر چینی کا بحران پیدا ہو جائے گا اور ملز مالکان مارکیٹ میں حکومتی کنٹرول ختم ہونے کے بعد چینی کی منہ مانگی قیمت وصول کریں گے۔ ہمیں کیا عمدہ حکمران‘ کیسے نابغہ منصوبہ ساز اور کیسے تابعدار مالیاتی ادارے نصیب ہوئے ہیں۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved