تحریر : رؤف کلاسرا تاریخ اشاعت     27-11-2026

’’بنگالیوں نے پاکستان بنایا، آپ نے نہیں‘‘

بہت کم ہوتا ہے کہ مجھے کسی سرکاری تقریب میں مدعو کیا جائے۔ شاید آخری دفعہ اپریل 2022ء میں‘ جب عمران خان حکومت کے بعد شہباز شریف وزیراعظم بنے تو انہوں نے صحافیوں اور اینکرز کو افطاری پر بلا یا تھا‘ اس وقت آخری بار سرکاری تقریب میں شرکت کی تھی۔ اس وقت چونکہ سب کو بلایا گیا تھا لہٰذا میں بھی شامل تھا۔ شہباز شریف بتانا چاہ رہے تھے کہ انہوں نے کن حالات میں حکومت سنبھالی ہے۔ جب سوال وجواب کا سلسلہ شروع ہوا تو میں نے کچھ ایسے سوالات کر دیے جو وزیراعظم کو ناگوار گزرے۔ اس کے بعد مجھے بین کر دیا گیا۔ اس سے پہلے عمران خان کے دور میں بھی یہی کچھ ہوا تھا۔ وہ بھی میرے سوال پر غصہ کر گئے تھے اور مجھے بین کر دیا گیا تھا۔ اب چار برس کے بعد وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے دفتر سے پیغام موصول ہوا کہ بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے ارکان کا ایک وفد اسلام آباد آیا ہوا ہے‘ پاکستانی اینکرز اور صحافیوں سے بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ان کی ملاقات ہو گی جس کے میزبان سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق ہوں گے۔ یہ بڑا اچھا موقع تھا یہ جاننے کا بنگلہ دیش میں دو تین برسوں کی ہنگامہ آرائی کے بعد وہاں جو استحکام آیا ہے‘ اب وہاں کی اصل صورتحال کیا ہے اور اس وقت وہ نئے چیلنجز سے کیسے نبرد آزما ہو رہے ہیں۔ دلچسپی کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ حسینہ واجد کے سولہ سال اقتدار کے بعد پہلی دفعہ دونوں ملکوں کے رابطے بحال ہوئے اور ایک اعلیٰ سطحی وفد اسلام آباد آیا تھا۔ حسینہ واجد کے دور میں دونوں ملکوں کے تعلقات تقریباً ختم ہوگئے تھے۔ بلکہ اس دور میں جماعت اسلامی اور بنگلہ نیشنل پارٹی کے سینئر عہدیداروں کو پھانسیاں تک دی گئیں۔ مگر اب بہت کچھ بدل گیا ہے۔ آج حسینہ واجد بھارت میں مفرور ہیں‘ اور ان کی عدم موجودگی میں انہیں پھانسی کی سزا سنائی جا چکی ہے۔ اب بتایا جا رہا ہے وہ 16 دسمبر کو بنگلہ دیش واپس جانے کی تیاری کر رہی ہیں۔ 16 دسمبر کی تاریخ جان بوجھ کر رکھی گئی ہے تاکہ وہ بنگالی قوم کے جذبات ابھار کر اپنے لیے راہ ہموار کر سکیں۔ ان کی وطن واپسی کے حوالے سے وفد کے چیئرمین سپیکر حافظ الدین سے ہمارے قابلِ احترام صحافی دوست حامد میر نے یہ سوال کیا بھی۔ حامد میر واحد پاکستانی صحافی تھے جن کے بارے بنگلہ دیشی وفد کے ارکان نے کہا کہ وہ انہیں جانتے ہیں اور ان کے ٹی وی شوز بھی دیکھتے ہیں۔ میں 2008ء میں بنگلہ دیش کے الیکشن کور کرنے گیا تھا‘ جس کی دعوت بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے سابق ممبر اور خالدہ ضیا کابینہ کے وزیر صلاح الدین چودھری نے دی تھی۔
صلاح الدین سے میری ملاقات ہمارے دوست اسحاق خاکوانی کے توسط سے ہوئی تھی۔ صلاح الدین چودھری متحدہ پاکستان کی اسمبلی کے سپیکر فضل القادر چودھری کے بیٹے تھے۔ صادق پبلک سکول (بہاولپور) میں صلاح الدین‘ اسحاق خاکوانی اور سابق نگران وزیراعظم محمد میاں سومرو ایک ساتھ پڑھتے تھے۔ صلاح الدین خاکوانی صاحب کے قریبی دوست تھے اور گرمیوں کی چھٹیاں ملتان میں ان کے ساتھ گزارتے تھے۔ فاروق لغاری کی نگران حکومت کے وزیر خزانہ زبیر خان ایک دن ہمیں خیبر پختوانخوا میں اپنے فارم ہائوس پر لے گئے‘ وہیں میری صلاح الدین چودھری سے دوستی ہوئی۔ انہوں نے مجھے کہا کہ آپ پاکستان کے الیکشن کور کرتے رہتے ہیں‘ آئندہ الیکشن میں ڈھاکہ آئیں اور میرے مہمان بنیں‘ دیکھیں کہ بنگلہ دیش میں الیکشن کیسے لڑے جاتے ہیں۔ یوں میں ڈھاکہ گیا اور وہاں سے براہِ راست الیکشن کی کوریج کی۔ اُس وقت حسینہ واجد کی پارٹی کا نعرہ تھا کہ ہم بدلہ لیں گے اور جنہوں نے 1971ء میں بنگالی عوام کا ساتھ نہیں دیا تھا‘ ان کو پھانسیاں دیں گے۔ اس وقت نوجوان نسل کو دیکھ کر صاف نظر آ رہا تھا کہ یہ نسل جو بنگلہ دیش کی آزادی کے بارے میں مخصوص تاریخ اور نصاب پڑھ کر جوان ہوئی ہے‘ وہ حسینہ واجد کے نعرے کے رومانس میں مبتلا ہے لہٰذا عوامی لیگ جیت جائے گی۔ پھر وہی ہوا اور چن چن کر مخالفین کو جیلوں میں ڈالا گیا اور انہیں پھانسیاں دی گئیں۔ ان میں میرے مہربان صلاح الدین چودھری بھی شامل تھے جنہیں پھانسی دے دی گئی۔
اب جب بنگلہ دیشی وفد سے ملاقات ہوئی اور سپیکر ایاز صادق نے وفد کے ارکان کا تعارف کرایا تو پتا چلا کہ اس وفد میں دو ارکان ایسے بھی ہیں جن کے والد کو حسینہ واجد نے پھانسی دی تھی۔ آج اُن دونوں ارکان کے بیٹے بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے رکن ہیں۔ ایک جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے سابق امیر مطیع الرحمن نظامی کے بیٹے بیرسٹر نجیب الرحمن تھے‘ اور دوسرے ہمارے دوست صلاح الدین چودھری کے نوجوان بیٹے ہمام قادر چودھری تھے۔ حیران کن بات یہ تھی کہ سپیکر بنگلہ دیش کا جب تعارف ہوا تو پتا چلا کہ ان کی عمر 80 برس ہے حالانکہ دیکھنے میں وہ جوان لگ رہے تھے۔ جب بنگلہ دیش بنا‘ وہ پاکستان آرمی میں میجر تھے۔ متحدہ پاکستان میں فٹ بال ٹیم کے کپتان بھی رہے اور سو میٹر دوڑ کے فاتح بھی رہے۔ اس دورے میں وہ کاکول بھی گئے جہاں انہوں نے فوجی ٹریننگ لی تھی۔ بتانے لگے کہ وہ وہاں اپنا کمرہ تلاش کرتے رہے‘لیکن شاید وہاں اب نئی عمارت بن گئی ہے۔ وہ کافی دیر تک اپنی یادیں شیئر کرتے رہے اور انہوں نے کھل کر اور بڑی سمجھداری سے باتیں کیں۔ کہنے لگے کہ وہ ایک فوجی ہیں اور انہیں کہا جاتا ہے اتنا کھل کر نہ بولا کریں لیکن کیا کریں‘ اندر کا فوجی باہر آ جاتا ہے۔ جب ان سے پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین دوریوں پر سوال ہوا تو حافظ الدین نے بڑی اہم بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان اصل میں بنگالیوں نے بنایا تھا۔ مسلم لیگ 1906ء میں ڈھاکہ میں بنائی گئی تھی۔ جو زیادہ گہری بات انہوں نے کی وہ یہ کہ آزادی سے پہلے جو الیکشن ہوا تھا‘ وہ بنگال میں پاکستان کے حق میں تھا لیکن جن علاقوں میں آج پاکستان قائم ہے‘ وہاں الیکشن نتائج بہت مختلف تھے۔ پنجاب میں مسلم لیگ سادہ اکثریت بھی حاصل نہیں کر سکی تھی۔ اس طرح سندھ میں حکومت کے پاس صرف ایک سیٹ کی اکثریت تھی۔ سرحد میں ریفرنڈم ہوا تھا۔ کہنے کا مطلب یہ تھا کہ جب پاکستانی ان سے سوال کرتے یا طعنہ دیتے ہیں تو ذہن میں رکھیں کہ پاکستان بنگالیوں نے بنایا تھا اور اس کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں انہوں نے ہی دی تھیں۔ حافظ الدین نے بنگالیوں کے مزاج کے بارے میں بھی کئی اہم باتیں بتائیں جو اُن کے خیال میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ایک اہم بات یہ تھی کہ بنگالیوں کے مزاج میں مزاحمت ہے اور وہ آسانی سے جبر یا ظلم برداشت نہیں کرتے اور لڑتے ہیں‘ چاہے انہیں جانیں ہی کیوں نہ دینی پڑیں۔ حسینہ واجد کے دور میں جس طرح طلبہ نے فاشزم کیخلاف مزاحمت کی اور ایک ہزار سے زائد جانیں دیں‘ وہ اس کی بڑی مثال ہیں۔ کہنے لگے کہ حسینہ واجد کے دور میں الیکشنوں میں دھاندلی ہوئی اور مخالفوں کو تشدد‘ قید اور دھاندلی کے ذریعے ہرایا گیا۔ سپیکر حافظ الدین کا ایک جملہ بہت بھاری تھا جو ترقی پذیر ممالک کے جمہوری اور سیاسی نظام کی بدترین شکل کو سامنے لاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ''جمہوری آمریت فوجی آمریت سے بھی بدترین ہوتی ہے‘‘۔ دیکھا جائے تو اس ایک جملے میں انہوں نے دریا کو کوزے میں بند کر دیا کہ کیسے سیاست اور جمہوریت کے نام پر سیاستدان طاقت حاصل کرتے ہی ایک آمر کا روپ دھار لیتے ہیں اور آمریت سے بھی بدترین ثابت ہوتے ہیں۔ بنگلہ دیش میں یہی ہوا‘ حسینہ واجد نے سولہ سال تک جس طرح ظلم و ستم کا بازار گرم کیا اور مخالفوں کو پھانسیاں دیں۔ آخرکار یہ ظلم اتنا بڑھا کہ مٹ گیا اور نوجوانوں نے ان کے گھر کو آگ لگا دی اور وہ خود بھارت فرار ہو گئیں۔ وہ اپنے مخالفین کو چن چن کر پھانسیاں دے رہی تھیں اور آج خود انہیں پھانسی کی سزا سنائی جا چکی ہے۔ اس دوران حامد میر کے ایک سوال نے سب کو چونکا دیا۔ انہوں نے حافظ الدین سے پوچھا کہ اب جبکہ حسینہ واجد ڈھاکہ واپسی کا اعلان کر چکی ہیں تو کیا ہو گا؟ (جاری)

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved