تحریر : ڈاکٹر رشید احمد خاں تاریخ اشاعت     27-11-2026

یمن جنگ: سیز فائر کی اشد ضرورت

اس وقت دنیا میں عالمی معیشت اور امن و سلامتی کیلئے انتہائی خطرناک مضمرات کی حامل تین جنگیں جاری ہیں۔ ان میں روس اور یوکرین کے مابین 2022ء سے‘ ایران اور امریکہ کے مابین فروری 2026ء سے جبکہ یمن میں سرکاری افواج اور حوثی قبائل کے مابین جولائی 2026ء سے جاری خونریز جھڑپیں شامل ہیں۔ یوکرین میں روس کے مقابلے میں صرف یوکرینی افواج ہی نہیں ہیں بلکہ پورا یورپ یوکرین کے ساتھ کھڑا ہے۔ اسے امریکہ کی حمایت بھی حاصل ہے مگر اس کے باوجود جنگ بندی کیلئے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکہ اور روس کے نمائندوں کے مابین مذاکرات بھی ہو چکے ہیں۔ اگرچہ یورپ بالخصوص فرانس‘ برطانیہ اور جرمنی ابھی تک اس مؤقف پر قائم ہیں کہ روس کے ساتھ یوکرین کے مسئلے پر اس وقت تک صلح نہیں ہو سکتی جب تک روس یوکرین کے مقبوضہ علاقے خالی نہیں کرتا اور جنگ کے دوران یوکرین کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ نہیں کرتا‘ تاہم یورپی سکیورٹی سے متعلق ایک کانفرنس میں یورپی ممالک نے عندیہ دیا ہے کہ وہ روس اور یوکرین کے مابین جنگ بندی اور قیامِ امن کیلئے کی جانے والی امریکی کوششوں کی حمایت کرنے پر تیار ہیں۔ یورپی رویے میں اس تبدیلی کی وجہ یہ ہے کہ انہیں احساس ہو گیا ہے کہ وہ مزید طویل عرصے تک اس جنگ کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتے۔
دوسری طرف ایران اور امریکہ کے مابین رواں برس فروری کے آخر میں شروع ہونے والی انتہائی تباہ کن جنگ آٹھ اپریل کی عارضی جنگ بندی کے بعد ''نو وار، نو پیس‘‘ کی صورت اختیار کر چکی ہے مگر امریکہ نے ایران کی بحری ناکہ بندی اور معاشی حصار تنگ کر کے جو صورتحال پیدا کر رکھی ہے‘ اس سے کسی بھی وقت ایک زوردار دھماکہ ہو سکتا ہے‘ جس کے نتیجے میں نہ صرف خلیجِ فارس اور مشرقِ وسطیٰ بلکہ اردگرد کے ممالک بھی تباہی سے دوچار ہو سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایران اور امریکہ کے مابین امن اور جنگ بندی کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک؛ پاکستان‘ قطر‘ مصر اور عمان پہلے سے کہیں زیادہ سرگرم ہو گئے ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ سے قطری وزیراعظم کی واشنگٹن میں ملاقات اور قطر کے ایک اہم وفد کا دورۂ ایران اسی سرگرمی کا ثبوت ہیں۔ خود صدر ٹرمپ بھی اعتراف کر چکے ہیں کہ امریکہ اور ایران کے مابین بیک چینل مذاکرات جاری ہیں‘ جنہیں وہ بعض مواقع پر مثبت بھی قرار دے چکے ہیں۔
البتہ تیسری جنگ یعنی یمن کی خانہ جنگی‘ ایک ایسی جنگ ہے جسے رکوانے کیلئے نہ تو بڑی طاقتیں اور نہ ہی علاقائی ممالک کوئی مؤثر کوششیں کر رہے ہیں حالانکہ یہ جنگ بھی دیگر دو جنگوں کی طرح نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔ بظاہر یہ جنگ یمن کے دو دھڑوں‘ یعنی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت‘ جس کا دارالحکومت مشہور سمندری شہر عدن ہے‘ اور حوثی قبائل‘ جن کا مرکز صعدہ اور صنعا ہے‘ کے درمیان اقتدار کی کشمکش ہے مگر اب یہ تیزی سے ایک بین الاقوامی تصادم کی شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ حوثی قبائل کے خلاف برسرِ پیکار سرکاری فوجوں کو سعودی عرب کی مدد حاصل ہے۔ سعودی عرب کی یہ معاونت حوثیوں کے فوجی ٹھکانوں پر بمباری کی صورت میں سامنے آ رہی ہے۔ تاہم اس مدد کے باوجود یمن کی ا فواج حوثی قبائل کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہورہی ہیں اور ان کی حالت روز بروز پتلی ہوتی جا رہی ہے۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران یمن کی افواج نہ صرف حوثیوں سے اپنے علاقے واپس لینے میں ناکام رہی ہیں بلکہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق حوثیوں نے بحیرہ احمر اور بحرِ ہند کو ملانے والی اہم آبی گزرگاہ‘ باب المندب کو بھی فوج کے قبضے سے آزاد کروا لیا ہے‘ جبکہ دارالحکومت عدن کو بھی گھیرے میں لے لیا ہے۔یمن کے تین بڑے شہروں عدن‘ صنعا اور طائز میں سے صنعا پہلے ہی حوثیوں کے قبضے میں ہے جبکہ انہوں نے طائز کا محاصرہ بھی کر رکھا ہے اور اس کا عدن سے رابطہ بھی منقطع کر دیا ہے۔ حوثی اب عدن کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔ اگر آئندہ چند ہفتوں میں حوثیوں کی اس یلغار کو روکنے کیلئے کوئی بڑی زمینی کارروائی نہ کی گئی تو یمن کا تیسرا بڑا شہر اور بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع اہم بندرگاہ حوثیوں کے قبضے میں چلی جائے گی‘ اور یوں پورے یمن میں حوثیوں کی حکومت کے قیام کی راہ ہموار ہو جائے گی۔
اس ممکنہ صورتِ حال کا سب سے تشویشناک پہلو یہ ہے کہ حوثی قبائل اور سعودی دفاعی افواج آمنے سامنے آ جائیں۔ حوثی پہلے ہی سعودی عرب کے مختلف شہروں‘ جن میں دارالحکومت ریاض بھی شامل ہے‘ میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو ڈرون اور میزائل حملوں کا نشانہ بنارہے ہیں۔ اگر یمن میں جاری جنگ کی شدت برقرار رہی تو سعودی افواج اور حوثی جنگجو جلد ہی آمنے سامنے ہوں گے۔ اس صورتِ حال کو کوئی مسلم ملک برداشت نہیں کر سکتا۔ حرمین شریفین کی نسبت سے سعودی عرب دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اسلام کی سربلندی کے ساتھ وابستہ ہے کیونکہ دنیا بھر کے ہر ملک‘ قوم اور نسل سے تعلق رکھنے والے کروڑوں مسلمان حج اور عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے لیے اس سرزمین کا رخ کرتے ہیں۔ اسلام کا پانچواں ستون‘ حج سعودی عرب کی سالمیت سے جڑا ہوا ہے۔ اس لیے اگر حوثیوں کی پیش قدمی کے نتیجے میں سعودی عرب کی سالمیت کو کوئی خطرہ لاحق ہوا تو معاہدۂ مکہ کے تحت پاکستان اور ترکیہ سعودی عرب کی براہِ راست مدد کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ تاہم بہتر یہی ہے کہ اس صورتحال سے بچنے کیلئے یمن میں جنگ کے شعلوں کو ٹھنڈا کیا جائے۔
اب تک حوثیوں سے سعودی عرب پر ڈرون اور میزائل حملے روکنے کی جتنی بھی اپیلیں کی گئی ہیں وہ سب بے سود ثابت ہوئی ہیں‘ تاہم ان کوششوں کو ایک بار پھر سنجیدگی سے شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ بہتر ہو گا کہ یمن میں جنگ بندی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو مذاکرات کی میز پر اکٹھا کیا جائے‘ جن میں ایران بھی شامل ہے۔ تاہم یمن کی جنگ محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ یہ بین الاقوامی مضمرات کی حامل ہے۔ آبنائے ہرمز کے بعد باب المندب مشرقِ وسطیٰ کے تیل کو بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچانے والی سب سے بڑی آبی گزرگاہ ہے۔ جنگ کے باعث اس کی بندش دنیا میں توانائی کے بحران کو مزید سنگین بنا سکتی ہے۔ تقریباً دو سو سال تک برطانیہ نے اس آبی گزرگاہ پر کنٹرول کے ذریعے نہ صرف مشرقِ وسطیٰ اور خلیجِ فارس بلکہ افریقہ کے مشرقی ساحل پر واقع اپنی نوآبادیاتی مقبوضات‘ ہندوستان اور جنوب مشرقی ایشیا میں ملائیشیا‘ سنگاپور اور ہانگ کانگ میں بھی اپنے معاشی‘ دفاعی اور سٹرٹیجک مفادات کا تحفظ کیا ہے۔ موجودہ دور میں باب المندب ایک بار پھر بین الاقوامی اہمیت اختیار کر چکی ہے کیونکہ یہ ایسے خطے میں واقع ہے جہاں پاکستان اور چین کا اکنامک کوریڈور اور چین کے بیلٹ اینڈ روڈ کے عالمی منصوبے کے تحت میری ٹائم سلک روڈ کی تجارتی گزرگاہیں موجود ہیں۔ ان تمام عوامل سے بڑھ کر تشویشناک بات یہ ہے کہ اس جنگ کے مزید پھیلاؤ سے سعودی عرب کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے‘ جو دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے سب سے زیادہ دلخراش امر ہے۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved